جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی) جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کے تحت کراچی پریس کلب پر نرسوں کا احتجاجی دھرنا جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہااس دوران ایک نرس کی حالت بگڑنے پر اسے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اسپتالوں میں نرسوں کی کمی کے باعث تیسرے روز بھی مریضوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اوردرجنوں آپریشن ملتوی ہوئے تاہم شام کو سیکریٹری صحت سندھ اور ڈپٹی میئر کراچی سے مذاکرات کی کامیابی پر کمیٹی کے رہنماؤں نے دھرنا ختم اور اسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے کا اعلان کر دیا ۔

مذاکرات کی کامیابی کے بعد اعجاز کلیری نے میڈیا کو بتایا کہ سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے3دن میں ترقیوں کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے

۔ ٹائم اسکیل پروموشن جمع کرانے کے احکامات دیئے ہیں ،الاؤنسز کی سمری ہم نے انہیں دے دی ہے جو چیک کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کی منظوری سے ملنا شروع ہو جائے گاجبکہ پرنسپلز کو بحال کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں 7رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ان مطالبات کی مکمل منظوری پر کام کرے گی ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام سند ھ بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک اور ڈسٹرکٹ بوائے اسکائوٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکے تعاون سے 10فروری سے 12فروری تین روزہ اسکائوٹ ٹریننگ کیمپ منعقد ہوگا۔ صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری اختر میر اورآل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئر مین حیدر علی کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیمپ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں انور علی بھٹی،محمد سلیم، محمد انور، عبدالرحمن اور دوست محمد دانش بھی شریک ہوئے۔کیمپ میں500سے زائد اسکائوٹ شریک ہو رہے ہیں،کیمپ کی افتتاحی تقریب جمعہ کو شام ساڑھے چاربجے منعقد ہو گی۔ جسکے مہمانِ خصوصی ناظمِ امتحانات اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ محمد عمران خان چشتی ہوں گے جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ اسکائوٹ کمشنر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ رفیعہ ملاح کریں گی۔

اعزازی مہمانوں میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اسکائوٹ کمشنر اخلاق احمد اور ممتاز سماجی شخصیت سلیم جالی والا بھی شرکت کریں گے۔ صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری اختر میر نے کہا کہ تین روزہ ٹریننگ میں مختلف سرگرمیاں اور اسکائوٹس کے درمیان متعددمقابلے منعقدکیے جائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہفتے کی شام کو شامِ ثقافت اور رات کو کیمپ فائر کا انعقادبھی کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اقراء یونیورسٹی نے جمعرات کے روز مرکزی کیمپس میں روزگار میلے کا انعقاد کیا ۔ اس میلے میں 140سے زائد نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں نے شرکت کی، میلے میں اداروں کے ہیومن ریسورسز نمائندوں نے اپنی کمپنیوں کی نمائندگی کی ۔ ان آرگنائزیشنز کے پاس بے شمار ایسی نوکریاں ہے جو اقراء یونیورسٹی کے گریجویٹس کے مستقبل کو اور زیادہ مظبوط اور روشن کرسکتی ہیں۔

روزگار میلے میں آئی ٹی ، انجینئرنگ ، میڈیا سائنس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں آرگنائزیشن نے اقراء یونیورسٹی کے گریجو یٹس کو جاب آفر کی ۔ جاب فئیر کے آرگنا ئزر اسیم رضوی نے بتا یا کہ سال 2000سے اپنے قیام کے آغاز کے بعد سے اقراء یونیورسٹی نے ہمیشہ طلبا و طالبات کی توقعات اور سوچ سے بڑھ کر اُن کے مستقبل کو سنوارنے کی کوشش کی ہے۔

ان کارپوریٹ اداروں نے طلباوطالبات کا ایک روایتی ٹیسٹ اور انٹرو یو لیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی اور کامیاب نوجوانوں کو شارٹ لسٹ بھی کیا اور اس جاب فئیر میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں بارش سے متاثر ہونے والا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ نے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ ہدف کے تعاقب میں دوران میچ بارش ہوگئی جس کے بعد کھیل کو 18 اوورز تک محدود کردیا گیا اور دفاعی چیمپئن کو جیت کے لئے 173 رنز کا ہدف ملا جسے شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن کی شاندار اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائٹیڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
 
ڈیان اسمتھ 55، بریڈ ہیڈن 73 اور شرجیل خان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شین واٹسن 26 اورسیم بلنگ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پشاور زلمی کی جانب سے جنید خان، حسن علی اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بریڈ ہیڈن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر کامران اکمل اور ڈیوڈ میلان کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 122 تک پہنچا تو ڈیوڈ میلان 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز این مورگن ایک رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
چوتھی وکٹ پر حارث سہیل اور کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور150 کے مجموعے پر کامران اکمل 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 48 گیندیں کھیلیں جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل ہیں۔ حارث سہیل 12، کپتان ڈیرن سیمی 7، شاہد آفریدی 4 اور حسن علی 4،4 اور افتخار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کرس جورڈن 16 رنز کے ساتھ ناؤٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شین واٹسن نے 4، محمد عرفان اور محمد سمیع نے 2،2 جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقیں’’ امن2017‘‘ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس میں 36 ملکوں کی فورسز اور مبصرین شریک ہیں۔
پاکستان کی بحری حدود میں پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقوں’’امن 2017‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے ۔ مشقوں میں پاکستان سمیت 37 ممالک کی بحریہ حصہ لے رہی ہے، امن مشقوں میں چین کے 3 بحری بیڑے، روس کے 3 اورامریکا کے 4 جنگی بحری جہازشریک ہورہے ہیں۔ مشقوں میں آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، امریکا، برطانیہ ، جاپان اور روس کے دستے بھی بحری اثاثوں کے ساتھ شریک ہیں اور اپنے بحری اثاثوں سمیت حصہ لے رہے ہیں۔
امن مشق 2017 کی افتتاحی تقریب کراچی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی، اس موقع پر مشقوں میں شامل ممالک کے قومی پرچم فضا میں لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ عارف اللہ حسینی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکا اللہ کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
امن 2017 مشقوں کے آغاز پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ باہمی تعاون کوفروغ دینے میں اہم کردارادا کیاہے۔ 
 
دنیا کے تبدیل ہوتے حالات میں میری ٹائم خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ کھلے سمندرمیں موجودہ خطرات سے کسی ایک ملکی سرحد کونہیں پوری دنیا کوخطرہ ہے ، سمندر میں دہشت گردی، قزاقی اور اسلحہ و انسانی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے، سمندرمیں بڑھتے ہوئے خطرات سے کوئی ایک ملک نبردآزمانہیں ہوسکتا، اس کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والی بحری امن مشقیں 5 روز تک جاری رہیں گی جس میں 36 سے زائد ممالک شرکت کریں گے جب کہ بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) وائٹ ہاﺅس کے ترجمانشان اسپائسر نے کہاہے کہ صدرٹرمپ نے مزید تین نئے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیئے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کی غیر قانونی آمد،منشیات کی روک تھام اور جرائم کے خاتمے کا حکم دیاہے
۔صدر نے افغان ہم منصب اشرف غنی اور قطری امیر سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔شان اسپائسر کا کہنا تھاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ایگزیکٹو آرڈر میں اٹارنی جنرل جیف سیشن کو حکم دیاکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے،منشیات کی اسمگلنگ روکنے اور غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روکنے کیلئے حکمت عملی بنائیں۔
وہ واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان نے کہاکہ صدر ٹرمپ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روکنے کے ساتھ تیسرے ایگزیکٹو آرڈر میں جیف سیشن کو حکم دیاکہ وہ ملک سے جرائم کا خاتمہ کریں۔ترجمان نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان ہم منصب اشرف غنی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرکے دہشتگردی کے خاتمے،امن و امان کی صورتحال اور نیٹو فوج کے کردار سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے قطر کے امیر اور عراقی وزیراعظم سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدر آباد) اسریٰ یو نیور سٹی حیدر آبادمیں اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کی جانب سے سی پیک منصوبے پر سمینار منعقد کیا گیا ۔ مہمان ِ خصوصی ولی زاہد نے کہا کہ آنے والے چند سالوں میں سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو بے انتہاء فائدہ ہو گا اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

سی پیک منصوبے سے پاکستان میں پاور پراجیکٹ ، انفرا اسٹرکچر ، روڈز، ریلویز، فائبر آپٹیکل کیبل جیسی فیلڈز میں بھی بہتر مواقعے ملیں گے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گااور تقریباََ 7 لاکھ سے زائد بے روز گار لو گوں کو روز گار مہیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے حیدر آباد کو بھی ایگری کلچرل زمین کے ذریعے بہت سے فوائد حاصل ہو نگے ۔

 

جبکہ اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے سر پرستِ اعلیٰ اور اسریٰ یو نیو رسٹی کے پرو وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے سمینار میں شریک طلباء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ سی پیک منصوبے کے بارے میں ہمیں اور ہماری نو جوان نسل کے آگاہی ہو نا بہت ضروری ہے اور اسی لئے آج اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے تحت یہ سمینار منعقد کیا گیا ہے۔

 

 

 
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی )کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اردو یونیورسٹی کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد میں کوچ کا کنڈیکٹر اور تین خواتین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت کرن، آمنہ اور رابعہ کے نام سے ہوئی ہے جاں بحق ہونے طالبات جامعہ اردو میں زیر تعلیم تھیں جبکہ کنڈیکٹر کا نام معلوم نہیں ہوسکا۔
اسپتال منتقل کیے گئے حادثے کے 9زخمیوں میں سے 4افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریس لگانے والا ڈرائیور فرار ہوگیا، اس کی اور کوچ کے مالک کی تلاش جاری ہے

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے سبب اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین ہفتوں میں 1 روپے سستا ہوکر 107 روپے 80 پیسے پر آگیا ۔
ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے گزشتہ 3 ہفتوں میں اوپن مارکیٹ میں 5 کروڑ امریکی ڈالر کی سپلائی کی ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں دو روز میں ڈالر 50 پیسے سستاہوکر 107 روپے 80 پیسے پر آگیا ہے جبکہ تین ہفتوں میں ڈالر 1 روپے 10 پیسے سستا ہوچکا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں یورو 50 پیسے سستاہوکر 115 روپے اور برطانوی پاؤنڈ بھی 50 پیسے کمی سے 135 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