جمعہ, 17 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(لاہور) بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق سابق سی پی اوسعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیلیں دائر کی ہیں جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انسدادد ہشتگردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے جانے والے شواہد کو نظر انداز کیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے لہذا سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں بری کیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر قتل کیس میں سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم اشفاق کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ عدالت نے پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر کو اشتہاری قرار دیا تھا، عدالت نے کیس میں ملوث دیگر پانچوں ملزمان کو باعزت بری کر دیا تھا جن میں رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ شامل ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (سکھر)سندھ حکومت نے پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے وفاق سے درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بینظیر کے قتل کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے پرویز مشرف کی انٹرپول سے گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کرے گی، معاملے پر پیش رفت وزیراعلیٰ سندھ کی حج سے وطن واپسی پر ہوگی۔
روہڑی میں صحافیوں سے گفتگو میں ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ثبوت مٹانے کی کوشش کی گئی اور جس طرح عدالت نے پولیس والوں کو سزائیں دی ہیں، اس سے تو پرویز مشرف مجرم بنتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے دہشت گردوں کو عدالت نے بری کیا جس کی مذمت کرتے ہیں، پرویز مشرف کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے وفاق سے درخواست کریں گے

 

 

ایمز ٹی وی(کاغان )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ نظام کو کوئی خطرہ نہیں ، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے(ن) لیگ نے ہمیشہ دھوکا دیا‘ عمران خان کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں‘ایسے ہی جلسے کرتارہاتوخان صاحب روناشروع کردیں گے‘بعض سیاستدانوں نے صرف غریبوں کی بات کی مگر بھٹو نے عوام کیلئے جان دی ‘ سپریم کورٹ کا فیصلہ پورے ملک کو تسلیم کرنا چاہئے، حکومت کے روئیے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے،کاغان میں جلسہ عام اوربعدازاں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے

۔
انہوں نے کہا کہ ہم میثاق جمہوریت کےبنیادی اصولوں پر آج بھی قائم ہیں تاہم ن لیگ نے ہمارے دور حکومت میں میثاق جمہوریت کا ساتھ نہیں دیا جس کے بعد اب تخت رائےونڈ میں آپس میں جھگڑا ہورہا ہے۔

بلاول بھٹونے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی ، ایک سیاسی جج نے آصف زرداری پر انتخابی مہم چلانے پر پابندی لگائی لیکن چترال، چنیوٹ اور مانسہرہ کے جلسوں سے پتا چل گیا کہ عوام نے پچھلے الیکشن کے نتائج کو مسترد کیا۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے قول وفعل میں تضاد ہے جو سندھ کے عوام قبول نہیں کریگی کیونکہ سندھ میں ایک ہی وزیراعلیٰ کو کرپشن کے الزام میں نکالا گیا جو اب عمران خان کیساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں، انہیں ضرور آنا چاہئےاور میری دعا ہے کہ عمران خان کا جلسہ کامیاب ہو۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بہت سے سیاستدان غریب اور عوام کی بات کرتے ہیں لیکن بھٹو صرف بات نہیں کرتے بلکہ جان بھی دیتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو نے آپ کیلئے جان دی تھی۔انہوں نے کہا کہ روٹی ، کپڑااور مکان کا نعرہ نہیں لگایا بلکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بھی دیا۔
ایسے ہی جلسےکرتا رہا تو عمران خان رونا شروع کردینگے‘بھٹو نے قوم کو ایٹم بم کا تحفہ دیا، جس کی وجہ سے آج دشمن اس ملک کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی ہمت نہیں کرتا ‘ عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے

 

ایمز ٹی وی (کراچی ) ڈرگ روڈ حسین سہر وردی انڈر پاس کا افتتاح کر دیا گیا افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی بلاول بھٹو تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید منور حسین انڈر پاس کا افتتاح کرنے پر بہت خوش ہوں ۔ منور حسن کی کراچی کی سیاست میں بڑا نام تھا، شہید منور حسین نے جمہوریت کے لئے بہت کام کئےتھے۔ان کا مزید کہناتھاکہ بے نظیر بھٹوشہید کے دور میں بھی کراچی میں بے شمار کام ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قوم کی خدمت کی ہے .

