ایمزٹی وی(صحت)گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ڈرگ ترمیمی ایکٹ بل کی منظوری دے دی ہے جب کہ صوبے میں نئے قانون کے خلاف میڈیکل اسٹورز، ادویات سازوں اور ڈسٹری بیوٹرز کی شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں، ادویات ساز اداروں کے تقسیم کاروں اور میڈکل اسٹورز مالکان کے مطالبات کو یکسر مسترد کردیا ہے، اس حوالے سے چند روز قبل پنجاب اسمبلی میں منظور کئے گئے ڈرگ ایکٹ کے قانونی مسودے پر دستخط کردیئے ہیں۔ دوسری جانب سانحہ مال روڈ کے باوجود پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 کےخلاف پنجاب بھر میں کیمسٹ ایسوسی ایشن، ڈرگ ایسوسی ایشن اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کی ہڑتال دوسرے روز جاری ہےجس کے باعث ہیں میڈیکل اسٹورز بند ہونے سے ادویات نایاب ہوگئیں ہیں۔ میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے نئے قوانین ڈرگ ڈیلرز اور میڈیکل اسٹورمالکان کو حراساں کر نے کے مترادف ہیں لہذا یہ قوانین قابل قبول نہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی کیمسٹ و ڈرگسٹ ایسوسی ایشن اور فارما انڈسٹری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر رکھی ہے جب کہ فیصل آباد ،چینوٹ میں میڈیکل اسٹورز مالکان نے احتجاجی دھر نا دینے کا اعلان کردیا، گوجرانوالہ ریجن میں میڈیکل اسٹورز دوسرے روز بھی نہ کھل سکے جب کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی تمام میڈیکل اسٹور بند ہیں۔ کراچی کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں، ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے مطابق مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ شہریوں کو پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا تاہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ملک بھر کی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی (صحت /کراچی ) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسرمسعود حمید خان نے سول ہسپتال کراچی میں کام کرنے والے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرزکے وظیفے کے معاملے پر پیرکو ڈائو میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں انکے وظیفہ کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس میٹنگ میں پروفیسر مسعود حمید خان نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کو بتایا کہ ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اس معاملے پر متعدد بار سندھ کے وزیراعلیٰ کے سیکریٹری برائے جامعات کے ذریعے محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ کو یاددہانی کرائی کہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کے وظیفے میں اضافہ شدہ وظیفے کی رقم کی ادائیگی کو ممکن بنائیں۔
تاہم ابھی تک باوجود متعدد بار یاددہانیوں کے ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر مسعود حمید خان نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کوہڑتال پر جانے سے گریز رہنے کو کہااور بتایا کہ ڈائو یونیورسٹی اس معاملے میں مسلسل کوشاں ہے اور جلد ہی کوئی مثبت نتیجہ حاصل ہوگا۔
ایمز ٹی وی (صحت /کراچی ) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے محکمہ مالیات اور محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسزکے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کے ایم سی اسپتالوں کے نرسنگ اسٹاف کے ترقیوں اور یوٹیلیٹی الائونس کی ادائیگی کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کی سہ پہر اپنے دفتر میں کے ایم سی اسپتالوں کی جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کے ایک وفد اور کے ایم سی افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس کے دوران نرسز ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل سے ڈپٹی میئر کراچی کو آگاہ کیااور بتایا کہ انہیں یوٹیلیٹی الائونس ادا نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ اسٹاف کی اپ گریڈیشن کے علاوہ نرسوں کے وظیفے کی ادائیگی کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ ڈپٹی میئر نے مشیر مالیات کو ہدایت کی کہ فوری طور پر نرسنگ اسٹاف کو یوٹیلیٹی الائونس کی ادائیگی کے لئے مارچ کی تنخواہ میں اس الائونس کا اضافہ کیا جائے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /نوابشاہ) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی ضلع شہید بینظیر آباد کے سینڈیکیٹ کا تیرواں اجلاس وائس چانسلر ارشد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ایم۔ این۔ اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم مسز عزیز فاطمہ، ھائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ وائس چاںسلر قائد عوام یوںیورسٹی ڈاکٹر عبدالکریم بلوچ، وائس چاںسلر لیاری یوںیورسٹی ڈاکٹر اختر بلوچ، بیرسٹر چوہدری جمیل، شادی خان لاڑک، غلام رسول خاصخیلی، ڈاکٹر لیاقت زرداری، ڈاکٹر طیبہ ظریف، مولوی عبدالطیف ننگراج رؤف لغاری، آفتاب زرداری اور دیگرممبران نے شرکت کی۔
سینڈیکٹ میں متفقہ طور پر مالی سال 2016-2017 کے سالانہ بجٹ، یونیورسٹی کیمپس کی تعمیراتی کاموں کے اخراجات اور ملازمین کے گروپ انشورنس کی سہولت اور اساتذہ کے لئے پی ایچ ڈی اور ایمٖ فل الائونس دینے کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ سے متفقہ طور پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں اپنی خدمات دینے والے چھوٹے بڑے تمام ملازمین اور ان کے خاندان کو میڈیکل کی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بیوٹیفکشن پلان اور انتظامی طور پر کیے گئے اقدامات کی تعریف کی گئی اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیمپس کا دورہ کیا اور نئے تعمیر شدہ آرٹس بلاک کا افتتاح کیا اور جاری تعمیراتی کاموں پراطمینان کا اظہار کیا۔
ایمز ٹی وی ( صحت /کراچی) نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے صدر پروفیسرمحمد واسع شاکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مرگی کے مریضوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے اکثریت کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث معذوری اور غیر یقینی مستقبل کا سامناہے بدقسمتی سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مرگی کے مرض پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہیں ، مرگی کے علاج کے لیے ادویات اکثر ناپید ہوجاتی ہیں جبکہ جو ادویات میسرہوتی ہیں ان کی قیمت انتہائی زیادہ ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ مرگی کے علاج کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ وہ مرگی کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔
اس موقع پر دماغی امراض کے ماہر پروفیسر عارف ہریکر اور نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر عبد المالک بھی موجود تھے ۔ پروفیسر محمد واسع نے کہا کہ حکومتی بے حسی کے سبب مرگی قابل علاج ہونے کے باوجود اس سے متاثرہ افراد میں معذوری بڑھ رہی ہے اورمرگی سے متاثرہ افراد کی اکثریت موت کے منہ میں چلی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سری لنکا جیسے ممالک کی حکومتوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس قائم کر لی ہیں،بھارت نے مرگی کے مریضوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنائے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ مریضوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /حب) گورنر بلوچستان و چانسلر محمد خان اچکزئی منگل کو لسبیلہ یونیورسٹی آف واٹر اینڈ میرین سائنسس اوتھل پہنچیں گے جہاں پر وہ دوسری کانوکیشن میں مہمان خاص کی حیثیت سے شرکت کرینگے اور یونیورسٹی کے طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور گولڈن میڈل تقسیم کرینگے اس سلسلے میں لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
کانوکیشن کی تقریب سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ ودیگر خطاب بھی کرینگے ۔