بدھ, 15 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت 2ہفتے کے بعد دوبارہ شروع ہو گئی جہاں وزیرا عظم کے صاحبزادوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل دے رہے ہیں ۔بینچ کے رکن جسٹس عظمت سعید شیخ کی علالت کے باعث سماعت ملتوی کی گئی تھی ۔
تفصیلات کت مطابق جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان ، جسٹس گلزار احمد ، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے،جسٹس عظمت سعیدکے اچانک علیل ہونے کے باعث کیس کی سماعت روک دی گئی تھی،اب وہ صحتیاب ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
پاناما کیس کے حوالے سے درخواست گزار پاکستان تحریک انصاف ، عوامی مسلم لیگ ، جماعت اسلامی جبکہ وزیر اعظم نوازشریف اور مریم صفدر کے وکلاءاپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں اور اب وزیراعظم کے بچوں حسن نوازاورحسین نواز کے وکیل سلیمان اکرم راجہ اپنے دلائل دے رہے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) قومی بچت اسکیموں پر شرح منافع میں کمی کی وجہ سے نیشنل سیونگز اسکیمز میں سرمایہ کاری کا عوامی رجحان بھی کم ہورہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی بچت میں کی جانے والی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27 ارب 92کروڑ 57لاکھ روپے کم رہی،گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر 2015) کے دوران قومی بچت اسکیموں میں مجموعی طورپر 141ارب 48کروڑ 55لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال (جولائی تا دسمبر2016) کے دوران 113ارب 55کروڑ 98لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے.
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھی، پرائز بانڈز اور متفرق اسکیموں میں سرمایہ کاری کم مگر صورتحال نسبتاً بہتر رہی جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ اور اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں غیرمعمولی کمی واقع ہوئی ہے، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری 1ارب 6کروڑ 13لاکھ روپے کے مقابلے میں رواں مالی سال بڑھ کر 13ارب 37کروڑ 97لاکھ روپے رہی، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں گزشتہ مالی سال کے پہلے 6ماہ میں 5ارب 30کروڑ 76لاکھ روپے کے رقم نکلوائی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے دوران ریگولر انکم سرٹیفکیٹ سے رقوم نکلوانے کے رجحان میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 13ارب 75کروڑ 86لاکھ روپے کی رقوم نکلوائی گئی، اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں کمی کی وجہ سے اس اسکیم سے بھی 7ارب 36کروڑ 73 لاکھ روپے کی رقم نکلوائی گئی ہے.
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس میں 4ارب 83کروڑ 60لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پرائز بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت 60 ارب 73کروڑ 66لاکھ روپے رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پرائز بانڈز میں 64 ارب 31کروڑ 48لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بینکوں سے نقد رقوم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کی وجہ سے بڑی مالیت کے پرائز بانڈز کا استعمال بڑھ رہا ہے اور کاروباری طبقے کے ساتھ عوام بھی 25ہزار اور 40ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی شکل میں لین دین کررہے ہیں، اس رجحان کی وجہ سے پرائز بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔
دوسری طرف اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران نیشنل سیونگز کی دیگر متفرق اسکیموں میں 60ارب 56کروڑ 93 لاکھ روپے کی سرمایہ کار کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں متفرق اسکیموں میں 76ارب 58 کروڑ 10 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اسپیشل سیونگز اسکیم پر شرح منافع اگست 2015میں 7.40فیصد تھی جو فروری 2017میں کم ہوکر 6 فیصد کی سطح پر آگئی ہے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع اگست 2015میں 8.52 فیصد سالانہ تھی جو فروری 2017میں کم ہوکر 6.54فیصد کی سطح پر آگئی ہے، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 9.15فیصد سے کم ہوکر 7.54فیصدکی سطح پر آگئی ہے اور بہبود انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 11.04فیصد سالانہ سے کم ہوکر 9.36فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(مہمند ایجنسی)مہمند ایجنسی میں پولیٹکل آفس کے باہر ایک خود کش حملہ آور خود کواڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے
میڈ یا رپورٹس کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پولیٹکل آفس کے ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے اندر گھسنے کی کوشش کی تو اس دوران لیوئز اہلکاروں کی مزاحمت پر ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق تین جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
بتا یا جا رہا ہے کہ دو حملہ آ ور آئے تھے جن میں سے ایک نے خود کو اڑا لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا ہے۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا ہے ۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ خود کش حملہ آور کے ساتھ دیگر دہشت گردوں کو بھی پکڑا جا سکے

