Reporter SS
دنیا بھرمیں مقبول موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے ایک اور نئی سہولت پیش کردی ہے۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے صارفین کیلیے ایک نیا فیچر تیار کیا گیا ہے جس کے تحت وہ کوئی بھی ڈرافٹ میسج چیٹ کھولے بغیر دیکھ سکیں گے۔
اس فیچر کو کمپنی کی جانب سے ’ڈرافٹ میسج‘ فیچر کا نام دیا گیا ہے جسے پہلے مرحلے میں آزمائش کیلیے آئی فون کے مخصوص صارفین کو پیش کیا گیا ہے۔
ایپل کے صارفین کے لیے آزمائشی طور پر متعارف کرائے گئے ’ڈرافٹ‘ فیچر کو کامیابی کے بعد تمام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فیچر کے تحت صارفین کے نامکمل پیغامات پر لیبل لگ جائے گا جس کو وہ ایک علیحدہ آپشن ’چیٹ فہرست‘ میں جاکر میسج کھولے بغیر دیکھ اور پھر اس میں ترمیم بھی کرسکے گا۔
اس فیچر کا مقصد غیر ضروری چیٹ کی جھنجھٹ سے صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد: پی ٹی اے نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے ہیں اور یہ فیصلہ وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کےلیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہناہےکہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی وی پی این سے حساس ڈیٹا تک رسائی ہوسکتی ہے جب کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سے غیرقانونی مواد تک رسائی بھی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی اے نے 2010 میں وی پی این کی رجسٹریشن کا آغاز کیا اور اب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی این رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں جب کہ 1422 سے زائد کمپنیاں اب تک وی پی این رجسٹرڈ کراچکی ہیں۔
وی پی این کیا ہے ؟
وی پی این ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے اوریہ ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براؤزنگ کی اجازت دیتا ہے۔
ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد سے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو استعمال کرسکتے ہیں۔
نیٹ فلکس نے اپنے مشہور شو اسٹرینجر تھنگز کے پانچویں اور آخری سیزن کے ریلیز کا اعلان کردیا۔
مشہور اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے تھرلر اور فکشن سے بھرپور ہارر ویب سیریز اسٹرینجر تھنگز کے آخری سیزن کے ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے اس کی تمام اقساط کے نام بھی بتا دیے ہیں۔
نیٹ فلکس کی جانب سے ویب سیریز کی 2025 میں ریلیز کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ آخری سیزن میں 1987 کے واقعات دکھائے جائیں گے۔
اس سیزن کی پہلی قسط کا نام ’دی کرال‘ رکھا گیا ہے، جبکہ دوسری قسط کا نام ’دی وینشنگ آف ۔۔۔۔‘ ہے، جس کا عنوان جزوی طور پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ یہ نام پہلی قسط "دی وینشنگ آف وِل بائرز" کی یاد دلاتا ہے۔
اس سیزن میں مجموعی طور پر آٹھ اقساط ہوں گی جیسے پچھلے سیزنز میں تھیں، البتہ اقساط کے دورانیے کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
گزشتہ سال اس اعلان کے بعد کہ ٹرمینیٹر کی مشہور اداکارہ لنڈا ہیملٹن بھی اسٹرینجر تھنگز کاسٹ کا حصہ ہوں گی، سیریز کی کاسٹ یا اسٹوری کے حوالے سے دیگر معلومات کو راز رکھا گیا ہے۔
سیریز کے مداحوں کو امید ہے کہ نیٹ فلکس جلد ہی ایک مکمل ٹریلر جاری کرے گا جس کا انہیں بےصبری سے انتظار ہے۔
لاہور: وفاقی حکومت نےآئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی عدم شرکت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی دوسری ٹیم کو مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے حکومتی ایڈوائس پر قانونی مشاورت مکمل کرلی جس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے پی سی بی کو پیغام دیا ہے کہ بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو بھارت کے متعلق پالیسی پر گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے جس کی روشنی میں آئی سی سی سے بھارتی انکار کی وضاحت مانگی جائے گی۔
آئی سی سی نے پی سی بی کے نام ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ بی سی سی آئی نے زبانی طورپر آگاہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے، بھارت کے ساتھ پاکستان کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔
حکومتی حکام نے پی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے پر دوسرے بورڈز کو بھی اعتماد میں لیا جائے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت رویہ اور طرز عمل اپنایا ہے لہٰذا اب بھارت کے پاس اخلاقی اور قانونی طور پر پاکستان نہ آکر کھیلنے کی گنجائش نہیں رہتی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے لیے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کے لیے ابتدائی مؤقف میں 1996 اور 2003 ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ مؤقف ہوگا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت مؤقف اپنائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس بنیاد پر مائنس انڈیا چیمپئنز ٹرافی کی تجویز بھی دے سکتا ہے، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری طور پر نہیں کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی میں اس بات پر زور دے گا کہ بھارت تمام مؤقف تحریری طور پر پیش کرے۔
اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان اگلے ایک دو روز میں حکومتی گائیڈ لائنز کی روشنی میں آئی سی سی کو خط لکھے گا جس کے لیے بورڈ نے قانونی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے
پاکستان سے ون ڈے سیریز میں شرمناک شکست پر سابق آسٹریلوی کپتان سمیت دیگرکھلاڑی اپنی ٹیم پر برس پڑے۔
آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے ٹیسٹ کھلاڑیوں کو تیسرے میچ کے لیے آرام دینے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسمتھ، کمنز ، اسٹارک لبو شین اور ہیزل ووڈ کو تیسرے میچ میں کیوں آرام دیا گیا ؟
مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ 22 نومبر سے بھارت کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ کے لیے ان کھلاڑیوں کو آرام دے دیا گیا، ٹیسٹ وکٹ کیپر ایلیکس کیری ڈومیسٹک ون ڈے کپ کھیل رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو ہارنے کی پرواہ نہیں ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے پہلے دو میچز جیتے ہوتے تو آرام دینے کی سمجھ آتی ہے، جب سیریز فیصلہ کن میچ پر پہنچی ہوئی آپ نے بڑے کھلاڑیوں کو آرام کرادیا۔
دوسری جانب سابق آسٹریلوی کھلاڑی برینڈن جیولین نے کہا کہ شکست شر مناک ہے، شیڈول ایشو رہا ہے ، فیصلہ کن میچ سے قبل 5 کھلاڑیوں کو بٹھایا نہیں جاتا۔
اس کے علاوہ سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ مائیک ہسی کا کہنا تھا کہ ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ اہم میچ سے قبل 5کھلاڑیوں کو باہر بٹھا دیں، تینو ں میچز میں آسٹریلوی بیٹنگ ایکسپوز ہوئی ہے۔
لاہور: پنجاب کے چار اضلاع میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بندکرنےکافیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔
چاروں ڈویژنز میں آوٹ ڈور فیسٹیولز، کنسرٹس پر بھی پابندی لگادی گئی۔ نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ تمام شاپنگ مالز، دوکانیں، ریسٹورینٹس جلدی بند کیے جائیں گے، ریسٹورینٹس کی آوٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
فارمیسز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور بیکریوں کو اس پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اپنے گروسری کے شعبے کھول سکیں گے۔
فیصلے کا اطلاق 11 نومبر سے 17 نومبر تک رہے گا۔ ڈی جی محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لئےآج پرتھ سے برسبین روانہ ہوگی
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پاکستان سے برسبین پہنچ چکے ہیں جن میں عثمان خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، عباس آفریدی اور جہانداد خان شامل ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے اسکواڈ کے چھ کھلاڑی آج رات پرتھ سے پاکستان روانہ ہوں گے۔
پاکستان جانے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، عامر جمال، فیصل اکرام اور محمد حسنین شامل ہیں۔
واضح رہےدونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 نومبر کو برسبین میں ہوگا ۔
ایلون مسک کی دولت لگ بھگ 3 سال بعد 300 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی ہے
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد سے ایلون مسک کی دولت میں بہت تیزی سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔۔ان کی دولت میں یہ اضافہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے سے ہوا۔
منگل سے اب تک ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایلون مسک کی دولت 50 ارب ڈالرز اضافے سے 313.7 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔امریکا کے نئے منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ایسے اقدامات کا عندیہ دے چکے ہیں جن سے ایلون مسک کی کمپنیوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک موقع پر کہا تھا کہ وہ ان منصوبوں پر نظرثانی کریں گے جن کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کو روایتی گاڑیوں کی جگہ دینے کا عمل سست رفتار ہو رہا ہے۔ٹیسلا الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسپیس ایکس کو سپورٹ کرنے کے بارے میں بھی بات کی گئی ہے اور اس کمپنی سے ایلون مسک کی دولت میں 82 ارب ڈالرز اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح نومنتخب امریکی صدر ایلون مسک کو اپنی انتظامیہ میں جگہ بھی دینا چاہتے ہیں۔
53 سالہ ایلون مسک دنیا کے ابھی تک واحد شخص ہیں جن کی دولت 300 ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھو چکی ہے۔
ایسا پہلے 2021 میں ہوا تھا اور اس وقت وہ 340 ارب ڈالرز کے مالک بن گئے تھے مگر بعد میں اس میں کمی آئی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نےڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس اوربی ای کے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں ایک دن کی توسیع کردی۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس،بی ایڈ(آنرز)اور بی ای چارسالہ پروگرام داخلے برائے سال 2025 ء میں داخلوں کے لئے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں ایک دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
خواہشمند طلبہ آن لائن داخلہ فارم 11 نومبر2024 ء کو صبح 9:00 تاشام 5:00 بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس،بی ایڈ(آنرز)اور بی ای چارسالہ پروگرام کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ 13 نومبر2024 ء کو اُن کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے جس پر امتحانی مرکز کا نام اور رپورٹنگ کا وقت درج ہوگا۔ داخلہ ٹیسٹ اتوار17 نومبر 2024 ء کو ہوگا۔
علاوہ ازیں طلبہ کی سہولت کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کا سلورجوبلی گیٹ پر واقع ہیلپ کاؤنٹر صبح 9:00 بجے تاشام5:00 بجے تک کھلارہے گا جس میں طلبہ کو آن لائن داخلہ فارم پُرکرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے ویب سائٹ پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں