اتوار, 24 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 14 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

اس سے قبل ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے یکم نومبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیاتھا

کراچی میں 19 سے 22 نومبر تک شارع فیصل اور کارساز کے اطراف میں اسکول بند رکھنے کی سفارش کردی گئی۔

کراچی میں بین الاقوامی نمائش کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر ڈی آئی جی ٹریفک نے کمشنر کراچی کو 19 سے 22 نومبر تک شارع فیصل اور کارساز کے اطراف واقع تمام اسکول بند رکھنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں شارع فیصل اور کارساز کے اطراف تمام اسکولز 4 روز تک بند رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسکول کھلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے لہٰذا شارع فیصل اور کارساز کے اطراف 19 سے 22 نومبر تک اسکول بند رکھے جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ اسکولوں کی بندش سے نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بہتر ہوسکتی ہے۔

پاکستان میں ایک اور پولیوکیس کی تصدیق ہوگئی

ملک بھر میں رواں برس اس وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 49 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں انسداد پولیو کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ایک اور ’وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون‘ کیس کی تصدیق کی ہے، جو بلوچستان کے ضلع جعفر آباد سے رپورٹ ہوا ہے، اس جگہ رپورٹ ہونے والا یہ پہلا کیس ہے، جس کی سرحد بلوچستان اور سندھ سے ملتی ہے۔

بلوچستان اس سال سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے، جہاں 24 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ سندھ سے 13، خیبرپختونخوا سے 10 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 8 نومبر کو پاکستان میں پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ سامنے آئے تھے، جس سے رواں سال ملک بھر سے کیسز کی تعداد 48 ہوگئی تھی۔

پاکستان اسٹاک ایکسیچنج میں آج زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 836 پوائنٹس اضافے کے بعد 94 ہزار کی بُلند ترین سطح پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 836 پوائنٹس یا 0.9 فیصد بڑھ کر 94 ہزار 191 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 93 ہزار 355 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 11 نومبر کو 100 انڈیکس نے پہلی بار انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران 94 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی تھی تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان جاری نہ رہا سکا تھا اور انڈیکس 356 پوائنٹس یا 0.38 فیصد بڑھ کر 93 ہزار 648 پر بند ہوا تھا۔

چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں کم شرح سود کی وجہ سے میوچوئل فنڈز سے ایکویٹی میں تبدیلی جاری ہے۔

یوسف فاروق نے کہا تھا کہ ریٹیل سرمایہ کاروں کو اچھے طویل مدتی نتائج کے لیے قلیل مدتی نقل و حرکت کی فکر کیے بغیر متنوع پورٹ فولیو میں ’سرمایہ کاری جاری رکھنی چاہیے‘۔

بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرکاری اسکول کے طلبہ کی امتحانی فیس آن لائن جوئے میں ہارنے والے کلرک کو 16 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق طلبا کے امتحانی فیس کی رقم کو جوئے میں لگانا اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول ژوب کے جونیئر کلرک شہزاد جمال نے امتحانی فیس کے 23 لاکھ 15 ہزار روپے آن لائن جوئے میں اڑائے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم پہلے آن لائن جوئے میں 5 لاکھ روپے جیت گیا تھا جس کے بعد وہ 7 لاکھ روپے جیتا تھا۔

  امتحانی فیس کے 23 لاکھ روپے جوئے پر لگا دیا۔

پولیس کے مطابق کلرک کے پاس اسکول کے نویں اور دسویں جماعت کے 878 طلبہ نے امتحانی فیس جمع کرائے تھے۔

میٹرک کے سالانہ امتحان کے لیے مجموعی طور پر ملزم کے پاس 24 لاکھ روپے کے لگ بھگ جمع ہوئے تھے، کلرک نے یہ رقم امتحانی بورڈ کے اکاؤنٹ میں جمع کرنے کی بجائے اس رقم کو اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع کرایا تھا۔

واقعے پر صوبائی وزیر تعلیم نے نوٹس لیا تھا اور اسکول کے پرنسپل کے درخواست پر کلرک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر ژوب کی درخواست پر بلوچستان بورڈ نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول کے طلبہ کے نہم اور دہم جماعتوں کے لیے سالانہ امتحانات کے داخلوں میں 11 نومبر تک توسیع کردی تھی۔

جنوبی کوریا کے معروف اداکار و ماڈل سونگ جے رم اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

کورین میڈیا کے مطابق 39 سالہ سونگ جے رم کی لاش دو روز قبل 12 نومبر بروز منگل کو ضلع سیونگ ڈونگ میں ان کے اپارٹمنٹ میں پائی گئی۔

حکام کے مطابق سونگ جے رم کے گھر سے دو صفحات پر مشتمل خط بھی برآمد ہوا ہے۔

اگرچہ اداکار کی موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی لیکن پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ سونگ جے رِم کی موت میں کسی کے ملوث ہونے یا مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔

ان کی موت کی اطلاع کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سونگ جے رم نے 2009 میں اداکاری سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ’مون ایمبریسنگ دی سن‘ (2012) جیسے تاریخی ڈرامے میں باڈی گارڈ کے کردار اور ’ٹو ویکس‘ (2013) میں ایک بے رحم قاتل کے کردار سے شہرت حاصل کی۔

