جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تین شوگر ملوں کو کام کرنے سے روکدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نےاتفاق شوگر ملز کی منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے جہانگیر ترین کی جے ڈبلیو ڈی ملز کی اپیل کو منظور کرلی اوراتفاق،حسیب اور چوہدری شوگر ملز کو 7 روز کیلئے کرشنگ کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
 
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قراردیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ لاہور ہائیکورٹ درخواستوں کی سماعت 16 فروری کو کرے۔جہانگیر ترین کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلہ جاری کیا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ سماعت کرنے والے بینچ کی خود سربراہی کریں اور فریقین تمام ریکارڈ ہائیکورٹ کے سامنے پیش کریں۔عدالت نے حکم جاری کیا کہ ہائیکورٹ 7دن کے اندر مقدمات کا فیصلہ یقینی بنائے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد )اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن ہمسائیگی اور اصولوں پر کاربند ہے اور بارہا تعمیری و نتیجہ خیز مذاکرات کی خواہش کا اظہار کرچکا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارتی سیاستدان اس تمام تر صورتحال سے عالمی برادری کی نظریں ہٹانے کے لئے بے معنی بیانات دے رہے ہیں ، بھارت کی جانب سے تناؤ پیدا کیا جارہا ہے اور ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے اب تک 400 کے قریب افراد شہید ہوچکے ہیں، پاکستان متعدد بار بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کرا چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور ہم اقوام متحدہ میں تمام ثبوت بھی پیش کرچکے ہیں، اور بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ بھی رچایا گیا لیکن پاکستانی افواج کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا کو سرحدی علاقے کا دورہ کرایا گیا، میڈیا نے خود دیکھا کہ وہاں سرجیکل اسٹرائیک کے کوئی شواہد موجود نہیں تھے، اس طرح پاکستان کو بدنام کرنے کی ہر بھارتی کوشش ناکام ہوئی اور پاکستان کو تنہا کرنے کے بھارتی دعوے نے بھارت کو تنہا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی مشقین معمول کے مطابق ہورہی ہیں مشقوں میں کئی ممالک کی شرکت پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور اتنے ممالک کے پاکستان کے ساتھ روابط بھارت کو مایوس کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے سامنے سمجھوتہ ایکسپریس کا معاملہ بارہا اٹھایا اور بتایا گیا کہ شدت پسند تنظیم آرایس ایس اس سانحے میں ملوث تھی لیکن بھارت کی جانب سے ابھی تک تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت بین البراعظمی میزائل کے تجربات کررہا ہے جس سے خطے میں ہتھیاروں کا توازن متاثر ہورہا ہے، بھارت کے پاس ایٹمی اسلحے کے ذخائر بھی موجود ہیں اور اس نے ایک خفیہ نیوکلئیر سٹی بھی تعمیر کررکھا ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے پرعزم اور تمام اقدامات کا حامی ہے، ترجمان نے افغانستان میں ہلاک ہونے والے 6 ریڈ کراس ورکرز کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نئی امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں امریکی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ پاکستانیوں کے بارے میں خصوصی اقدامات نہیں لے رہے جب کہ پاکستان میں واقع امریکی سفارتخانےنے بھی اس حوالے سے جامع بیان جاری کیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آج سے دبئی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی تقریب میں جمیکن گلوکار شیگی اور علی ظفر پرفارم کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔ افتتاحی تقریب کے شاندارانعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، جس میں لیزر شو اور آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کی میزبانی فہد مصطفیٰ کریں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کرکٹرز ایکشن میں آئیں گے، ایونٹ کا پہلا مقابلہ گذشتہ سیزن کی فاتح سائیڈ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔\
اسلام آباد کی قیادت اس بار بھی مصباح الحق کے انتہائی تجربے کار ہاتھوں میں ہے جوکہ دفاعی مہم کا کامیابی سے آغاز کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، اس بار ٹیم کو ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل کی خدمات میسر نہیں جنھوں نے پہلی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم اس بارڈوپنگ تنازع میں الجھنے کی وجہ سے وہ ایک برس کی پابندی کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے، ٹیم کو شین واٹسن، اسٹیون فن، سموئل بدری، بریڈ ہیڈن اور سام بلنگز جیسے غیرملکی پلیئرز کی خدمات میسر ہیں جبکہ بیٹنگ میں شرجیل خان اور خالد لطیف امیدوں کا محور ہوں گے، سعید اجمل بھی اپنی بولنگ کا جادو جگانے کیلیے موجود ہوں گے۔
 
