پیر, 25 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(کوئٹہ)مالی سال 17-2016 کے لئے بلوچستان کا 2 کھرب 89 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری نے صوبے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم 289 ارب روپے ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگراموں کے لئے 71 ارب جب کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 30 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال بجٹ خسارے کا تخمینہ 36 ارب روپے لگایا گیا ہے جب کہ تعلیم کے لئے 28 ارب 93 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ طلبہ میں 50 ہزار لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جائیں گے جب کہ اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے اسکول بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ رواں برس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ بے روز گاری کے خاتمے کے لئے صوبے میں 30 ہزار نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی ترقی کے لئے گیم چینجر ہے، سی پیک منصوبے پر کام جاری ہے اور اس منصوبے کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وفاق کے تعاون سے گوادر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، مستقبل میں گوادر معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا جب کہ وفاق نے گوادر وفاق نے ترقیاتی پروگراموں کے لئے مختص تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے 30 ارب رکھے گئے ہیں جب کہ صوبے میں فراہمی آب کے لئے 10 ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں، بجٹ میں لائیو اسٹاک کے لئے 3 ارب 10 کروڑ روپے، جنگلات کے لئے 12 ارب روپے، مواصلات کے لئے 9.6 ارب اور زراعت کے لئے 3 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں, اس کے علاوہ کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ثناء اللہ زہری نے بتایا کہ صحت کے لئے 17 ارب 36 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی بہتری کے لئے ایک ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ صوبے میں 5 نئے ٹراما سینٹر قائم کئے جائیں گے، بلوچستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ زراعت کے لئے 7 ارب 40 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ ماہی گیروں کے لئے 83 کروڑ 97 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ ماہی گیروں کو بلا سود قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔ خواتین کی بہبود کے لئے ایک ارب 65 کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں جب کہ ماس ٹرانزٹ ٹرین کے لئے 2 ارب اور گرین لائن بس منصوبے کے لئے ایک ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ ریکوڈک منصوبے کو جلد شفاف طریقے سے شروع کیا جائے،سینڈک منصوبے کے حوالے سے وفاق سے بات چیت جاری ہے جب کہ صوبے میں 500 ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔

ایمزٹی وی(بلوچستان) بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے آوران مشکے میں دہشت گردوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے جب کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈرائیوز اور ممنوعہ مواد سمیت بڑی تعداد میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا۔

ایمزٹی وی(تعلیم)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جامعہ کراچی کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری سے متعلق جامعہ کی درخواست نمٹاتے ہوئے ایف آئی اے کو انکوائری سے روک دیا ہے ، جامعہ کراچی نے ایف آئی اے کی جانب سے 700غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں انکوائری کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے محمود عالم ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی کہ ان بھرتیوں کے الزام میں ایف آئی اے نے 2013میں بھی انکوائری شروع کی تھی لیکن بعد میں یہ انکوائری بند کردی گئی تھی کیونکہ ایف آئی اے کے شیڈول میں جامعات کے معاملات کی تحقیقات نہیں آتیں ، کیونکہ یہاں پبلک سرونٹس یا سول سرونٹس نہیں ہوتے ، لیکن ایف آئی اے نے دوبارہ تحقیقات شروع کردیں جو غیر قانونی ہیں ، جامعہ کراچی کے ڈائریکٹرلیگل محمد آصف نے حلف نامے میں بتایاکہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے میں نیب بھی تحقیقات کررہاہے اور اس نے گزشتہ دس سالوں کی بھرتیوں کا ریکارڈ مانگا ہے ، انکوائری میں نیب سے تعاون کیا جارہا ہے ، تاہم ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں کیے جانے کو روکا جائے ، ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ دوبارہ انکوائری عدالت کی ہدایت پر ہی شروع کی گئی تھی، محمود عالم ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انکوائری بند کرنے سے متعلق ڈپٹی اٹارنی جنرل نے حکومت کو سفارشات ارسال کردی تھیں، لیکن وہ شاید عدالت کوبتانا بھول گئے ۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک بنچ نے مناسب بریفنگ نہ ہونے پر تحقیقات کی ہدایت کردی تھی لیکن ایف آئی اے کے شیڈول میں جامعات کی انکوائری شامل ہی نہیں ، فاضل بنچ نے حقائق عدالت سے چھپانے پر برہمی کا اظہارکیااور ایف آئی اے کو جامعہ کراچی کے معاملات میں مداخلت اور انکوائری سے روک دیا۔

  • ایمزٹی وی(آزادکشمیر)آزادکشمیر الیکشن کے لئے پانچ حلقوں سے امید واروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ،باغ ایل اے 13غربی دھیرکوٹ سے 20،ایل اے 14وسطی باغ سے 16،ایل اے 15شرقی باغ سے 11جبکہ ضلع حویلی کہوٹہ ایل اے 16سے 15اُمیدواران کے نام فائنل کئے گئے ہیں حویلی سے ایک اُمیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ۔الیکشن کے قریب آتے ہی آزادکشمیر بھر میں سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

     
     
 
 
 

