برلن: جرمن وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کو قانونی طریقے سے جرمنی لانے کا مقصد انسانی اسمگلروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
مہاجرین کے حوالے سے جرمنی نے ایسی پالیسی اختیار کی ہے، جس کے تحت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی طریقے سے تارکین وطن کو ملک میں لا کر آباد کیا جا رہا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکومت کے ایک ترجمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جرمنی میں کوٹہ سسٹم آباد کاری کے تحت لائے گئے مہاجرین کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جرمنی لائے گئے ان مہاجرین کو ری سیٹلمنٹ مہاجرین کا درجہ دیا جاتا ہے۔جرمن حکومت کے اس پروگرام کے تحت بحران زدہ علاقوں سے تحفظ کے حقدار افراد کو براہ راست جرمنی لا کر آباد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے پروگرام برلن حکومت کی پناہ گزینوں سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جرمنی نے یورپی کمیشن کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آباد کاری کے مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دو برسوں میں دس ہزار دو سو مہاجرین کو قانونی طریقے سے جرمنی لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
جرمن وزارت داخلہ کے ترجمان اسٹیو آلٹر کے مطابق اس کا مقصد انسانی اسمگلروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے تاکہ غیرقانونی تارکین وطن کی آمد میں کمی لائی جا سکے۔