ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ این ای ڈی میں ڈاکٹر سروش لودھی کے وائس چانسلر بننے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ پیر کو تلاش کمیٹی نے 4 میں سے تین اُمیدواروں کے ناموں پر اتفاق کرلیا۔
موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر افضل حق جامعہ این ای ڈی کو مالی خسارے سے نکالنے کے باوجود اگلی مدت کے لئے وائس چانسلر بننے کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں کیونکہ ان کے چھپے ہوئے تحقیقی پرچوں کی تعداد کم تھی۔ تلاش کمیٹی کے ایک رکن نےبتایا ہے کہ سب سے زیادہ نمبر ڈاکٹر سروش لودھی نے لیے اور کمیٹی کے اراکین کو متاثر کن جوابات دیئے، دُوسرے نمبر پر سویڈن میں مقیم ڈاکٹر قمرالوہاب رہے ان کا انٹرویو اسکائپ پر لیا گیا۔ جبکہ تیسرے نمبر پر غلام اسحٰق خان انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر اشرف علی میو رہے۔
تلاش کمیٹی کے رکن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو یہ نام نمبروں کے بجائے حروف تہجی کے اعتبار سے بھیجے جائیں گے جن کے ساتھ نمبروں کی تفصیلات بھی منسلک ہوں گی۔ وزیراعلیٰ ان تینوں میں سے ایک نام کی منظوری دیں گے۔ وہ نام مزید کارروائی کے لئے بذریعہ چیف سیکرٹری، گورنر سندھ کو بھجوا دیا جائے گا اور گورنر سندھ اس کی حتمی منظوری دیں گے جس کے بعد ان کے نام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(تعلیم) کراچی کی دو انجینئرنگ جامعات اور ایک قانون کی جامعہ کے وائس چانسلرز کی مدت مکمل ہو گئی. لیکن تینوں جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک نہ تو وائس چانسلر کی مدت میں تاحکم ثانی توسیع کی گئی اور نہ ہی قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کیا گیا۔ جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد افضل کی چار سالہ مدت17 مارچ کو مکمل ہو گئی تھی۔
دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی18 مارچ کو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر جسٹس (ر) قاضی خالد کی مدت19 مارچ کو مکمل ہو گئی تھی. لیکن گورنر ہائوس اور وزیراعلیٰ ہائوس کی جانب سے تینوں جامعات میں قائم مقام وائس چانسلر تک کی تعیناتی نہیں کی گئی اور تینوں جامعات پیر کو وائس چانسلر کے بغیر کام کرتی رہیں۔
ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ سندھ جامشورو میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ”اہلیت و ضرورت“ اسکیم کے تحت 42 اور ڈسٹرکٹ میرٹ اسکالر شپ کے تحت 33 طلباء کو اہلیت و ضرورت کی بنیاد پر 26 لاکھ روپے کے اسکالر شپ کے چیک دیئے گئے۔ وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مجموعی طور پر 75 طلباء میں چیک تقسیم کیے۔
طلباء کے مالی معاونت کے شعبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ”اہلیت و ضرورت“ اسکیم کے تحت 42طلباء کو فی کس 48ہزار وپے کے چیک دیئے گئے،. جبکہ ڈسٹرکٹ میرٹ اسکالر شپ کے تحت 33 طلباء کو فی کس 18ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے طلباء کو مدد ، تعاون و سرپرستی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کو تعلیم و تحقیق کا اعلیٰ مرکز بنایا جائے گا۔ جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ طلباء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء کو لیپ ٹاپ اور فیس واپسی کے چیک دیئے گئے ہیں، باقی ماندہ طلباء کو بھی لیپ ٹاپ و اسکالر شپ دلوانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہا ماضی میں جامعہ سندھ کو انتہائی کم اسکالر شپس مل رہی تھیں، جس پر جامعہ سندھ کی انتظامیہ نے ایچ ای سی حکام پر زور دیا ہے کہ جامعہ سندھ کے غریب طلباء کی بھی مدد کی جائے۔