ریاض: سعودی حکومت نے ملک کی چار بڑی جامعات کو آن لائن تدریس کی اجازت دینے کے بعد انہیں باقاعدہ طورپر آن لائن تدریس کے لائسنس جاری کردیئے۔
سعودی عرب میں نیشنل سینٹر برائے ای لرننگ نے اعلان کیا ہے کہ شاہ عبد العزیز یونیورسٹی ، شاہ فیصل یونیورسٹی ، القصیم یونیورسٹی اور شہزادی نورا بنت عبد الرحمن یونیورسٹی نے مرکز کے کنٹرول اور معیار کے مطابق ای لرننگ پروگرام فراہم کرنے کا لائسنس حاصل کیا ہے۔
حال ہی میں ان چاروں جامعات کو آن لائن تدریس کی اجازت دی گئی تھی اورانہوںنے آن لائن کلاسز شروع کردی ہیں۔شاہ عبد العزیز یونیورسٹی نے پروفیشنل سیلز ، مارکیٹنگ ، پبلک ایڈمنسٹریشن ، بینکنگ اور انشورنس میں ڈپلومہ کے لیے لائسنس حاصل کیا ہے۔
شاہ فیصل یونیورسٹی نے مارکیٹنگ اور سیلز ، بینکنگ ، انشورنس ، اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈپلوما کے لیے لائسنس حاصل کیا۔
القصیم یونیورسٹی نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، لاجسٹک اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ ، اکاؤنٹنگ ، اور سیلز ڈپلوما میں آن لائن تدریس کا لائسنس حاصل کیا ہے جب کہ شہزادی نورا یونیورسٹی کو مارکیٹنگ ڈپلوما کے لیے لائسنس ایشو کیا گیا ہے۔
نیشنل سینٹر برائے ای لرننگ نے تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں اور مملکت کے تعلیمی اور تربیتی اداروں میں ای ایجوکیشن اور ٹریننگ باڈیز اور پروگراموں کے لیے لائسنس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
متعدد سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں ، تعلیمی اور مختلف سرکاری و نجی اداروں نے لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں اور انہیں ضروری لائسنس دینے سے متعلق طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