Reporter SS
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد جموں وکشمیرمحمد مسعود خان ، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ27اکتوبر1947 کا دن تاریخ میں کشمیری عوام کے لئے سیاہ ترین دن ہے ،جب بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی آواز کو دباتے ہوئے اپنی فوجیں کشمیر میں اتاریں اور ریاست کے نصف سے زائد حصے پر غاصبانہ قبضہ کر لیا۔
یوم سیاہ کے موقع پر صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت کی افواج کاکشمیر میں داخل ہونا اس کے توسیع پسند عزائم کا عکاس ہے ، وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت جب بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی نہ کرسکا تو اس نے جموں وکشمیرمیں کالے قوانین متعارف کرائے ۔
ایمز ٹی وی ( تجارت) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رحجان رہا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوگیا ۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 104.85 روپے سے کم ہو کر 104.84 روپے اور قیمت فروخت 104.90 روپے سے کم ہو کر 104.89 روپے پر آگئی ، تاہم 10 پیسے کے اضافے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 105.60 روپے سے بڑھ کر 105.70 روپے اور قیمت فروخت 105.80 روپے سے بڑھ کر 105.90 روپے پر جا پہنچی ۔
فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 30 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 115 روپے سے بڑھ کر 115.30 روپے اور قیمت فروخت 116.50 روپے سے بڑھ کر 116.80 روپے ہوگئی ، اسی طرح 40 پیسے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 129 روپے سے بڑھ کر 129.40 روپے اور قیمت فروخت 130.50 روپے سے بڑھ کر 130.80روپے پر جا پہنچی ۔
ایمزٹی وی (تجارت) لاڑکانہ شہر کے انڈسٹریل ایریا میں قائم ریجنل سندھ اسمال انڈسٹری کارپوریشن لاڑکانہ کے دفتر پر گزشتہ روز اینٹی کرپشن کے سب انسپکٹر صفدر علی جونیجو نے ففتھ سیشن جج اینڈ جیوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مارا۔
چھاپہ مارکرریکارڈ ضبط کرلیا، اینٹی کرپشن ٹیم نے آفس کے عملے سے پوچھ گچھ کی اور بیان قلمبند کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے ۔
اس موقع پر اینٹی کرپشن کے سب انسپکٹر صفدر جونیجو نے بتایا کہ سال 2010 سے 2016 تک رشوت کے عوض سندھ اسمال انڈسٹری کارپوریشن لاڑکانہ میں گریڈ ایک تا 17 کے سیکڑوں ملازمین کو بھرتی کیا گیا ہے ۔
ادارے کا ایک بنگلہ،ڈسپوزل مشین کے لیے مختص 6 ہزار اسکوائر فٹ کا پلاٹ اور کچھ دکانیں بھی غیر قانونی طور پر فروخت کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی تفتیش مکمل کرنے کے بعد مقدمات درج کرنے کے سمیت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹاک ایکسچینج مسلسل تیسرے روزبھی مندی کی زدمیں رہی اورکے ایس ای100انڈیکس 40700پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر40500پوائنٹس کی کم سطح پربندہوا۔
مندی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں62ارب سے زائدروپے کی کمی واقع ہوئی جس سے سرمائے کا مجموعی حجم83کھرب روپے سے گھٹ کر82کھرب روپے پرآگیا ،اس طرح 3روز کے دوران مندی کے نتیجے میں انڈیکس 764پوائنٹس کم ہوا اورمارکیٹ کے سرمائے میں صرف تین دنوں میں1کھرب75ارب سے زائد روپے کی کمی واقع ہوئی ۔
ماہرین کے مطابق پی ٹی آئی کا دھرنا اور حکومت کا اس سے نمٹنے کیلئے پلان سرمایہ کاروں کو مارکیٹ سے نہ صرف دور رکھ رہا ہے بلکہ سرمائے کے انخلا کا رجحان بھی دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ سنبھل نہیں پا رہی ،دوسری جانب پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے سے بھی سرمایہ کارتذبذب کا شکاردکھائی دے رہے ہیں رول اوور ویک بھی جاری ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ بحرانی کیفیت سے دوچار ہے ۔
گزشتہ روز کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں237.95پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس 40764.76پوائنٹس سے کم ہوکر 40526.81 پوائنٹس پرآگیا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 165.23پوائنٹس کی کمی سے 22112.63پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس210پوائنٹس کمی سے 28136.64پوائنٹس سے گھٹ کر27925.85 پوائنٹس پربندہوا۔بدھ کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں62 ارب 30 کروڑ 84 لاکھ96ہزار319روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم83 کھرب 16 ارب 24 کروڑ 49 لاکھ 89 ہزار 764روپے سے کم ہو کر 82 کھرب 53 ارب 93 کروڑ 64 لاکھ 93 ہزار 445 روپے رہ گیا۔
