Reporter SS
تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کو انتباہ کردیاہے۔
تہران میں ایک تقریب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کاکہنا تھا کہ امریکا و اسرائیل کو ایران کے خلاف اقدامات پر سخت جواب ملے گا۔
امریکا اور صہیونی حکومت سمیت دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ بلاشبہ وہ ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف جو کچھ کریں گے اس کا انہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کا حکم اسرائیلی حملوں میں نقصانات کی بریفنگ کے بعد دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ممکنہ طور پر ایران امریکی انتخابات سے قبل اسرائیل پر ایک اور حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 رواں ماہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جانے والی 4 روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں افتتاحی تقریب سمیت متعدد سرگرمیاں شامل ہیں۔ نمائش میں کراچی کے عوام اور غیرملکی معززین کے لیے دفاعی صنتعوں سے متعلق موضوعات پر بین الاقوامی سیمنارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ کلفٹن کے علاقے سی ویو پرنشان پاکستان پر شو بھی منعقد کیا جائے گا۔
آئیڈیاز خطے کی بڑی دفاعی نمائشوں میں سے ایک ہے جہاں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور سازوسامان پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب پی آئی اے نے فضائی بیڑے میں شامل اہم طیاروں پردفاعی نمائش آئیڈیاز کا لوگو پینٹ کروادیا۔ بوئنگ 777 اور ائیر بس 320 کے 4 جہازوں پر لوگو پینٹ کروائے گئے ہیں۔ نیرو باڈی اور وائیڈ باڈی طیارے ملکی و بین الاقوامی فضائی روٹس پر استعمال کیے جاتے ہیں۔آئیڈیاز دوسالہ دفاعی نمائش ہے۔ آخری بارنمائش کا انعقاد 2022 میں کیا گیا تھا۔
پاکستان کی نامور گلوکارہ ریشماں کومداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے
بلبل صحرا سے مشہور ریشماں نے اپنی خوبصورت اور منفرد آواز سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں نام کمایا۔
1947 میں بھارتی علاقے راجھستان میں پیدا ہونے والی ریشماں، جنہوں نے انتہائی کم عمری میں صحرائے راجستھان میں پلتے ہوئے اپنی خوبصورت آواز سے گائیکی کے سفر کا آغاز کیا، دیکھتے ہی دیکھتے وہ ایک عام سی لڑکی سے پاکستان کی موسیقی کا درخشاں ستارہ بن گئیں۔
ریشماں کو موسیقی کی دنیا میں ان کی رومانوی اور اداس گانوں کی وجہ سے خاص پہچان ملی۔ ان کی آواز میں موجود درد اور گہرائی نے لوگوں کو آج اپنے سحر میں جکڑے رکھا ہے۔
گلوکارہ ریشماں نے کئی پاکستانی اور بھارتی فلموں کے لیے بھی گیت گائے اور دونوں ممالک میں خوب داد سمیٹی۔
ریشماں نے اپنی زندگی میں حکومتی صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سمیت کئی ایوارڈز اور اعزازات اپنے نام کیے۔
ان کا گائیکی کا انداز ایسا تھا کہ ہر سُر میں درد اور محبت کی گہرائی سنائی دے۔ ریشماں کی مدھر آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں بستی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ اداکار بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رُخ خان آج کے دن اپنی 59ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شاہ رُخ 2 نومبر 1965 کو نیو دہلی میں پیدا ہوئے، شاہ رُخ کی سالگرہ کا دن بھی دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کیلئے کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا اور ہر سال 2 نومبر کو ہزاروں کی تعداد میں ان کے مداح ’منت‘ کے باہر اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہو جاتے ہیں۔
شاہ رخ 3 دہائیوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور آج بھی بالی ووڈ میں ان کی فلمیں سپر ہٹ ہوتی ہیں جبکہ مداحوں کو ان کی اگلی فلم کا انتظار رہتا ہے۔
گزشتہ روز شاہ رُخ خان کے گھر پر ایک پرائیوٹ برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے قریبی دوست اور اہل خانہ نے اداکار کی 59ویں سالگرہ منائی جبکہ رات گئے سے ہی مداحوں نے ان کے گھر کے باہر پہنچنا شروع کردیا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے پشاور میں 8 نومبر کا جلسہ منسوخ کر دیا۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما ارباب عاصم نے بتایا ہے کہ پشاور میں پی ٹی آئی کا 8 نومبر کا جلسہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوابی میں ٹینٹ ویلیج لگایا جائے گا، جس میں ملک بھر سے ورکرز شریک ہوں گے۔
