Reporter SS
سڈنی: آسٹریلیا نےتین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔
آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔
پاکستان کو اننگز کے پہلے دو اوورز مہنگے پڑے لیکن حارث رؤف نے 52 کے مجموعے پر پہلے جیک فریسر اور پھر کینگروز کپتان جوس انگلس کو پویلین بھیج دیا، عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔ ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔
مقررہ 20 اووز میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں صفیان مقیم کے حصے میں آئیں۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور حسیب اللہ کی جگہ سفیان مقیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صاحبزداہ فرحان، عثمان خان سلمان علی آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ، حارث رؤف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نسیم شاہ اور سفیان مقیم بھی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول اسلام آباد کالج برائے طلبا ( آئی سی بی) جی 6/3 میں شروع ہو گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال،سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی اور وزارت تعلیم کے ذیلی اداروں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد افتتاحی تقریب میں شر یک تھی۔
وفاقی وزیر تعلیم نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ، انہوں نے کہا وزارت تعلیم ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور یہ فیسٹیول ان اقدامات کا حصہ ہے ۔
سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی فیسٹیول ہے ، پہلے روز 20 سے 25 ہزار طلبہ اس میں شرکت کر چکے ہیں
کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3ڈالر کم ہوگئی۔
2562ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے کی کمی سے 267400روپے کی سطح پر آگئی اور دس گرام سونے کی قیمت بھی 258روپے کی کمی سے 229252روپے کی سطح پر آگئی۔
اسکے برعکس فی تولہ چاندی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3250روپے اور 10گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2786روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن کی تعارفی تقریب ایکسپو سینٹر میں منعقد کی گئی۔
تقریب کے موقع پر افواج پاکستان کے رائفل ڈرل کی جانب سے پیشہ ورانہ تربیت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔
دفاعی نمائش کا انعقاد 19 سے 22 نومبر کے درمیان کیا جائے گا اور اس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے وفود اپنے سامان حرب کے ساتھ شریک ہونگے۔
ملکی سطح پر تیار کردہ دفاعی مصنوعات بھی نمائش میں رکھی جائینگی ۔
ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد نے آئیڈیاز 2024 پر میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آئیڈیاز 2024 کی 4 روزہ نمائش میں متعدد سرگرمیاں شامل ہوں گی، جس میں افتتاحی تقریب، دفاعی صنعتوں پر سیمینار اور میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے، پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشننگ اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی دنیا کے سامنے لایا جاتا ہے۔
اعتزاز خالد نے کہا کہ ہر دو سال بعد ہونے والی یہ نمائش پاکستان کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے مقامی دفاعی مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے جبکہ بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تعاون کے مواقع بھی حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائش نہ صرف کاروبار کو فروغ دیتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی مینوفیکچرنگ کو بھی تیز کرتی ہے، اس طرح پاکستان کے لیے ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹیجک ایونٹ ثابت ہوتی ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے سرکاری اسکولز میں استعمال ہونے کے علاوہ اضافی نصابی کتب سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں واپس جمع کروا نےکی ہدایت جاری کردی
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے احکامات پر محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی طرف سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے سرکاری اسکولز میں استعمال ہونے کے علاوہ اضافی نصابی کتب سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں واپس جمع کروائی جائیں۔ اس ضمن میں جاری کردہ ایک بیان میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ کتب کی درست ضرورت کے اعداد کو سمجھنے ، انہیں ضائع ہونے اور ممکنہ غیر قانونی فروخت سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ اضافی کتب ٹیکسٹ بُک بورڈ کو واپس بھیجی جائیں۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی طرف سے جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی طرف سے تین سالوں میں ملنے والی کتب کی ڈسٹری بیوشن کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں اس حوالے سےوزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ کتب کی فراہمی کے عمل میں سیلف آڈٹ کرنا ضروری ہے ، اضافی کتب کی واپسی سے نصابی کتب کی امکانی غیر قانونی فروخت جیسے مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولز میں بُک بینک کے عمل کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا انہوں نے کہا ضلعی تعلیمی افسران اسکولز میں قائم ہونے والی بُک بینک کا جائزہ لیں اور ہیڈ ماسٹرز/ مسٹریسز کو بُک بینک قائم کرنے کا پابند بنائیں۔ وزیر تعلیم سندھ کہا کہ تعلیمی سال کے اختتام پر کتب کی واپسی کے عمل کی مانیٹرنگ کی جائے اور اگلی کلاس میں آنے والے طلباء کو شروعات میں ہی کتب دی جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں سرکاری اسکولز کا معیار بہتر ہونے سے اسکولز میں داخلا کے تناسب میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کتب کی چھپائی کا عمل مہنگا ہونے کی وجہ سے ہمیں آئندہ دنوں کی حکمت علمی ابھی سے جوڑنی ہوگی، انہوں نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ طالب علموں کو کتاب دوست بنائیں اور انہیں تلقین کریں کے آنے والے دوستوں کے لیے کتب کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر تعلیم سندھ کہا کہ استعمال شدہ کتب کی واپسی کے لیے اسکولز میں بُک بینک قائم کرنا ایک ماحول دوست فیصلہ بھی ہے ۔
پاکستان ویمنز کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا گیا
سینٹرل کنٹریکٹ میں کپتان فاطمہ ثنا اور منیبہ علی کی اے کیٹگری میں ترقی کردی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے کارکردگی کے سالانہ جائزے کے بعد بین الاقوامی سیزن کے لیے 16 خواتین کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔
گزشتہ سال 20 کرکٹرز کو 2 سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ 2023-24 کے سیزن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کپتان فاطمہ ثنا اور وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کو اے کیٹگری میں ترقی دی گئی ہے جبکہ بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال اپنی حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنا پر بی کیٹگری میں آگئی ہیں۔
اس سینٹرل کنٹریکٹ میں 3 نئی انٹریز گل فیروزہ، رامین شمیم اور تسمیہ رباب شامل ہوئی ہیں، تسمیہ رباب نے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کیا ہے جو ان کے کیرئیر میں ایک اہم سنگ میل ہے، گل فیروزہ 2018 اور رامین شمیم 2022-23 کے بعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور سدرہ نواز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گی۔
پی سی بی نے آئی سی سی ویمنز فیوچر ٹورز پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کرکٹرز کی اگلی جنریشن کو تیار کرنے کی طرف توجہ مرکوز کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ نےبھارتی احتجاج کے باوجود نیوزی لینڈ کی حکومت نے سکھ فار جسٹس کو خالصتان کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرانے کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکومت کی اجازت سے خالصتان کے قیام پر کل آکلینڈ میں ریفرنڈم ہوگا۔ جس کیلئے آکلینڈ کی مقامی حکومت اور پولیس کی سکھ کمیونٹی کو ریفرنڈم کے انعقادکی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں اتوارکو خالصتان کے قیام کے سوال پر ریفرنڈم ہوگا بتایا گیا ہے کہ ریفرنڈم کا انعقاد آکلینڈ کے مرکزی علاقے اوٹی اسکوائر پر ہوگا جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔
دوسری جانب مبصرین کا ماننا ہے کہ ریفرنڈم سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔
واضح رہےاس سے قبل برطانیہ کے علاوہ کینیڈا اور آسٹریلیا کے شہروں میں بھی ایسے ریفرنڈم منعقدکیے جا چکے ہیں۔
لاہور: سرکاری اسکولوں کے 3 لاکھ اساتذہ کی سیلف ویری فکیشن کا آغاز ہوگیا۔ خود تصدیقی عمل کے ذریعے اساتذہ اپنا پروفائل سیس ایپ پر چیک کرینگے ۔
محکمہ ا سکول نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا۔اساتذہ کی جانب سے پروفائل کی تصدیق کے بعد سکول سربراہان ڈیٹا کو چیک کریں گے ۔
اساتذہ کے ڈیٹا کی تصدیق 22 نومبر تک ہر صورت مکمل کرنا ہوگی۔سیس ایپ میں تکنیکی خرابی پر اسکول سربراہان متعلقہ اتھارٹی سے رابطہ کریں گے ۔
لاہور: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن آؤٹ سورس ہونے والےاسکولوں کے اساتذہ کو آن لائن ٹریننگ دے گا۔
اساتذہ کو ٹریننگ ٹیچرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی۔
صوبہ بھر میں تربیت کا آغاز 22 نومبر سے ہوگا۔
پیف حکام کے مطابق ٹریننگ کا مقصد اسکولوں میں کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے نتائج میں بہتری لانا ہے ۔
اسلام آباد: : سندھ سمیت اسلام آبادمیں ایم ٖڈی کیٹ ٹیسٹ یکم دسمبر کو کروانے کا امکان ہے۔
ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ امتحان اور سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلوں کا معاملہ یکم دسمبر کو سندھ اور اسلام آباد میں ایم ڈی کیٹ امتحان کا دوبارہ انعقاد متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق داخلوں کا عمل بھی دسمبر کے پہلے ہفتہ میں شروع ہونے کا امکان ہے ،اس حوالے سے تمام صوبائی حکومتیں بھی پی ایم ڈی سی کے احکامات کی منتظر ہیں،۔
ترجمان یو ایچ ایس کا کہنا ہے کہ ایم بی بی ایس کلاسز کا یکم فروری اور بی ڈی ایس کلاسز کا یکم مارچ کو آغاز ہوتا ہے ۔