منگل, 07 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے 28 ویں آئینی ترمیم كا بل ایوان میں پیش كیا۔ ترامیم كے تحت فوجی عدالتوں پر قانونی شہادت كا اطلاق ہوگا، تنقید اور ٹرائل كا طریقہ كار تبدیل ہو گا، باقاعدہ طور پر پیشگی اخراجات سے آگاہ كیا جائے گا۔ بل کے تحت ہائی كورٹ میں اپیل كا حق اور ملزمان كو مرضی كے وكیل كرنے كا اختیار ہو گا، فوجی عدالتوں اور داخلی قومی سلامتی كے معاملات کے لیے نگران پارلیمانی قومی سلامتی كمیٹی قائم ہو گی۔
بل پر بحث كا آغاز كرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی كے سربراہ محمود خان اچكزئی نے فوجی عدالتوں كی مدت میں توسیع كی آئینی ترمیم كی حمایت كو جمہوریت كے حق میں پانچ نكات پر مشتمل قرارداد كی منظوری سے مشروط كرتے ہوئے كہا كہ فوجی عدالتوں كی ترمیم تمام عدالتی نظام پر بداعتمادی ہے، صرف بلوچستان میں دہشت گردی كے واقعے كے حوالے سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بہادری كا مظاہرہ كرتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ مرتب كی، ملك كی تاریخ میں پہلی باركمیشن كا نتیجہ سامنے آیا ہے۔
آئینی ترمیم پر اظہار خیال كرتے ہوئے پاكستان پیپلزپارٹی كے رہنما سید نوید قمر نے فوجی عدالتوں كی مدت میں توسیع كی آئینی ترمیم كو پاكستان كے20 كروڑ عوام كے حقوق معطل كرنے كی ترمیم قرار دے دیا۔
 
پیپلزپارٹی نے واضح كیا كہ آج بھی اسی مقام پر كھڑے ہیں جہاں 2سال پہلے موجود تھے، 2 سال كے بعد بھی توسیع نہ مانگنے كی كوئی ضمانت نہیں ہے۔ نوید قمر نے مطالبہ كیا كہ آج آئینی ترمیم كی منظوری سے قبل پارلیمانی كمیٹی برائے قومی سلامتی كی تشكیل كی قرارداد لائی جائے ورنہ ہمارے لیے مشكل صورتحال ہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) مردم شماری فارم میں اپنا نام شامل کروانے کے لئے سکھ برادری نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد سکھ آباد ہیں۔ مردم شماری میں دیگر مذاہب اور کمیونٹیز کا نام شامل ہے مگر سکھ برادری کا نام شامل نہیں۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ سکھ برادری نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مردم شماری میں سکھ برادری کا نام بھی شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد سکھ برادری آباد ہے اور وہ تمام قوانین پر بھی عملدرآمد کرتی ہے۔ اگر سکھ برادری کا کالم مردم شماری میں شامل نہ کیا گیا تو یہ پاکستان کی سالمیت کے لئے بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سکھ برادری کو مردم شماری میں شامل کیا جائے اور ان کی تعداد کے حوالے سے پوری قوم کو آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق بھارت کے روندرا جدیجہ نمبر ون باؤلر ہیں جبکہ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں اسٹیو اسمتھ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں اظہر علی اور یونس خان کو بغیر کھیلے ہی ترقی مل گئی۔
باؤلرز رینکنگ
آسٹریلیا کے خلاف رانچی ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لینے والے روندرا جدیجہ کو بڑا انعام مل گیا اور وہ رینکنگ میں آر ایشون کو پیچھے چھوڑ کر نمبرون باؤلر بن گئے۔
آر ایشون دوسرے اور رنگانا ہیراتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
باؤلرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 15 میں موجود نہیں جبکہ یاسر شاہ کا 16 واں نمبر ہے۔
بیٹنگ رینکنگ
بیٹنگ رینکنگ میں اسٹیو اسمتھ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ رانچی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے چھتیسور پوجارہ نے 4 درجے ترقی کرکے دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا۔
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں جو روٹ تیسرے، ویرات کوہلی چوتھے اور کین ولیم سن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے اظہر علی نے ایک درجے ترقی کے بعد چھٹی اور یونس خان نے ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ٹیم رینکنگ
ٹیم رینکنگ میں بھارت کی پہلی، آسٹریلیا کی دوسری اور جنوبی افریقا کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
پاکستان 97 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکسی شیئرنگ کمپنی اوبر کے صدر جیف جونزنے صرف 6 ماہ تک عہدے پر تعینات رہنے کے بعد کمپنی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ جیف جونز کا استعفیٰ غیر متوقع تھا۔ ان کا کہنا تھا جیف جونز کو یہ شکایت تھی کہ کمپنی چیف آپریٹنگ افسر کے عہدے کے لیے مناسب امیدوار ڈھونڈ رہی تھی مگر ان پر اس نوکری کے لیے غور نہیں کیا جا رہا تھا۔
