پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(گوجرانوالہ) گوجرانوالہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیاگیا، سی آئی اے پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ناکہ بندی پر چن دا قلعہ میں مشکوک کار سے ناجائزاسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑ لی۔ برآمداسلحہ میں 20پسٹل اور 13ہزار گولیاں برآمدہوئیں، برآمدہ ایمونیشن میں خود کار اسلحہ کی گولیاں بھی شامل، گرفتار ملزمان میں فردوس سکنہ خیبر ایجنسی اور تعظیم سکنہ سرگودھا شامل ہیں،جو کہ عرصہ دراز سے پنجاب بھر میں ناجائز اسلحہ کی سپلائی کر رہے ہیں۔ سی آئی اے پولیس اور حساس اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چند شرپسند عناصر دہشت گردی جیسے خطرناک مقاصد کی تکمیل کے لئے ناجائز اسلحہ کی بھاری کھیپ لے کر گوجرانوالہ شہر میں داخل ہو رہے ہیں۔پولیس نے چن داقلعہ ناکہ بندی کے دوران لاہور سائیڈ سے آتے ہوئے ایک مشکوک سوزوکی کار نمبری Lzz/3675کو روک کر تلاشی لی۔دوران تلاشی کار میں رکھے ہوئے سی این جی سلنڈراور خفیہ خانوں سے اسلحہ اور ایمونیشن کی بھاری مقدار برآمد ہوئی، دو ملزمان فردوس اور تعظیم کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی گئی۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ شہر میں اسلحہ ڈیلروں سمیت شر پسند عناصر کو اسلحہ کی کھیپ پہنچانا چاہتے تھے

