اسلام آباد: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کے نوٹیفیکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے 10 جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گے، اداروں کے سربراہان ضروری اسٹاف کو بلا سکیں گے۔
چھٹیوں میں اداروں کا اسٹاک چیک، فرنیچر اور عمارات کی مرمت کی جائے۔
لاہور: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال ایشیاکپ نہیں کھیلےگا۔
دی ٹیلی گراف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کی موجودگی اور ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر پاکستان کے رواں سال ایشیاکپ نہ کھیلنے کے امکانات ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کے اگلے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے دوران بتایا جائے گا کہ دیگر تمام شریک ممالک سری لنکا میں کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل تجویز دیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں گروپ مرحلے کے ابتدائی چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ بھارتی بورڈ نے اسے بھی مسترد کردیا جس پر ممکن ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردے۔
رواں ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد تھی تاہم بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، اگر اجلاس میں پاکستان سری لنکا میں ٹورنامنٹ کھیلنے پر راضی ہوتا ہے تو پورا ایونٹ وہیں ہوگا جبکہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی بھارت کی تجویز کو مسترد کرچکے ہیں اور ایشیاکپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔
اگر پاکستان ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اس صورت میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان وہ چار ٹیمیں ہوں گی جبکہ نیپال کو پانچویں ٹیم کے طور پر کھیلایا جائے گا۔
بھارت کا دورہ پاکستان سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنا پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر غور کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ پی سی بی نے مبینہ طور پر آئی سی سی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کا انحصار حکومتی منظوری اور ہائبرڈ ماڈل پر ہوگا۔
کراچی: صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردارشاہ سے “شاہ لطیف کی شاعری” پر موبائل ایپ بنانے والے نوجوان راجا ساندنےملاقات کی۔
عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان راجا ساند نے صوبائی وزیر ثقافت کو بتایا کہ شاہ لطیف کی شاعری پر بنائی گئی ایپ اینڈرائیڈ سسٹم کے ساتھ اب آئی او ایس/ آئی فون پر بھی موجود ہے۔راجا ساند نے صوبائی وزیر ثقافت کو بتایا کہ انہوں نے کچھ دوستوں کے ساتھ مل کر ایپ پر کام شروع کیا تھا جو اس سفر میں اب بھی ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شروع میں اس وقت کے کمیشنر میرپورخاص اور موجودہ سیکریٹری اطلاعات ندیم میمن ان کی مالی معاونت کی تھی۔
ملاقات میں وزیرتعلیم و ثقافت سندھ سردار علی شاہ نےراجا ساند کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ کی ایپ کی وجہ سے شاہ لطیف کی شاعری پڑھنا میرے لئے اب آسان ہوگیا ہے”انہوںنے راجا ساند کو مشورہ دیا کہ سندھ کے صوفی شعراء کی منتخب شاعری کو بھی ایپ میں شامل کیا جائے۔
محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے شاہ لطیف کی شاعری پر چھپنے والی کتب کا بھی ایپ کا حصہ بنایا جائےاس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے نوجوان راجا ساند کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 262 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 16 مئی کو 30 روپے کمی گئی تھی اور اس بار بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 253 فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