تاہم ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ ریکارڈ کا دعویٰ ہے کہ جیف جونز کو کمپنی میں صنفی امتیاز اور ہراساں کرنے کے معاملات کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
اوبر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم جیف جونز کو ان کی چھ ماہ کی ملازمت کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں اور مستقبل کے لیے ہماری ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال اوبر کو مختلف مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ کمپنی پر صنفی امتیاز کے کلچر اور خواتین ملازمین کے ہراساں کیے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد کہتے ہیں ایف آئی اے کو معطل کرکٹرزکا صرف موبائل ڈیٹا تصدیق کے لیے بھیجا تھا،تفتیش کے لیے کس نے کہا ؟۔
پاکستان سپرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پروفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی تحقیقات سے متعلق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے بیان سےنیا تنازع کھڑا ہو گیا۔ سبحان احمد کہتے ہیں ایف آئی اے کو فکسنگ کی تحقیقات کا نہیں کہا تھا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کر ڈالی تو پاکستان کرکٹ بورڈ پیچھے ہٹ گیا،ایف آئی اے کی تحقیقات کو ازخود نوٹس قرار دے دیا۔ سی او اوسبحان احمد کے مطابق ایف آئی اے کو کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا نہیں کہا،پی ایس ایل فکسنگ میں معطل کرکٹرز کا موبائل فون ڈیٹا تصدیق کے لئے بھیجا تھا اس لیے ایف آئی اے کوموبائل فون جمع کرائے ۔
سبحان احمد نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے کھلاڑیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے سے پی سی بی کا کوئی تعلق نہیں۔ فکسنگ کے معاملے کی تحقیقات پی سی بی ٹربیونل کرے گا۔وزارت داخلہ یا حکومت نے رابطہ کیا تو بورڈ فیصلہ کرے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود شرجیل میمن خوفزدہ رہے اور اپنے وکلا سے پوچھتے رہے کہ نیب والے اب گرفتار تو نہیں کریں گے۔ شرجیل میمن کے وکلا نے کہا پیپلز پارٹی کے کارکن مقدمات سے بھاگتے نہیں، سامنا کرتے ہیں۔
 
تفصیلات کےمطابق سابق صدر زرداری کے پیر اعجاز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں شرجیل میمن سے ملاقات کی۔ پیر اعجاز نے میڈیا کو بتایا کہ شرجیل کیلئے دعائیں کرنے آیا تھا انہیں کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ششانک منوہر کے مستعفی ہونے سے آئی سی سی اصلاحات کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بھارت نے معاملے کوٹالنے کیلیے خط و کتابت کا سلسلہ شروع کردیا۔
ششانک منوہر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پہلے خود مختار چیئرمین بنے تھے، انھوں نے بگ تھری کے خاتمے اور زیادہ منصفانہ و شفاف انداز میں معاملات کو چلانے کیلیے جن اصلاحات کا بیڑا اٹھایا تھا وہ اب کھٹائی میں پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
فروری کے اجلاس میں کونسل نے نئی مالی اور آئینی ترامیم کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دی تھی جس کے بارے میں حتمی فیصلہ اپریل کی میٹنگ میں ہونا ہے تاہم اس سے قبل ہی اچانک منوہر ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر عہدے سے مستعفی ہوگئے، اب بھارت نے ایک بار پھر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے دھونس اور دھمکیوں کے ساتھ تکنیکی جھول بھی ڈھونڈنا شروع کردیے ہیں۔
بی سی سی آئی معاملات چلانے کیلیے سپریم کورٹ کی نامزد کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ممبر وکرم لیمے نے ایک روز قبل آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن کو 11 صفحات پر مشتمل خط لکھا تھا، انھوں نے دھمکی دی تھی کہ ریونیو میں کٹوتی اورآئینی ترامیم پر ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔
اب بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے آئی سی سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایان ہائیگنس کو ای میل بھیجی جس میں نئے فنانشل ماڈل کو تکنیکی طور پر غلط قرار دینے کے ساتھ واضح کیا کہ نیا آئین کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کو ہی تبدیل کرکے رکھ دے گا، اس سے ممبران کی خودمختاری شدید متاثر ہوگی، نئی ترامیم بھی مبہم اور غیریقینی قسم کی ہیں، ان سے کنفیوژن اور زیادہ بڑھے گی، انھوں نے یہ بھی لکھا کہ اگر 2014 والا مالیاتی تقسیم کا فارمولا غلط تھا تو نئے طریقہ کار کیلئے کیا فارمولا اختیار کیا گیا اور کس حساب سے مختلف بورڈز کے درجے بناکر ان کا الگ الگ ریونیو میں حصہ مقرر کیا گیا؟ یہ وضاحت کرنا ضروری ہے۔