ایمزٹی وی(تعلیم)ایچ ای سی اور چینی کمپنی ہوآوے کے مابین معاہدے کے تحت پندرہ پاکستانی طلبہ کو آئی سی ٹی پروگرام میں شرکت کے لئے چین بھجوانے کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد تھے جبکہ پاکستان میں چین کے سفیرکی بیگم مسز بائو نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہوآوے کمپنی لیب اسٹا ف کی استعدادِکار بڑھانے کیلئے اقدامات کے علاوہ سائنسدانوں اور محققین کے لئے تربیت اور ورکشاپس کا بھی اہتمام کرے گی۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہوآوے کا آئی سی ٹی کے شعبے میں تعاون دس سال پر محیط ہے ، پندرہ طلبہ کو دو ہفتوں پر محیط تربیتی پروگرام میں شرکت کے لئے چین بھیجا جا رہا ہے ان طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر تربیت کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔

ایمزٹی وی(پشاور) صدر کے علاقے میں موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کرنے والے باپ اور بیٹے کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے علاقے صدر میں موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کرنے والے سابق پولیٹکل محرر عمران اور اس کے بیٹے عبداللہ کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر جیل جانے کی بات سن کر 13 سالہ عبداللہ زاروقطار رونے لگا جسے اس کے والد عمران تسلیاں دیتے رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے صدر میں گاڑی میں سوار باپ بیٹے نے موٹر سائیکل سواروں پر ممنوعہ بور کے جدید ترین خودکار ہتھیار سے فائرنگ کی تھی تاہم خوش قسمتی سے دونوں موٹر سائیکل سوار محفوظ رہے تھے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ریٹنگ کے عالمی ادارے (موڈیز) نے پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کی ریٹنگ میں کمی آسکتی ہے۔ موڈیزکی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کومعاشی ترقی کیلیے کئی چیلنجزکاسامنا ہے، حکومت زیادہ انحصارغیرملکی قرضوں اورامداد پرکررہی ہے، سرمایہ کارمقامی بچت اسکیموں میں دلچسپی نہیں لے رہے، پاکستان کی ریٹنگ بی تھری مثبت ہے،کم ٹیکس ریٹ چیلنج ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے خاتمے سے پاکستان کی ریٹنگ میں کمی ہو سکتی ہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اب مزید افغان مہاجرین کی میزبانی نہیں کرسکتا اور ہم چاہتے ہیں وہ باعزت طریقے سے واپس جائیں۔ تفصیلات مطابق وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی لیکن ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ افغان مہاجرین کی مزید میزبانی کرسکیں اور ہم چاہتے ہیں وہ اب باعزت انداز میں واپس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کی سول جنگ پاکستان میں لڑنے کو تیار نہیں جب کہ توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن عمل کی ذمے داری چار ملکی گروپ کودی گئی اور امریکا نے 18 مئی کو امن عمل کی حمایت کی لیکن 21 مئی کو ڈرون حملہ کردیا جس سے امن کی کوششوں پرسوالیہ نشان لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی سے تعاون جاری رکھیں گے جب کہ دونوں ملک بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرسکتے ہیں جس کے لیے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ کو دورے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترسرحدی انتظام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا جب کہ افغانستان بائیو میٹرک کا نظام نصب کرے تو خیرمقدم کریں گے

ایمزٹی وی(لنڈی کوتل) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث بند ہونے والا طورخم بارڈر ساتویں روز ہرقسم کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم بغیر دستاویزات کے آنے والے افغان باشندوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔ زرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پاک افغان حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد آج طورخم بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ طورخم بارڈر کے کھلتے ہی سرحد کے دونوں اطراف وطن واپسی کے منتظر افراد کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ گزشتہ کئی روز سے بند ٹریڈ ٹرانزٹ کی آمدورفت بھی آج شروع ہو جائے گی۔ طورخم بارڈر پر سفری دستاویزات کی چیکنگ کے بعد امیگریشن حکام کی جانب سے وطن واپس جانے والوں کو ویزے جاری کئے جائیں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے پاکستان کے میجر علی جواد چنگیزی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث علاقے میں نافذ کیا گیا کرفیو بھی ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد لنڈی کوتل کے بازار کھل گئے ہیں اور معملات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ طورخم بارڈر پر گیٹ لگانے کے معاملے پر گزشتہ اتوار کو پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کے میجر علی جواد چنگیزی شہید جب کہ 10 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ایمزٹی وی (خیبرپختونخواہ)خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور کی سڑک پر اوورٹیکنگ پر سرکاری گاڑی میں سوار باپ بیٹوں نے موٹرسائیکل سوار نوجوان پر بندوقیں تان لیں جب کہ کمسن بچے نے جدید اسلحہ سے فائرنگ بھی کی۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کینٹ میں اوورٹیکنگ پر سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی میں سوار باپ بیٹوں نے موٹرسائیکل سوار کو روکنے کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ ہاتھا پائی کے دوران کمسن بچے نے موٹرسائیکل سوار راحت پر فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہا۔
ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار نے میڈیاسےبات کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی پر لگی سرکاری نمبر پلیٹ اور گاڑی کا نمبر بی 5258 بھی جعلی ہے۔جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج ملنےکےبعدملزمان ک وگرفتار کرلیا گیاہے۔
دوسری جانب متاثرہ شخص راحت نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری گاڑی میں سوار افراد بااثر لگتے ہیں جن کے خلاف مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کرادیا ہے تاہم پولیس نے ایف آئی آر میں سیدھی فائرنگ کو ہوائی فائرنگ لکھا ہے جس پر تحفظات ہیں جب کہ 10 سے 12 سالہ بچے نے مجھ پر 3 فائر کئے اور ایک شخص نے مجھے زد و کوب بھی کیا۔