منگل, 07 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(لاہور)جوڈیشل مجسٹریٹ نے کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ملوث 20پتنگ باز ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلی ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ زیب شہزاد چیمہ کے روبرو ہربنس پورہ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمہ کا چالان پیش کیا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے ہربنس پورہ میں پتنگ بازی کی تھی،پولیس نے ملزمان کو پتنگ بازی کرنے پر گرفتار کیا تھا پولیس نے ملزمان سے پتنگیں اور کیمیکل ڈور بھی برآمد کی ہیں، ملزمان نے پابندی کے باوجود پتنگ بازی کی،ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،پولیس نے ملزمان کو جان کر مقدمہ میں ملوث کیا ہے،ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی ضمانتیں منظور کی جائیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان نثار علی، محمد عمر، امین،صابر علی، محمد عمر، علی حیدر ،اللہ رکھا، محمد عمران، بلال رشید، محمد آفتاف، سید سجاد سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں 50،50ہزار مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور)کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے چوری کے مقدمے میں ملوث 2مجرموں کو 10،10ماہ قید اور5،5ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنادی ہیں ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شوکت عباس رانجھا کے روبرو ڈیفنس سی پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمے کا چالان پیش کررکھاتھا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں،پولیس نے ملزمان کو دوران چیکنگ گرفتار کیا تھا، ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کیا ،ان ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے سمیع اللہ اور الف خان کے اعتراف جرم پر انہیں رعایت دیتے ہوئے مذکورہ بالا سزائیں سنا دی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(ساہیوال) قادر آباد کول پاور پلانٹ میں چینی کمپنی کے ملازمین کا تنخواہوں پر پھڈا اور ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں چینی ملازم چیک لی باﺅ ( CheakliBao) شدید زخمی ہو گیا، اسے سول ہسپتال ساہیوال داخل کرادیا گیا، تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی (TEPC) کے ملازم لی باﺅکزن گگ نے اپنے باس ٹائی جزنگ ٹاﺅ سے اپنی تنخواہ مانگی تو جھگڑا ہو گیا، کول پاور پلانٹ کی انتظامیہ معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(بیجنگ) بھارت میں ہونے والی بین الاقوامی بدھ مت کانفرنس میں دلائی لامہ کی شرکت پر چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے مودی سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے اس اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشید ہ ہوں گے۔دلائی لامہ چین کے غدار ہیں اور بھارت انہیں عزت سے نواز کر چین سے دشمنی مول رہا ہے۔ چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہوئی چانگ نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے اس اقدام سے چین اور بھارت کےدو طرفہ تعلقات خراب ہوجائیں گے۔بھارت نے چین کے خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے چین مخالف نظریات کے حامل دلائی لامہ کو کانفرنس میں مدعو کیا ہے۔یہ سفارتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔چین نے بھارت کو سختی کے ساتھ کہا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کرنے سے گریز کرے اور چین کو اپنے مﺅقف سے آگاہ کرے

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) ذیلی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے د ہشت گردی اور فرقہ واریت میں ملوث تنظیموں کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بھی کریک ڈاون آپریشن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں مزید 52 افراد کو فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ فیصلے کے بعد فہرست میں شامل ایک ایک شخص کو حراست میں لیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی سب کمیٹی برائے امن وامان کے سول سیکریٹریٹ میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں امن و امان کی صورتِ حال، آپریشن رد الفساد اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی پر پیش کی گئی رپورٹس پر غور و خوض کیا گیا اور چند اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پنجاب کی وی وی آئی پی شخصیات کو 3 درجاتی سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایسی کالعدم جماعتیں جو نام تبدیل کر کے کام کر رہی ہیں ان کی فہرست مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

ایمزٹی وی(تعلیم/پنجاب)پنجاب یونیورسٹی میں 2طلباگروپوں میں تصادم سے 5طالب علم زخمی ہو گئے ، پتھراؤ سے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد جاری تھا جس میں پشتو ترانوں اور نغموں کو بلند آواز میں چلایا جا رہا تھا تاہم ایک گروپ نے آواز کم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر دونوں تنظیمیں آمنے سامنے آگئیں ، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شدید پتھراﺅ کیا گیا جس سے 5طالب علم زخمی ہو گئے ۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی جنہوں نے مشتعل طلبا کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں گروپ اپنا اپنا کلچر ڈے منا رہے تھے تاہم واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے اورصورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلباءتنظیموں نے پشتون کلچر ڈے کے سٹالز اکھاڑ دیے ۔زخمی طلباءکو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس کی مزید نفری کو طلب کر لیا گیا ہے ۔ تصادم کے بعد یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیاں بھی معطل ہیں اور یونیورسٹی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔ؤیاد رہے گزشتہ ماہ بھی پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں میں اسی طرح تصادم اور پتھراؤ ہوا تھا جس میں متعدد طالب علم زخمی ہوئے تھے۔
پتھراؤ سے کئی طلبا کو شدید چوٹیں بھی آئی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ سے بھی طلبا کی حالت خراب ہوئی ہے جنہیں ریسکیو اور ایدھی کے عملے نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی ۔