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے پولٹری اور اس کی مصنوعات کی درآمد پر 8سال سے عائد پابندی ہٹالی ہے۔ اس بات کا اعلان وزارت تجارت نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پابندی ہٹائے جانے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیے جانے کے بعد کیا ہے۔
جس کے تحت اب متحدہ عرب امارات کے ایکسپورٹ کے لیے محکمہ کی مصدقہ پاکستانی کمپنیاں انڈے اور مرغی کا گوشت متحدہ عرب امارات بھیج سکیں گی اور یہ گوشت یو اے ای کے مطلوبہ معیارات اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ سے منسلک مذبح خانوں کا ہوگا، جو پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے درآمدہو سکے گا۔
وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات جیسے طویل تجارتی شراکت دار کی طرف سے پولٹری پر عائد پابندی اٹھانے کے اقدام کو سراہتا ہے۔
وزیر تجارت نے اس ضمن میں خارجہ امور بارے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن کے تعاون اورمتحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے۔
وزیر تجارت نے متحدہ عرب امارات کے پولٹری انسپکٹرز کے حالیہ دورہ اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے پیشہ ورانہ تعاون کا بھی اعتراف کیاہے متحدہ عرب امارات پاکستان سے سالانہ70کروڑ ڈالرسے زائد کی پولٹری مصنوعات درآمد کرتا تھااور پاکستان کو8سال قبل پولٹری مصنوعات متحدہ عرب امارات بھیجنے سے روک دیا گیا تھا۔
 
 
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مردم شماری میں 6 ماہ سے زائد بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے نام شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
شماریات ذرائع کے مطابق آئندہ ہونے والی مردم شماری میں بیرون ملک سفارتخانوں کے ذریعے بیرون ملک میں کام کرنے والے ٹیکنوکریٹس، فنکاروں اوردیگرپیشہ ور افراد کو شمار نہیں کیا جائے گا۔
بیوروشماریات کی طرف سے جاری کیے جانے والے نئے فارم میں صبح صادق گھر میں موجود ہونے والے تمام افراد کے نام سربراہ، بیوی، بیٹا، بیٹی، بہو، نواسہ، نواسی، ماں، باپ، دیگر رشتے دار، جنس مرد، عورت، عمر، ازدواجی حیثیت، مذہب کے خانے میں مسلم، عیسائی، ہندو، قادیانی، احمدی، یہودی، مادری زبان کے خانے میں اردو، پنجابی، سندھی، پنجابی، بلوچی، کشمیری، سرائیکی، ہندکو، بروہی، قومیت کے خانے میں پاکستانی، دیگر، خواندگی کے خانے میں میڈل، میٹرک، انڈر میٹرک، گریجویٹ، انڈرگریجویٹ، پی ایچ ڈی، ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان لکھا ہو گا۔
مردم شماری میں رہائش کی نوعیت، مکان کی ملکیت میں مرد،خاتون، گھرکب تعمیرہوا،باہرکاحصہ، اندرکے کمرے، باورچی خانے، غسل خانے، اسی طرح خواجہ سرا، معزور افراد کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مردم شماری کے دوران ہر گھر کو بیرون ملک رہنے والے افراد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرنا لازم ہو گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کا اہم اجلاس 16 فروری(جمعرات) کو ہوگا۔ وزیر اعظم کا 180 ارب روپے کا پیکج، برآمدات میں اضافہ اور تجاویز ایجنڈے میں شامل ہیں۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر کی صدارت میں فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کا اجلاس 16 فروری کو لاہور ایکسپو سینٹرر میں ہوگا۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری پر تین پوائنٹس ایجنڈا زیر غور ہوگا، جس میں وزیر اعظم کا 180 ارب روپے کا مرعاتی پیکج، برآمدات میں اضافے اور تجاویز شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے 180 ارب روپے کا مرعاتی پیکج جنوری 2017 سے جون 2018 تک کے لئے ہے۔پیکج کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات پر ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکس ختم کئے گئے اور ٹیکسٹائل پیکج سے سالانہ 108 ارب روپے مالی اثرات کا فائدہ ہوگا۔

