Reporter SS
ایمزٹی وی(تعلیم)قائداعظم یونیورسٹی نے اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کاآغاز کر دیا ۔اس سلسلے میں افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہو ئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہا ئر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے کہا کہ یہ دن ہمارے لئے فخر کا دن ہے ، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر آصف علی نے یونیورسٹی کے تاریخی سفر پر روشنی ڈالی ، قبل ازیں ڈاکٹر فرحان سیف نے یونیورسٹی کے تاریخی پس منظر سے حاضرین کو آگاہ کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم) میڈیکل اورڈینٹل کالجزمیں داخلےکیلئے انٹری ٹیسٹ کےفارم بنک کے ذریعے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق یو ایچ ایس کے وائس چانسلر کی جانب سے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹری ٹیسٹ رواں برس 28 اگست کو منعقد ہوگا اور انٹری ٹیسٹ فارم بذریعہ پنجاب بنک وصول کئے جائیں گے ۔ یو ایچ ایس نے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کو استدعا کی ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اور پی آئی ٹی بی کے توسط سے فارم جمع کرنے والی بنک برانچوں کو صوبے بھر کے امتحانی بورڈز کے سنٹرلائزڈ ڈیٹا سے آن لائن منسلک کر دیا جائے تاکہ فارم جمع کرتے ہی بنک برانچ امیدوار کے میٹرک اور ایف ایس سی میں حاصل کئے گئے نمبروں اور اس کے دیگر کوائف کی تصدیق کر سکے ۔ یو ایچ ایس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلباء کو فارم جمع کروانے کیلئے دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) طورخم بارڈر پر کشیدگی اور پاک افغان مذاکرات کے لئےافغانستان کا سات رکنی وفد آج پاکستان پہنچ گیا۔جہاں دفترخارجہ میں پاک افغان وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی کی قیادت میں 6رکنی وفد نے دفترخارجہ میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کی قیادت میں پاکستانی وفد سے مذاکرات کئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان طورخم بارڈر پر کشیدگی کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کابل میں ہونیوالے خودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے پر افغان حکومت سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ افغان نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے پر بہت خوش ہوں۔ افغان سفارتی وفد مشیر خارجہ سرتاج عزیزسے بھی ملی گا۔ وفد کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) سوات پولیس ٹریننگ سنٹر میں دو سو تیس جوانوں کی تربیت مکمل ہونے پر پاسنگ آوٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ ٹریننگ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سوات میں پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ عملی میدان میں قدم رکھنے والے جوان اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دینے کے لئے پرعزم تھے۔
تقریب کے مہمان خصو صی ایڈیشنل آئی جی خیبرپختونخوا ڈاکٹر اشتیاق مروت تھے جبکہ ڈی آئی جی ملاکنڈ اور ڈی پی او سوات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ پولیس کے جوان ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
سوات پولیس ٹریننگ سنٹر میں پاس آوٹ ہونے والے اہلکاروں کا یہ تیسرا بیج ہے اور اب تک ایک ہزار سے زائد جوان تربیت مکمل کرکے پولیس میں عملی خدمات سرانجام دے رہے ہیں
ایمزٹی وی(تعلیم)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2016ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک کے مختلف پروگرامز کے داخلے یکم اگست سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے کیمپس میں طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لئے خصوصی ونڈوز قائم کرنے کی ہدایات کی ہیں
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے خالق آباد اور اپنے حلقہ انتخاب چکسواری میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وفاق نہیں نفاق کی علامت ہے ،اسے ملک کی نہیں اپنی تجارت کی فکرہے ،پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں 16 سے 18 گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ،اس کا ردعمل انتخابات میں عوام دیں گے ، 50 ارب روپے کا نام نہاد اور جعلی ترقیاتی پیکیج کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونک نہیں سکتا،عام انتخابات میں یہودی ایجنٹوں اور مودی کے یاروں کو عبرتناک شکست دینگے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ وفاقی وزراء کے انتخابات میں بڑے پیمانے پردھونس دھاندلی کے مذموم منصوبے ناکام بنائیں گے اور ان کے سارے خواب ادھورے ہی رہ جائیں گے ،پیپلزپارٹی کے خلاف اقتدار پرستوں کے تمام گٹھ جوڑ ناکام ہونگے ۔ خطے میں خرید وفروخت کی منڈیاں قائم کرکے عوامی حق رائے دہی پرشب خون مارنے والوں کا یوم حساب قریب آگیاہے ، اب ن لیگ کی بیساکھیاں کسی کام نہیں آئیں گی۔ وزیراعظم نے ادھ پلائی کے مقام پرحاجی ادریس کی افطار پارٹی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر چوہدری صفدر، چوہدری محمد، چوہدری باوا، چوہدری اللہ داد، چوہدری محمود، چوہدری خادم، مہربان حسین، احسن الیاس، شیخ شکور، شیخ لیاقت، چوہدری داد، چوہدری حبیب سمیت لدھڑ، پینڈا، ادھ پلائی اور دیگرملحقہ دیہات کے سینکڑوں افراد نے چوہدری عبدالمجید کی حمایت کابھرپور اعلان کیااور وزیراعظم پراعتماد کااظہار کیا۔
ایمزٹی وی(آزادکشمیر)چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس غلام مصطفی مغل نے ایک مرتبہ پھر وفاقی اور آزاد کشمیر کے وزرا کو خبر دار کیا کہ وہ انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کرنے سے باز رہیں۔ انتخابی جلسوں میں سرکاری وسائل کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس طرح کے عمل سے انتخابات کی شفافیت پر اثر پڑ سکتا ہے ۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سکندر سلطان راجہ نے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے واضح ہدایات ملنے کے بعد تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں موجود تمام ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا کہ وہ وفاقی وزرا کو سرکاری پر وٹوکول نہ دیں اور نہ ہی آزاد کشمیر کے سابق وزرا کو سرکاری مشینری استعمال کرنے کی اجازت دی جا ئے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے چیف سیکرٹری نے آزاد کشمیر کے تمام جملہ ملازمین پر واضح کیا کہ وہ کسی بھی انتخابی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور اگر اس طرح کی کوئی رپورٹ ملی کہ سرکاری ملازمین سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر انتخابی سرگرمیوں میں شامل ہیں تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ نے واضح کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران علاقے میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشیدشاہ کو تبدیل کروانے کیلیے پیپلزپارٹی کے اہم رہنما سرگرم ہوگئے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خورشید شاہ کی جگہ فریال تالپورکو اپوزیشن لیڈر نامزدکرنے کی سفارش کردی۔ پیپلزپارٹی کے اہم رہنما کے مطابق پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو تجویزدی گئی ہے کہ خورشید شاہ سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ لے لیا جائے اور ان کی جگہ فریال تالپورکو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا جائے۔ واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری بھی خورشید شاہ سے کئی معاملات پر مطمئن نہیں اور دونوں کے درمیان کئی ماہ سے کوئی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