گزشتہ روز مارکیٹ میں 34 کروڑ 75 لاکھ 27 ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو13ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ منگل کے روز36 کروڑ 7 8 لاکھ 91ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو 11ارب روپے تک محدودرہی تھی ۔
مجموعی طور پر 430 کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے 151کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،262میں کمی اور17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ5کروڑ98لاکھ،بینک آف پنجاب4کروڑ9لاکھ،،دوست سٹیل 2 کروڑ 74لاکھ،اینگرفرٹیلائیزر1کروڑ42لاکھ اورہم نیٹ ورک1کروڑ26لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔
قیمتوں میں اتارچڑھاؤکے اعتبارسے وائیتھ پاک کے بھاؤمیں134.97روپے اورباٹاپاک کے بھاؤمیں120.53روپے کااضافہ ہوا جبکہ فلپ مورس پاک کے بھاؤمیں67.59روپے اورہینوپاک موٹرکے بھاؤمیں48.74روپے کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی۔
ایمز ٹی وی (تجارت) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کو25کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔
جس میں 10کروڑ ڈالر کا قرض رعایتی ہوگا جبکہ باقی 15 کروڑڈالر اے ڈی بی کے معمول کے ذرائع سے فراہم کیے جائیں گے، اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان باضابطہ طور پر معاہدہ طے پاگیا ہے ۔
جس پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ اور کنٹری ڈائریکٹراے ڈی بی وارنر لیپیچ نے دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق یہ رقم ریجنل ایمپروونگ بارڈر سروسز پروجیکٹ کے تحت علاقائی کراس بارڈ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خرچ کی جائے گی اور یہ منصوبہ 5سال میں مکمل ہوگا۔
مذکورہ 25 کروڑ ڈالر کے قرضے میں سے 15 کروڑ ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک کے معمول کے ذرائع اور10کروڑ ڈالر رعایتی ایشین ڈیولپمنٹ فنڈ سے فراہم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت چمن اور طورخم کے علاوہ واہگہ بارڈر پر جدید بارڈر کراسنگ پوائنٹ انفرااسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ زمینی راستے سے پاکستان کی افغانستان کے راستے کراس بارڈر تجارت کو فروغ مل سکے، اس منصوبے کے تحت مذکورہ کراسنگ پوائنٹ کے لیے انفرااسٹرکچر کے ساتھ سیکیورٹی ٹریڈ ایکویپمنٹ کی تنصیب کی جائے گی، اسی طرح ہر بارڈر کراسنگ پوائنٹ کو سینٹرل کسٹمز اور سیکیورٹی ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے آئی سی ٹی آلات نصب کیے جائیں گے۔
ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کسٹمز ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے ایل ای ڈی لائٹس کی غیرقانونی کسٹمزکلیئرنس پردرآمدکنندہ پرعائدکردہ الزامات کو درست قراردیتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
کسٹمز دستاویزات کے مطابق میسرز شاہد برادرز کی جانب سے مختلف واٹ کے پینل کی ایس ایم ڈی / ایل ای ڈی، سولر ڈرائی بیٹری، سولر ایل ای ڈی لائٹس، ایل ای ڈی لائٹ، سولرپینل کے 11 کنسائمنٹس کی کلیئرنس کی گئی تھی جس میں کسٹمزڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے قانون میں موجودرعایت غلط طریقے سے حاصل کرتے ہوئے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 708 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
دستاویزات کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے کلیئرکیے جانیوالے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہواکہ مذکورہ درآمد کنندہ کی جانب سے مختلف واٹ کے پینل کی ایس ایم ڈی / ایل ای ڈی، سولر ڈائی بیٹری، سولر ایل ای ڈی لائٹس، ایل ای ڈی لائٹ، سولر پینل کے متعدد کنسائمنٹس کی کلیئرنس کرائی گئی جس میں کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے قانون میں موجود رعایت غلط طریقے سے حاصل کی گئی۔
جس پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے درآمدکنندہ کو اپنی صفائی کا موقع دیا گیا لیکن درآمدکنندہ متعلقہ درآمدی دستاویزات مہیا کرنے میں ناکام رہا جس پر کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی گئی۔
اس کے بعد ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے میسرز شاہد برادرز پر لگائے گئے الزامات کو درست قرار دے کر 4 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے چوری کیے جانیوالے 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 708 روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی کے احکام جاری کیے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد/تعلیم)فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام دو روز ہ نیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجو 26اور 27اکتوبر تک جاری رہے گی۔
مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ امجد محمودتھے ۔
تقریب میں ، وائس چانسلر، فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ، ڈین فیکلٹی آف پبلک ایڈمنسٹریشن ، لا اینڈ کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر عذرا ، صدر نیشنل یوتھ پارلیمنٹ حنان عباسی کے علاوہ پورے پاکستان سے 30 سکالرز نے بھی شرکت کی
ایمزٹی وی(لاہور) وزیردفاع خواجہ آصف نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم سیاستدان ہیں اور ہماری اولین ترجیح مذاکرات ہی ہی
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا شہر پر حملے کے ہی برابر ہے تاہم مذاکرات اگر نتیجہ خیز ہوں تو ہم امن کے لیے عمران خان سے مذاکرات کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پہلے عمران خان کے گھر چل کر گئے اور دھرنے کے بعد ہم اسمبلی میں انہیں لے کر آئے جس کا میں مخالف تھا لیکن دھرنے کے دوران طاہرالقادری سے بھی مذاکرات کیے کیونکہ ہم سیاستدان ہیں اور مذاکرات کی ہماری پہلی ترجیح ہیں، اگر ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے یا ترقی کا راستہ بغیر روک ٹوک کھل سکتا ہے تو میں خود مذاکرات کے لیے ہر دروازے پر دستک دینے کو تیار ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں 2 نومبر سے کوئی خطرہ یا پریشانی نہیں ہے کیونکہ اب تحریک انصاف کےچراغوں میں روشنی نہیں رہی، ہماری حکومت 2018 تک چلتی رہے گی، عمران خان کسی خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار ہیں کیونکہ وہ پہلے بھی 26 دن تک بیٹھے رہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا پاناما لیکس کوئی ایشو بھی ہے یا نہیں لیکن وزیراعظم ہارے ہوئے لوگوں کی فرمائش پر کیوں استعفیٰ دیں، وہ کسی قیمت پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج27اکتوبر کو بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے جبکہ سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی بھی منعقد کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27اکتوبر 1947کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر چڑھائی کی تھی اور اس پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کو پامال کرتے ہوئے زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ اس دن مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ دکانوں، گھروں کی چھتوںاور گاڑیوں سمیت ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔ حریت رہنماؤں نے کشمیر اسمبلی سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی منعقد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ انھوں نے آزادکشمیر کے صدر، وزیراعظم اور قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانیں، روزگار، تعلیم اور سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ ہر قیمت پر اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے، میر واعظ نے جامع مسجد میں مسلسل نماز کی ادائیگی پر قدغن پر بھی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرفیو اور پابندیوں کو توڑتے ہوئے کل نماز جمعہ جامع مسجد سرینگر میں ادا کریں گے۔ دوسری طرف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کیبل آپریٹروں نے بھی بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے، بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کیلیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
آج جمعرات27 اکتوبر کو کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ 68 سال پہلے اس دن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کودبانے، خوفزدہ کرنے، انھیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کے لیے اپنی افواج سرینگر میں اتاری تھیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر آج بھی جاری ہے، عالمی برادری سے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے اور بھارت اپنے وعدے پورے کرنے سے انکاری ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو وفاقی دارالحکومت بند کرنے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور اسکول و اسپتال کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر پیمرا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تقاریر کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں، کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں لگیں گے، عمران خان کو بھی نوٹس جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2 نومبر کو اسلام آباد میں مظاہرے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے دھرنے سے نمٹنے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