انہوں نےمزید کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور صفائی بھی کی جارہی ہے۔ کراچی میں تمام بڑے منصوبے پیپلز پارٹی نے بنائے ۔ ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا اور 2018 میں بھی انشائاللہ عوام پیپلز پارٹی کو ہی کامیاب کرینگے ۔ پاناما کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل پاناما کے معاملے کا بہت شور مچا ہوا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے منتظر ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔ جے آئی ٹی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ شریف خاندان نے کرپشن کی۔

آخر میں بلاول بھٹو کا" مک گیا تیرا شو گو نواز گو "کا نعرہ

جبکہ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے ان کا ڈرگ روڈ پر انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ کراچی میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے 4 ماہ کے عرصے کے اندر انڈر پاس کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ انڈر پاس کو شہید رہنما منور حسین سہر وردی کے نام سے منصوب کیا گیاان کا مزید کہنا تھا کہ2018 میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سی زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن صوفی ازم کی ایک زبان ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے میں صوفیوں کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے اور صوفیوں نے اسلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صوفیوں نے دنیا میں امن کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی قربانیاں سیکڑوں سال پر محیط ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج امن کی جگہ دہشت گردی نے لے لی ہے ، میں نے اپنی ماں کو دہشت گردی کے ہاتھوں کھویا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ سندھ)سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے گزشتہ روز بلاول ہائوس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر محمد علی شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے تاریخی کردار اور اس ادارے کی بھٹو خاندان کیساتھ وابستگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو بتایا گیا کہ انکے والد آصف علی زرداری کے تڑ نانا حسن علی آفندی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے دادا اور انکے (بلاول بھٹو)تڑ دادا سر شاہنواز بھٹو نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔
ڈاکٹرمحمد علی شیخ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے بھی سندھ مدرستہ الاسلام سے منسلک کالج میں کچھ عرصہ تک درس و تدریس کے فرائض سر انجام دیے ۔اس موقع پر محترمہ بینظیر بھٹو کے سندھ مدرستہ الاسلام سے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے کئی دفعہ سندھ مدرستہ الاسلام کا دورہ کیا۔آخری مرتبہ انہوں نے مارچ 1999 میں سندھ مدرستہ الاسلام کا دورہ کیا تھا۔جس کے دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی انکی جماعت اقتدار میں آئی تو سندھ مدرستہ الاسلام کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائیگا۔بعد میں جب آصف علی زرداری اس ملک کے صدر بنے تو انہوں نے مئی 2010 میں سندھ مدرسہ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ڈاکٹر محمد علی شیخ نے قائد پیپلزپارٹی کو بتایا کہ سندھ حکومت سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی بھرپور مدد کررہی ہے۔
وائس چانسلر نے بلاول بھٹو کو مزید بتایا کہ اس ادارے کے سابق طالبعلموں نے تحریک پاکستان اور بعد میں پاکستان کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کیا۔جن میں قائد اعظم محمد علی جناح، سر شاہنواز بھٹو و دیگر شامل ہیں۔یہی سبب ہے کہ اس ادارے کا شمار پاکستان کے تاریخی ورثہ میں ہوتا ہے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور تعمیر کیلئے اعلیٰ تعلیم کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کوقائد اعظم محمد علی جناح، حسن علی آفندی اور محترمہ بینظیر بھٹو پر لکھی گئی کتابوں کے تحائف پیش کیے۔

