پیر, 25 نومبر 2024

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈےسیریزکے لیے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

21 ممکنہ کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق،محمد رضوان، عامر جمال،ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، احسان اللہ، امام الحق، کامران غلام، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم، نسیم شاہ، قاسم اکرم، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہنواز دھانی، شان مسعود، شرجیل خان اور طیب طاہر شامل ہیں۔

ممکنہ کھلاڑیوں میں جنوری 2017 میں اپنا 25 واں اور آخری ون ڈے کھیلنے والے شرجیل خان بھی شامل ہیں جبکہ 2019 میں یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے کھیلنے والے شان مسعود بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو (نیشنل اسٹیڈیم) میں کھیلے جائیں گے، پاکستان کپ کے اختتام اور دوسرے ٹیسٹ کے دوران 16 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکواڈ کا اعلان ہوگا۔

قومی سلیکٹرز نے اس فہرست میں اُن چھ کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جنہوں نے ابھی ون ڈے میں شرکت نہیں کی۔ جن میں ابرار احمد، عامر جمال، احسان اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم اور طیب طاہر شامل ہیں جبکہ فخر زمان، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی (انجرڈ) اور زاہد محمود ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست شاہد آفریدی نے تیار کی ہے۔

کراچی: سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

کوئٹہ
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔مستونگ، قلات، تربت، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ اور مکران سمیت مختلف مقامات پر کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

موسم سرما کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے میں ایمرجینسی نافذ کر دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس، سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا۔

آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر عملہ اور ہائی مشینری پہنچا دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی آورز بڑھا دیے۔

پنجاب
موسم سرما کے بادلوں کا لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بسیرا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔ گلبرگ، لکشمی چوک، جوہر ٹاؤن، باغبانپورہ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئے۔جبکہ ضلع بہاولنگر، بھکر، شیخوپورہ، بورے والا، پنڈدادن خان، ملتان، رائیونڈ، پاکپتن، چشتیاں، مریدکے، ساہیوال، عارفوالا، چیچہ وطنی اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی جس کے باعث سیاح خوشی سے کھل اٹھے۔
موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہے، موسم سرما کی تعطیلات کے باعث سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیاحوں کو اس بار برفباری کا طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔

خیبرپختونخوا
پشاور میں بوندا باندی کی وجہ سے اچانک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند میں کمی آگئی، نوشہرہ میں بھی ہلکی بوندا باندھی شروع ہوگئی۔
پاراچنار میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پہاڑوں اور درختوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا۔

سندھ
مغربی ہواؤں کے تحت کراچی کے چند مقامات پر مطلع جذوی ابرآلود ہوگیا، بیشتر علاقوں میں دھوپ نکلی ہوئی ہے۔
سسٹم کے سبب سمندر کی جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار بڑھ گئی۔ ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20 کلو میٹر ریکارڈ ہو رہی ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اگلے ہفتے شہر میں دوبارہ خنکی بڑھ سکتی ہے۔

اسلام آباد: محکمہ وفاقی تعلیم نے موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سردی میں اضافے کے باعث وفاق کے تمام نجی اسکولز 7جنوری تک بند رہیں گے۔

کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم شاہینوں کو شکست دینے کےلئے بے تاب ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کےہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ ہم پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں، یہاں ہمارا شاندار استقبال کیا گیا،ہم انگلینڈ کے دورہ پاکستان کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوم سیریز میں وائٹ واش کے باوجود میزبان ٹیم کو ہرگز آسان نہیں سمجھیں گے،انگلینڈ کیخلاف پاکستان کو اہم کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کا سامنا رہا،ہمارے لیے ایک اچھی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا، اسپنر ابرار احمد بہت زبردست بولنگ کررہے ہیں،ان پر قابو پانے کیلیے حکمت عملی بنانا ہوگی۔

ایک سوال پر اسٹیڈنے کہا کہ مقامی کنڈیشنز نیوزی لینڈ سے بہت مختلف ہیں،ہم نے یہاں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے اسکواڈ منتخب کیا، حالیہ کارکردگی کے پیش نظر چند تبدیلیاں بھی ناگزیر تھیں، نوجوان کرکٹرز سے اچھی توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ وہ دورہ پاکستان میں بہترین پرفارم کریں گے،ہمیں ٹرینٹ بولٹ کی خدمات حاصل نہیں لیکن دستیاب کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
کوچ نے کہا کہ کین ولیمسن نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ خود کیا،انھوں نے 6 سال ہر فارمیٹ میں قیادت کی،اب ٹم سائودی ٹیم میں نئی سوچ لے کر آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا اپنا انداز ہے، برینڈن میک کولم نے ٹیسٹ کرکٹ کو جدت دی، ہوسکتا ہے کہ دیگر ٹیمیں بھی اس انداز کو اپنائیں،البتہ ہم اپنے اسٹائل سے کھیلتے ہیں۔

