اتوار, 24 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران تیز دھوپ رہنے کا امکان ہے جبکہ آج اور کل سمندری ہوائیں بحال رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق منگل سے شہر پر بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں اثرانداز ہو سکتی ہیں۔

شہر میں کم سے کم پارہ 19 سے 21 ڈگری کے درمیان اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

کراچی : دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے پیش نظر شہریوں کی سہولت کے لئے راستوں کی بندش کا ٹریفک پلان جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش کے لیے ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا ، 19 نومبر سے 22 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش ہونے جارہی ہے۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ صبح 7 سے شام 7بجے تک ایکسپوسینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی جبکہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم سڑک بند اور اسٹیڈیم فلائی اوور سے دونوں فلائی اوورز ٹریفک کیلئے بند ہوں گے۔

ٹریفک پولیس نے کہا کہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم سگنل سے دائیں جانب حسن اسکوائر جانے والا روڈ بند ہوگا اور یونیورسٹی روڈ نیپا سے آتے ہوئے ایکسپو سینٹر سے بائیں جانے والی سڑک بند ہوگی۔

پلان میں بتایا گیا کہ شارع فیصل سے ہیوی اور کمرشل گاڑیاں، واٹر ٹینکر کا کارساز روڈ پر داخلہ بند ہوگا،تمام ہیوی اور کمرشل گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔

ٹریفک پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر ہیوی اور کمرشل ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی اور ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کو نیپا، عسکری 4 سے شارع فیصل اورنیپا چورنگی بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ نیپا سےحسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہیوی اور کمرشل گاڑیاں نیپا، گلشن چورنگی سےسہراب گوٹھ یا ڈرگ روڈ کاراستہ اختیارکریں۔

جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، کمرشل گاڑیاں شہید ملت روڈ یا تین ہٹی روڈ کا استعمال کریں۔

ملک میں بولی جانے والی مادری زبانوں پر رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 8 کروڑ 89 لاکھ افراد کی مادری زبان پنجابی اور چار کروڑ 36لاکھ آبادی کی مادری زبان پشتو ہے جبکہ 3کروڑ 44 لاکھ آبادی کی مادری زبان سندھی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق 2کروڑ 88 لاکھ افراد کی مادری زبان سرائیکی اور 2کروڑ 22لاکھ سے زائد آبادی کی مادری زبان اردو ہے جبکہ ملک میں 81 لاکھ 17ہزار آبادی کی مادری زبان بلوچی ہے۔

ادارہ شماریات نے بتایاکہ پاکستان میں 55 لاکھ 90 ہزار افرادکی مادری زبان ہندکو، 27 لاکھ 78 ہزار آبادی کی مادری زبان براہوی، 10 لاکھ 39ہزار کی مادری زبان کوہستانی اور دو لاکھ 74ہزار آبادی کی مادری زبان کشمیری ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 16ہزار افراد کی مادری زبان شینا، 52 ہزار 134 افراد کی مادری زبان بلتی اور 7 ہزار 466افرادکی مادری زبان کیلاش ہے جبکہ ملک میں 33لاکھ 37ہزار کی دیگر مادری زبانیں ہیں۔

لاہور: عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستان شوبز کے نوجوان ہدایتکار معیزعباس کی نئی ویب سیریز ’فروٹ چارٹ‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا۔

فروٹ چاٹ کی کہانی ایک ایسی تعلیم یافتہ اور قابل لڑکی ’شبانہ‘ کے گرد گھومتی ہے جو ویل چیئر استعمال کرنے والی خاتون ہے مگر ہمت کی اعلیٰ مثال ہے تاہم اسے معاشرے میں بچپن سے لے کر جوانی تک کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اس نے ہار نہ مانتے ہوئے ان مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور معاشرے میں اپنا ایک مقام بنانے میں کامیاب رہی۔

شبانہ ایک ایسے معاشرے میں اپنے لیے جگہ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، جہاں معذوری سے جڑے تصورات اور تعصبات خوابوں اور کامیابی کے درمیان رکاوٹ بنتے ہیں۔