دوسری جانب پشاور زلمی کی قیادت اس بار ویسٹ انڈیز کو دوبار ٹوئنٹی 20 چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کے ہاتھوں میں ہوگی جبکہ سپر اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی تمام دباؤ سے آزاد ہوکر اپنی کرکٹ کھیلیں گے۔ زلمی میں ایون مورگن، سمت پٹیل، تلکارتنے دلشان، کرس جورڈن کی صورت میں غیرملکی اسٹارز موجود ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(لندن) برطانوی پارلیمنٹ نے یورپی اتحادی سے علیحدگی کی حتمی منظوری دے دی۔تھریسامے اکتیس مارچ کو بریکسٹ کا باضابطہ عمل شروع کریں گی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں دارالعوام میں یورپی اتحاد سے برطانیہ کی علیحدگی سے متعلق بحث ختم ہوگئی۔
رائے شماری کے دوران ایک بائیس ارکان کے مقابلے میں چار سو چورانوے ارکان کی اکثریت نے وزیراعظم تھریسامے کو حتمی اختیار دیدیا کہ وہ یورپی اتحاد سے علیحدگی کیلئے عمل کا باضابطہ آغاز کریں۔ پروگرام کے مطابق تھریسامے آئندہ ماہ اکتیس مارچ کو آرٹیکل پچاس کے ذریعے یورپی اتحاد سے علیحدگی کے عمل کا باضابطہ آغاز کریں گی

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی ) نت نئے اور دلچسپ خواب دیکھنے والے صوبائی وزیر منظور وسان نے اپنے ایک اور خواب کا تذکرہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان الیکشن سے قبل شادی کر لیں گے ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شادی 2018ءکے انتخابات سے پہلے ہو گی ۔نوازشریف ادھورے منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں ۔
منظور وسان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کی حالت بلکل ٹھیک ہے مگر خان صاحب کو چاہئیے کہ وہ اپنے صوبہ خیبر پختونخوپر توجہ دیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کسٹم حکام نے جناح ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے کے طیارے کے خفیہ خانے سے ہیروئن برآمد کرلی ہے۔
کسٹم حکام نے کارروائی کرنے کے بعد بتایا کہ برآمد کی گئی 700 گرام ہیروئن کی مالیت 70 لاکھ روپے ہے اور پی آئی اے کی پرواز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے کراچی پہنچی تھی

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو 147رنز سے شکست دے دی
کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے اوپنرز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقرررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بناتے ہوئے میگا ایونٹ میں ایک بار پھر 300 سے زائد رنز بنا ڈالے، پاکستانی اوپنر ریاست خان 47 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مطیع اللہ نے 31 گیندوں پر 15 چوکے لگا کر 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد ظفر نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکے لگا کر 78 رنز بنائے۔ محمد ادریس سلیم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لنڈسے ڈیوڈ، ویگن جیمز رولز اور ڈینیئل جیمز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو 147رنز سے شکست دیتے ہوئے مسلسل 9 ویں کامیابی سمیٹتے ہوئے ناقابل شکست ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔
گرین شرٹس کی جانب سے 322 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم پاکستانی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 174 رنز ہی بنا پائی اور پاکستان نے میچ میں 147 رنز سے کامیابی سمیٹی، 5 آسٹریلوی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، میتھیو جیمز 38، سٹیفن فرانسسکو 24، لنڈسے ڈیوڈ اور سٹیفن لیو 20,20 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے ادریس سلیم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، اسرار حسن اور بدر منیر نے 2,2 شکار کیے۔
گرین شرٹس کی میگا ایونٹ میں یہ مسلسل 9 ویں فتح ہے، گزشتہ روز گرین شرٹس نے 374 رنز اسکور کرتے ہوئے میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 182 رنز سے ہرایا تھا جبکہ اس سے قبل نیوزی لینڈ، انگلینڈ، روایتی حریف بھارت، سری لنکا، نیپال، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو شکست دی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی)بھارتی ریاست راجستھان میں یونیورسٹی سطح کی تاریخ کی کتابوں کو تبدیلی کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جس میں یہ پڑھایا جائے گا
ہلدی گھاٹی کی جنگ میں مغل بادشاہ اکبر کو شکست اور رانا پرتاپ کی فتح ہوئی تھی۔بر صغیر کی تاریخ سے متعلق اب تک تمام مستند تاریخی کتابوں میں یہی درج ہے کہ اس جنگ میں اکبر کی فوج نے رانا پرتاپ کو شکست دی تھی راجستھان میں یونیورسٹی سطح پر پڑھائی جانے والی تاریخ کی کتابوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
ریاست کی وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا کی حکومت میں شامل تین وزرا نے اس تجویز کی حمایت کی ہے جس کے تحت تاریخ کے حقائق بدلنے کا منصوبہ ہے۔اس تجویز کے مطابق اب طالب علموں کو یہ پڑھایا جائے گا کہ ہلدی گھاٹی کی لڑائی میں پرتاپ نے مان سنگھ کی قیادت میں لڑنے والی اکبر کی فوج کو شکست دی تھی۔تاریخ کی کتابوں کے مطابق 1576 میں ہلدی گھاٹی میں ہونے والی جنگ کے بعد راجپوت راجہ مہارانا پرتاپ پہاڑوں کی طرف چلے گئے تھے۔
بعد میں اکبر نے فوج کی خود کمان سنبھالی اور اس خطے کے بیشتر علاقوں پر قبضہ حاصل کر لیا تھا۔انڈین ایکسپریس نے ریاستی وزیر کالی چرن سراف کا ایک اقتباس نقل کیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ اکبر تو باہر سے آنے والا ایک حملہ آور تھا اور حقیقت میں یہ جنگ رانا پرتاپ نے جیتی تھی۔کالی چرن کا کہنا ہے کہ نسل در نسل مسخ شدہ تاریخ پڑھائی جاتی رہی ہے اور اگر اب اس کو درست کیا جاتا ہے اور یہ بتایا جائے کہ 'اصل میں اس جنگ کے فاتح رانا پرتاپ تھے تو اس میں برائی کیا ہے؟'لیکن نامور مورخ تنوجا کوٹھیال کا کہنا ہے کہ ہلدی گھاٹی کی جنگ کا یہ نتیجہ نکالنا نا صرف تاریخ کی توہین ہے بلکہ یہ پورے تعلیمی عمل کی توہین ہے۔انھوں نے اخبار کو بتایا: 'اکبر نے رانا پرتاپ کو شکست دی یہ ایک تاریخی حقیقت ہے۔ لیکن مقامی لوگوں کے احساسات اور خیالات اس بارے میں کچھ مختلف ہیں۔
'انھوں نے کہا کہ لیکن اس کے باوجود لوگوں کے احساسات کا خیال رکھنے کے لیے تاریخی حقائق تو نہیں بدلے جا سکتے۔ 'یہ تاریخ اور تعلیم دونوں ہی کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوں گے۔'چند دن پہلے ہی کی بات ہے راجستھان میں بعض سخت گیر ہندو انتہا پسندوں نے فلم 'پداماوتی کے سیٹ پر حملہ کیا تھا اور مار پیٹ کی تھی۔ان کا الزام تھا کہ اس فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی جار رہی ہے کہ رانی پدماوتی کو دلی کے سلطان علائ الدین خلجی سے محبت تھی جبکہ یہ راجپوتوں کے خیال کے برعکس ہے

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)امریکی گلوکارہ میڈونا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر افریقی ملاوی سے تعلق رکھنے والی دو جڑواں بہنوں کی تصویر پوسٹ کی ہے اور کہا ہے کہ اب یہ عمل پورا ہوگیا ہے اور انھیں اپنے خاندان میں شامل کرنے پر خوشی ہے۔ میڈونا نے لکھا کہ 'وہ ملاوی میں ان لوگوں کے بہت شکرگزار ہیں جنھوں نے اس کو یقنی بنانے میں میری مدد کی۔' اس موقع پر انھوں نے ذرائع ابلاغ سے اس 'عبوری وقت' کے دوران پرائیویسی قائم رکھنے کی درخواست بھی ہے۔ منگل کو انھیں ملاوی کی ایک عدالت سے بچے گود لینے کی اجازت ملی ہے۔اس سے قبل بھی وہ دو ملاوین بچوں کو گود لے چکی ہیں۔ انھوں نے سنہ 2006 میں انھوں ڈیوڈ کو اور سنہ 2009 میں مرسی کو گود لیا تھا۔

چند روز قبل میڈونا نے ملاوی کا ایک فلاحی دورہ کیا تھا اور اس دوران انھوں نے اس خبروں کی تردید کی تھی کہ انھوں نے مزید بچے گود لینے کی درخواست کی ہے۔ تاہم بدھ کو عدالتی کاغذات سے یہ امر افشا ہوا کہ ایستھر اور سٹیلا نامی چار سالہ بہنوں کے بارے میں اپنی فلاحی کام کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے بعد انھوں نے ان بچیوں کو یتیم خانے سے گود لینا اپنا فرض سمجھا۔ میڈوناتصویر کے کاپی رائٹAFP اس سے قبل بھی وہ دو ملاوین بچوں کو گود لے چکی ہیں کاغذات کے مطابق ان جڑواں بچیوں کی والدہ ان کی پیدائش کے وقت چل بسی تھیں اور ان کے والد نے کسی اور خاتون سے شادی کر لی تھی اور ان بچیوں اور ان کے بہن بھائیوں کی ذمہ داری ان کے دادا دادی سنبھال رہے تھے۔

جج فیونا موال کا کہنا تھا کہ گلوکارہ ان جڑواں بچوں کو امریکہ میں آرام دہ زندگی اور پیار کرنے والا گھر فراہم کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 58 سالہ میڈونا ’بچوں کی پرورش کے لیے سمجھی جانے والی عمر کی حد سے زیادہ ہیں‘ تاہم انھوں نے اپنی بہتر صحت کی دلیل کے طور پر میڈیکل ریکارڈ پیش کیا تھا۔ جج کا کہنا تھا کہ ان کے فلاحی کام کی وجہ سے وہ یتیموں کے ساتھ رابطے میں آئیں اور اس تعلق کے نتیجے میں ان میں ان کی زندگی کا خلا پورا کرنے کا احساس پیدا ہوا اور انھوں نے اپنے گھر کے دروازے ان کے لیے کھول دیے۔