کراچی: چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدرعلی نے کمرہ امتحان میں میڈیاکوریج کی مخالفت کردی۔
اس حوالے سے چیئر مین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بورڈز امتحانات میں ویجیلینس اور میڈیا کوریج کے نام پر بچوں اور بچیوں کی تشہیر اور افسران کی پبلسٹی امتحان کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔امتحانات کوئی تماشا نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خوفناک عمل ہے کہ اس کی بے پناہ تشہیر کی جائےامتحانی کمروں میں چھ چھ کیمروں سمیت آٹھ آٹھ افراد کا موجود رہنا بچوں بچیوں کے لئے ذہنی کوفت اور دباؤ کا سبب ہوتا ہے۔ امتحان دیتے ہوئے طلبہ و طالبات کی وڈیوز بنانا اور نشر کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
کیا کیمبرج امتحانات میں امتحانی کمروں اور مراکز کی میڈیا کوریج کی جا سکتی ہے؟ کیا کیمبرج امتحانات میں امتحانی کمروں اور مراکز کی میڈیا کوریج کی جاسکتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر ایگزامینیشنز کو انویجیلیٹر کا کام کرنے کے بجائے کالج پرنسپل کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے کی ضرورت ہے۔ امتحانی کمروں میں کیمرے لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے ۔ خبر کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن ڈراماٹائزیشن کی نہیں۔ امتحانی عمل کو نقل اور چیٹنگ کے مفروضے سے جوڑ کر پیش کرنا پڑھنے والے لاکھوں بچوں کی توہین ہے اور سرکاری نظام امتحان کی تذلیل ہے۔
کرپٹ، بدعنوان اور نااہل لوگوں کی سزا طلبہ کو دینے کی روایت کو ختم ہونا چاہیے فرسودہ ویجیلینس سسٹم اور امتحان دینے والوں کو خوفزدہ کرنے کا موجودہ نظام ختم کیا جائےامتحان دینے والوں کو بنیادی سہولیات، پرسکون اور باوقار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے اساتذہ کو اسکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق بی ایڈ کرنے والے اساتذہ کو 50 فیصد فیس میں رعایت دی جائے گی جب کہ پی ایچ ڈی کرنے والے اساتذہ کو فیس کے لیے آسان قسطوں کی سہولت دی جائےگی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہےکہ سہولت صرف سرکاری اساتذہ کے لیے ہے، سرکاری اساتذہ آئی بی اے میں داخلہ لےسکیں گے جب کہ بی ایڈ کرنے والے اساتذہ کی ترقیاں بھی جلدی ہوں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان ان دنوں تعلیم حاصل کرنے کیلئے امریکا میں مقیم ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کپتان بابراعظم نے مداحوں سے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور رضوان کے ہمراہ ہارورڈ بزنس اسکول میں داخلے کے بعد پڑھتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر میں بابراعظم صوفے پر لیٹے ہوئے پڑھائی کررہے ہیں جبکہ رضوان زمین پر بیٹھ کر نوٹس کا مطالعہ کرتے ہوئے مختلف پیپرز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بابراعظم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں کیپشن لکھا گیا ہے کہ ’’ یہ کیا ہورہا ہے‘‘ ؟۔
گزشتہ دنوں بابراعظم اور محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کے پروگرام کا حصہ بنے تھے، وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز ہیں۔
دونوں کرکٹرز 31 مئی سے 3 جون تک امریکی ریاست بوسٹن میں ہارورڈ بزنس اسکول کیمپس کی کلاسز میں شرکت کریں گے جہاں وہ انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس تعلیم حاصل کریں گے۔