کامیڈی سے بھرپور یہ منفرد کہانی ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہنوں میں غور و فکر کے لیے کئی موضوعات چھوڑ دے گی، جن میں روزگار، محبت، دوستی، اور ایک عورت ہونے کے تجربات شامل ہیں۔

اس ویب سیریز کی کہانی رائٹر اور ہیومن ایکٹیوسٹ تنزیلا خان نے لکھی ہے جو خود اس ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ معروف اداکار فواد جلال، نادیہ افغان بھی اس پراجیکٹ میں خصوصی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ہدایتکار معیز عباس کی ویب سیریز اس وقت شوٹنگ کے مرحلے میں ہے جس کو جنوری کے پہلے ہفتے میں ریلیز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔7 قسطوں پر مشتمل ویب سیریز ’فروٹ چارٹ‘ کو اس کے آفیشل اسٹریمنگ پارٹنر’مائیکو‘ پر ریلیز کیا جائے گا، فروٹ چاٹ کو اس سے قبل بطور ’مختصر فلم‘ پیش کیا گیا تھا جس نے مسلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (یو کے)، ویمن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور روس سے ’بہترین مختصر فلم‘ کے ایوارڈز بھی حاصل کئے ہیں۔

بالی ووڈ کی مشہور فلم ’ڈان‘ فرنچائز کی تیسری فلم ’ڈان 3‘ میں ولن کے کردار کیلئے وکرانت میسی کا نام زیر غور ہے۔

فرحان اختر کی ہدایتکاری میں بننے والی ڈان 3 میں رنویر سنگھ اور کیارا اڈوانی مرکزی کردار ادا کریں گے فلم اس و وقت تیاری کے مرحلے میں ہے جبکہ ولن کا نام اب تک فائنل نہیں ہوسکا تاہم کہا جارہا ہے کہ اداکار وکرانت میسی کو فلم میں ولن کے اس ’اہم‘ کردار کے لیے پیشکش کی جاسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وکرانت میسی، جنہوں نے حالیہ فلم ’12ویں فیل‘ میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا اور دنیا بھر میں خوب نام کمایا، انہیں ڈان 3 میں رنویر سنگھ کے مقابل مرکزی ولن کا کردار ادا کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم ابھی تک اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں فرحان اختر نے بتایا کہ انہوں نے ڈان 3 کے لیے ’نئی نسل کے اداکار‘ کی ضرورت کے تحت رنویر سنگھ کو منتخب کیا۔ انہوں نے رنویر کی توانائی اور اداکاری کی صلاحیت کو سراہا اور کہا کہ ان کا ایک منفرد پہلو ابھی تک مکمل طور پر سامنے نہیں آیا ہے جس کو وہ دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈان 3 کی تیاری آئندہ سال مارچ میں شروع ہوگی کیونکہ فرحان اور رنویر دیگر منصوبوں میں مصروف ہیں تاہم شائقین اس میگا فلم کو بڑے پردے پر دیکھنے کیلئے برقرار ہیں اور فلم کی ریلیز کے منتظر ہیں۔

معروف امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس باکسنگ ایونٹ کے دوران ڈاؤن ہوگیا ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس پرگزشتہ روز مائیک ٹائسن اور جیک پال کے درمیان ہونے والے باکسنگ کے لائیو ایونٹ کے دوران نیٹ فلکس اسٹریمنگ کے مسائل کا شکار ہوگیا جس سے صارفین تشویش میں پڑگئے۔

آرلنگٹن، ٹیکساس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے سے پہلے ہی صارفین نے ویڈیو کے معیار میں خرابی، پکسلز پھٹنے، اسٹریمنگ رکنے اور حتیٰ کہ ایپ کے کریش ہونے کی شکایت کی۔

صرف امریکہ میں ہی نیٹ فلکس کے ڈاؤن ہونے کی 80 ہزار سے زائد رپورٹس ریکارڈ کی گئیں جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی ہیش ٹیک نیٹ فلکس کریش ٹرینڈ کرنے لگا۔

ویب سائٹ ٹریکنگ پلیٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے شام 8 بجے مقامی وقت پر نیٹ فلکس کی ویب سائٹ پر مسائل کی رپورٹ میں اضافے کی اطلاع دی جو رات 9:30 بجے 88,700 شکایات تک پہنچ گئیں۔

ایکس پر صارفین نے باکسنگ میچ کے دوران ویڈیوز کی خرابی سے متعلق ’جی آئی ایف‘ اور تصاویر شیئر کیں جس پر طنزیہ تبصرے بھی کئے گئے اور اسٹریمنگ ویب سائٹ پر شدید تنقید کیا گئی۔

رات 11 بجے کے بعد شروع ہونے والے باکسنگ کے مرکزی مقابلے کے دوران بھی اسٹریمنگ میں مسائل کی اطلاعات موصول ہوئیں، لیکن یہ ابتدائی شکایات کے مقابلے میں کم تھیں۔ نیٹ فلکس کے ترجمان نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ 58 سالہ باکسر مائیک ٹائسن، جو سابق ہیوی ویٹ چیمپئن اور باکسنگ کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں، کا مقابلہ 27 سالہ جیک پال سے ہوا، جو یوٹیوبر سے باکسر بننے کا سفر طے کر چکے ہیں۔ اس بڑے مقابلے کیلئے مداح پرجوش تھے اور ہزاروں افراد بیک وقت یہ مقابلہ نیٹ فلکس پر دیکھ رہے تھے جب انہیں اسٹریمنگ میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےبھارت کے دباؤ پر پاکستان میں ٹرافی ٹور کے تین شہر اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد نکال دیے۔

نئے ٹور شیڈول کے مطابق ٹور آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے اورٹرافی 25 نومبر تک پاکستان میں رہے گی جس دوران اسے مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا۔

اسلا م آباد میں چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم سمیت اسکول کالجز اور مختلف سائٹس پر لے جایا جائے گا، سابق کرکٹر شعیب اختر ٹرافی کے ہمراہ ہوں گے۔

17 نومبر کو ٹرافی ٹیکسلا اور خانپور جبکہ 18 نومبر کو ٹرافی ٹور ایبٹ آباد میں ہو گا، 19 نومبر کو ٹرافی مری لے جائی جائیگی، 20 نومبر کو نتھیا گلی اور 22 سے 25 نومبر تک کراچی میں ٹرافی کا ٹور ہو گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں جائے گی، پاکستان کے بعد ٹرافی ٹور 26 سے 28 نومبر تک افغانستان میں، 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش، 15 سے 22 دسمبر جنوبی افریقا اور 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں ہوگا۔

مزید برآں 6 جنوری سے 11 جنوری نیوزی لینڈ، 12 سے 14 جنوری انگلینڈ اور 15 سے 26 جنوری انڈیا میں ٹرافی ٹور ہو گا۔

آئی سی سی کے مطابق 27 جنوری کو پاکستان میں ٹرافی کا ایونٹ شروع ہو گا۔

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے میڈیکل کالج میں واقع بچوں کے انٹنسیو کیئر یونٹ میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 10 بجے زندگی کی بازی ہار گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈی ایم ایناش کمار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جھانسی میڈیکل کالج کے بچوں کے وارڈ میں آگ بھڑک اُٹھی، بعض بچوں کے جھلس جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اندرون بارہ گھنٹے اس واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا تھا، 10 بچوں کی اموات پر والدین کو زار و قطار روتے دیکھا گیا۔

اس سے قبل بھارت میں حیدرآباد کے پرانے شہر میں بے رحم شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگادی۔

بنڈلہ گوڑہ ہاشم آباد کے فیاض قریشی (25) سال اور قمر بیگم (23) کی شادی کو چند سال ہی ہوئے تھے۔

