ایمزٹی وی (اراولپنڈی) آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے نیا نغمہ ” ہم سب کا پاکستان“ جاری کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دشمن کو للکارا اور واضح کیا کہ کوئی طاقت پاکستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم پر عزم اور سخت جان قوم ہیں، کوئی بھی دشمن قوت ہمارے پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔ یہ ہم سب کا پاکستان ہے اور زندہ باد ہے۔
اپنے ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کے حوالے سے نیا نغمہ ” ہم سب کا پاکستان بھی شیئر کیا۔
23 Mar...
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) March 21, 2017
We are resilient Pakistani Nation..
No power can undo 'Our Pakistan'
ھم سب کا پاکستان
?? Pakistan Zindabadhttps://t.co/XCvbbFF5dA
اس نغمے کے آغاز میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پاکستان کے موقع پر کی جانے والی تقریر کا کچھ حصہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ راحت فتح علی خان کی خوبصورت آواز میں آپ بھی روحوں کو گرمانے اور جذبوں کو تازہ کرنے والا نغمہ سنیں ۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)چیئرمین پی سی بی نے سینئر کھلاڑیوں کی گول میز کانفرنس بلالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کرکٹ کی بہتری کیلئے سینئر کھلاڑیوں کی گول میز کانفرنس کل بلا لی ہے جس کیلئے مدثر نذر،عاقب جاوید،محمد الیاس،رمیز راجہ ،وسیم اکرم،انضمام الحق ،انتخاب عالم،مشتاق احمد،ظہیر عباس اور علی نقوی کو دعوت دی جائے گی۔
گول میز کانفرنس میں سینئر کھلاڑیوں سے کھیل کے فروغ کیلئے مشورہ لیا جائے گا اور سپاٹ فکسنگ سکینڈل معاملے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے ڈومیسٹک کرکٹ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف کسی بھی سیریز سے شامل نہ کرنے پر احتجاجاً پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اس وقت اپنی فارم بحال کرنے،عمر اکمل اپنی فارم دکھانے کیلئے گریڈ ٹو کے میچز کھیل رہے ہیں جبکہ یاسر شاہ کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی 20 کسی بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں سفیر کو ویزے جاری کرنے کا اختیار دیا جس کی وجہ سے 6ماہ میں ویزوں کی تعداد معمول سے50فیصدبڑھ گئی۔
حسین حقانی کے مضمون پر سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کے مضمون کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ان کے مضمون میں درج بیشتر باتیں انکشافات نہیں ہیں۔ حسین حقانی کے مضمون کے نتیجے میں پاکستان میں کئی اہم سوالات اٹھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو پاکستان کا ویزہ جاری کرنے سے پہلے وزارت داخلہ اور خفیہ اداروں سے این او سی چاہیے ہوتی ہے لیکن پیپلزپارٹی کے دورمیں حکومت نے پالیسی تبدیل کی اور ایک خط کے ذریعے سفیر کو ایک سال دورانیہ کے ویزے جاری کرنے کااختیار دے دیاگیا۔ پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے صرف 6 ماہ میں ویزوں کی تعداد معمول سے50فیصدبڑھ گئی تھی۔
ایمزٹی وی (تجارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج زبردست تیزی رہی ہے جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 322 پوائنٹس کے اضافے کے بعد49 ہزار 60 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز اضافے کے ساتھ ہوا جو معمولی اتار چڑھاﺅ کے ساتھ پورا دن جاری رہا، کاروبار کے اختتام تک انڈیکس میں 322 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
آج ہونے والے اضافے کے باعث 100 انڈیکس 49 ہزار20 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں آج9 کروڑ39 لاکھ 53 ہزار 940 حصص کی خریدو فروخت ہوئی جن کی مارکیٹنگ ویلیو 7 ارب21 کروڑ89 لاکھ 54 ہزار874 روپے رہی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر388 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا جن میں سے277 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 85 میں کمی اور 26 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)کراچی گرامر اسکول (کے جی ایس) نے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز 2017ءمیں سب سے بہترین چھوٹے وفد کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ان مقابلوں کا انعقاد 16 مارچ سے 19 مارچ 2017ءتک چین کے شہر بیجنگ میں ہوا۔
پاکستانی وفد 14 طالب علموں پر مشتمل تھا جس کی نمائندگی صابریہ چتور کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں عامر جوما، حسین بخشی، طحہٰ احمد، سبرینہ سادات، مریم مجید، وجدان طاہر، علیزہ ایاز، فیصل ندیم، معاذ آغا، آرش علی شاہ، مزمل گوڈیل اور مریم سجاد شامل تھیں۔ وفد کے ساتھ فیکلٹی ایڈوائزر عائشہ شیخ بھی موجود تھیں جنہوں نے ٹیم کو مسلسل سپورٹ کرتے ہوئے ان کا جوش و جذبہ ابھارے رکھا۔