وہ معروف رئیلیٹی شو ’وی گاٹ میریڈ‘ کے چوتھے سیزن میں کم سو ایون کے ساتھ نظر آئے تھے، جس نے ان کی مقبولیت کو بلندیوں تک پہنچایا اور انہیں 2017 میں ایم بی سی انٹرٹینمنٹ ایوارڈز میں بہترین جوڑی کا ایوارڈ بھی ملا۔

سونگ جے رم کی مقبول ڈراموں میں سیکریٹ گارڈن، کول گائز، ہاٹ رامن، انسپائرنگ جنریشن، اور آئی وانا ہیر یور سانگ شامل ہیں۔

ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کی رجسٹریشن کیلئے نیا طریقہ متعارف کرادیا گیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے معاملے پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیا جس میں وزارت آئی ٹی، پی ایس ای بی اورپاکستان آئی ٹی ایسوسی ایشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی اے کی جانب سے وی پی این کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک نیا طریقہ متعارف کرایا گیا جس کے تحت صارفین اب اپنے وی پی اینز ایک نئے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹر ڈ کراسکتے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق وی پی اینز ipregistration.pta.gov.pk پر رجسٹرڈ کیے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب مشاورتی اجلاس میں شرکا نے محفوظ رابطوں کیلئے وی پی این کی اہمیت کو تسلیم کیا جب کہ اس دوران غیرقانونی سرگرمیوں میں وی پی اینز کے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق رجسٹریشن فریم ورک آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کیلئے بلاتعطل انٹرنیٹ تک رسائی ممکن بنانے کاعمل ہے جب کہ وی پی اینزکی رجسٹریشن کیلئےکمپنیوں اورفری لانسرزکی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

برسبین میں کھیلے گئےپہلا ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔

بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان فی اننگز 7 اوورزکا کھیل ہوا، پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیل کے آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ میتھیو شارٹ 7 ، جیک فریسر اور ٹم ڈیوڈ 9،9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔آسٹریلیا نے مقررہ سات اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک جب کہ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ اور سلمان علی آغا آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہیں، جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔

اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر مزہ دوبالا کرنے کا سنہری موقع ہے

نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کوپاکستان میں پہلی دفعہ شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام بی ٹیک آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پروگرام میں این ٹی سی کی ہدایت کے مطابق طلبہ کو مہارت فراہم کرنے کے لیے 70 فیصد کورس پریکٹیکل پر مشتمل کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے زیرو وزٹ میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے اعلی پائے کے ماہرین تعلیم کو ایگزامنرز کے طور پہ مدعو کیا تاکہ وہ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مرتب کردہ نصاب اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے سکیں۔

یونیورسٹی سے منسلک ماہرین تعلیم جن میں ڈاکٹر زبیر احمد شیخ وائس چانسلر محمد علی جناح یونیورسٹی پروفیسر غضنفر اللہ خان یو ائی ٹی اور غلام محمد صاحب ممبر این ٹی سی اسلام اباد سے اس زیرو وزٹ میں شامل تھے۔ماہرین نے نصاب میں کچھ جدید مضامین کا اضافہ کروا کر اسے عالمی معیار کے مطابق مرتب کروایا اور سر سید یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ان سہولیات میں جدید ترین ہائی سپیڈ پر مشتمل لیبارٹریز، جدید طرز کے کلاس رومز، نئی اور جدید کتابوں سے آراستہ لائبریری، اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ اور تمام ضروری سہولیات شامل ہیں۔

یونیورسٹی کی جانب سے اس پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی فیس میں رعایت بھی دی جا رہی ہے۔ان ماہرین کا خیال ہے کہ یہ پروگرام انڈسٹری کو جدید تکنیکی صلاحیتوں کے حامل گریجویٹس مہیا کرے گا جو کہ پاکستان کی صنعتوں کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہمکنار کرنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

ماہرین تعلیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سر سید یونیورسٹی کے اس پروگرام کو ایک ماڈل کے طور پر کامیاب بنا کر دوسری یونیورسٹیز میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس موقع پر سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین شعبہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر محمد ریحان ایڈیشنل رجسٹرار زبیر حمیدی اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر ولیج حیدر ان کے ہمراہ موجود تھے۔جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف کا کہنا تھا کہ این ٹی سی نے جو اعتماد سر سید یونیورسٹی پر کیا ہے اس پر ہم پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز کو شامل کرنے کے لیے کافی کام جاری ہے۔

ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹا گرام میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صارفین اپنی پروفائل فوٹو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کرسکیں گے۔

ایک ڈویلپر Alessandro Paluzzi نے اس نئے فیچر کے بارے میں بتایا۔
انہیں اس فیچر کا علم اس وقت ہوا جب وہ انسٹا گرام پر اپنی پروفائل فوٹو تبدیل کر رہے تھے۔
اس فیچر کو Create an AI profile picture کا نام دیا گیا ہے اور ڈویلپر کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر اس کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انسٹا گرام کی جانب سے اے آئی پروفائل پکچر کی تیاری میں مدد فراہم کرنے والے فیچر پر کام کیا جار ہا ہے۔اس بارے میں زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر ممکنہ طور پر یہ فیچر میٹا کے لاما اے آئی ماڈل پر مبنی ہوگا۔

ابھی انسٹا گرام میں صارفین ڈیوائس سے کسی تصویر کو اپ لوڈ کرکے پروفائل فوٹو کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔مگر اس نئے اے آئی فیچر سے صارفین کو زیادہ تفصیلی اور تخلیقی پروفائل فوٹو تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ابھی کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

 

Page 11 of 2425