 

 

 

ایمزٹی وی (چترال) چترال اور اس کے گردو نواح کا علاقہ زلزلے جھٹکوں سے لرز اٹھا شدت زلزلہ پیما مرکز پر 3.3 اور گہرائی 219کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے زلزلے کا مرکز چترال سے 32 کلومیٹرجنوب مغرب تھا
زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کاورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) چینی اور ہندی تہذیب میں ادرک کو جادوئی سبزی کا درجہ حاصل ہے جو نہ صرف گاڑی میں سفر کے دوران چکر اور متلی کو روکتی ہے بلکہ کئی طرح کے درد اور دیگر علامات کو بھی دور کرتی ہے۔
برس سا برس کی تحقیق کے بعد ادرک کے یہ فوائد اب سائنس بھی مانتی ہے تاہم پہلے یہ نوٹ کرلیں کہ ماہرین روزانہ دو گرام ادرک کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

جسمانی دفاعی نظام کی مضبوطی:
ادرک میں سردی اور زکام سے بچانے والا ایک اہم مرکب پایا جاتا ہے جو اس مرض کو پھیلانے والے رائنووائرس کو حملے سے روکتا ہے۔ ادرک سینے میں جکڑن اور فلو کو روکتی ہے۔ کارڈف یونیورسٹی کے مطابق ادرک قدرتی طور پر اینٹی آکسیڈنٹس سے لبریز ہوتی ہے جو بخار اور درد کو کم کرتی ہے۔ بخار میں ادرک کی چائے بہت فائدہ مند ہوتی ہے۔

جوڑوں کے درد کا علاج:
غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں گٹھیا اور جوڑوں کا درد کم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، ادرک میں موجود جنجرول نامی مرکب سوزش اور درد دور کرتا ہے۔ ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب گھٹنوں کی تکلیف میں مبتلا لوگوں کو ادرک کے اجزا کھلائے گئے تو تکلیف میں کمی محسوس ہوئی۔

پٹھوں کے اینٹھن میں کمی:
جو لوگ جم میں جاکر وزن اٹھاتے ہیں یا سخت ورزش کے بعد پٹھوں میں کھنچاؤ سے پریشان ہیں وہ ادرک سے اس کا علاج ضرور کریں۔ ایک چمچہ ادرک روزانہ کھانے سے ورزش کرنے والے پٹھوں کی تکلیف میں 25 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔ تیز دوڑنے والے کھلاڑی بھی ادرک سے اپنی تکلیف دور کرسکتے ہیں۔

ادرک معدے کی گرانی کا علاج:
ادرک نظامِ ہاضمہ کے لیے ایک بہترین نسخہ ہے۔ یہ پیٹ سے گیس خارج کرتی ہے اور معدے کے بھاری پن کو دور کرتی ہے۔ ہمارے معدے اور آنتوں سے خارج ہونے والے ہاضماتی رس کو بہتر بناکر ہاضمے کو تیز کرتی ہے۔ اس میں موجود ایک خامرہ (اینزائیم) زنجابین اہم پروٹین کو توڑ کر اسے ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہانہ ایام کے درد دور کرے:
خواتین کو ہر مہینے تکلیف دہ ایام کا سامنا ہوتا ہے جو ان کے مزاج اور جسمانی کیفیت کو متاثر کرتا ہے۔ ادرک میں پائے جانے والے بعض اہم اجزا اس تکلیف کو کم کرتے ہیں۔

یادداشت کو بہتر بنائے:
ادرک الزائیمر جیسے دماغی مرض کو کم کرتی ہے۔ یہ دماغی خلیات کو ٹوٹ پھوٹ سے بھی بچاتی ہے۔ اس کے علاوہ دماغی اور نفسیاتی امراض کو بھی بڑھنے سے روکتی ہے۔ اس لیے ادرک کو شروع سے ہی خوراک کا حصہ بنانا چاہیے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خودکش بمبار کے مہمند ایجنسی میں داخل ہونے سے متعلق خفیہ اطلاع تھی،خودکش حملہ آور نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ آفس کے باہر خودکش بمبار کو سیکیورٹی گارڈ نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے بمبار کو اہلکار نے گیٹ پر نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