ایمز ٹی وی(سرینگر) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے مختلف جیلوں میں نظربند ہزاروں آزادی پسند رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کے حوصلے اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے
وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں وادی سے باہر کی جیلوں با الخصوص کٹھوعہ، کوٹ بلوال اور ادھم پور میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران اپنے ہی بنائے ہوئے جیل قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اورنظربندوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھتے ہیں جبکہ بیماری کی صورت میں انہیں طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عوامی انتفادہ کے دوران 12سال کے معصوم بچوں سے لے کر 75سال کے معمر افراد سمیت ہزاروں لوگوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کردیا گیا ہے اور گرفتاریوں کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت کے تمام ضلعی ، تحصیل و بلاک صدورسمیت سینکڑوں عام کارکنوں اور جماعت اسلامی، مسلم لیگ، لبریشن فرنٹ ،امت اسلامی اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کے بیسیوں ہنماؤں کو بھی حراست میں رکھاگیا ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ پبلک سیفٹی ایکٹ کو عالمی سطح پر ظالمانہ قانون اور اس کے استعمال کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا گیا ہے لیکن جموں و کشمیر میں اس کا بے دریغ استعمال جاری ہے اور عام شہریوں کو فرضی الزامات لگاکر اس قانون کے تحت حبس بے جا میں رکھا جارہا ہے۔
حریت چئرمین نے کہا کہ بھارتی پولیس نے شہریوں کے خلاف پی ایس اے کے اطلاق کے حوالے سے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ضلع بارہ مولہ میں سب سے زیادہ شہریوں کو اس کالے قانون کے تحت جیل بھیج دیا گیاہیں، جن میں ایک ہی گھر کے کئی کئی افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی طرف سے رہائی کے احکامات کے باوجود نظر بندوں کو رہا نہیں کیاجاتا اور اگر کسی کو رہا کیا بھی جاتا ہے تو اسے جیل کے احاطے سے ہی دوبارہ کسی اور جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم عوام نظر بندوں کی عظیم قربانی کو خلوصِ دل کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے۔ حریت چیرمین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیاء واچ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔سید علی گیلانی نے کورٹ روڑ سرینگر کے متاثرین آتشزدگی کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکے دُکھ درد کو محسوس کرتے ہیں اور ان کی پریشانی میں برابر کے شریک ہیں
ایمز ٹی وی(صحت) بھارتی ریاست اڑیسہ میں قومی ایمبولینس سروس کی غفلت کے باعث خاتون گھر پر ہی بچے کو جنم دے کر دم توڑ گئی۔
شہری نے بتایا کہ اس نے اپنی حاملہ بیوی کو ہسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس کو کال کی تاہم ایمبولینس اس کے گھر پہنچ کر خراب ہو گئی اور سٹارٹ ہی نہیں ہوئی، اس کی بیوی نے گھر پر ہی بچے کو جنم دیا اور حالت خراب ہونے پر دم توڑ گئی۔ مقامی انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے
ایمز ٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان کے دارلحکومت میں بغیر اجازت گھومنے پر پولیس نے 9 چینی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
گزشتہ دنوں کوئٹہ کے بروری اور زرغون آباد تھانہ کی حدود سے پولیس نے 9چینی تاجروں کو بغیر اجازت گھومنے پر گرفتار کرلیا، تمام چینی باشندے بزنس ویزا پر بلوچستان آئے ہوئے ہیں تاہم امن وامان اور چینی باشندوں کی حفاظت کے پیش نظر حکومت کی جانب سے غیرملکیوں کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں متعلقہ حکام کی اجازت سے گھومنے اور سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس نے چینی باشندوں کو سی سی پی او آفس منتقل کردیا جہاں تفتیش اور ضروری ہدایات کے بعد چینی تاجروں کو ہوٹل پہنچادیا گیا۔
ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ ) فلم فئیر ایوارڈز کا میلہ اداکارعامر خان اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے نام رہا جس میں عامر خان کو فلم ‘‘دنگل’’ کے لیے بہترین اداکار جبکہ عالیہ بھٹ کو فلم ‘‘اڑتا پنجاب’’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے 62 ویں فلم فیئرایوارڈزمیں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو ان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ‘‘دنگل’’ کے لیے بہترین اداکارجبکہ اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلم ‘‘اڑتا پنجاب’’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔فلم فئیر ایوارڈز میں سب سے بہترین فلم کا ایوارڈ بھی ‘‘دنگل’’ کے نام رہا جب کہ اسی فلم کے ہدایتکار ‘‘نتیش تیواری’’ نے بھی بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔فلم فئیرایوارڈز میں ناقدین کی جانب سے بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہد کپور کو ان کی فلم ‘‘اڑتا پنجاب’’ اور منوج باچپائی کو ‘‘علیگڑھ’’ جبکہ اداکارہ سونم کپور کو ان کی فلم ‘‘نیرجا’’ پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔دوسری جانب بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ لیجنڈ اداکاررشی کپورکو فلم ‘‘کپوراینڈ سنز’’ جبکہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ شبانہ اعظمی کو فلم ‘‘نیرجا’’ پر دیا گیا۔
ایوارڈ میں بہترین میوزک البم کا ایوارڈ پریتم کو فلم ‘‘اے دل ہے مشکل’’ کے لیے دیا گیا۔فلم فئیرایوارڈز میں بہترین پلے بیک سنگرگلوکارکے لیے اریجیت سنگھ کو ان کے گانے ‘‘اے دل ہے مشکل’’ جب کہ گلوکارہ نیہا بھاسن کو فلم ‘‘سلطان’’ کے گانے جگ گھومیا پردیا گیا۔ایوارڈزمیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ماضی کے لیجنڈ اداکارشتروگن سنہا کو دیا گیا۔
ایمز ٹی وی(گجرات) کنجاہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے ہیں۔
کوٹ غلام محمدکے قریب موجودڈاکوو¿ں کے ساتھیوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔پولیس کےمطابق ملزمان کو مال کی برآمدگی اور ساتھیوں کی نشاندہی کیلیے لےجایاجارہاتھاکہ ساتھیوں نے ملزمان کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائر کھول دیا ،پولیس نے جوابی فائرنگ کی مگر ملزمان کے ساتھیوں کی ہی فائرنگ کے نتیجہ میں گرفتار چاروں ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ہونیوالے ڈاکوﺅں میں لیاقت،حسنین،افتخار اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے
ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ دوستوں کو اپنی تصاویر یا پیغامات بھیجنے کیلئے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں تو اگلی بار ایسا کرتے ہوئے آپ کو بار بار سوچنا چاہیے کیونکہ واٹس ایپ کے سسٹم میں ایک بڑی خرابی کا انکشاف ہوا ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ کے بھیجے گئے پیغامات کو اجنبی لوگ بھی پڑھ سکتے ہیں۔
برطانوی جریدے ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے پیغامات کو واٹس ایپ اور فیس بک انتظامیہ با آسانی پڑھ سکتی ہے جبکہ ان پیغامات تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لوگ بھی با آسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
سیکیورٹی ریسرچر ٹوبیاس بولٹر کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ آف لائن یوزرز کے اکاﺅنٹس ڈی کوڈ کر سکتی ہے جس کے بعد ان کے پیغامات کو نئی کلیدوں کے ساتھ متعلقہ شخص کو بھجوا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغامات انتہائی محفوظ ہوتے ہیں جنہیں انتظامیہ بھی نہیں دیکھ سکتی ۔ واٹس ایپ کی جانب سے ایک بلاگ میں بھی لکھا گیا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغامات صرف بھیجنے اور موصول کرنے والے کے علاوہ کوئی بھی نہیں دیکھ سکتا
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 221 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ پاکستانی باﺅلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینگروز کو دبوچ لیا اور پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 220 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان سٹیو سمتھ 60 رنز بنا کر نمایاں بلے باز ہے۔
مطابق میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 31 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وارنر 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خواجہ بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور 40 کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنا کر جنید خان کا شکار ہوئے۔
مجموعی سکور میں صرف 1 سکور کے اضافے کے بعد مچل مارش بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس موقع پر آسٹریلیا ٹیم مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی تھی تاہم کپتان سٹیو سمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز کا اضافہ کر کے مجموعی سکور کو 86 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر حسن علی نے ٹریوس ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور وہ 29 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پہلے میچ میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے گلین میکس ویل بھی زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ پائے اور 128 کے مجموعی سکور پر 23 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ گلین میکس ویل کے پویلین لوٹنے کے باعث آسٹریلوی ٹیم مزید مشکلات میں گھر گئی تاہم اس اہم موقع پر کپتان سٹیو سمتھ نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑ کر مجموعی سکور کو 193 پر پہنچا دیا اور ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو تھوڑا سہارا دیا۔
سٹیو سمتھ بھی 65 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد میتھیو ویڈ بھی 35 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ 207 کے مجموعی سکور پر گری جب مچل سٹارک 3 رنز بنا کر جنید خان کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوئے۔ نوویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹ کومنز تھے جو کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد عامر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جیمز فالکنر بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور 19 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور یوں پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز کھیلنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی اور 48.2 اوورز میں 220 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستانی باﺅلرز نے مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جنید خان اور عماد وسیم نے 2,2 اور حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلاحی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور باشعور عوام ایسے عناصر کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔
قومی اسمبلی کے رکن اویس لغاری نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس دوران جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی عزیز اور مقدم ہے اور ملتان میں میٹروبس پراجیکٹ کی تکمیل آخری مراحل میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فلاحی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور باشعور عوام ایسے عناصر کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) نواز شریف حکومت کے بہترین انداز حکمرانی، اقتصادی اصلاحات اور سیکورٹی کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) 2018ءکے انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔
امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال جس نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لے رکھا تھا،پر فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث قابو پا لیا گیا ہے۔ نکی ایشین ریویو نے کہا ہے کہ نواز شریف حکومت کے دوران مسلم لیگ (ن) نے انفراسٹرکچر اور پبلک ٹرانسپورٹیشن نظام کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کی، اسی طرح پنجاب کے زرعی علاقوں کی بہتری اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے۔
چین پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں خاص اہمیت حاصل رہی، جس میں چین کی مالی امداد کے تحت جامع انفراسٹرکچر پروگرام تشکیل دیئے گئے۔ سی پیک منصوبے میں 51 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی، توانائی پلانٹس کی تعمیر کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت سڑکیں، پورٹس، ریلوے لائنز، ایئر پورٹس کی تعمیر کے ساتھ وسیع پیمانے پر صنعتی زونز بھی تعمیر کئے جائیں گے جمہوری نظام کو بھی استحکام ملا ہے۔
تاجر برادری و عوام میں پذیرائی کے بعد وزیر اعظم نوازشریف نے آئندہ عام انتخابات میں کامیابی پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ تجارت کو فروغ دے کرخوشحال پاکستان کا ہدف حاصل کیا جاسکتاہے۔ نوازحکومت کی پالیسی سے پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہورہی ہے۔ پاناما پیپرز سکینڈل سے نوازشریف حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے
ایمز ٹی وی(بونیر) بونیر کے علاقے بازرگئی کے قریب ماربل کی کان میں دھماکے سے 2 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
بازرگئی کے قریب ماربل کی کان میں کام جاری تھا کہ کان دھماکے سے بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 2 مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں تاہم ابھی تک مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی