اتوار, 24 نومبر 2024


ہائر ایجوکیشن کمیشن میں تبدیلیوں کی تیاریاں

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ سندھ)سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو فعال اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا کردار محدود کرنے کے لئے نئے سیکرٹری کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور اس مرتبہ نیا سیکرٹری ڈی ایم جی گروپ کے بجائے پی سی ایس افسر ہوگا۔

انتہائی باخبر ذرائع نےمیڈیا کو بتایا کہ اعلیٰ حکام موجودہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نوید شیخ جن کے پاس سیکرٹری بورڈز و جامعات کا بھی اضافی چارج ہے، کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں کیونکہ وہ مطلوبہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور ان کی ہمدردیاں ڈی ایم جی گروپ کے افسر ہونے کے ناتے سندھ ایچ ای سی کے ساتھ نہیں۔ پنجاب ایچ ای سی میں جو سندھ ایچ ای سی کے بعد قائم ہوا اس وقت پنجاب میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

چیئرمین سندھ ایچ ای سی کے قریبی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن کی فوری تبدیلی چاہتے تھے تاہم ان کے آئندہ سال جنوری کے آخری عشرے میں تربیتی کورس پر جانے کے باعث انہوں نے فوری تبدیلی کو مؤخر کر دیا تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈی ایم جی کے بجائے میرٹ پر صوبائی افسر اس اہم ترین اسامی پر تعینات کیا جائے جو کمیشن میں سندھ کا کیس لے کر آگے بڑھے کیونکہ موجودہ سیکرٹری نے متعدد اہم خطوط اور سمریز کے معاملات کو روک رکھا ہے حالانکہ نوید شیخ کی اس اہم اسامی پر تعیناتی کی سفارش ان کے قریبی عزیز اور اندرون سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کی تھی۔

یاد رہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں صوبائی ای بی سی سی کے حوالے سے اہم خطوط، سمریاں اور نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو رہے ہیں جبکہ جامعہ کراچی، ڈائو میڈیکل یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کا معاملہ بھی رُکا ہوا ہے اور گزشتہ ایک سال سے سندھ کے تعلیمی بورڈز میں سیکرٹری اور ناظم امتحانات کی اسامیوں کے لئے انٹرویوز بھی نہیں کرائے گئے ہیں۔ میڈیا نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن نوید شیخ سے مؤقف لینے کے لئے متعدد بار فون کیا انہوں نے فون نہیں اٹھایا انہیں ایس ایم ایس بھی کیا مگر انہوں نے جواب نہیں دیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکرٹری کو ایک لاکھ سے زیادہ خصوصی الاؤنس بھی ملتا ہے

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment