ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے آرمی ایکٹ 2017 کے ترمیمی بل کی حمایت سے انکار کردیا۔
 
قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے آرمی ایکٹ 2017 میں ترمیم کے بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، قبیلہ یا ملک نہیں لیکن آرمی ایکٹ 2017 ترمیمی بل میں مذہب و فرقے کا
ذکر کیا گیا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے پروں کے نیچے منظم تنظیمیں ہوں تو یہ کیسی دہشت گردی کی جنگ ہے، خدارا ان منظم مسلح تنظیموں سے جان چھڑائی جائے اور بتایا جائے کہ نوجوانوں کے کندھے پر لانچر اور بندوق کس نے رکھی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے ساتھ ہیں لیکن دہشت گردی کا جب بھی ذکر ہو اسے اسلام سے جوڑا جاتا ہے، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا کسی طور پر بھی منصفانہ نہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ریاست کو چیلنج کرے تو نمٹنا ریاست کا کام ہے لیکن امتیازی طور پر قوانین کا استعمال اچھا تاثر نہیں اس لئے بل تسلیم نہیں کر سکتے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)بھارت نے اڑی واقعے میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کئے گئے دونوں بے گناہ پاکستانی نوجوانوں کو واہگہ بارڈر پر حکام کے حوالےکردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کرنے والے دو پاکستانی نوجوان طالب علم احسن خورشید اور فیصل اعوان کو واہگہ بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کیا۔ اس موقع پر دونوں نوجوانوں کے رشتے دار بھی موجود تھے۔
واہگہ بارڈر پر موجود دونوں نوجوانوں کے رشتے داروں نے کہا کہ بچے غلطی سے سرحد کی دوسری جانب چلے گئے تھے جن کی انہیں بہت بڑی سزا ملی اور بچوں کی بے جا قید کے پانچ ماہ ہم سب کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے۔ اگر کسی بھی قسم کی الزام تراشی سے پہلے بھارتی انٹیلی جنس ادارے تحقیق کرلیتے تو یہ صورت حال پیش نہ آتی، وہ پاکستانی حکومت اور میڈیا کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے آج ان کے بچے واپس لوٹ آئے ہیں۔
واضح رہے کہ فیصل حسین اعوان اور احسن خورشید کو 2016 میں اڑی میں بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد اس وقت پکڑا گیا تھا جب وہ غلطی سے سرحد پار کرگئے تھے اور بھارتی فوج اور میڈیا نے انہیں اڑی حملے میں ملوث دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سات سالوں کے دوران حج ادا کرنے والے درخواست گزار اس سال سرکاری اسکیم کے تحت حج 2017کے لئے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو آئندہ حج کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں تین وقت کا کھانا فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے،انہوں نے کم سے کم خرچ پر سفر اور قیام کی بہتر سہولتیں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا اعتراف معاشرے کے تمام طبقوں نے کیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جاوید لطیف کے سماجی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا کوئی بھی پارٹی رہنما کسی بھی ایسے پبلک فورم یا ٹی وی شو میں شرکت نہیں کرے گا جہاں ن لیگی رہنما جاوید لطیف مدعو ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے شخص کے پبلک فورم پر آنے پر پر پابندی لگ جاتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مراد سعید کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا اور مراد سعید نے طیش میں آکر جاوید لطیف کو مکا رسید کردیا۔مراد سعید نے کہا کہ جاوید لطیف نے ان کے خاندان کے بارے گھٹیا الفاظ استعمال کیے جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر مراد سعید کی جگہ میں بھی ہوتا تو اس سے زیادہ کرتا۔

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /خیرپور) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ایمپلائز یونین کے ملازمین کی ہڑتال جاری ہے ملازمین نے اپنے مطالبات منوانےکے لیے 6روز قبل ہڑتال شروع کی تھی۔ جمعرات کے روز ہڑتالی ملازمین کا جلسہ ہوا یونین کے رہنماؤں فیض محمد پھلپوٹو ،قلندر بخش بوزدار،محمد اسلم گھمرو،لطیف ڈنو پہوڑ، محمد اقبال سوہو،منیر احمد جونو،علی مراد بہن،حب علی برڑو،جعفر حسین راجپراور دیگر نے جلسےسے خطاب کیا

 

 