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی حکومت نے پروازوں پر الیکٹرانک اشیاءلانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ۔ پابندی کا اطلاق 12ممالک کے مسافروں پر ہو گا اے آر وائے نیوز کے مطابق امریکا نے دہشتگردی کے پیش نظر دنیا کے 12ممالک کے باشندوں پر امریکا آنے والی پروازوں میں الیکٹرانک اشیاءلانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے امریکی حکام کا کہناہے کہ سیکورٹی خدشات کی بنا پرامریکہ آنے والے مسافروں کوزیادہ برقی آلات لےجانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ امریکی حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور افریقی ممالک سے امریکہ جانے والے مسافروں کے لیب ٹاپ اور ٹیبلٹس کوچیک کیاجائےگاتاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کون سی ایئرلائنز ان پابندیوں کی زد میں آئیں گی اور کب تک یہ پابندی لگی رہے گی

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) رینجرز نے شہر قائد کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے یونیورسٹی روڈ پر واقع سفاری پارک کے سٹور روم سے چھپایا گیا بڑا اسلحے کا ذخیرہ برآمدکرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر گوایش پارک میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جن میں بلاک بم،ہینڈ گرنیڈ اور جدید ہتھیار شامل ہیں۔اسلحہ کا ذخیرہ ایم کیو ایم لندن کے انبساط ملک کی جگہ پر چھپایا گیا ،انبساط ملک ایم کیو ایم لند ن کے رہنما انور کا داماد ہے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا اور رینجرز کے 50 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران گوایش پارک کے ٹکٹ کائونٹر کے اسٹور سے رینجرز نے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کر لی۔ برآمد کئے گئے اسلحے میں بلاک بم، ہینڈ گرنیڈ، رائفلز، ایس ایم جیز، ایل ایم جیز، جدید ہتھار اور مختلف اقسام کی گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(وہاڑی) مقامی میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران نا معلوم افراد نے لیٹرین کے لو ٹوں میں مبینہ طور پر تیز اب ڈال دیا، واش روم استعمال کرنے والے ایک تین سالہ بچہ سمیت تین افراد جھلس کر شد ید زخمی ہو گئے۔ پیپلز کالونی کے رہائشی رانا عمر نے بتایا کہ اس کی دعوت ولیمہ گزشتہ رات مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک اور بارات بھی آئی ہوئی تھی اس دوران عبداللہ نا می تین سالہ بچے کی والدہ بچے کو لیٹرین میں لے گئی۔ اس نے لوٹے میں پہلے سے موجود پانی سے جو نہی بچے کو دھونا چاہا تو بچے نے رو نا شروع کردیا جبکہ بچے کی والدہ نے اپنے ہاتھوں پر پا نی ڈالا تو اسکے بھی ہا تھ جھلس گئے اور بچے بھی جھلس گیا اسی دوران دوسری لیٹرین میں بھی ایک خاتون کے ساتھ بھی یہی واقعہ پیش آیا۔ شادی کی تقریب کے شرکاءکو جیسے ہی صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے ہال انتظامیہ کو اطلا ع دی تو ہال کے دونوں منیجر ممتاز گورایہ اور نیامت چاولہ مبینہ طور پر فرار ہو گئے۔ لواحقین نے اپنی آمد آپ کے تحت زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) سابق وزیر مملکت انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد لاہور موٹروے نجی کمپنی کو دینے سے قومی خزانہ کو 205 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ نجی کمپنی 20 سال تک موٹروے پر چلنے والی گاڑیوں سے ٹیکس وصول کرے گی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موٹروے نجی کمپنی کو دینا غیر قانونی اقدام ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہیے، جس کمپنی کو یہ ٹھیکہ دیا گیا ہے اس کمپنی نے تو درخواست بھی نہیں دی تھی لیکن پھر بھی اس کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت من مانیاں کر رہی ہے، قو می خزانہ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے، قومی وسائل کا تحفظ نہیں کیا جا رہا، عوام مشکلات کا شکار ہیں لیکن ان کی مشکلات حل کرنے کے لئے حکمران سنجیدہ نہیں