ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی جمعہ کو ناظمُ امتحانات کی تبدیلی، چار نائب ناظم امتحانات کی رخصت اور چار افسران کے خلاف کارروائی کے باعث بورڈ انٹر ضمنی پری میڈیکل اور پری انجینرنگ کے نتائج کا اعلان نہیں کرسکا ۔ بورڈ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا جب نتائج کے اعلان کی تاریخ کی خبر جاری کرنے کے باوجود بورڈ نتائج جاری نہیں کر سکا اور نہ ہی سالانہ امتحانات سے متعلق ایڈمٹ کارڈز کی تیاری کا کام کیا جاسکا۔

چیئرمین بورڈپروفیسر انعام صورتحال کو سنبھال نہ سکے اور نتائج کے اجرا کے ایک ہفتے بعد کی تاریخ دے ڈالی۔ پروفیسر انعام نے کہا کہ ناظم امتحانات عمران چشتی تبدیلی کے باعث نہیں آئے اور دیگر افسران بھی بورڈ میں موجود نہیں ،قائم مقام ناظم امتحانات نے پہلے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے سے منع کیا لیکن بعد میں مشکل سے عہدہ کا چارج سنبھالا جس کی وجہ سے وقت پر نتائج جاری نہیں ہوسکے۔ اب ایک ہفتے بعد نتائج جاری ہوں گے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ چاروں ڈپٹی کنٹرولرز بھی پہلے ہی چھٹی پر جاچکے ہیں جس کی وجہ سے نتائج میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے جبکہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر امتحانی امور کا تجربہ نہ رکھنے کے باعث چارج سنبھالنے سے گریزاں ہیں جس سےبورڈ میں نیا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر ڈپٹی سیکرٹری اکاؤنٹس کے عہدے پر کام کر رہے تھے وہ ایک ماہ قبل ملازمت سے بھی مستعفی ہوچکے تھے تاہم چیئرمین نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ۔ دریں اثنا محکمہ اینٹی کرپشن کی بورڈ کے چارملاز مین کے خلاف کارروائی کی سفارش کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس نے چاروں ملازمین کے خلاف کارروائی اور ان کے تبادلے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ جس سے انٹر بورڈ میں ایک نیا بحران پیدا ہوگیا ہے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سیکشن افسر برائے بورڈ نصر مکو کے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محکمہ اینٹی کرپشن کے خط کی روشنی میں اسٹنٹ کنٹرولراطہر سعید، اسٹنٹ کنٹرولر مظفر علی خان، سب انجینئر کاشف مقصود اور اسٹینو گرافر عرفان احمد کا بورڈ میں دیگر جگہوں میں تبادلہ کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تبادلہ ہونے والے ایک ملازم نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن انتقامی کارروائی کر رہا ہےجس کی وجہ سے کوئی کنٹرولر کا چارج سنبھالے کو تیار نہیں جبکہ اُن کا کسی مسئلے سے کوئی تعلق نہیں وزیراعلیٰ ہاؤس کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)وینا ملک کی زندگی میں نیا موڑ ،اداکارہ نے شوہر اسد خٹک سے خلع لے لی تفصِلات کے مطابق گلو کار اسد خٹک سے خلع لینے کے بعد وینا ملک کا موقف بھی منظر عام پر آگیا ،ان کا کہنا ہے کہ امید ہے میڈ یا صورتحال کی نزاکت سمجھ سکتاہے ،ابھی کوئی بات نہیں کروں گی ۔

وینا ملک کی مصروفیت کے باعث اسد خٹک نے اعتراضات اٹھائے اور دونوں کے درمیان تعلقات میں خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث وینا ملک نے ایک مہینہ قبل لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا ۔

عدالت نے کیس کا فیصلہ اسد خٹک کی عدم پیروی پر یکطرفہ طور پر سنایا جس کے بعد اب اداکارہ حق مہر کے اڑھائی لاکھ درہم اسد خٹ کو واپس کریں گی۔اس حوالے سے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ معاف کیجیے ابھی اس معاملے پربات نہیں کرسکتی، امیدہے آپ صورتحال کی نزاکت سمجھ سکتے ہیں.

 

ایمز ٹی وی(صحت) کنڈیارو تعلقے میں خسرہ کی وبا تیزی سے پھیلنے گئی،جس کے باعث 2روز میں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کنڈیارو کے مختلف علاقوں میں خسرہ کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گزشتہ 2روزمیں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
گوٹھ امام بخش منگریو کے رہائشی خالد منگریو کا4سالہ بیٹا میثم عباس منگریو خسرہ کی بیماری میں مبتلا رہنے کے باعث فوت ہوگیا۔
دریں اثناءایک روز قبل نواحی علاقےگوٹھ علن کلیری میں خسرہ کی بیماری میں مبتلا 5ماہ کی کم سن بچی سمیہ بنت مشتاق کلیری فوت ہوگئی تھی۔
مذکورہ علاقوں میں تاحال محکمہ صحت کی کوئی بھی ٹیم نہ پہنچ سکی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)افغان سفارتکار ڈاکٹر عمر زخیوال نے جمیت علما اسلام ف کے سربراہ فضل الر حمان سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے پاک افغان تناﺅ کم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کی مدد مانگی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان سفیر نے کہا کہ میر ی مولانا فضل الرحمان سے مختلف موضاعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے،اور اس موقع پر افغانستان میں جاری جنگ کے دوران مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کو مارنے کے حوالے سے بھی بات کی گئی ۔

 

عمر زخیوال نے کہا کہ ملاقات کے دوران پاک افغان کشیدہ تعلقات اور اس صورتحال کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اس موضوع پر بھی بات ہوئی کہ مولانا فضل الرحمان کیسے پاک افغان تعلقات میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

 

واضح رہے یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان میں کشیدگی بڑ ھ گئی ہے ،پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان پاکستان پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے ،اسی سلسلے میں پاک فوج نے 76دہشت گردوں کی فہرست بھی افغان سفارتکار کے حوالے کی تھی ۔پاکستان نے افغان حکومت سے ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کو بھی کہا ہے ۔پاکستانی حکام نے پاک افغان بارڈر بھی بند کردیا ہے اور جماعت الحرار کی پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنا یا ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسے امراض موجود ہیں جن کا علاج تاحال دریافت نہیں ہو ااور اگر ہے تو اتنا مہنگا کہ ہر کسی کی جیب برداشت نہیں کرسکتی ۔ایسے میں کراچی میں آلٹر نیٹ میڈیسن سینٹر گزشتہ ڈیڑھ سال سےبائیو ریسونیس ویوز کے ذریعے مریضوں کو شفا فراہم کررہا ہے۔
کینسر میں مبتلا کئی افراداسپتالوں میں چکر لگاتے ہیں،لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود انہیں شفاء نہیں ملتی ۔ جدید ٹیکنالوجی اور پختہ عزم نے ان مریضوں کے چہروں پر زندگی کے رنگ بکھیرے ہیں ۔
آلٹرنیٹ میڈیسن کے اس وقت کراچی میں دو سینٹرز کام کررہے ہیں جہاں الیکٹر و میگنیٹک ریزکو ساؤنڈ ویوز میں تبدیل کرکے علاج کیا جارہا ہے۔
ان سینٹرز میں جہاں ڈاؤن سنڈرومُ ،مسود اور کینسر جیسے دیگر لاعلاج مرض میں مبتلا مریض شفاء کی طرف بڑھ رہے ہیں وہیں پاکستان میں اس جدید ٹیکنالوجی کو وسعت بھی مل رہی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سندھ میں گندم کی نئی فصل کی سرکاری خریداری15 مارچ سے شروع ہو جائے گی اس سال بھی گندم کا سرکاری ریٹ 1300 روپے فی من( 40 کلوگرام) برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سندھ میں اس سال11لاکھ 66 ہزارہیکٹرز پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے۔ ڈگری سب ڈویژن سمیت میرپورخاص ڈویژن میں گزشتہ ماہ فروری کے آخری ہفتے سے گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ،جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی تقریبا گندم کی نئی فصل تیار ہو چکی ہے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے تاحال گندم کی سرکاری خریداری کے مراکز قائم نہیں کئے جا سکے ہیں،جس کے باعث چھوٹے آباد گارکم ریٹ پر اپنی فصل فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ آباد گار بورڈ نے گندم کے آباد گاروں کے اس اہم مسئلے پر 13 مارچ کو آبادگاروں کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
چیمبر آف ایگر یکلچر کے رہنماؤں نے بھی سرکاری خریداری مراکز نہ کھولنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک نے صوبے میں 15 مارچ سے گندم کی سرکاری خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس سال گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف 12 لاکھ ٹن( ایک کروڑ 20 لاکھ بوری) مقرر کیا ہے۔
گزشتہ سال 11 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی گئی تھی۔جبکہ اس سال 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ اس سال گندم کے ریٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گزشتہ سال کا ریٹ 1300 سو روپے فی من کا ریٹ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
محکمہ خوراک سندھ کے ڈائریکٹر محمد بچل راھپوٹو کے مطابق لوئر سندھ میں15 مارچ سے گندم کے آباد گاروں کو بادانہ فراہم کر کے گندم کی خریداری شروع کر دی جائے گی،جبکہ یکم اپریل سے اپر سندھ گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو آئندہ چند روز میں گندم کی سرکاری خریداری کا باقاعدہ اعلان کر دینگے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لئے ویسٹ انڈیز کا دورہ بہت اہم ہے۔ ٹیم کو 2019 ون ڈے ورلڈکپ تک براہ راست رسائی دلانا ہدف ہے جس کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی۔
فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو دفاعی انداز بدل کر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے دورے کیلئے ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیت کا آغار کریں گے۔
اظہر علی کی جگہ ون ڈے قیادت سنبھالنے والے سرفراز نے اس حوالے سے ایک انٹریو میں کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ پی سی بی حکام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ان کا شکرگذار ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن کروں۔
اس وقت ٹیم کو 2019 ورلڈکپ کوالیفکیشن سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں 300رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، ہماری ٹیم کا ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں کو کھیلنے کا انداز بدلنا ہوگا۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز سے سرزمین پر سامنے کرنے کے لئے اپنی تیاری ہفتے سے شروع کرے گی۔