ایمز ٹی وی ٰ( انٹرٹینمنٹ )بھارتی اداکار عالیہ بھٹ اور ورون دھون کی فلم 'ہمٹی شرما کی دلہنیاکے سیکوئل ’’بدریناتھ کی دلہنیا‘‘کا نیا ڈائیلاگ پرومو جاری کردیا گیا ہے جبکہ فلم آج سے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں فلم فئیر اپنے نام کرنے والی بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ اور ورون دھون ایک بار پھر اپنے مداحوں کو ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ ششانک کھیتن کی ہدایتکاری اور کرن جوہر کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں عالیہ بھٹ اور ورون دھون مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں گوہر خان،موہت مروہ اور شویتاباسو پراساد شامل ہیں۔ بالی ووڈ کی نئی فلم 'بدریناتھ کی دلہنیا 10مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں ٹرینوں کے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد تک اضافہ کردیا جس کا اطلاق 15 مارچ 2017 سے ہو گا، راولپنڈی تا لاہور کے کرایوں میں 21 فیصد کمی کر دی گئی۔ پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قراقرم ایکسپریس اکانومی کلاس لاہور تا کراچی کرایہ 1500 سے 1650 روپے کر دیا گیا جبکہ اے سی بزنس کا کرایہ 4500 سے 4950 روپے کر دیا گیا۔کراچی اینڈ بزنس ایکسپریس اکانومی کلاس کا لاہور تا کراچی کرایہ 1340 سے 1470 ہو گیا ہے۔
اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 2810 سے 3100 کر دیا گیا۔ تیز گام راولپنڈی تا کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 1230 سے 1340 روپے جبکہ اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 3200 سے بڑھ کر 3520 ہو گیا۔ سکھر ایکسپریس اے سی سٹینڈرڈ کا کراچی تا سکھر کا کرایہ 1060 سے 1170 روپے ہو گیا۔ اے سی بزنس کا کرایہ 1380 سے 1520 کر دیا گیا۔ پاکستان ایکسپریس اکانومی کلاس راولپنڈی تا کراچی کا کرایہ 1180 سے 1300 کر دیا گیا۔ پاکستان ایکسپریس کے کرایوں میں کیے جانے والے 10 فیصد اضافے کا اطلاق 25 اپریل سے ہو گا۔ گرین لائن اے سی بزنس کلاس کے اسلام آباد تا کراچی اور لاہور تا کراچی کرائے میں 8.6 فیصد اضافہ کیا گیا تاہم راولپنڈی تا لاہور کے کرایوں میں 21 فیصد کمی کر دی گئی۔
وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز کے ہزاروں کلرکس کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی۔ لوئر ڈویژن کلرک ساتویں گریڈ سے نویں، اپر ڈویژن کلرک نویں گریڈ سے گیارہوں اور ہیڈ کلرک 14 ہویں گریڈ سے 16 ہویں گریڈ میں چلے گئے۔ اپ گریڈیشن کی خبر ملتے ہی ہزاروں ریلوے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ملازمین نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، چیئرپرسن ریلویز، سی ای او اور دیگر اعلیٰ افسران کے بینرز لگا دئیے

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکہ میں 5 مساجد کو بم، موت اور دیگر نفرت آمیز دھمکیوں کے پیغامات موصول ہوئے ہی
کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز کے مطابق ایک خط میں لکھا ہے کہ لیکسینگٹن مسجد بلال میں جلد دھماکہ خیز مواد نصب کر دیا جائے گا۔ کونسل نے اسلامی مذہبی رہنمائوں سے کہا ہے کہ وہ مساجد کی سکیورٹی بہتر کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایڈورڈ احمد متشل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تین مساجد کو دھمکیاں دی گئی ہیں کہ 15 مارچ کو امریکی مسلمان پر بڑے پیمانے پر حملے کئے جائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے مراد سعید کے عمل کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر عمران خان کا رویہ اور بھی قابل مذمت تھا کیونکہ جب قیادت کی جانب سے یہ رویہ اپنایا جائے گا تو اس سے تشدد کو فروغ حاصل ہو گا ۔اپوزیشن عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہے اور ایشوز پر بات کرنے کی بجائے راہ فرار اختیار کر رہی ہے ۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف نے جو با ت کی وہ انکی گفتگو تھی اور اگر اس میں الفاظ کا تجاوز تھا تو اس پر سپیکر سے رابطہ کیا جاسکتا تھا اور ان الفاظ کو خذف کرایا جا سکتا تھا لیکن اگر آپ تشدد کو جائز قراردیں گے تو مکا مارنا تو کوئی بڑی بات نہیں ۔”مکا ہر کوئی مار سکتا ہے اور ہر کسی کو پڑ سکتا ہے “۔
وزیر قانون نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ 4سالہ دور حکومت کے دوران پنجاب اسمبلی میں سب سے زیادہ قورم پورا رہا اور سب سے زیادہ قانون سازی کی گئی کیونکہ اگر قورم پورا نہ ہو تو قانون سازی نہیں ہو سکتی اور نہ ہی ہونی چاہئیے ۔اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ ہر بات پر قورم کی نشاندہی کر تے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ )محبت ،رواداری اور امن کا پیغام پھیلانے کیلئے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں صوفی نائٹ کا اہتمام کیا گیا، گلو کاروں نے صوفی کلام اس خوبصورت انداز میں سنایا کہ شرکا بے اختیار جھوم اٹھے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ایگزیکٹو کلب میں سجی صوفی نائٹ میں گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،صوفیانہ شاعری کو جدید انداز میں پیش کر کے گلوکاروں نے خوب داد حاصل کی ۔ صوفیانہ کلام سے تقریب میں شریک غیرملکی مہمان بھی محظوظ ہوئے،تقریب میں پنجاب اور سندھ سمیت ملک بھر سے آئے لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