ارباب عاصم نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کےباعث ٹینٹ ویلیج کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہو سکا، صوابی میں ٹینٹ ویلیج کی تاریخ کا جلد اعلان کر دیں گے۔
سندھ ٹیکسٹ بورڈ اور محکمۂ تعلیم کاعملہ کراچی میں سرکاری اسکولوں کو فراہم کی گئیں کتابیں اور کاپیاں فروخت کرنےلگا۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں کتابیں اور کاپیاں برآمد کی گئی ہیں، یہ کتابیں اور کاپیاں ایک گھر میں چھپائی گئی تھیں۔
کتابیں اور کاپیاں برآمد ہونے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے اور 2 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے معاملے میں سندھ ٹیکسٹ بورڈ اور محکمۂ تعلیم کے عملے کے ملوث ہونے کا بتایا ہے۔
درج مقدمے کے مطابق ملزمان سرکاری اسکول کی کتابیں اور کاپیاں کور تبدیل کر کے فروخت کرتے تھے، ملزمان سے برآمد کی گئی سرکاری کتابیں 11 مختلف مضامین کی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان محمود آباد، ملیر اور کورنگی میں دکانداروں کو یہ کتابیں اور کاپیاں فروخت کرتے تھے۔
ایم ڈی کیٹ کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے کےخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 150 طلبہ اور طالبات کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز 96 طلباء ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیش کے لیے پیش ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام طلباء کے والدین کی موجودگی میں بیانات قلمبند کیے گئے، طلباء نے پرچہ یا گیس پیپر کے مبینہ طور پر لیک ہونے کی تفصیلات فراہم کیں۔
کچھ طلباء نے بتایا کہ واٹس ایپ کے ذریعے ایک روز قبل انہیں ملتا جلتا پرچہ موصول ہوا تھا، طلباء کی جانب سے پرچہ بیچنے والے افراد کے نمبرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک کی تفتیش میں 100 فیصد لیک پرچے کے حوالے سے معلومات نہیں ملیں، چند روز میں تمام طلباء کے بیانات سامنے آنے کے بعد مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب کیے جانے والے 150 طلباء نے ایم ڈی کیٹ میں 200 میں سے 190 نمبر حاصل کیے تھے۔
بالی وڈ اداکار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بیٹی کا نام رکھ دیا۔
رواں سال ستمبر میں دپیکا اور رنویر کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی تاہم اس کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔ دپیکا نے بیٹی کا نام دعا پڈوکون سنگھ رکھا ہے۔ دپیکا نے بیٹی کے نام کا مطلب بتایا اور کہا کہ یہ ہماری دعاؤں کا جواب ہے۔
دپیکا نے بیٹی کی تصویر بھی پوسٹ کی لیکن اس میں چہرہ چھپا ہوا ہے اور یہ بھی ان کی بیٹی کی پہلی تصویر ہے۔
خیال رہے کہ دپیکا اور رنویر 2018 میں رشتہ اذدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
جامعہ کراچی کے تحت 04 نومبر2024 ء کومختلف شعبہ جات میں داخلے کےلئے اوپن ہائوس کاانعقاد کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق شعبہ جرمیات،شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور شعبہ ابلا غ عامہ میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم میں صبح 10:00 تا11:30 بجے جبکہ شعبہ ایجوکیشن،ٹیچرایجوکیشن اور اسپیشل ایجوکیشن میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لئے اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد صبح 11:45 تادوپہر1:00 بجے تک کیا جائے گا۔
مذکورہ پروگرام میں امیدواروں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی شرکت کرسکتے ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی ڈاکٹر آف فارمیسی میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کی سہولت کے لئے گزشتہ روزکلیہ ہذا میں اوپن ہاؤس پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔
جس میں داخلے کے خواہشمند 300 سے زائد امیدواروں نے اپنے والدین کے ہمراہ شرکت کی۔
پروگرام میں داخلے کے خواہشمندامیدواروں اور ان کے والدین کو کوکلیہ ہذاکے اسکوپ،پڑھائے جانے والے کورسز اور داخلہ ٹیسٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پررئیس کلیہ علم الادویہ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر حارث شعیب،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزپروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر عمران احمد صدیقی،رکن کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس ڈاکٹر انیلہ امبرملک، ڈاکٹر نوشین رضا، ڈاکٹر غزل خواجہ اور کلیہ علم الادویہ کے اساتذہ نے داخلے کے خواہشمند امیدواروں کو داخلہ ٹیسٹ کے طریقہ کار اور کامیابی کی شرائط سے آگاہ کیا۔