ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں خطوط ارسال کر کے وزیراعظم کو بچانے والا قطری شہزادہ کرپٹ ترین آدمی ہے،قطری شہزادہ شریف خاندان کا بزنس پارٹنر ہے ،نواز حکومت نے ایل این جی اور پورٹ قاسم کا کنٹریکٹ قطری کو دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات سالوں میں شریف خاندان نے قطری کا کبھی نام نہیں لیا ،جب سے سپریم کورٹ آئے ہیں کبھی قطری ون اور کبھی قطری ٹو آجاتا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ مجھ پر آف شور کمپنی کا الزام لگا یا جاتا ہے ،میں اور میرا خاندان اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں نواز شریف منی ٹریل بچوں پر ڈال دیتے ہیں اور بچے کہتے ہیں ہمیں کچھ نہیں پتہ سب کچھ دادا کو پتہ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ 1993سے لے کر 2006تک فلیٹس قطری کے نام تھے تو اس عرصے میں 30کروڑ روپے کرایہ بنا ،یہ کرایہ کس نے ادا کیا ،جب بھی ثبوت مانگو تو قطری حاتم طائی بن کر آجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قطری کرپٹ ترین انسان ہے جس نے سیف الرحمان سے مل کر ایل این جی اور پورٹ قاسم کے کنٹریکٹ لیے ہیں ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /راولپنڈی ) پنجاب ایگزامینیشن کے تحت ہونے والے پنجم اور ہشتم کے امتحانات 2فروری سے شروع ہو رہے ہیں۔ اس کیلئے بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے اساتذہ کے ایک گروپ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جو اساتذہ امتحانات سے غیرحاضر ہونگے اُن کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت کارروائی کرتے ہوئے برطرفی کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنمنٹ اسکولوں کی کارکردگی پر عوامی رائے بھی کچھ اچھی نہیں‘ لہٰذا اس طرح کے سخت اقدامات سے بچوں کا قیمتی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ ادھراساتذہ کے دیگر گروپ کے ممبران امتحانات میں ڈیوٹیاں لگوا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اساتذہ تنظیمیں اسی طرح انتشار کا شکار رہیں تو نقصان اساتذہ کا ہوگا۔ اس وقت اساتذہ تنظیموں کے 4اتحاد بنے ہوئے ہیں جن میں ایک گروپ نے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ ‘ کچھ گروپ یکم فروری سے مذاکرات کیلئے پرتول رہے ہیں۔

دوسری طرف حکام بالا بھی ٹس سے مس نہیں ہو رہے نہ ہی مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ کے مطابق اساتذہ سے غیرتدریسی فرائض نہیں لئے جا سکتے لہٰذا ان قائدین کو بائیکاٹ کے بجائے سپریم کورٹ سے توہین عدالت کیلئے رجوع کرنا چاہئے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور اساتذہ کی اکثریت امتحانات لینے کیلئے تیار ہے۔ اس گومگو کی صورتحال میں والدین اور طلباء سخت پریشان ہیں‘ انتظامیہ کو بھی صورتحال واضح کر کے والدین کو مطمئن کرنا چاہئے

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) حکومت پنجاب نے موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی تین کمپنیاں غیر قانونی قرار دے دیں۔
پنجاب پرونشیل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اُوبر ، کاریم اور اے ون ٹیکسی سروس کمپنیاں موبائل ایپ کے ذریعے پرائیویٹ کاروں کو غیر قانونی طور پر بطور ٹیکسی استعمال کر رہی ہیں۔
گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر بطورٹیکسی استعمال کیا جاتا ہے جو غیر قانونی ہے۔اس سے پنجاب حکومت کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔
ڈرائیورز کی سیکورٹی کلیئرنس بھی نہیں لی جاتی، اس لیے ان غیر قانونی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی کی وجہ سے ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے اثرات اورایس ای سی پی کی جانب سے مالیاتی معاملات درست نہ رکھنے والے اسٹاک بروکرز کے خلاف تادیبی کارروائی کی غرض سے فہرست مرتب کرنے کی افواہوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کواتارچڑھاؤ کے بعد سال کی سب سے بڑی مندی رونما ہوئی