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے،
جنوبی ایشیا کو معیشت اور توانائی کا منبع بننا چاہیے۔ یونائیٹڈ سٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کی داخلی اور خارجہ پالیسی میں قابل ذکر کامیابی نظر نہیں آتی۔ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان اور بھارت میں نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے۔ مستقبل میں امریکا کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں آ کر اقلیتوں کیلئے قانون سازی کرے گی۔ جنوبی ایشیا کو معیشت اور توانائی کا منبع بننا چاہیے ۔ امید کرتا ہوں بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرے گا۔ پاکستان کو مسئلہ نہیں مسئلے کے حل کا حصہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل آرڈر کی ناکامی نے دنیا پر گہرے اثرات چھوڑے۔ افغانستان کو امن عمل میں پہل کرنا ہوگی،طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں۔ افغانستان پاکستان کے استحکام کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔امریکا نے افغان جہاد کے بعد پاکستان کو اکیلا چھوڑ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہے ہیں اور پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔اس جنگ میں پاکستانی شہریوں اور فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے بانی وائس چانسلر جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی خالد علی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری، میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی۔ یونیورسٹی کے غیر ملکی جامعات سے تعلیمی روابط اور اس سلسلے میں برطانوی دوروں کے سلسلے کے بارے میں آگاہ کیا۔ بانی وائس چانسلر نے جامعہ ِ قانون کی کارگردگی کی رپورٹ پیش کی اور چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو داخلوں سٹی کیمپس، شہید بینظیر بھٹو کیمپس کورنگی اور مرکزی کیمپس ملیر کے متعلق آگاہ کیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارنے اِن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ ِ قانون، پاکستان میں تعلیمی انقلاب کی طرف پہلا قدم ہے اور انہوں نے جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی خالد علی کو یہ یقین دلایا کہ جامعہ قانون اور انِ کو عدلیہ کی سرپرستی حاصل رہے گی۔ چیف جسٹس صاحب نے اِس موقع پر کہا کہ بانی وائس چانسلر کی کوششیں نہ صرف قابل ِ ستائش اور قابل ِ تحسین ہیں بلکہ یہ تاریخ کا حصہ بنے گی۔ اس موقع پر بانی وائس چانسلر نے اپنی عدالتی فیصلوں پر مشتمل کتاب بھی چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی 27 ویں سالگرہ پر دوستوں ، پارٹی کارکنوں اور عوام کی جانب سے مبارکبادوں کے پیغامات کا تانتا بندھا رہا ، موبائل فون ، فیس بک ، ٹوئٹر اور تہنیتی کارڈز کے ذریعے کارکنوں ، بختاور بھٹو کے دوستوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے ان کی سالگرہ کے موقع پر پیغامات ارسال کئے۔
صبح سے شام تک موصول ہونے والے ان گنت پیغامات اور گفٹس کی وجہ سے بلاول ہاﺅس میں تحائف اور پھولوں کے ڈھیر لگ گئے۔ بختاور بھٹو زراری نے اپنی سالگرہ کی خوشیوں میں شریک ہونے والوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے اور اپنی شہید والدہ کے مشن کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(فیصل آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سے فیصل آباد تک ریلی نکالی اور اس دوران وہ جب بار بار سن روف سے باہر نکل کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے تو ان کی دونوں بہنوں کو شدید پریشانی لاحق رہی اور انہوں نے قاسم گیلانی کے ذریعے پیغام بھجوایا اور بلاول کو سن روف پر آنے سے منع کیا۔
پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں لاہور سے فیصل آباد تک ریلی نکالی ۔ اس دوران انہوں نے متعدد جگہوں پر کارکنوں سے خطاب کیا جبکہ منصوبے کے بر خلاف کئی جگہ پر ریلی کو روکنا بھی پڑا جس کی وجہ سے بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری اپنے بھائی کے تحفظ کے حوالے سے شدید پریشان رہیں۔
دونوں بہنوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی سے ٹوئٹر پر رابطہ کیا اور انہیں بلاول کو سن روف پر آنے سے منع کرنے کی ہدایت کی ۔ ٹوئٹر پر اطلاع کے بعد بھی جب بلاول سن روف پر آئے تو انہوں نے علی قاسم کو ٹیلی فون کیا اور بلاول کو ایسا کرنے سے باز رہنے کو کہا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو کی والدہ سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو بھی 2007 میں لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کے بعد واپس جاتے وقت کارکنوں کے نعروں کا جواب دینے کیلئے گاڑی کے سن روف سے باہر آئی تھیں اور اسی وقت ان پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ جانبر نہ ہوسکی تھیں

 

Page 3 of 5