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔ اہلکار بنگلو ر ایئر پور ٹ پر موجود تھا کہ اس نے اچانک پستول نکالا اور خود کو گولی مار لی ۔مرنے والے اہلکار کی لاش قبضے میں لے لی گئی ہے اور واقعے کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔مرنے والے فوجی کی شناخت اور خود کشی کی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی ۔ یاد رہے چند روز قبل راجوڑی سیکٹر پر تعینات ایک بھارتی فوجی تیج بہادر نے ایک ویڈیو پیغام میں کھانے پینے اور افسران کی کرپشن کا پردہ چاک کیا تھا جس کے بعد بھارتی فوج میں کھلبلی مچ گئی ۔ اس کے بعد یہ خبر بھی آئی کہ بھارتی فوجیوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی اور آج خودکشی کا واقعہ سامنے آیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)انسانوں سمیت بیشتر جاندار کئی طرح کی خوراک پر آسانی سے زندگی گزار لیتے ہیں، یعنی جو چیز دستیاب ہو اور انہیں لذیذ لگے وہ کھا لیتے ہیں۔مگر کچھ جاندار ایسے ہوتے ہیں جو مخصوص غذا سے ہٹ ہی نہیں سکتے اور ان میں سے چمگادڑوں کی تین اقسام بھی ہیں جو کہ خون پی کر ہی پلتی بڑھتی ہیں۔ ان تین میں سے دو اقسام کے بارے میں معلوم ہے کہ وہ کسی بھی جاندار کے خون کو اپنی غذا کا ذریعہ بنالیتی ہے مگر تیسری ہیئری لیگ ویمپائر بیٹ کو صرف پرندوں کا خون چوسنے والا سمجھا جاتا تھا۔ مگر اب اس کے بارے میں جو حقیقت سامنے آئی ہے اس نے سائنسدانوں کو دنگ اور عام لوگوں کو خوفزدہ کردیا ہے۔برازیل کی Universidade Federal de Pernambuco کی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ یہ چمگادڑیں اب انسانی خون کو اپنی غذا بنانے لگی ہیں جو کہ پہلے سائنسدانوں کو ممکن نہیں لگتا تھا۔ تحقیق کے مطابق شمال مشرقی برازیل کے جنگلات میں انسانی آبادیاں بڑھنے اور درختوں کے کٹنے سمیت وہاں پرندوں کے شکار کی وجہ سے چمگادڑوں کو غذائی قلت کا سامنا تھا اور اس کا حل انہوں نے انسانی خون کی شکل میں نکالا۔ اس تحقیق کے دوران چمگادڑوں کے فضلے کی جانچ کرکے جاننے کی کوشش کی گئی کہ ان کی غذا کیا ہے اور کیا وہ پالتو مویشیوں کا خون تو نہیں چوستیں۔ مگر نتائج نے سائنسدانوں کو دنگ کردیا کیونکہ یہ معلوم ہوا کہ انسان اب ان کا نیا شکار ہیں۔محققین کا کہنا تھا ' یہ بہت زیادہ حیران کن ہے، کیونکہ یہ مانا جاتا تھا کہ یہ پرندے ممالیہ جانداروں کے خون کو غذا کے طور پر استعمال نہیں کرتے'۔ صرف انسانی خون چوسنا ہی ڈرا دینے والا نہیں بلکہ یہ چمگادڑیں جان لیوا وائرس بھی اپنے شکار میں منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جو کہ کتے کے کاٹنے سے لاحق ہونے والے مرض ربیز جیسا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ برسوں میں شمال مشرقی برازیل میں ایک ہزار سے زائد افراد چمگادڑوں کے کاٹنے سے ربیز کے شکار ہوئے اور کم از کم 23 ہلاکتیں ہوئیں۔یہ تحقیق جریدے جرنل ایکتا Chiropterologica میں شائع ہوئی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) نیوایئرنائٹ کے موقع پر بھارتی شہربنگلورمیں راہ چلتی خواتین کو پکڑ کر زبردستی سرعام بوس و کنار اور خواتین سے جنسی درندگی کے واقعات پر کھڑا ہونیوالا ہنگامہ تاحال ٹھنڈا نہیں ہوا اور اکشے کمار ، عامر خان جیسے کئی اداکاروں کے بعد شاہ رخ خان بھی میدان میں آگئے ہیں اور کہاہے کہ وہ بھی ایک بیٹی کے باپ ہیں ، اگرمیرے بیٹوں نے کسی عورت کی ہتک کی تو خود ہی ان کے سرقلم کردوں گا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان نے بتایاکہ وہ اپنے دونوں بیٹوں سے توقع رکھتے ہیں کہ عورتوں کا احترام کریں اور اچھے رویہ سے پیش آئیں ، میں نے اپنے دونوں بچوں آریان اورابرام کو بتایاکہ کبھی بھی عورت کو تکلیف نہ پہنچائیں ، اگرآپ نے ایسا کیا تو میں آپ کا سرقلم کردوں گا، ایک لڑکی آپ کی چھڈی بڈی نہیں ہے ، عزت سے پیش آنا چاہیے ، بنگلور واقعہ قابل مذمت ہے ، فنکاروں کو بھی واضح موقف اپناناچاہیے کیونکہ وہ معاشرے میں بالآخراپنا اثر ورسوخ رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ فنکاروں کو نہ صرف عملی اقدامات نہ کرنے پر سیاستدانوں کے پیچھے پڑنے کی بجائے اس حقیقت سے بھی پردہ اٹھانا چاہیے کہ مردوں کو خواتین کی حفاظت کیلئے مشترکہ طورپر اقدامات کرنے ہوں گے ، اکشے کمار جیسے فنکار خواتین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مارشل آرٹس کے کیمپس بھی لگارہے ہیں جبکہ فرحان اختر 2013ءسے’مرد، ریپ مخالف مرد‘ کے نام سے ایک سماجی مہم شروع کررکھی ہے

 

 

