Reporter SS
شاہراہ عام آمدورفت کے لیے 24 روز سے بندہونے کے باعث پاراچنارکے تعلیمی ادارے ایک ہفتے بعد کھل گئے۔
ضلع کرم میں پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ عام آمدورفت کے لیے 24 روز سے بند ہے۔
ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کے مطابق امدادی سامان اور مسافروں سمیت 216گاڑیوں کا قافلہ کانوائے کے ساتھ پاراچنار پہنچادیا گیا ہے۔
ڈی سی نے بتایا کہ سامان میں تیل، خوراک اور ادویات شامل ہیں۔
واضح رہےکہ 12 اکتوبر کو مسافر گاڑیوں پر حملے کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہے۔
اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب ونائب وزیراعظم اسحقٰ ڈار کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں کے درمیاں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت ہوگی جب کہ فریقین پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات پر مشاورت کریں گے۔
اس کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور سلامتی سمیت دیرگ شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
مانیٹرنگ ڈیسک: اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ جی پی ٹی جنریٹیو اے آئی چیٹ بوٹ کو سرچ انجن کی صلاحیتوں کے ساتھ لیس کردیا ہے جو کہ گوگل کے کئی دہائیوں سے جاری ویب سرچ انجن پر غلبے کی پہلی سیڑھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے کہا کہ یہ اپ گریڈ صارفین کو متعلقہ ویب لنکس کے ساتھ "تیز اور بروقت جوابات حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے بشمول وہ معلومات بھی جنہیں پہلے روایتی سرچ انجن کے استعمال کی ضرورت ہوتی تھی۔
چیٹ جی پی ٹی میں یہ اپ گریڈ اے آئی چیٹ بوٹ کو پورے ویب سے صحیح معلومات فراہم کرنے کے قابل بناتا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی کا ہوم پیج اب موسم کی پیشن گوئی اور اسٹاک کی قیمتوں سے لے کر کھیلوں کے اسکورز اور بریکنگ نیوز تک کے موضوعات پر براہ راست ٹیبز بھی فراہم کرسکے گا۔
یہ ان فراہم کنندگان کی خبروں اور ڈیٹا سے منسلک ہوں گے جنہوں نے اوپن اے آئی کے ساتھ مواد کے معاہدوں پر دستخط کیے ہونگے بشمول فرانس کے Le Monde، جرمنی کے Axel Springer اور United Kingdom کے Financial Times۔
تعلیمی و تحقیقی سالمیت کے موضوع پرایشیا، مڈل ایسٹ اور افریقہ کنسورشیم آن اکیڈمک اینڈ ریسرچ انٹیگریٹی کے زیراہتمام دوسری کانفرنس 13تا 15فروری 2025کویونیورسٹی آف لاہور میں ہو گی۔
کانفرنس سینٹر فار اکیڈمک انٹیگریٹی پاکستان، چناب یونیورسٹی پاکستان، وولونگ یونیورسٹی دبئی، کیناکلے اونیسکیز مارٹ یونیورسٹی ترکیہ، کنگ فہد میڈیکل سٹی سعودی عرب، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن، یونیورسٹی آف لاہور اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوگی۔
بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر فضل رحیم خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےآن لائن تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔
جس میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم، اساتذہ، محققین نے شرکت کی۔
بحریہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر فرخ شہزاد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فضل رحیم میڈیا اور کمیونیکیشن کے بہترین پروفیسرز میں سے ایک تھے۔
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات سرد رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
صبح اور رات کے اوقات میں نارووال، فیصل آباد، سیالکوٹ، ، شیخوپورہ،گوجرانوالہ، لاہور، قصور اور اوکاڑہ ،سرگودھا، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گردونواح میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات سرد رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گاجبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات سرد رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
صدر آزاد کشمیرو چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کا 54واں سینڈیکیٹ اجلاس گزشتہ روز ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کشمیر میں جاری پراجیکٹس اور جامعہ کشمیر کو درپیش مسائل پرتفصیلی بریفنگ دی۔
سینڈیکیٹ اجلاس میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے 2ارب بیالیس کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ2024-25 کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر صدر بیرسٹر سلطان محمود نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی انکاکہنا تھا کہ جامعہ کشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کیے جا ئیں ۔
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا پہلے ون ڈے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 204 رنزکا ہدف دے دیا۔
میلبرن میں جاری تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی
قومی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو صائم ایوب ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ تین رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 24 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی 12رنز بنا کر چلتے بنے۔
دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان 39 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن یہاں بابراعظم 37 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسکے بعد کامران غلام 5 رنز اور سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کپتان محمد رضوان 44 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار بیٹھے اور مارنس لبوشین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 24 رنز بنائے لیکن 148 کے مجموعی اسکور پر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ڈیبیو کرنے والے عرفان خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے اور حارث رؤف صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ نسیم شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹاس سے قبل صائم ایوب اور عثمان خان کو ان کے ڈیبیو پر گرین کیپ دی۔ بھارت میں گزشتہ سال ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کا یہ پہلا ون ڈے میچ ہے۔
کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے تعلیمی اداروں کی کینٹینوں کے معائنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی آفیسرز کو تعلیمی اداروں کا آج سے دورے کرنے ہدایت کردی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی کاکہنا ہے کہ طلبہ کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کینٹینز میں ملنے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔خوراک کی اشیاء پر لیبلنگ اور معیاد کو بھی چیک کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو غیر معیاری اشیاء بیچنے پر کینٹینوں کو اصلاحاتی نوٹس جاری کیا جائے۔ مزمل حسین ہالیپوٹو مہم کا مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کوصحت افزا و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی کینٹین مالکان و انتظامیہ کو حفظان صحت کے اصولوں کے متعلق فوڈ سیفٹی آفیسر آگاہی دیں گے۔
کراچی: سندھ بھر کے پرائیویٹ اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کا ڈیٹا عدالت میں جمع کروایاگیا
ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈائر یکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشز سندھ رفعیہ جاوید نے سندھ بھر کے 353 نجی اسکولوں کا % 10 مفت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کا ڈیٹا سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروادیا۔
رپورٹ کے مطابق ان اسکولوں میں 102313طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں 10342طلبہ کو مفت تعلیم دی جارہی ہے ، اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں 302اسکولوں کا ڈیٹا جمع کروایا گیاتھا جس کے مطابق ان اسکولوں میں 124712 طلبہ تعلیم حاصل کررہے تھے اور ان میں 14693طلبہ کو سندھ رائٹ آف فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشنل ایکٹ 2013کیے رولز 3 کے تحت مفت تعلیم فراہم کی جارہی تھی ، اس کے علاوہ تقریبا 500 طلبہ طالبات کو ان کے والدین کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ میں فیس رعایت کے حوالے سے رابطہ کرنے پر مختلف اسکولوں میں 50 فیصد تک رعایت دلوائی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ نے اسکولوں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کی طلبہ کے والدین سے ان کے فون نمبرز پر تصدیق کی،
معائنہ ٹیموں نے بھی ان ڈیٹا کی تصدیق اسکولوں کے دورہ کے دوران اسکول کے ریکارڈ اور طلبہ سے بھی کی جسے درست پایا گیاتمام نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور ان کی تجدید کے عمل کو دس فیصد فری شپ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے ایسے اسکولز جو طلبہ کو دس فیصد مفت تعلیم فراہم نہیں کر رہے ان کی نا تو رجسٹریشن کی جارہی ہے نا ہی اس کی تجدیدکی جارہی ہےایسے اسکولز جو مندرجہ بالا ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کر رہے ہیں ان کے خلاف قانون کی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور ایسے اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلکل درست ڈیٹا ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کریں کیونکہ سندھ کے ہر ایک اسکول کی فرانزک آڈٹ کے ذریعے % 10 فری شپ کے ڈیٹا کی تصدیق کروائی جائے گی اور اگر کوئی اسکول رول 3 پرعملدرآمد نہیں کررہا تو اس کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے۔
عدالت نے ایڈیشنل ڈائیریکٹر رجسٹریشن کو پابند کیا تھا کہ وہ ہر ماہ کی پانچ تاریخ کو فیصلہ پر عملدرآمد کی رپورٹ کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار کے توسط سے جمع کروائیں لہذا تمام نجی تعلیمی اداروں کو خط کے ذریعے عدالت کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے عملدرآمد کے لئے پابند کیا گیا ہے تاکہ مقررہ تاریخ پر عدالت میں ڈیٹا جمع کرواسکیں ، اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی