Sunday, 22 December 2024

ایمزٹی وی ( کیلیفورنیا ) بھارتی وزیر اعظم نریند ر مودی کو امریکہ کی سلیکون وادی کا دورہ مہنگا پڑ گیا جہاں انہیں ایک بڑے مظاہرے کا سامنا کرنا پڑا ، بھارتی شہریوں نے تو مودی فیل ڈاٹ کام کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کردی جسمیں مودی سرکار کی انتہا پسندی پر مشتمل پالیسیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ،انکی پالیسیوں نے انہیں امریکہ میں مقیم بھارتیوں میں بھی غیر مقبول کر دیا ہے ،جسکا عملی مظاہرہ سلیکون ویلی کے دورے پر دیکھنے میں آیاجہاں خطاب کے لئے مودی پہنچے تو امریکی نژاد بھارتیوں نے تاریخی مظاہرہ کر ڈالا ، اس موقع پر مظاہرین نے نریندر مودی کے خلاف پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور انکے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے اسکے علاوہ شہر میں جگہ جگہ مودی مخالف بینرز بھی آویزاں تھے ،جسمیں مودی سرکار کی انتہا پسندی ،گجرات میں قتل عام اور انصاف کی عدم فراہمی کو اجاگر کیا گیا تھا ،a

ایمز ٹی وی ( نیو یارک ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مذاکرات کے لئے اپنا کردار اداکرنے کی پیشکش کی ہے ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاک بھارت مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کردی ، وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے متنازع کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کیا ،وزیر اعظم نوازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اپنی قرار داد پر عمل کرائے ، سرکاری زرائع ابلاغ کے مطابق بروز اتوار نیویارک میں اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو چاہیئے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ،

ایمز ٹی وی (کراچی ) دنیا بھر میں تین دہا ئیوں بعد منفرد چاند گرہن دیکھا گیا ،گرہن کی وجہ سے چاند کی رنگت سرخ ہو گئی ۔ پاکستان کے وقت کی مطابق یہ چاند گرہن صبح پانچ بج کر گیارہ منٹ پر شروع ہوا اور دس بج کر بائیس منٹ پر ختم ہو گیا امریکی تحقیقا تی ادارے ناسا کے مطابق گرہن لگے سرخ چاند کے منظر کو سائینسی اصطلاح میں سپر مون بھی کہا جاتا ہے ،جو تین دہائیوں بعد دیکھنے میں آیا ہے ۔ سائینس دانوں کے مطابق آج چاند گرہن کے ساتھ ہی سپر مون بھی ہوااس مو قع پر چاند عام چاند سے زیادہ بڑا نظر آیا،کیوں کہ چاند زمین کہ مدار کے انتہائی قریب سے گزرا ۔ فرانس ،یونان ،کولمبیا ، ارجنٹینا،سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سپر مون تینتیس سال بعد دیکھا گیا ،محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا،افریقا ،یورپ اور امر یکا میں مکمل چاند گرہن ہوا ،جو ایک گھنٹے بارہ منٹ تک دیکھا گیا تاہم پاکستان میں جزوی چاند گرہن ہوگا۔ ریکورڈ کے مطابق گزشتہ سو برسوں میں صرف پانچ مرتبہ ایسا ہوا ہے اور اس سے قبل 1982 میں ایسا چاند گرہن دیکھا گیا تھا اور اب اٹھائیس ستمبر کو سپر مون کو گرہن لگنے کے بعد یہ منظر آٹھ اکتوبر 2033 میں دکھائی دے گا ،

ایمز ٹی وی (تجارت) عید الضحیٰ پر قربانی کی کھالیں فلاحی اداروں کی بھی آمدنی کا ذریعہ بنتی ہیں لیکن رواں سیزن میں کھالوں کے نرخ 50 سے 60 فی صد تک گر جانے سے اس مد میں ہونے والی مالی معاونت متاثر ہوئی ہے۔ گائے اور بیل کی کھال 1500 سے1800 روپے، بکرے اور دنبے کی کھال ڈیڑھ سو سے 300 روپے اور اونٹ کی کھال 400 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ گزشتہ سال عید الضحیٰ کے موقع پر 12 ارب روپے مالیت کی کھالیں خریدی گئی تھی تاہم اس سال ان کی مالیت 7 ارب روپے تک محدود رہ سکتی ہے۔ ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں 2لاکھ سے زائد کھالیں مختلف وجوہات کی بنا پر خراب ہوگئیں جس سے لیدر کی صنعت کو 30کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ پاکستان کی لیدر انڈسٹری کو خام مالی کی فراہمی میں قربانی کی کھالوں کا حصہ 60فیصد ہے، قربانی کے جانوروں کی کھال سے تیار شدہ چمڑہ کوالٹی میں سب سے بہتر ہوتا ہے جس کی بنا پر پاکستان میں تیار شدہ لیدر مصنوعات کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ قربانی کی کھالوں کو گرمی سے بچاکر رکھتے ہوئے فوری طور پر نمک لگاکر پروسیسنگ کے لیے ٹینریز بھجوانا ہوتا ہے، 24 گھنٹوں میں چمڑہ سازی کا عمل شروع نہ کیا جائے تو کھال ضائع ہوجاتی ہے۔ لیدر گارمنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق مختلف فلاحی اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے وقت پر کھالیں نہ پہنچا سکنے کے باعث اتنی بڑی تعداد میں کھالیں خراب ہوئی ہیں تاہم اگر بروقت کھالیں پہنچا دی جاتیں تو نقصان سے بچا جاسکتا تھا۔

