کراچی:ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزاوجھا کیمپس میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سےخطاب کرتےہوئے وائس چانسلر پروفیسر زرناز واحد نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیا ں لازوال ہیں، ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری کے سامنے یہ مسئلہ اجاگر ہو اور ہمارے کشمیری بھائی ایک دن آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں۔
پروفیسر زرناز واحد نے کہا کہ کرونا کے باعث ہمارے طلبہ اس تقریب میں شریک نہیں ہیں، آج ان کی کمی محسوس ہورہی ہے، آئندہ برس یہ تقریب روایتی جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی جائے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی باعث ہمارے ڈاؤ یونیورسٹی کے بہت سے ساتھی اپنے رب کے حضور پیش ہوگئے اس موقع پر ہم ان کے درجات کی بلندی کے دعاکرتے ہیں، کورونا وبا کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی نے اپنے وائس چانسلرکی قیادت میں فرنٹ لائن کے سپاہی کا کردار ادا کیا۔
ان کامزید کہناتھا کہ یونیورسٹی میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی برابری کی بنیاد پر ترقی اور کام کرنے کا حق حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ آج اس تقریب میں خواتین اور مردوں کی تعداد یکساں ہے،ہم سب مل کر معیارِ تعلیم کی بلندی کیلیے کام کر رہے ہیں، انہو ں نے کہا کہ حکومت ِ پاکستان کے وژن کے تحت ہم نے ڈاؤ یونیورسٹی میں گو گرین پروجیکٹ شروع کیاہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی میں سبزے کی بہار نظر آرہی ہے، تقریب کے آخر میں شرکا میں جشنِ آزادی کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی
قبل ازیں قومی ترانہ پڑھا گیا، اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر کرتارڈوانی، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، پروفیسر زیبا حق، پروفیسر رملہ ناز، پروفیسر شاہین شرافت، پروفیسر سنبل شمیم، پروفیسر نورجہاں، پروفیسر فوزیہ امتیاز، پروفیسر امینہ طارق اور پروفیسر شاہجہان کٹپر سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز موجود تھے۔