ایمز ٹی وی (تجارت)پشاورمیں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، گوشت کی فی کلو قیمت 188 روپے تک جا پہنچی۔
پشاورمیں مرغی کا گوشت عام شہریوں کی پہنچ سے دورہوگیا،ایک ہفتے کےدوران 17 روپے کااضافہ سامنے آیا ،جس کے بعد سرکاری ریٹ 188روپے فی کلو ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرغی کی سپلائی پنجاب سے ہوتی ہے، پنجاب میں مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھتے ہی اس کااثر پشاور کی مارکیٹ پر بھی پڑا ہے۔
پنجاب میں رانی کھیت کی بیماری سے مرغیوں کی ہلاکت ہوئی اور پولٹری فارمز والے نئے چوزے خریدنے سے کترارہے ہیں۔
ایمز ٹٰ وی(لاہور) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ،تاریخ میں ہم نے ،پیپلز پارٹی نے زندہ رہنا ہے ،افتخار چوہدری کے آر او الیکشن سے کچھ نہیں ہوتا ،ہم نے آر او الیکشن جمہوریت کی بقاءکیلئے قبول کیا ۔
یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہناتھا کہ آج کا نعرہ ہے جیے پاکستان ،جب پاکستان بچانے کی بات آئی تو ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔سابق صدر کا کہناتھا کہ دوستوں نے کہا کہ بی بی ساتھ نہیں ہے سوچ لیں تو میں نے دوستوں کو بتایا کہ صدارتی اختیار پارلیمنٹ کو دے رہے ہیں اور جب بلوچستان میں معافی مانگی تو لوگوں نے اعتراض کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ،تاریخ میں ہم نے ،پیپلز پارٹی نے زندہ رہنا ہے ،افتخار چوہدری کے آر او الیکشن سے کچھ نہیں ہوتا ،ہم نے آر او الیکشن جمہوریت کی بقاءکیلئے قبول کیا،آئندہ سیاست کریں گے تو پاکستان کی بہتری کیلئے کریں گے ۔پختون خواہ کو خیبر پختون خواہ بنایا تو اس پر بھی لوگوں کو اعتراض ہوا ۔ ان کا کہناتھا کہ جس کی جتنی قدر اور سمجھ ہوتی ہے، گناہ ان کا اتنا ہی بڑا ہے،جمہوریت میں ہم سے گناہ ہواتو ازالہ تاریخ ،اللہ اور بھٹو کے سامنے کرنا ہوگا
ایمز ٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاکستان کے دشمن خبر دار رہیں کہ ہم ملک سے فسادیوں کو ختم کرنے کیلئے ثابت قدم رہیںگے اور ملک دشمنوں کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم پاکستان کے موقع پر کامیاب پریڈ پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے یوم پاکستان پریڈ کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات اور غازیوں اور شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کو کہا کہ تم ہمارے ہیرو ہو، تمہاری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
جنرل باجوہ نے یوم پاکستان پریڈ میں شرکت پر چین ، ترکی ، سعودی عرب اور جنوبی افریقہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان بین الاقوامی برادری کیلئے اہم اور پر امن ملک ہے، پاکستان کے دشمن خبر دار رہیں کہ ہم ملک سے فسادیوں کو ختم کرنے کیلئے ثابت قدم رہیںگے اور ملک دشمنوں کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔
آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک میں موسم گرم اور خشک رہے گا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات غلام مرتضیٰ کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
گزشتہ روز کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر، کوئٹہ، سرگودھا ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر میں46، لوئر دیر43، کالام41، مالم جبہ 38، پاراچنار 30، پٹن27، سیدو شریف26، دروش25، میرکھانی18،پشاور14، کوہاٹ 08، بالاکوٹ 07، چراٹ 06، کاکول04، چترال03، گوپس13، استور12، چلاس 04، ہنزہ، بگروٹ01، کوئٹہ (سمنگلی 17، شیخ ماندہ 07)، مظفر آباد06، گڑھی دوپٹہ03، بھکر میں 01ملی میٹر ہوئی۔ اس دوران بینڈوگول 06، گولین 03، کالام 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت: کالام منفی 01، گوپس میں 00 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پرمقدس ہستیوں کی توہین کسی صورت برداشت نہیں اگر اس حوالے سے سخت ترین اقدام اٹھانا پڑا تواس سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا
تھا کہ سوشل میڈیا پر کچھ عرصے سے ناپاک جسارت کی جارہی ہے جو ناقابل قبول ہے جب کہ توہین آمیز مواد کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں عالم اسلام کا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اس معاملے پر جمعے کو تمام مسلم ممالک کے سفیروں کو بلایا جائے کیوں کہ مسلم ممالک کے مشترکہ لائحہ عمل سے زیادہ مثبت اثر پڑے گا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ توہین آمیزموادکےمعاملے پرعدالتی احکامات کی روشنی میں کردارادا کررہےہیں جب کہ سوشل میڈیا اگراسی راہ پر رہا تو سخت ترین اقدامات کریں گے اور جوسخت ترین قدم اٹھائیں گے وہ سب کے سامنے آجائے گا کیوں کہ سوشل میڈیا مذہب اور ایمان سے زیادہ اہم نہیں اور ہم کسی پر توہین رسالت ﷺکا الزام نہیں لگا رہے لیکن جو اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شرجیل میمن صحیح تھے تو دو سال باہر کیوں رہے انہیں سوچنے اور صفائی پیش کرنے میں 2 سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا کے جھرمٹ میں آتے ہیں اور ہیرو بنے پھرتے ہیں، اپنی صفائی پیش نہیں کرتے اور مجھ پر الزامات لگائے جاتے ہیں، کیا ہر کرپٹ آدمی کو پکڑنے کے پیچھے میں ہوں، اگر ایسا ہے تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ احتساب تب ہوگا جب تمام طبقے اپنی صفوں میں خود احتساب کی روایت ڈالیں گے، پیپلزپارٹی نے اپنے سیاسی ورکر کو چیرمین نیب لگایا جب کہ موجودہ چیرمین نیب اپوزیشن کی مشاورت سے تعینات کیے گئے۔ وزیرداخلہ کا وزیراعلیٰ سندھ کے وفاقی اداروں کو صوبے سے نکالنے کے بیان پر کہنا تھا کہ کوئی صوبہ کسی وزیراعلیٰ کی جاگیر نہیں کہ کس ادارے کو کام کرنا ہے اور کسے نہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایبٹ آباد اے ٹی آر طیارے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق طیارے کا انجن خراب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
میڈیا کے مطابق حویلیاں کے قریب حادثے کا نشانہ بننے والے اے ٹی آر طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ سول ایوی ایشن کو موصول ہو گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی آر طیارے کا انجن خراب تھا ۔سیکریٹری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں طیارے کے انجن خراب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی روشنی میں طیارے کے کچھ حصے فرانس بھیج دئیے ہیں جبکہ طیارے کا انجن تحقیقات کے لیے کینیڈا بھیج دیا گیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کاک پٹ میں موجود عملے کی گفتگو بھی بلیک باکس نے ریکارڈ کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننے کی کوشش میں ہیں کہ انجن نے کام کرنا کیوں چھوڑا ،تین مہینوں کے اندر کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے ۔
ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبداللہ شیخ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اپنی غلطیاں تسلیم کرنے والے لوگ ہیں، لوگ اپنا موقف فائدہ دیکھ کربدل لیتے ہیں،ہم نے کسی کو پارٹی میں شمولیت کا نہیں کہا، ہم نے کسی سے دشمنی نہیں کی، ہم نے پہلے دن سے کوئی بات جھوٹ نہیں بولی، کسی کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں ہے، جب ہماری بات صحیح ثابت ہوجاتی ہے تو لوگ ہماری طرف چل پڑتے ہیں۔ ہمارے پاس بہت بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں، شیخ عبداللہ آخری نہیں، ہم سے کئی اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہے۔
دعا ہے لوگوں میں اتنی ہمت ہو کہ وہ سچ کے قافلے میں شامل ہوں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جمعرات کو ہم اپنی پارٹی کا پہلا یوم تاسیس منائیں گے، یہ یوم تاسیس یوم پاکستان کی مناسبت سے منایا جائے گا۔ کل نشتر پارک میں پی ایس پی کا عظیم الشان کنونشن ہوگا، کارکنان کل 3 بجے گراونڈ میں پہنچنے کی کوشش کریں، پی ایس پی کے پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ نظر آئیں گے۔
اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی شیخ عبداللہ نے کہا کہ 22 اگست کی تقریرکے بعد کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں کے ساتھ ہمدردی نہیں کی جاسکتی، ہمیں ملک کا غدارکوئی نہ کہے، ہم پاکستان کے وفادار ہیں اوررہیں گے، کسی نے پی ایس پی میں شمولیت کا نہیں کہا، مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کے ساتھ کارکن کی حیثیت سے کام کریں گا.
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ سے ملاقات کی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے پیغام جاری کیا اور کورکمانڈر پشاور کے ساتھ ملاقات میں وادی تیراہ میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے نشے کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے اتفاق کیا گیا ۔
قبل ازیں اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھنے والے شاہد آفریدی نے کوہاٹ میں آغوش الخدمت کوہاٹ فاﺅنڈیشن کو 50 لاکھ روپے عطیہ دینے کے موقع پر آفریدی نے کہا کہ” مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں اس عظیم مقصد میں حصہ ڈالنے کیلئے یہاں موجود ہوں“۔
ایمزٹی وی(کراچی) محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی قائد الطاف حسین کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے وطن لایا جائے۔
کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے 2 مقدمات آرٹلری میدان تھانے میں درج ہیں، وزارت داخلہ متحدہ قائد الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرے اور ملزم کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زیر سماعت مقدمات میں پولیس کو حکم دیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری کے لیے انٹر پول سے رجوع کیا جائے۔