شوہر اپنی بیوی پر شک کرتا تھا، جس کے باعث اکثر دونوں میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز دونوں کے درمیان اسی بات پر لڑائی ہوئی، شوہر نے طیش میں آکر خنجر سے بیوی کو قتل کردیا اس کے بعد پیٹرول چھڑک کر لاش کو بھی جلا ڈالا۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 35واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں اکیڈمک کونسل نے ماسٹر آف فلاسفی (ایم فل) پروگرام کے لیے ایناٹومی، بایو کیمسٹری، فارماکولوجی، اور فزیالوجی کے شعبوں اور بایو کیمسٹری و فارماکولوجی کے ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) پروگرام کے لیے پوسٹ گریجویٹ پروگرام اسپیسفیکیشن ٹیمپلیٹ 2024 کی متفقہ منظوری دی۔

کونسل نے ہدایت دی کہ تمام ادارے اپنے تعلیمی کیلنڈرز کی تعمیل پیش کریں، اور ساتھ ہی بیسک میڈیکل سائنسز ایس ایم سی کی بورڈ آف فیکلٹی اور سندھ میڈیکل کالج کے شعبہ جات فارماکولوجی، بایو کیمسٹری ، اور فارنزک میڈیسن کے بورڈ آف اسٹڈیز (بی او ایس) کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری دی۔ ا

جلاس میں پچھلے 34ویں اجلاس کے منٹس اور ادارہ جاتی نصاب کمیٹی (آئی سی سی) کی منظوری بھی دی گئی۔کونسل نے ڈینٹل ہیلتھ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام کے کور اور انتخابی کورسز کی منظوری دی۔ مزید یہ کہ اپپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، کمیونٹی میڈیسن ، ایناٹومی، فزیالوجی، اور بی او ایف برائے بیسک میڈیکل سائنسز کے منٹس کو بھی منظور کرلیا گیا۔

کونسل نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے بیسک میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ پروفیسر ڈاکٹر سونو مل کو شعبہ فارنزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکولوجی کے چیئرپرسن کے طور پر تعینات کیا گیا۔

اسموگ اور شدید دھند کے باعث لاہور شہر میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر 24 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر ایک ہفتے کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم قومی اہمیت کے تعمیراتی منصوبے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

اس دوران ضلع لاہور میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی تاہم ہیوی ٹرانسپورٹ جو ایندھن، ادویات، اسپتال اور کھانے کی سپلائی کی اشیا لے جاتی ہیں وہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اینٹوں کے بھٹوں اور دیگر بھٹیوں پر مبنی صنعتوں کے کام پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شام 4 بجے کے بعد ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جبکہ رات 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس سے کھانے لے جانے پر مکمل پابندی ہو گی، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسافر بسیں جن کے پاس درست سرٹیفکیشن ہے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، پولیس اور جیل کی گاڑیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام مارکیٹس شام 8 بجے بند ہوں گی تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز، طبی سہولیات اور ویکسی نیشن سینٹرز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں، آٹا چکیاں، ڈیری شاپس بھی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق ای کامرس، کال سینٹرز، پوسٹل، کورئیر سروسز اور نادرا مراکز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز، بجلی،گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس اور نادرا مراکز بھی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، کلیکشن پوائنٹس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، آخری رسومات، نماز جنازہ، تدفین اور متعلقہ تقریبات، یوٹیلیٹی کمپنیاں، واسا، میونسپلٹی، این ٹی ڈی سی، ڈسکوز اور ایس این جی پی ایل پابندی سے مستثنیٰ رہیں گی۔

اعلامیے کے مطابق اسکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے اور اس دوران ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی، سرکاری اور نجی اسپتالوں میں اسموگ کے مریضوں کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم ہوں گے جبکہ ریسکیو 1122 کا عملہ اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی ترجیحی بنیادوں پر فوری معاونت کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام فیصلوں کا اطلاق 16 سے24 نومبر تک ہو گا، شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات رات 10 بجے تک ایس او پیز کے ساتھ جاری رہیں گی، بیرونی کھیلوں، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

Page 9 of 2425