کراچی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اجلاس پیر 16جنوری کو صبح گیارہ بجے طلب کرلیا ہے اجلاس میں امن وامان کی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں ،رینجراختیارات ،دینی مدارس ،اطلاعات تک رسائی ،زکوۃ وعشر کی صوبائی سطح پروصولی کے بل سمیت دیگرامور پرغورہوگا اور اہم فیصلے متوقع ہیں ، سندھ کابینہ کے لیے نونکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجراختیارات کے معاملے پر پیر 16جنوری کوہونے والے اجلاس میں تفصیلی غورکیا جائے گا اورسندھ کابینہ سے منظوری کے بعد رینجراختیارات کی سمری پرمزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرکے اختیارات کی مدت ختم ہورہی ہے جس میں توسیع کے لیے سندھ حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، اجلاس نیو سندھ سیکرٹریٹ میں ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کو شکست دینے پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جس مہارت اور اسپرٹ کا مظاہرہ کیا ہے اس سے تمام پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم نے میلبرون کے کرکٹ گرائونڈ میں آسٹریلیا کو سخت مقابلے کے بعد 6وکٹوں سے شکست دی جو کہ مثالی کارکردگی ہے اور گرین شرٹس نے یہ ثابت کیا کہ وہ ترنوالہ نہیں اورکسی وقت بھی بڑے سے بڑے مخالف کو زیر کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم نے تمام شعبوں میں مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے استعمال کیا اور ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اس کامیابی میں اپنا حصہ ڈالاجس پر کپتان سمیت ایک ایک کھلاڑی زبردست خراج تحسین اور شاباش کا مستحق ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ہماری قومی کرکٹ ٹیم اسی اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر میچوں میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور متعصب تجزیہ نگاروں کے تجزیوں کو غلط ثابت کرے گی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک جرمنی میں نئے ٹولز متعارف کروا رہی ہے جن کی مدد سے جعلی خبروں کی نشاندہی ممکن ہو جائے گی۔ فیس بک جو کہ دنیا کا سب سے بڑا سماجی نیٹ ورک ہے کے مطابق اب جرمن صارفین غلط خبروں کی نشاندہی کر سکیں گے۔اس کے بعد متعلقہ خبروں کو تھرڈ پارٹی یعنی جانچ کے لیے بھجوایا جائے گا اور اگر یہ تصدیق ہو گئی کہ خبر قابلِ بھروسہ نہیں تو پھر نیوز فیڈ میں اسے ڈسپیوٹڈ یعنی متنازع قرار دیا جا سکے گا۔ جرمن زبان میں فیس بک انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'گذشتہ ماہ ہم نے ان اقدامات کے بارے میں اعلان کیا تھا جو کہ غلط خبروں سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔'یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں فیس بک پر یہ اپ ڈیٹس جرمنی میں میسر ہوں گی۔ یاد رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخاب کے موقع پر فیس بک پر کڑی تنقید کی گئی تھی اور بہت سے صارفین کی جانب سے یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ فیس بک مبینہ طور پر غلط خبریں پھیلا کر انتخاب پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اب جرمنی کی حکومت نے بھی یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غلط خبروں کی وجہ رواں برس جرمن انتخابات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔سوشل نیوز سائٹ بز فیڈ نے گذشتہ ہفتے فیس بک کے ایسے صفحات کی نشاندہی کی تھی جن کی مدد سے جرمن چانسلر کے بارے میں غلط خبریں پھیلائی جا رہی تھیں۔ اس کے بعد جرمن وزیرِ انصاف نے فیس بک کو غلط خبروں کے حوالے سے خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جرمنی میں ہتکِ عزت کے قانون کا احترام کرے کیونکہ یہاں امریکہ کے مقابلے میں قانون زیادہ سخت ہے۔ نئے انتظامات میں جرمن صارفین کسی دوسرے صارف کی پوسٹ کے بارے 'غلط خبر کی نشاندہی' کے لیے مخصوص آپشن سلیکٹ کر سکیں گے جس کے بعد اس کی باقاعدہ جانچ پڑتال ہو گی۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہرطلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے موسم سرد ہو رہا ہے عمران خان کے ارمان بھی ٹھنڈے ہوتے جا رہے ہیں اور وہ کیس ہارنے کی طرف جا رہے ہیں ۔ ایک ایک چیز کا جواب اور ثبوت عدالت میں بھی دیں گے او رعوام میں بھی دیں گے ۔

انکا کہنا تھاکہ جن لوگوں نے ثبوتوں کی اے بی سی بھی جمع نہیں کرائی وہ بی بی سی کہہ کر اپنے آپ کو سچا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔” آپ ہر جلسے میں کوئی فیصلہ سناتے ہیں اور عدالت کے اندر آنکھیں نہیں اٹھاتے کیونکہ عدالت میں جھوٹ جمع کرائے ہیں“ ۔ہمارے وکیل نے قانون کی کتابیں پڑھی ہیں اور آپکے وکیل نے ردی کی کتابیں جمع کرائی ہیں ۔

