جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(لاہور) لاہور کے پوش علاقے گرین ٹاﺅن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے کیشئر جاں بحق ہو گیا ۔
گرین ٹاﺅن میں چند نقاب پوش ڈاکو داخل ہوئے اور عملے کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنا کر رقم لوٹنے کی کوشش کی جس پرکیشئر نے مزاحمت کر دی ۔ ڈاکوﺅں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکو فائرنگ کے بعد بیکری سے رقم لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں جبکہ مرنے والے کیشئر کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے ۔بیکری میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی(ڈیرہ غازی خان) ڈی جی خان میں جعلی عاملوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ شوہر نے الزام لگایا ہے کہ جعلی عامل جن نکالنے کے لیے بیوی کو درخت کےساتھ لٹکاکر ڈنڈے مارتے رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی مقدمہ درج کریں گے۔
ڈیرہ غازی خان کے علاقے سجاد آباد کا نذر حسین اپنی بیوی ثریا بیگم کودم کرانے نورنگ آباد لے گیا جہاں جعلی عاملوں امان اللہ اور عبدالحمید نے بتایا کہ خاتون پر جن کا اثر ہے ۔ جن نکالنے کے لیے جعلی عاملوں نے ثریا بیگم کو درخت سے باندھا ، ڈنڈے مارے اور دھواں دیا جس سے خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔سجاد کا کہنا ہے کہ اپنی بیوی کی چیخ و پکار اور اذیت دیکھ کر وہ دونوں جعلی عاملوں کو تشدد سے منع کرتا رہا لیکن وہ نہ مانے۔ حالت خراب ہونے پرخاتون کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔دونوں جعلی عامل واقعے کے بعد سے مفرور ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) پاک بحریہ کی امن مشقوں میں شرکت کیلئے 36ممالک کی بحریہ کے جہاز پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں کل سے شروع ہونی والی 5روزہ بحری امن مشقوں میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 36ممالک کی بحریہ کے جہاز کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں آج روس اور سری لنکا کے بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گئے ہیں۔
پاک بحریہ کے زیر اہتمام بحری امن مشقوں کا آغاز کل سے ہو گا ۔آج دیگر 9 ممالک کے بحری جہاز بھی پاکستان پہنچ جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت میں جاری ورلڈ بلائنڈ ٹی 20کپ میں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے سامنےرنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی 20کپ کے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو جیتنے کیلئے 322رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔
قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 321رنز بنائے ۔
 
یاد رہے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم اب تک ٹورنامنٹ کے تمام 8میچز میں فاتح رہی ہے ۔
قومی ٹیم نے میزبان بھارت ، انگلینڈ ، سری لنکا ، جنوبی افریقہ ، نیپال اور ویسٹ انڈیز سمیت 8ٹیموں کو بڑ ے مارجن سے شکست دی ہے ۔ قومی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں ایماے جناح روڈ پر گودام میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا ہے۔
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع نمائش چورنگی کے قریب گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ موقع پر پہنچ گئی جس نے کافی دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصو نہیں ہوئی ہے

 

 

ایمز ٹی وی(بیجنگ) چین نے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے بارے اقوام متحدہ میں قرارداد کو دوبارہ بلاک کرنے سے متعلق بھارتی تنقید کو مستردکرتے ہوئے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے اورکہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ابھی ان شرائط کو پورا نہیں کیا گیا جن کی وجہ سے بیجنگ اس قرارداد کی حمایت کر سکے۔
مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دینے کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کو تیسری دفعہ فنی طور پر بلاک کرنے بارے سوال کے جواب میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بیجنگ نے یہ اقدام متعلقہ فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متعلقہ کمیٹی نے مسعود اظہر پر پابندی سے متعلق معاملے پر غور کیا تھا اور اس بارے میں مختلف آراء پائی گئیں جس کی وجہ سے کوئی اتفاق رائے پیدا نہ ہوسکا ۔انہوں نے کہا کہ تاحال ان شرائط کو پورا نہیں کیا جا سکا جن کی وجہ سے کمیٹی کسی متفقہ فیصلے پر پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اپنے قوانین ہیں ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ،کہ کون اس کے لیے درخواست د یتا ہے ، تاہم ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کمیٹی سلامتی کونسل کے قواعد و ضوابط کے تحت ہی فیصلہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بیجنگ اور نئی دہلی نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا بھی تبادلہ کیا ہے
اور اس معاملے پر دونوں کے تعلقات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا، چین کا اس بارے میں اقدام سلامتی کونسل کے طریقہ کار اور قواعد کے عین مطابق ہے ۔انہوں نے بھارت کی اس نکتہ چینی اور تنقید کو مسترد کر دیا کہ چین نے پاکستان کی وجہ سے اس قرارداد کو بلاک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ مشاورت کے کئی دور کے بعد یہ ٹیکنیکل ہولڈ کیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ فریقین کے پاس
ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت کے لیے کافی وقت ہے تا کہ اس بات کویقینی بنایا جائے کہ کمیٹی کی جانب سے فیصلہ عالمی برادری کی وسیع تر نمائندگی کرتے ہوئے متفقہ ہو گا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) بن قاسم میں چائنہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پاور پلانٹ کے قریب واقع لیبر کیمپ کے ایک گھر میں لگی۔
فائر بریگیڈ کی2 گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا ہے۔آگ لگنے کے بعد لوگوں کو پاور پلانٹ سے باہر نکال لیا گیا اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ تاہم ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) متحدہ کے رہنما سلیم شہزاد جیل انتظامیہ کیلئے مسئلہ بن گئے ہیں ،پی ایس پی اور متحدہ پاکستان کے رہنماﺅں نے انہیں اپنے ساتھ رکھنے سے انکار کر دیا ۔
سلیم شہزاد جیل انتظامیہ کیلئے مسئلہ بن گئے ہیں ،اہلکاروں نے بیرک میں رکھنے کا فیصلہ کیا تو پی ایس پی کے قیدیوں نے انہیں اپنے ساتھ رکھنے سے انکار کر دیا۔انہیں دوسری بیرک میں لے جایا گیا جہاں متحدہ پاکستان کے قیدیوں نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا جس کے بعد پولیس انتظامیہ کیلئے مشکل کھڑی ہو گئی ہے ۔پولیس انتظامیہ نے انہیں جیل کے ہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا تو سلیم شہزاد نے ہسپتال میں قید کاٹنے سے انکار کر دیاتاہم جیل انتظامیہ نے کڑی محنت کے بعد سلیم شہزاد کو جیل کے ہسپتال میں قید کاٹنے پر راضی کر لیا ۔
متحدہ کے رہنما سلیم شہزاد طویل جلاوطنی کے بعدنجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 600پر دبئی سے کراچی پہنچے تو امگریشن حکام نے انہیں ایئر پورٹ پر روکا اورپاسپورٹ ضبط کر نے کے بعد پولیس کو آگاہ کیا جس کے بعدڈی ایس پی ایئر پورٹ کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے انہیں گرفتار کر کے بکتر بند گاڑی میں گڈاپ تھانے منتقل کر دیاتھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)ماہرین نے دماغ کے مخصوص گوشے کو متحرک کرکے نشے کی لت کو دور کرنے کا تجربہ کیا ہے جس کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔ امریکی شہر سان ڈیاگو میں واقع اسکرپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کیے جس میں چوہوں کے دماغ کے ایک اہم گوشے ’’سب تھیلمک نیوکلیئس‘‘ پر برقیرے (الیکٹروڈ) لگا کر انہیں سرگرم کیا۔ دماغ کا یہ حصہ کسی طلب کو روکنے میں کام آتا ہے جسے سائنس کی زبان میں ’’انہبیشن ایریا‘‘ کہتے ہیں۔ اس سے قبل یہی دماغی حصہ پارکنسن بیماری کے دورے کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوا تھا جس کے لیے یہاں الیکٹروڈ سے ہلکی بجلی کے سگنل پہنچائے جاتے تھے۔

ہیروئن کی عادت اور دماغی تعلق پر کام کرنے والے سائنسدان کا کہنا ہےکہ ہیروئن بہت مشکل سے چھوٹتی ہے لیکن تجربے میں چوہوں کو ایک لیور دبا کر ہیروئن کی تھوڑی سی مقدار لینے کی سہولت دی گئی جو 2 ہفتے تک ہر 12 گھنٹے میں ایک مرتبہ ہیروئن تک رسائی ممکن بناتی تھی۔ ماہرین نے چوہوں کے دماغ پر الیکٹروڈ لگا کر سب تھیلمک نیوکلیئس کو تحریک دی جسے ڈیپ برین سیمولیشن کہا جاتا ہے۔ ہلکی بجلی کی تحریک سے چوہوں میں ہیروئن کی طلب کم ہوئی، الیکٹروشاک سے گزرنے اور اس دور رہنے والے چوہوں کو 2 ہفتے تک ہیروئن سے دور رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد دوبارہ ان کے سامنے ہیروئن حاصل کرنے کا نظام رکھا گیا تو معلوم ہوا کہ جو چوہے ڈیپ برین سیمولیشن سے گزرے وہ ہیروئن سے دور رہے۔ اس کی شاید یہ وجہ ہے کہ الیکٹروشاک عمل سے دماغی سرکٹ بھی تبدیل ہوجاتا ہے جو نشے کی طلب کم کرتا ہے۔ ڈیپ برین سیمولیشن میں سرجری کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ ہر ایک پر کسی خطرے کے بغیر آزمایا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ بہت جلد انسانوں پر یہ طریقہ آزما کر انہیں نشے کی لت سے دور کیا جاسکے گا۔

 

 

یمز ٹی وی (صحت)لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ’ون پیشنٹ ون ڈاکٹر‘ کی پالیسی ناکامی سے دوچار ہوگئی۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد اور ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سےمریض اور ان کے اہل خانہ پریشان ہیں۔

لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں نئی سروس،’ ون پیشنٹ، ون ڈاکٹر‘کی پالیسی کا میاب نہ ہو سکی ۔مریضوں کی بڑھتی تعداد اور ڈاکٹروں کی کمی کے باعث ایک اچھی پالیسی ناکام ہو گئی ۔ مریضوں کے اہل خانہ آج بھی ڈاکٹر نہ ملنے پر پریشان ہیں ۔

2016میں سرکاری اسپتالوں میں بہتری لانے اور مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کیلئے ’ون پیشنٹ ، ون ڈاکٹر ‘کی پالیسی کا آغاز کیا گیا۔آغاز جناح اسپتال کی ایمرجنسی سے کیا گیالیکن صورتحال جوں کی توں رہی۔پیاروں کے علاج کیلئے مریضوں کے اہل خانہ اسپتال میں ڈاکٹروں کو تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ ناکافی حکومتی فنڈز ، ڈاکٹروں اور نرسوں کی قلت کو پالیسی کی ناکامی کی بڑی وجہ قرار دیتی ہے۔

پنجاب بھر سے آنے والے مریض جب لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کیلئے آتے ہیں تو طبی امداد کی ناکافی سہولیات کا مقابلہ کرتے ہیں ،جب تک ڈاکٹر تک پہنچتے ہیں تو بے چارہ مریض جان ہار چکا ہوتاہے