ایمز ٹی وی (کوئٹہ ) جوائنٹ روڈ اور کلی دیبہ میں دو الگ واقعات میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ٹریفک ہیڈ کا نسٹیبل الطاف حسین اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر واپس جا رہا تھا کہ نا معلوم افراد نے کلی دیبہ میں اس پر فا ئر نگ کر دی جس سے وہ ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں جوائنٹ روڈ پر پا سپورٹ آ فس کے قریب پولیس اہلکار محمد نوید پر نا معلوم افراد نے فا ئرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا، اور فرار ہوگئے. مقتول سول لا ئن تھانے میں تعینات تھا۔ اس طرح ایک گھنٹے کے اندر کوئٹہ میں دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا دونوں اہلکاروں کی لاشیں ضروری کاروائی کے لئے سول ہسپتال پہنچائی گئیں جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد لا شیں ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔
ایمز ٹی وی(صحت) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندرمیندھرو نے جناح اسپتال میں پوسٹ گریجویشن کی اعلی تعلیم وتربیت کرنے والے ڈاکٹروں کی 100 سیٹوں کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انھوں پیرکوجناح اسپتال کے 52واں سالانہ سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پراسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی، سمپوزیم کی چیئرپرسن پروفیسر صغرا پروین، پروفیسر طارق رفیع،پروفیسر طارق محمود،پروفیسر انیس بھٹی ، پروفیسرندیم رضوی، پروفیسر تسنیم احسن ، ڈاکٹرمریم ملک، پروفیسر اونکالوجی زیدی، شمیل اشرف، جاوید جبار، پروفیسر صادقہ جعفری سمیت اسپتال کے اکیڈمک اوراراکان فیکلٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی سمپوزیم کے موقع پر مریضوں کے معائنے کےلیے ہیلتھ میلے کا بھی انعقادکیاگیا تھاجس میں 5سوسے زائد افرادکے شوگر ٹیسٹ بھی کیے گئے جبکہ مختلف امراض سے متعلق آگاہی پروگرام بھی منعقدکیے گئے جس میں اسپتال کے ماہرین طب نے خطاب کیا، سمپوزیم میں 30 سے زائد پری ورکشاپس منعقد کیے گئے جس میں زیر تربیت ڈاکٹروںکو تربیت فراہم کی گئی جبکہ مختلف ماہرین طب نے مختلف امراض پر کی جانے والی ریسرچ کے حوالے سے 2سو سے زائد تحقیقی مقالے بھی پیش کیے گئے۔ وزیر صحت ڈاکٹر سکندرمیندھروکاکہنا تھا کہ جناح اسپتال کا نام بانی پاکستان کے نام سے منسوب ہے یہ اسپتال ملک کے عوام کی خدمت کررہا ہے ملک کا سب سے بڑا ٹیچنگ اسپتال ہے انھوں نے اسپتال انتطامیہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ قبل ازیں اسپتال کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نےخطبہ استقبالیہ پیش کیا اورکہاکہ جناح اسپتال میں 1962سے سمپوزیم کی روایت برقرار ہے انھوں نے کہاکہ اسپتال میں سمپوزیم کرانے کا مقصد جدید طبی تحقیق اورپوسٹ گریجویشن کرنے والے طالب علم داکٹروںکوجدید علوم سے آگاہی وتربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ سمپوزیم سے پروفیسر صغرا پروین نے بھی خطاب کیااورکہاکہ انتظامیہ نے اسپتال کی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بھی امسال بھی سالانہ سمپوزیم کاانعقاد کیا۔ سمپوزیم میں عوام کےلیے ہیلتھ میلے کابھی انعقادکیاگیا تھاجہاں جناح اسپتال کے ماہرین نے آنے والے مریضوں اور عوام کے خون کے ٹیسٹ، شوگر ٹیسٹ ، امراض چشم کے ٹیسٹ اور امراض نسواں کے بھی بلامعاوضہ ٹیسٹ کیے گئے اور مریضوںکوادویات بھی فراہم کی گئیں۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ژوب ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ فورکاسٹنگ آفیسر راشد بلال کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہیگا جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش: خیبر پختونخوا: مالم جبہ05، میرکھانی04، دیر03، کالام، دروش، بالاکوٹ02، چترال01، کشمیر: مظفرآباد04، کوٹلی03، گڑھی دوپٹہ01، پنجاب: منگلا02، مری01ملی میٹر بارش اور مالم جبہ02انچ، کالام01 انچ، مری0.5انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت: سکردومنفی12، گوپس منفی09، کالام، استور منفی08، پاراچنار منفی07، مالم جبہ، راولاکوٹ منفی06، قلات، بگروٹ منفی05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد ( ایمز ٹی وی) سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے دوران آدھے گھنٹے کیلئے وقفہ کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے سامنے وزیراعظم کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل جاری ہیں ، عدالت نے سماعت میں ساڑھے گیارہ بجے تک وقفہ کر دیا ہے جس کے بعد وکیل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ کمرہ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، شیخ رشید ، جہانگیر ترین ، شاہ محمود قریشی ، نعیم بخاری ، نعیم الحق ، وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، طلال چودھری ، دانیال عزیز سمیت دیگر رہنما موجود ہیں ۔ وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت کو بتایا کہ میں وزیر اعظم کا نہیں نوازشریف کا وکیل ہوں ، ججز میرا انتظار کر رہے ہیں ، مناسب نہیں کہ انہیں انتظار کراﺅں ۔ ”میں آپ لوگوں سے لڑ نہیں سکتا “۔ جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ مخدوم علی خان کیا معجزہ ہے ؟ کیوں وکلاءآج پیش نہیں ہوئے تو مخدوم علی خان نے جوا ب دیا کہ جناب وکلاءوالا کل کا معاملہ ہے ۔ جناب وکلاءنے آج پھر ہمیں روکا اور اٹارنی جنرل آفس میں لے گئے ۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ڈی جی اور سیکرٹری ہاﺅسنگ کو بلایا ہے ۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیر اعظم کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اپ نے پارلیمانی کارروائی عدالت میں چیلنج نہ ہوسکنے کا ذکر کیا تھا ، نیوزی لینڈ کی اسمبلی کی کارروائی کو بطور شواہد پیش کرنے کا کہا گیا ۔ نیوزی لینڈ کے ارکان اسمبلی نے فلو ر پر تقریر اور میڈیا پر کہا اپنی بات پر قائم ہیں ۔ عدالت نے قرار دیا پارلیمنٹ میں تقریر ارکان کیخلاف بطور ثبوت استعمال ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ برطانوی عدالت نے ایک فیصلے میں کہا کرپشن کو پارلیمانی استثنیٰ حاصل نہیںہو گا ۔ آئین کے آرٹیکل 68کے تحت ججز کا کنڈکٹ بھی پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں آتا ۔ وزیر اعظم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 68اور 204ججز کے کنڈکٹ پر بات کرنے سے روکتے ہیں ۔صدر ، وزیر اعظم اور گورنر کو آئینی استثنیٰ حاصل ہے ، وزیر اعظم کو استثنیٰ اور مملکت چلانے پر ہوتا ہے ۔ انہوں نے چوہد ری ظہور الٰہی کیس کا حوالہ بھی دیا جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ظہور الٰہی کیس میں وزیر اعظم نے تقریر اسمبلی میں نہیں کی تھی ۔ ظہور الٰہی کیس کا حوالہ دینے سے متفق نہیں جس پر وکیل نے کہا کہ وزیراعظم نے آرٹیکل 66کے بجائے 248کے تحت استثنیٰ مانگا ہے ۔ آرٹیکل 19کے تحت ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے تو بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کا کیس آرٹیکل 19کے زمرے میں نہیں آتا ۔”آپنے دلائل کو آپنے کیس تک محدود رکھیں “۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 19اظہار رائے کا حق دیتا ہے ، آپ حق نہیں استثنیٰ مانگ رہے ہیں جس پر مخدوم علی خان نے کہا کہ بھارت میں سپریم جوڈیشل کونسل نہیں ہوتی تاہم بھارت میں جج کو ہٹانے کیلئے ایوانوں سے قرار داد کی منظوری ضرور ی ہے جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ بھارت میں بحث جاری ہے کہ احتساب کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل بنائی جائے ۔ پارلیمنٹ کو ججز کا اختیار دینا غیر محفوظ ہو گا ۔ اس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ۔ مریم نواز نے پاناما کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کر ادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شادی کے بعد اپنے والد کے زیر کفالت نہیں ہوں ۔ مریم نواز کی جانب سے5سال کی زرعی اور غیر زرعی آمدنی کے ٹیکس گوشوارے بھی جمع کرائے گئے ہیں ۔ دستاویز میں وزیر اعظم نوازشریف کی 2010ءکے اثاثوں کی تفصیل بھی شامل ہے . بیگم شمیم اختر کے 2010ءکے اثاثوں کی تفصیل بھی موجود ہے ۔ دستاویز میں سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور حبیب بینک کی سٹیٹمنٹس بھی شامل ہیں ۔عدالت سے اضافی دستاویز کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی ہے ۔ دستاویز مریم نوا ز کے وکیل شاہد حامد نے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعے جمع کرائی ہیں ۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2006ءمیں مریم کی آمدن 65لاکھ 17ہزار 504تھی جبکہ 1992ءسے شادی کے بعد والد کے زیر کفالت نہیں اور جلا وطنی کے دوران بھی اپنے شوہر کیساتھ رہی ۔انہوں نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ رائیونڈ سٹیسٹس میں پانچ گھر ہیں اور ایک میں اپنے بچوں اور خاوند کے ساتھ مقیم ہوں ۔رائے ونڈ سٹیٹ میں تمام گھر میری دادی کے نام پر ہیںتاہم رائیونڈ میں اخراجات مشترکہ طور پر کیے جاتے ہیں۔مریم نواز نے جواب میں کہا ہے کہ رائیونڈ سٹیٹ میں ایک گھر مرحوم چچا عباس شریف کے اہل خانہ کے پاس ہے جبکہ ایک گھرمیرے چچاشہبازشریف کے زیراستعمال ہے تاہم رائےونڈسٹیٹ کے گھروں کے عمومی اخراجات مل جل کراٹھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا ہے کہ 2012ءمیں کل23لاکھ14ہزار917روپے ٹیکس جمع کروایا گیا جبکہ 2013ءمیں کل 65لاکھ17ہزار504روپے ٹیکس دیا اور 2014ءمیں انہوں نے88لاکھ72ہزار742روپے ٹیکس جمع کروایا۔ مریم نوا ز کی جانب سے پیش کی جانے والی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ انہو ں نے 2015ءمیں 93لاکھ40ہزار243روپے ٹیکس جمع کروایا اور 2016ءمیںکل1کروڑ21لاکھ28ہزار778روپے ٹیکس ادا کیا ۔مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ درخواست گزار نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں اور ان الزامات کی بناءپر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی جائے
ایمز ٹی وی( اسپورٹس) بگ بیش لیگ میں میلبورن رینی گیڈز کے وکٹ کیپر پیٹر نیویل بیٹ لگنے سے زخمی ہوئے، خیال ہے کہ ان کے جبڑے میں فریکچر ہوگیا ہے۔ وہ پیر کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں وکٹ کیپنگ کررہے تھے۔ ایک موقع پر حریف بیٹسمین بریڈ ہوج نے زوردار اسٹروک کھیلا لیکن اس کوشش میں بیٹ ان کے ہاتھ سے چھوٹ گیا اور سیدھا نیویل کے چہرے پر جالگا۔ انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انجری کی نوعیت جاننے کیلیے ٹیسٹ کیے جارہے تھے۔ نتائج آنے پر ہی اس متعلق معلوم ہوگا۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف سپریم کورٹ میں اپنی منی ٹریل بتا دیں تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شریف خاندان نے منی ٹریل نہ بتائی تو قبر تک ان کا پیچھا کروں گا ۔ نوازشریف اسمبلی میں کچھ کہتے ہیں اور سپریم کورٹ میں کچھ اور ۔”جس دن نوازشریف نے سچ بولااس دن کی سیاست ختم ہوگی“. شیخ رشید نے مزید کہا کہ ن لیگ والے اسمبلی میں کہتے ہیں تلاشی لو،ثبوت دیں گے،کل بھی سپریم کورٹ کے ووکلا کی حمایت کی تھی، آج بھی کررہے ہیں۔ملک میں اس وقت چوروں کی حکومت ہے.کالونی کے معاملے پرہم وکلا کے ساتھ ہیں.
ایمز ٹی وی ( تجارت)انٹربینک مارکیٹ اورمقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں استحکام رہا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 104.85روپے اور قیمت فروخٹ 104.90روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ ڈالر کی قیمت خرید 108.40روپے اور قیمت فروخت108. 60روپے برقرار رہی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز یورو کی قدر میں 45پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جس سے یوروکی قیمت فروخت116. 25روپے سے کم ہو کر115. 80روپے پر آگئی اسی طرح 50پیسے کی نمایاں کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 131.50روپے سے گھٹ کر131 روپے اور قیمت فروخت 133روپے سے گھٹ کر132. 50روپے ہوگئی ہے۔
ایمز ٹی وی(کراچی) گلستان جوہر، گلشن اقبال اور گلزار ہجری اور سہراب گوٹھ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ گلستان جوہر اورگلشن اقبال کا علاقہ کرچی بیلٹ پر واقع ہے اور یہاں کے رہائشی اپنے فلیٹس میں موجود تھے جوفوری طور پر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے فلیٹس سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت 3.6 اور گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ زلزلے کا مرکز کراچی تھا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس طرح کے جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کے امکانات بھی رہتے ہیں۔ کراچی کے رہائشیوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور لوگ اپنے اپنے گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے ہیں۔زلزلے کے بعد این ای ڈی یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے طلباءکلاسز سے باہر نکل آئے ۔