طلال چودھری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ قانون کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کے حق میں آئے گا۔ ہم عدالت کے اندر بھی مقابلہ کریں گے اور عوامی عدالت میں بھی ۔آپکے الزام دھاندلی کے کیس میں بھی ہارے اورعوامی عدالت میں بھی ہاریں گے ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( اسپورٹس) پاکستانی کر کٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے ساتھ قسمت بھی بدل گئی، کھلاڑیوں کا رنگ ڈھنگ بھی بدل گیا، مسلسل ناکامیوں سے دوچار قومی کر کٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں آ سٹڑیلیا کو چھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر کے میزبان کیمپ میں کھلبلی مچادی،نئے کپتان محمد حفیظ نےجو بولنگ ایکشن کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے اپنی واپسی کو قیادت کے ساتھ یاد گار بھی بنادیا انہوں نے72رنز کی شان دار کپٹن اننگز کھیلی اور میں آف دی میچ رہے۔ پاکستان نے 32 سال بعد اس گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو ون ڈے میچ میں شکست دی۔پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سر زمین پر کسی ون ڈے میچ میں 12 سال بعد شکست دی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی کپتان نے اپنے بولروں کا مہارت کے ساتھ استعمال کیا اور بولروں نے بھی کپتان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی،پاکستان کی عمدہ بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم48.2 اوورزمیں 220رنزپرڈھیرہوگئی،آسٹریلو ی کپتان اسٹیون اسمتھ 60رنزبناکرنمایاں رہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ وارنز اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا ۔پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب جنید خان نے آسٹریلیا کے ان فارم بیسٹمین ڈیوڈ وارنر کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا، انھوں نے 16 رنز بنائے۔جنید خان نے اپنی عمدہ بولنگ سے ڈیوڈ وارنر کو پریشان کیے رکھا اور ان کے خلاف آؤٹ کی دو اپیلیں ہوئی تھیں۔جنید خان نے اگلے ہی اوور میں عثمان خواجہ کو بھی شرجیل خان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ عثمان خواجہ نے 17 رنز بنائے۔41 رنز کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب محمد عامر نے مچل مارش کو عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ مارش کوئی رن نہ بنا سکے۔86 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلوادی جب انھوں نے ٹریوس ہیڈ کو 29 رنز پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔آسٹریلیا کی ٹیمیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں گلین میکسویل بھی زیادہ وکٹ پرنہ ٹھہرسکے 128رنز پرانہیں عمادوسیم نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔آسٹریلوی کپتان ا سمتھ 60رنزبناکراپنی ٹیم کی طرف سے ٹاپ اسکورررہے ۔میتھوویڈ 35رنزبناکرشعیب ملک کاشکاربنے۔اسٹارک صرف تین رن بناکرجنید کے تھروپررن آئوٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی نوویں وکٹ پیٹ کمنز کی گری جنہیں محمدعامرنے رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ آسٹریلیا کے آخری آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی فالکنرتھے جو19رنزبناکرمحمدعامرکاشکاربنے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، جنید خان اور عماد وسیم نے دو، دو جب کہ حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔221رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بنائے۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین شرجیل خان تھے وہ 30 رنز بنا کر فالکنرکی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔محمد حفیظ اور بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے۔140 رنز پر پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کو تیسرا نقصان 142 کے اسکور پر ہوا جب محمد حفیظ فالکنرکی گیند پر ہیزل وڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ انہوں نے72رنز آٹھ چوکوں کیمدد سے بنائےوالے چوتھے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنھوں نے 13 رنز بنائے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 48 اوورکی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔شعیب ملک42جبکہ عمراکمل18رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک اورفالکنرنے دو،دووکٹیں حاصل کیں۔72رنزکی عمدہ اننگزکھیلنے پرمحمدحفیظ کومین آف دی میچ قراردیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسراون ڈے میچ19جنوری کوپرتھ میں کھیلاجائے گا۔پاکستان کی جیت کا فیصلہ ہیڈ کی وائڈ بال پر ہوا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے کہا کہ عمران خان عدالت سے باہر مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انہیں کنٹینر پر کیس لڑنے کی عادت ہے ۔ ”عمران خان ابھی سے مریم نوازسے ڈر رہے ہیں اورانکے وکیل اپنے دلائل سے بھی پیچھے ہٹ چکے ہیں کہ مریم نواز وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں تقریر اور قوم سے خطاب میں کوئی جھوٹ بولا اور نہ ہی وہ جھوٹ کے عادی ہیں ۔

اس موقع پر ان کا مزید کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم نوازشریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسی لیے عدالت میں پاناما کا ذکر نہیں ہو رہا ۔ عمران خان ساڑھے تین سال سے ویڈیو گیم کھیل رہے ہیں اور پاناما کیس کے بعد بھی ویڈیو گیمز ہی کھلیں گے ۔