ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ) بالی وڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم’فین‘ جس کا انتظار ہر جگہ بے چینی سے ہو رہا تھا، آج دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دی گئی۔ نئی فلم کے بارے میں شاہ رخ کے فینز اس لئے بھی پرجوش تھے کہ انہیں ’فین‘ میں ایک نہیں بلکہ دو، دو شاہ رخ دیکھنے کو ملیں گے۔
منیش شرما کی ڈائریکٹ کردہ ’فین‘ شاہ رخ خان کی روایتی رومینٹک فلموں سے ہٹ کر ہے۔’فین‘ میں شاہ رخ خان نے بیک وقت سپراسٹار اور اس کے غیر معمولی پرستار کے رول نبھائے ہیں۔
سپراسٹار آیان کھنہ اور ان کے بیس پچیس سالہ ’فین‘ گورو کے روپ میں شاہ رخ نے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
شاہ رخ کے دو مختلف عمروں کے کرداروں میں میک اپ کے ذریعے حقیقت کا رنگ دیا ہے ہالی وڈ کے مشہور میک اپ آرٹسٹ گریگ کینم نے، جبکہ فلم کے لئے جدید ترین وی ایف ایکس کے ذریعے ایسے اسپیشل ایفکٹس تخلیق کئے گئے ہیں جو اس سے قبل کبھی نہیں کئے گئے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ بھارتی فلم سنسر بورڈ کے ارکان بھی شاہ رخ کو25سالہ نوجوان گورو کے روپ میں پہچان نہیں سکے۔
فلم’فین‘ کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر’ڈی این اے‘ اور دیگر میڈیا سے گفتگو میں شاہ رخ کا کہنا تھا کہ”خود کو نوجوان کے کردار میں پردے پر دیکھنا ایک مختلف تجربہ تھا جس نے عجیب احساسات سے دوچار کیا۔“
فلم نے ریلیز سے پہلے ہی اتنی مقبولیت حاصل کی کہ لندن کے مادام تساوٴ میوزیم میں گورو کے مومی مجسمے کی نمائش کی گئی۔
سالوں بعد، ’فین‘ وہ پہلی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان نے گورو کی شکل میں منفی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کی بھارت میں ریلیز کے بعد این ڈی ٹی وی، ہندوستان ٹائمز اور دیگر بھارتی میڈیا تبصروں میں شاہ رخ خان کی اداکاری کو ان کے کیرئیر کا بہترین کام قرار دیا گیا ہے۔