پاکستانی وفد کی فیکلٹی ایڈوائزر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ فتح بچوں کی مقابلے کیلئے بچوں کی سخت لگن کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی تھی۔ ہم ناصرف اپنے اسکول بلکہ پاکستان کیلئے یہ اعزاز جیتنے پر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ جب ہم نے غیر ملکی سرزمین پر پاکستانی پرچم لہرایا تو وہ احساس بہت ہی بہترین تھا۔“
ان مقابلوں میں بھارت، سنگاپور، برازیل اور امریکہ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک کے ہائی اسکولوں سے 2000 سے زائد طلباءنے شرکت کی۔ کراچی گرائمر اسکول کے کی ٹیم نے 8 مختلف کمیٹیوں میں مقابلے کئے اور 14 میں سے 13 اراکین نے ایوارڈز جیتے۔ کراچی گرائمر سکول نے 3 بہترین وفد، 7 شاندار وفد اور 3 اعزازی نامزدگیوں کے ایوارڈز اپنے نام کر کے بہترین چھوٹے وفد کا ایوارڈ حاصل کیا۔
کراچی گرائمر اسکول کے پاس یہ اعزاز بھی ہے کہ اس نے ان مقابلوں میں 4 مرتبہ شرکت کی اور تمام مرتبہ ہی فتح حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا
ایمزٹی وی(اسپورٹس)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پی سی بی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو کسی کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے پی سی بی کی ہدایت یا اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ایف آئی اے ملکی بدنامی کا باعث بننے والے معاملے کی تحقیقات کرسکتا ہے ،الزامات کے بجائے ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرنا چاہیے,انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اس کو تماشہ نہ بنائیں۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی کا گزشتہ روز فون آیاتھا انہوں نے بات کی تھی اور میں نے کہا کہ ملکر کام کریں اور آج دوبارہ نجم سیٹھی سے رابطہ ہوگا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ تحقیقات میں ابھی کچھ وقت لگے اور ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی کہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بے گناہ نہ پھنسے اور گناہ گار بچ نہ پائے۔ایف آئی اے کو پی سی بی کے ساتھ ملکر کام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یاد رہے کہ نجم سیٹھی نے اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث کھلاڑیوں سے تحقیقات کے معاملے پر نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ایف آئی اے کارروائی نہیں کرسکتی یہ پی سی بی کا دائرہ اختیار ہےجبکہ شرجیل خان ،شاہ زیب حسن،محمد عرفان اور خالد لطیف نے اپنے بیانات ایف آئی اے کو ریکارڈ کرادیئے ہیں جبکہ ناصر جمشید ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہ کراسکے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وزیراعظم نے اس بات کا انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویز مشر ف نے میرے ساتھ انڈر ہینڈ ڈیل کرنے کیلئے بلواسطہ پیغام بھیجا کہ وہ معاملات طے کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں مگر میں نے انڈر ہینڈ ڈیل کرنے سے منع کردیا، خفیہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتا، اللہ نے اسی لیے ہمیشہ سرخرو کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم برے حالات میں پاکستان سے گئے تھے زبردستی بھیجا گیا واپس بھی آنا چاہتے تھے مگر آنے نہیں دیا گیا ۔ آج مشرف چاہنے کے باوجود پاکستان نہیں آسکتے،یہی مکافات عمل ہے
مزید تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمانی رہنماﺅ ں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پارلیمانی ذمےداری ادا کرنے کیلیے آج پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنائیں، موجودہ دور کٹھن تھا،لیکن چیلنجز کو قبول کیا، 1999والا دور نہیں اورگزشتہ 4برسوں میں بہت محنت کرنا پڑی۔ ن لیگ کے پارلیمانی اجلاس میں چاروں صوبوں کے دورے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ آئندہ عام انتخابات کی بھرپور طریقے سے تیاری کی جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے نعرے ہوا ہوگئے ، ملک میں اصل تبدیلی ہم لائے جسے آج پاکستان کے عوام خود محسوس کرتے ہیں، ارکان پارلیمنٹ مخالفین کے الزامات کو سنجیدہ نہ لیں اور بھرپور طریقے سے عوامی مسائل پر توجہ دیں، ہم ہر امتحان میں سرخرو ہوں گے، ملک کی بہتری کے لئے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، عوام خود دوہزار تیرہ اور آج کے پاکستان میں تبدیلی محسوس کر تے ہیں۔اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال ، فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق آئینی ترمیم ، پانامہ کیس اور سیاسی مخالفین کی مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوجی عدالتوں کی بحالی پر اتفاق رائے پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ الزامات کی نہیں اقدار کی سیاست کی ۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا ءسمیت مسلم لیگ ن کے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی شریک ہوئے ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔
ایمزٹی وی(دبئی) پاکستان کا 77 واں یوم قرار داد پاکستان گزشتہ دنوں پاکستان سوشل سنٹر میں منایا گیا، جس میں ناردن ایمریٹس سے پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی ۔ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے ہال میں یوم قرار داد پاکستان کے موقعے پر متعدد پروگرام منعقد کئے گئے جن میں اتحاد و یگانگت پر مبنی ڈرامہ ’’ بریکنگ نیوز ‘‘ پیش کیا گیا۔یہ ڈرامہ معروف آرٹسٹ سید شرافت شاہ نے لکھا اور پیش کیا۔ ڈرامے کے تمام کردار مقامی تھے اور پہلی بار کسی سٹیج ڈرامہ میں حصہ لے رہے تھے۔ ڈرامہ کے ہدایتکار شرافت شاہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یہ ڈرامہ بطریق امن پیش کیا اور حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی
یہ ڈرامہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے فرمان’’ تنظیم ، اتحاد اور یقین محکم ‘‘ پر مبنی تھا۔ پاکستان کے 77 ویں یوم قرار داد کے موقع پر مہمان خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان کے قونصل جنرل سید جاوید حسن، ڈپٹی قونصل جنرل رانا ثمر جاوید، پریس قونصلر عاشق حسین شیخ، ویلفیئر قونصلر مزصولت ثاقب، پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین اور دیگر بہت سے لوگ موجود تھے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت اکرم شہزاد نے حاصل کی جبکہ خوشی کے اس موقع پر پاکستان ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ڈھول بھی بجائے گئے جس کی تھاپ پر لوگوں نے رقص بھی کیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے قومی
ترانے بھی بجائے گئے ۔ پاکستان اسلامیہ ہائی سکول اشارجہ کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔
اس تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے انعامات اور اعزازی ایوارڈ بھی دیئے گئے۔ شارجہ سنٹر میں ہونے ولاے اس پروگرام کی سب نے بہت تعریف کی اور کہا کہ پاکستان سوشل سنٹر واحد مرکز ہے جہاں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اکٹھے ہوتے ہیں۔ لوگوں نے سنٹر کے صدر چودھری خالد حسین کی بھی تعریف کی کہ وہ مختلف حیلوں بہانوں سے پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونے کا موقع دیتے ہیں۔
چودھری خالد حسین نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ لوگوں کو اپنا سنٹر ہے جہاں وہ اکٹھے ہو کر اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ تمام اوورسیز پاکستانیز ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور مل جل کر ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ 2معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں ایک امیگریشن کا اور دوسرا مفاہمت کی یادداشت کا معاہدہ شامل ہے ۔” الطاف حسین کا معاملہ برطانیہ کے ساتھ مسلسل اٹھا رہے ہیں “۔
اسلام آباد میں برطانوی سیکرٹری داخلہ امبررڈ کیساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ برطانیہ سے پاکستان کے مستحکم تعلقات ہیں اوردونوں ممالک میں کوئی ایسے مسائل نہیں جو تعلقات میں رکاوٹ ہوں ۔الطاف حسین کا معاملہ برطانیہ کے ساتھ مسلسل اٹھا رہے ہیں ۔افغان مصالحتی عمل میں سہولت فراہم کرنے کیلیے تیارہیں۔یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھاناچاہتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی ہم منصب سے کئی معاملات پر بات ہوئی اوربرطانیہ اور پاکستان کی وزارت داخلہ میں باہمی بات چیت پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ بغیر دستاویز برطانیہ میں مقیم پاکستانیو ں کے بارے میں بھی بات ہوئی ۔ایجنڈے میں دہشتگردی اور معلومات کا تبادلہ بھی شامل ہے ۔برطانوی سیکرٹری داخلہ سے سیکیورٹی ، انسداد دہشتگردی اور منشیات کی روک تھام پر بات ہوئی۔
برطانوی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ متحدہ بانی کے بارے میں پاکستانی حکومت کی تشویش سمجھتی ہوں اورچودھری نثار سے الطاف حسین کی غیر قانونی سرگرمیوں پر بات ہوئی ہے ۔بانی ایم کیو ایم پر کیسز میں قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔انگلینڈ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی بلکل اجاز ت نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین کے معاملے پر پاکستان کے تحفظات دیکھ رہے ہیں ۔ ”پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے“۔ دو سال میں پاکستان کی سیکیورٹی میں بہت بہتری آئی ہے ۔ پاکستان جس طرح دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہے اس سے بہت متاثر ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔پاکستان سے شراکت داری جاری رکھنا چاہتے ہیں اورعالمی چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے ۔دہشتگردی سے پاکستان کو بہت زیادہنقصان ہوا ۔دونوں ملکوں کیلئے خوشخالی کے یکساں مواقع موجود ہیں ۔برطانوی ہوم سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ نیشنل ایکشن پلان میں تعاون کے خواہاں ہیں ۔