کراچی: سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام محفوظ موٹر سائیکل سواری کے موضوع پر منعقد ہونے والے دو روزہ سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ طلباء کی حفاظت بہت ضروری ہے کیونکہ وہ ہمار ا مستقبل ہیں۔حادثات کا شکارہونے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہوتی ہے۔پالیسی سازی میں نوجوانوں کی نمائندگی نہیں ہوتی، اس لیے پالیسی بنانے والوں کو ان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے ورنہ پالیسی کے ممکنہ نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے موٹرسائیکل کی محفوظ سواری کی آگاہی کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے بائیک رائڈنگ سیمولیٹر سافٹ ویئر کو بھی لانچ کیا۔یہ بائیک رائڈنگ سیمولیٹر سرسید یونیورسٹی کو دے دیا گیا ہے تاکہ شعبہ سول انجینئرنگ اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے فائنل ایئر کے طلباء اپنی تحقیقی سرگرمیوں میں اس سے استفادہ کریں اور اس کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کریں۔تقریب کے شرکاء میں ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر پروفیسر ڈاکٹر میر شبَّر علی، یونی لیور کے کارپوریٹ مینجر محمد سالک، اٹلس ہونڈا کے کنٹری مینجرافتخار احمد اور روڈ سیفٹی و مصنوعی ذہانت کے ماہر ڈاکٹر عمر قریشی و دیگر شامل تھے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی،کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ روڈ حادثات میں زیادہ تر 18سے 40سال کی عمر کے افراد کی اموات ہوتی ہیں۔حادثات کی وجوہات میں موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے تیزرفتاری اور شعبدے بازیاں کے علاوہ ٹریفک قوانین سے لوگوں کی بے خبری بھی جان لیوا حادثات کا پیش خیمہ بنتی ہے۔لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ قوانین کی پابندی کرنے کے بڑے فائدے ہیں اور ٹریفک قوانین سے لاپرواہی آپ کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
روڈ سیفٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ روڈ سیفٹی آپ کے محفوظ مستبقل کی ضمانت ہے۔روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے تعلیم اور آگاہی دونوں ضروری ہیں۔ روڈ حادثات سے بچنے کے لیے نوجوانوں کو علم اور مہارت دونوں سے آراستہ ہونا چاہئے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، دیر سے پہنچنا، نہ پہنچنے سے بہتر ہے۔
ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچر نے کہا کہCOTRETSایک کثیرالشعبہ جاتی ادارہ ہے۔حادثات کا سب سے زیادہ شکار ہونے والے افراد زیادہ تر نوجوان ہوتے ہیں۔چالیس فیصدخطرناک حادثات کاشکار موٹر سائیکل سوار ہوتے ہیں۔اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سافٹ ویئر تیا رکیا گیاہے،
اس موقع پر یونی لیور کے کارپوریٹ مینجرمحمد سالک اور اٹلس ہونڈاکے کنٹری مینجیر افتخار احمد نے بھی خطاب کیا۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی میں منعقدہ کنوونشن2023 میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےشرکت کی۔
کنونشن سے وزیر اعلیٰ سندھ مرا دعلی شاہ ،وائس چانسلر ڈاکٹرسروش لودھی سمیت دیگر مقرر ین نے خطاب کیا۔
اس کنوینشن کا انعقاد اپنے سابقہ طالب علم سول انجینئربیج 1969/ سی ای او کمپیوٹر اینڈ اسٹرکچرز (سی ایس آئی) اشرف حبیب اللہ کی جامعہ کے لیے خدمات کے اعتراف میں کیا گیا۔
کنوینشن میں بڑی تعداد میں موجود نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر اشرف حبیب اللہ کا کہنا تھا کہ سابقہ طالب علم کی حیثیت سے ہر طالب اپنے اپنے ادارے کی بہتری میں کردار ادا کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی کا راز کمفرٹ زون سے باہر نکلنے میں ہے۔کامیابی کا راز کمفرٹ زون سے باہر نکلنے میں ہے، سابقہ طالب علم کی حیثیت سے ہر طالب اپنے اپنے ادارے کی بہتری میں کردار ادا کرے، این ای ڈی المنائی انٹرنیشنل اپنی جامعہ کے لیے بے مثال کردار ادا کررہی ہے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، بانی ماں جی انڈومنٹ فنڈ آفتاب رضوی، صدر این ای ڈی انٹرنیشنل المنائی نیٹ ورک عاصم مرتضی، این ای ڈی انٹرنیشنل المنائی نیٹ ورک کے سیکریٹری عباس ساجد، صدر پاکستان انجینئرنگ کاؤنسل فرحت عادل اور چیف آرگنائزر این ای ڈیین کنوونشن انجینئر سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ اشرف حبیب اللہ سمیت دیگر سابقہ طالب علموں نے ٹھانی ہے کہ جامعہ کے کلاس انفرااسٹکچر میں بہتری لائی جائے