ایمز ٹی وی (راولپنڈی) ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگئی۔ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج صابر سلطان کی عدالت میں پیش ہوئیں ۔ کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کے باعث آج بھی مقدمے میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور عدالت نے سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایان علی نے کہا کہ وہ چار ماہ جیل میں رہیں اور اب بھی ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہو رہی ہیں ، عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گی ، ابھی انکے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے اس لیئے وہ اس پر میڈیا سے بات نہیں کر سکتی لیکن جب بولنا شروع کروں گی تو کئی دن لگ جائیں گے ۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو مارچ میں پانچ لاکھ امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں اسلام آباد ایئر پور ٹ سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن ساڑھے چھ ماہ گزر جانے کے باوجود ملزمہ کے خلاف چالان پیش نہیں کیا جاسکا ۔ ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں چوبیس مرتبہ عدالت میں پیش ہو چکی ہیں اور گزشتہ چھ سماعتوں کے دوران ان پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی جاسکی ۔

ایمز ٹی وی (گجرات) فیروز والا میں رکشہ ٹرین کی زد میں آگیا ، دو خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ مختلف شہروں میں موٹر سائیکل اور کار کے حادثات میںگیارہ افراد جاں بحق اور پندرہ شدید زخمی ہو گئے۔ رانا ٹاﺅن میں نواحی علاقے چک 40 کا رہائشی طاہر محمود اپنی بیوی ، بیٹے اور ساس کے ہمراہ رانا ٹاﺅن سے اپنے گاﺅں کی طرف جارہا تھا کہ راولپنڈی سے لاہور جانے والی ٹرین کی زد میں آگیا ۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ رکشے میں سوار تمام لوگ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریلوے پھاٹک کھلا تھا جس کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا ۔ ڈیوٹی پر موجود ریلوے اہلکار ہی موجود نہیں تھا جو کہ ٹرین آنے پر ریلوے پھاٹک بند کرتا ہے۔ایک اور حادثہ میں پانچ نوجوان دوست کار میں سوار ہو کر لالہ موسیٰ جا رہے تھے کہ تیز فتار کوچ نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں تین دوست تو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیئے سول اسپتال کھاریاں میں داخل کرادیا گیا ۔ لالہ موسیٰ کے رہائشی چھ نوجوان دوست دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر دولت نگر عید منانے جارہے تھے کہ عمر وال کے قریب سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل انکی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں ایک سولہ سالہ نوجوان اور سامنے سے آنے والا نا معلوم موٹر سائیکل سوار موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ سر پر شدید زخم آنے کی وجہ سے داﺅد ولد نصیر کو عزیز بھٹی اسپتال سے پمز اسپتال اسلام آباد اور جواد ولد افضل کو عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات سے اکرام اسپتال گجرات پہنچا دیا گیا ہے ۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) انڈیا نے 88 ویں آسکر ایوارڈز کی بہترین غیر ملکی فلم کی کیٹگری کی نامزدگیوں پر غور کے لئے اپنی مراٹھی فلم "کورٹ" کے منتخب ہونے پر جشن منایا ۔تاہم سینئر اداکار نصیر الدین شاہ بظاہر زیادہ پر جوش نظر نہیں آئے ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ،مجھے آسکرز کی با لکل پرواہ نہیں ۔کورٹ کا شمار بہترین فلموں میں ہوتا ہے بلکہ یہ حالیہ دور کی سب سے عمدہ فلم ہے لیکن پتہ نہیں کیوں ہم آسکرز کی اتنی پرواہ کرتے ہیں ۔ نصیر الدین کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کورٹ بنانے والوں کو اسی پر اطمینان ہونا چاہیے کہ ان کی فلم کو ملک بھر میں سراہایا گیا اور یہی بات سب سے اہم ہے