جس سے انڈیکس کی49000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی گرگئی، 77.90 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے1 کھرب77 ارب99 کروڑ89 لاکھ14 ہزار 14 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں کاروباری رحجانات کے اثرات مقامی کیپٹل مارکیٹ پر بھی براہ راست مرتب ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پیر کومقامی مارکیٹ بھی ایشیائی مارکیٹوں میں رونما ہونے والی مندی کے زیراثر رہی جبکہ مالیاتی معاملات درست نہ رکھنے والے اسٹاک بروکرز کے خلاف ایس ای سی پی کی ممکنہ کارروائی کے لیے بروکرز کی فہرست مرتب کیے جانے کی افواہوں نے جلتی پرتیل کا کام کیا اور سرمایہ کاروں نے ڈھڑا دھڑ حصص فروخت کیے۔

 

ادھر کاروبار کی ابتدا میں 378.23 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 50000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی لیکن بعد ازاں فروخت کی شدت سے ایک موقع پر 1140 پوائنٹس کی بدترین مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ ہونے والی خریداری سرگرمیوں کی وجہ سے مندی کی شدت میں قدرے کمی ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس991.53 پوائنٹس کی کمی سے 48972.24 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس528.27 پوائنٹس کی کمی سے 26386.17، کے ایم آئی30 انڈیکس1846.85 پوائنٹس کی کمی سے84069.70 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس575.05 پوائنٹس کی کمی سے233.75.24 ہوگیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم / راولپنڈی )گورنمنٹ گرلز بلائنڈ اسکول شمس آباد میں مبینہ طو ر پر ایک طالبہ کے ساتھ ٹیچر کےبدتمیزی کرنے پر اس کے تبادلےکی سفارش کردی گئی ہے۔ جبکہ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے ڈی او میل الیمنٹری کو معاملے کی تحقیقات کرکے دو دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک طالبہ کے ساتھ کمپیوٹر انسٹرکٹرنے بدسلوکی کی جس کی شکایت بچی نے کردی۔ت اہم ابھی تک معاملے کو دبانے کی کوشیش کی جارہی ہیں۔

جس کیلئے بعض بلدیاتی نمائندے بھی میدان میں ہیں۔ اس حوالے سے اسکول ہیڈ وسیم ثناللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بچی الزام لگاتی ہے۔لیکن ہم نے سائیکالوجسٹ سے بھی رپورٹ لی ہے، انکوائری کے بعد میں نے ڈسٹرکٹ آفیسر اسپیشل ایجوکیشن کو ٹیچر کے تبادلے کی درخواست کی ہے۔ اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی کے سی ای او قاضی ظہورالحق سے رابطہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ ان کولاعلم رکھا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے فوری طور پر حکم دیا کہ جس ٹیچر پرالزام ہے وہ شمس آباد اسکول میں نہیں جائے گا بلکہ منگل سے ان کے آفس میں حاضرہوگا۔ا س حوالے سے بچی کےباپ نے بتایاکہ ان کو روز بلا لیا جاتا ہےتاہم ابھی تک کوئی ایکشن نہیں ہوا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) پر غلط بیانی کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ تحریری طور پر غیر مشروط معافی مانگنے تک بھارت پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلے گا۔
ہاکی انڈیا کے ترجمان ڈاکٹر آر پی سنگھ نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بار پھر 2014 کے ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعے کو بہانے کے طور پر استعمال کیا اور جونیئر ورلڈ کپ 2016 میں پاکستان ٹیم کی عدم شرکت کے پیچھے اپنی نااہلی کو بھارت پر الزام تراشی کرکے چھپانے کی کوشش کی۔
اس غلط بیانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہاکی انڈیا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک پاکستان 2014 چیمپئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم کے غیر پیشہ وارانہ روئیے اور ہاکی انڈیا کے خلاف مسلسل جھوٹ بولنے پر تحریری و غیر مشروط معافی نامہ جمع نہیں کراتا بھارت پاکستان سے کوئی بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلے گا۔
پی ایچ ایف کو اپنی نااہلی کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور اپنے شائقین کو خوش کرنے کے لیے بھارت پر الزام تراشیاں کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ ایک ادارے کے طور پر کام کرنا سیکھے اور اپنے داخلی مسائل کا ذمہ دار دوسروں کا ٹھہرانا بند کرے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری شہباز احمد نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد پاکستان اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ ہاکی انڈیا کی جانب سے وضاحتی بیان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد کے دسمبر میں دئیے جانے والے بیانات کے تقریباً ایک ماہ بعد جاری کیا گیا تھا۔