مزید کہنا تھا کہ جامعہ میں موجود 100 میں سے قریبا 40 کلاسز کو اسمارٹ کلاس رومز میں تبدیل کردیا گیا ہے جب کہ مزید پر کام جاری ہےجبکہ اس موقعے پر شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں ایسے المنائی کسی دوسرے ادارے کو میسر نہیں۔
جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق انجینئر اشرف حبیب اللہ نے سی ایس آئی سوفٹ ویئر کو ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے دنیا بھر کی جامعات کو عطیہ کیا۔ اسکالر شپس سمیت انہوں نے دو سولر سسٹم 36 kw اور 70kw اپنی مادر علمی این ای ڈی میں لگوائیںجن کی مالیت 11.25ملین بتائی جاتی ہے جب کہ مزید بھی 100kwسولر سسٹم کی یقین دہانی کروائی۔اس
موقعے پر جامعہ این ای ڈی کی جانب سول ایوی ہال کو اشرف حبیب اللہ کے نام سے منسوب کرکے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
کراچی: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیرِاہتمام سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
جس میں ایسوسی ایشن کے ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ سال کی کاروائی اورآڈٹ رپورٹ کی منظوری لی گئی۔
سالانہ جنرل باڈی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر کموڈور(ر) سلیم صدیقی نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ہماری ٹیم نے ترقی کے گراف کو نیچے نہیں گرنے دیا۔منفی طرزِ عمل سے انسان اپنے لئے رنج اور دوسروں کے لئے رنجشیں پیدا نہ کرے۔مثبت سوچ کے ساتھ اپنے معاملات چلائیں، درگزر کی عادت ڈالیں اور ہر چیز میں تلخی ڈھونڈنے کی روش ترک کریں۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوارنے اپنے پیغام میں کہا کہ کوویڈنے جہاں معاشی سرگرمیوں اور کاروباری معاملات کو بری طرح متاثرکیا لیکن الحمد اللہ ایسوسی ایشن اور اس سے منسلک ادارے انتظامی اور مالی لحاظ سے بڑی خوش اسلوبی سے چل رہے ہیں۔ نامساعد حالات کے باوجود ہماری ٹیم نے کارکردگی کے معیار کو متاثر ہونے نہیں دیا اور بڑی خوش اسلوبی سے معاملات نمٹائے۔ طویل مدت سے مختلف مد میں زیرِ التوا واجب الادا رقوم اور بقایا جات کی ادئیگیاں کی گئیں۔حتی کہ ایسوسی ایشن کے دفترواقع ایم آر کیانی کی99 سال کی لِیز حاصل کرلی گئی اورسرسید ٹاور اب مکمل طور پر اموبا کی ملکیت ہے۔
ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری جنرل انجینئر محمد ارشد خان نے ایسوسی ایشن اور اس سے منسلک اداروں کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی جامعہ ہے جو سرسید احمد خان کے فلسفے کی میراث ہے۔سرسید یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی صف اول کی جامعات میں ہوتا ہے۔چارٹر ایوالیوشن سندھ کی درجہ بندی میں سرسید یونیورسٹی نجی سیکٹر میں سندھ کی اول نمبر کی انجینئرنگ یونیورسٹی قرار پائی ہے۔سرسید یونیورسٹی سے اب تک تقریباََ 24165 ہزار طلباء و طالبات فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔
برانڈڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سرسید یونیورسٹی کو برانڈ آئیکون آف پاکستان 2022 تفویض کیا گیا۔سرسید یونیورسٹی میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈبوائزایسوسی ایشن کے سابق صدراور سرسید یونیورسٹی کے پہلے چانسلرانجینئر زیڈ اے نظامی چیئر اور ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری جنرل انجینئر محمد ذاکر علی خان چیئر قائم کی جائیں گی۔ سرسید احمد خان کا یادگاری سکہ، یادگاری پوسٹل ٹکٹ، 75روپے کے نوٹ پر سرسید احمد خان کی تصویر اور سرسید فلائی اوور ایسوسی ایشن کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔اے آئی ٹی گراؤنڈ پر اسپورٹس کملیکس تیار کیا جارہاہے۔