ایمز ٹی وی(کراچی) لوکل گورنمنٹ اینٹی پرائیویٹائزیشن کمیٹی کے قائدین کنیز فاطمہ ،سیدذوالفقارشاہ ،ہارون حسن ،صالح شیدی ،جان محمد بلوچ،ماسٹرسیموئیل اور پرویز جدون نے کہا ہے کہ چائنا کمپنی کی صفائی ستھرائی کا کام سنبھالنے پر شہری دوہرے ٹیکس اور کچرہ بیگ کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تاحال بلدیہ جنوبی اور بلدیہ شرقی کے عوام کو گندگی کے ڈھیروں میں ڈالنے کی پریشانی سے بچانے کے لیے انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کیا،لیکن حکومت سندھ کی جانب سے سیکرٹری بلدیات ،وزیربلدیات اور وزیراعلیٰ سندھ نے تاحال کوئی نوٹس لیا نہ ہمیں اس سلسلے میں اعتماد میں لیا گیا،لہذا اب سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے قیام کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کن مرحلہ اگلے ہفتے شروع کیا جائے گا، کیونکہ صفائی ستھرائی سے وابستہ عملے نے اب یونین رہنمائوں پر دبائو بڑھاتے ہوئے جلد ازجلد وزیراعلیٰ سندھ ،سندھ اسمبلی ،سندھ سیکریٹریٹ اور وزیربلدیات کے دفاتر کو کچرہ کنڈیوں میں تبدیل کرنے کی وارننگ دے دی، ورنہ عملے نے دھمکی دی ہے کہ اگر یونین رہنمامزید مصلحت کا مظاہرہ کرینگے تو پھر عملہ ازخود یہ کاروائی کرنے پر مجبور ہوجائے گا ۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)سام سنگ کا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس 8 جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کی ابھی تاریخ کا اعلان تو نہیں ہوا مگر جنوبی کورین کمپنی نے خود ہی اس کی پہلی جھلک کو لیک کردیا ہے۔ جی ہاں سام سنگ نے گزشتہ روز دو ویڈیوز ریلیز کی جس میں امولیڈ ڈسپلے کی خوبیوں کو بیان کیا گیا تھا اور یہ اسکرین گلیکسی ایس 8 میں استعمال کیے جانے کی توقع کافی عرصے سے کی جارہی تھی۔ ویڈیو میں یہ اسکرینز جس فون پر استعمال کی گئیں وہ بہت پتلا اور ایج لیس تھا اور ممکنہ طور پر یہی گلیکسی ایس 8 بھی ہے۔اس سے پہلے بھی اس فون کی جو غیر مصدقہ تصاویر لیک ہوکر سامنے آئی تھیں وہ اس ویڈیو میں دکھائے جانے والے فون سے ملتی جلتی تھیں۔ اس فون میں ہوم بٹن موجود نہیں جبکہ یہ گلیکسی ایس سیون کے مقابلے میں بہت پتلا اور ہلکا ہوگا جیسا ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے جبکہ اس کے اسکرین ریزولوشن دنگ کردینے والے ہیں۔ گلیکسی ایس 8 میں ایس سیون کے مقابلے میں پہلے سے تیز کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، 8 جی بی ریم، بہتر کیمرہ اور بڑی اسکرین جیسے فیچرز موجود ہوں گے۔ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ سام سنگ کے اس نئے فلیگ شپ فون میں آئی فون سیون کی طرح ہیڈ فون پورٹ کو ختم نہیں کیا جائے گا جبکہ اینڈرائیڈ نوگٹ آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔ عام طور پر سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس سیریز کے فونز کو ہر سال بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرایا جاتا ہے تاہم اس بار کہا جارہا ہے کہ ایس ایٹ اپریل تک پیش کیا جائے گا۔سام سنگ کو توقع ہے کہ یہ بھی گلیکسی ایس سیون کی طرح کامیاب ثابت ہوگا اور فروخت کے آغاز پر ایک کروڑ سیٹس فروخت کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