ایمز ٹی وی (کراچی) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بھی انقلابی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سندھ بھر میں تمام سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل سپر نٹنڈنٹ اور ڈ سٹرکٹ ہیلتھ افسران کو میرٹ پر تعینات کیا گیا ہے ،حکومت سندھ صوبے کے دیہی علاقوں کو بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع مہیا کرنے کے لیے کو شاں ہیں اور سندھ کے پسماندہ علاقوں میں آئی بی اے کے اعلیٰ تعلیمی معیار کے باعث ہو نہار نو جوان ابھر کے سامنے آرہے ہیں اور ملک اور قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے پبلک اسکول اباڑو کو دورہ کرتے ہوئے کہی ۔واضح رہے کہ پبلک اسکول اباڑو کے تعلیمی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے آئی بی اے کے ساتھ معاہدہ طے ہے ۔انہوں نے پبلک اسکول اباڑو میں جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کو بر وقت مکمل کیا جائے تا کہ علاقے کے بچوں کو تعلیم کے اعلیٰ مواقع میئسر آسکیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ آئی بی اے کے معیار کو بین الا قوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور ہماری کو شش ہے کہ تعلیم کے بہتر مواقع نوجوانوں کو مہیا کئے جا سکیں ۔

ایمز ٹی وی ( کراچی) برطانوی جریدے اکانومسٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے اور انکا ایسا تاثر پیدا ہوگیا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔اس رپورٹ میں کراچی میں جگہ جگہ لگائے گئے پوسٹرز اور بل بورڈز کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں جنرل راحیل شریف کی تصویر موجود ہے اور ان پر تعریفی کلمات درج ہیں ۔ شاید ہی کوئی ایسا دن ہوگا جب ملکی اخبارات کے صحفہ اول پر انکی تصویر نہ چھپتی ہو۔جون 2014ءمیں شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے بعد سے ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور کئی لوگ اس بہتری کاسہرا جنرل راحیل کو دیتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق صورتحال یہ ہے کہ جنرل راحیل کے ہر دورے اور ایونٹ کی رپورٹنگ کرنا میڈیا اپنا فرض سمجھتا ہے ۔نواز شریف کو امید تھی کہ انتخابات میں زبردستی کامیابی کے بعد وہ فوج کے اختیارات اور طاقت کو کم کریں گے اور اپنی خارجہ پالیسی چلائیں گے لیکن انکی یہ امید دم توڑتی نظر آتی ہے ۔ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے فوج کی مخالفت اور دہلی کی سخت گیر حکومت سے نمٹنے میں مشکلات کی وجہ سے ناکام ہو چکے ہیں ۔ فوجی عدالتوں نے دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت شروع کر دی ہے اور چاروں صوبوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے رابطہ کاری کا کام کر رہی ہے۔کراچی میں پولیس کا کام تقریباً فوج سے ہی لیا جارہا ہے ۔ اس صورتحال میں کوئی بھی شخص فوج کے اندر پائی جانے والی کرپشن کے خلاف مہم چلانے کی بات نہیں کر رہا اور ساتھ ہی پاکستان کے میڈیا میں کوئی بھی یہ سوال نہیں اٹھا رہا کہ پشاور کے ایئر فورس کیمپ میں اتنی بڑی تعداد میں مسلح افراد کیسے گھس گئے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) نیشنل بینک سی ایس آر ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کہا ہے کہ نیشنل بینک کے صدر سید اقبال اشرف کی سر پرستی اور ایچ آر گروپ کے سربراہ ظہیر بیگ کی ہدایت میں بینک تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ،ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے این ای ڈی انجینئرنگ یونیو ر سٹی میں کمشنر کراچی یوتھ ٹیم کے تعاون سے منعقد ہونے والے اسپورٹس فیسٹول میں نیشنل بینک کی جانب سے تین کھیلوں کی اسپا نسر شپ کا چیک دینے کے مو قع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر عثمان علی ،روبینہ آصف ،غلام محمد خان ،فرخندہ فصیح اور ردا خان بھی موجود تھیں ۔اویس اسد خان نے کہا کہ اگر ہمیں ملک کی اسپورٹس کو دنیا کہ مدمقابل لانا ہے تو ہمیں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی صرف 2 مقامات سے مل سکتے ہیں ،ایک کلب اسپورٹس اور دوسری تعلیمی اداروں کی اسپورٹس ۔انہوں نے کہا کہ آج اگر سندھ سے کھلاڑی ہمیں میسر نہیں آرہے ہیں تو اس کی صرف وجہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کا فقدان ہے ۔