کیمپ کے اختتام پر دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹریننگ کیمپ میں طلب کیے جانے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی زندگی سے تعبیر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے نئی زندگی اور انٹرنیشنل کیریئر کیلئے امید کی نئی کرن ہے۔ میں نے اس موقع کے حصول اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کیلئے بہت سخت محنت کی اور کیمپ کیلئے منتخب کرنے پر میں سلیکٹرز کا شکر گزار ہوں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد پی ایس ایل میں بھی عمدہ کارکردگی کیلئے بے چین تھا اور میں اس کارکردگی کا سہرا کپتان ڈیرن سیمی اور کوچ محمد اکرم کے سر باندھتا ہوں جنہوں نے مجھے اوپر کے نمبروں پر کھلایا ۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کپتان کی موجودگی میں اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اوراور موقع ملا تو ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کامران اکمل 353 رنز بنا کر پی ایس ایل ٹو کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے۔ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 12 شکار بھی کئے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کے معاملہ پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ داخلہ کو پیش کردی گئی ،جس میں پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی روک تھام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے خدشات سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مہیا کردہ معلومات اور موجود شواہد کا فرانزک جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹائے جانے کے معاملہ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کی تحقیقات کی جا سکیں کہ کن کھلاڑیوں کا بکیوں سے رابطہ تھا اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ معاملہ محض چند کرکٹرز کے ذاتی فعل اور بد عنوانی کا ہی نہیں بلکہ ایسی خبروں سے ملک کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے لہٰذا اس مسئلہ کی مفصل اور ہر زاویے سے تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کسی دبائو یا اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔
انہوں نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب پاکستان کر کٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں سامنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شر جیل خان اور خالد لطیف کے بعد مزید دو کھلاڑیوں شاہ زیب حسن اور محمد عرفان کو بھی اس میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ بولر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ان دونوں کھلاڑیوں کو پیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا ہے ۔ دونوں کھلاڑی اگلے ہفتے پی سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوں گے اور کھلاڑیوں اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طورپر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محمد عرفان پیر کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ شاہ زیب حسن منگل کو پیش ہوں گے، انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں سے سوال جواب کے بعد چارج شیٹ کا فیصلہ کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ان کے خلاف انکوائری اور ثبوت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل خان کے خلاف ٹریبیونل کی تفتیش اگلے ہفتے متوقع ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلین فاسٹ بولر مچل اسٹارک فٹنس مسائل کی وجہ سے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مچل اسٹارک دائیں پائوں میں اسٹریس فریکچر ہوا ہے، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے۔
ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک کو بنگلور ٹیسٹ کے دوران پائوں میں تکلیف شروع ہوئی جس کے بعد ان کا اسکین کرایا گیا۔ان کے پائوں میں اسٹریس فریکچر آیا ہے، انہیں علاج کی غرض سے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی، اے بی ڈی ویلیئرز ایک بار پھر نمبر ون بن گئے ہیں۔ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ میں جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلیئرز 875 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ نمبر ون بن گئے، انہوں نے ڈیوڈ وارنر کو نمبر 2 پر دھکیل دیا ہے۔
ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر آ گئے، جوئے روٹ چوتھے، فاف ڈوپلیسی اور کوانٹن ڈی کاک ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ مارٹن گپٹل ساتویں، کین ولیمسن آٹھویں اور پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ 9 ویں نمبر پرآگئے جب کہ اسٹیو اسمتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان کیلئے بظاہر کوئی تبدیلی نہیں ہے اور بدستور آ ٹھویں پوزیشن پر ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ون ڈے سیریز جیت گئی تو ورلڈ کپ 2019ء میں براہ راست کوالیفائی کیلئے کرنے کی جانب ایک اور قدم بڑھے گا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے پوائنٹس 89 ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس 84 ہیں اور اگر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز جیت لی تو ورلڈکپ 2019میں براہ راست کوالیفائی کرنے کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی جبکہ ویسٹ انڈیز شدید مشکلات سے دوچار ہو جائے گا۔
نئی درجہ بندی میں جنوبی افریقی ٹیم نے آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین کر اس پر قبضہ کرلیا نمبر ون ٹیم آسٹریلیا دوسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، پاکستان آٹھویں، ویسٹ انڈیز نوویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جا نب پاکستان پوائنٹس ٹیبل پرآٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا نواں نمبر ہے۔ بولنگ میں عمران طاہر بدستور سرفہرست ہیں، پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، محمد عرفان ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن ٹاپ پر موجود ہیں جب کہ محمد حفیظ کی چوتھی پوزیشن برقرارہے۔