 

پشاور: خیبرپختونخواحکومت کامیدانی علاقوں میں موسم سرماکی تعطیلات ختم کرنےکافیصلہ کیاہے۔

محکمہ تعلیم کے پی کے کاکہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں پہلے سے متاثر ہیں مزید تعلیمی کا نقصان نہیں کرسکتے ۔

اس لئے موسمِ سرما کی تعطیلات سرد ترین علاقوں میں بھی کم کردی گئی جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 28 یا 29 فروری بجائےیکم جنوری سے 15 فروری تک محدود ہونگی۔

دوسری طرف اگر میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہےتو اس صورت میں چھٹیاں دی جا ئیں گی۔

 

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ اور محکمہ جنگلی حیات (سندھ) کے مابین تحفظ جنگلی حیات صوبہ سندھ پالیسی 2022 کے اہداف کی تکمیل کے تناظر میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،

جس کے تحت تحفظ جنگلی حیات کے شعبہ میں ٹیکنالوجی اور ریسرچ کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ جنگلی حیات و انسداد رشوت ستانی، بنگل خان مہر کا کہنا تھا کہ وائلڈ لائف ایکوسسٹم کا ایک اہم جُز ہے اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تحفظ جنگلی حیات کے شعبے میں قانون سازی کے عمل کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور مضبوط کرنے کے علاوہ بیالوجیکل سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر این ڈی یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور تحفظ جنگلی حیات کے لیے ہر شہری بالخصوص نوجوان طالب علموں کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے جوکہ آبادی کا ساٹھ فی صد ہیں. سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات صوبہ سندھ ڈاکٹر بدر جمیل کا کہنا تھا کہ دور حاضر میں جنگلی حیات اور اسکے مسکن کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ کنزرویٹر جاوید مہر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں تعلیمی ادارے اس شعبہ میں حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا موقعہ ہے جب جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کسی جامعہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی. مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے سے قبل چیئرپرسن سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہہ نیلہ زرداری کا کہنا تھا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس، ڈی این اے سیکوینسنگ، سیٹلائٹ ٹریکنگ اور دیگر ٹیکنالوجی کے استعمال سے حیاتیاتی تنوع اور قدرتی ماحول کو سمجھنے اور تحفظ میں مدد حاصل ہوگی.

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، ڈین انفارمیشن سائنس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، رجسٹرار این ای ڈی یونیورسٹی سید غضنفر حسین، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہ نیلا زرداری اور سندھ حکومت کے عہدے داروں میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ جنگلی حیات و انسداد رشوت ستانی، حکومت سندھ کے سیکریٹری جنگلات و تحفظِ جنگلی حیات ڈاکٹر بدر جمیل، چیف کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ جاوید مہر، سیکشن آفیسر سندھ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ سالک نوید نے
شرکت کی۔

کراچی: سر سید یونیورسٹی کے زیر اہتمام اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ایچ ای سی زون ایم انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ کاآغاز ہوگیا۔

افتتاحی روز انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ ،سر سید یونیورسٹی،آئی بی اے اور انڈس یونیورسٹی نے اپنے میچز جیت لئے۔پہلے روز کھیلے گئے میچوں میں آئی او بی ایم یونیورسٹی نے حبیب یونیورسٹی کو 5-0سے، اور آئی بی اے نے این ای ڈی یونیورسٹی کو 2-1سے شکست دی ۔

جبکہ سرسید یونیورسٹی اور پی اے ایف کیٹ کے مابین کھیلا جانے والا میچ میں پی اے ایف کیٹ کو تیکنیکی بنیاد پر ڈسکوالیفائے قراردیا گیا۔ میچ میں انڈس یونیورسٹی نے ڈی ایچ اے صفہ کو سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر زیر کیا۔

سکسٹین اسٹار فٹبال گراؤنڈ پر چیمپئن شپ کافتتاح مہمان خصوصی سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کیا۔اس موقع پر رجسٹرار کموڈور(ر) سید سرفراز علی،ڈائرکٹر اسپورٹس انٹر نیشنل مبشر مختار،جاوید اقبال،محسن علی خان،نعمان الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح رہی ہے،فٹبال کے علاوہ،ہاکی اور شوٹنگ کے ایچ ای سی ایونٹس کی بھی میزبانی کی ہے،آئندہ بھی کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کے لئے تیار ہیں انہوں نے فٹبال ایونٹ سر سید یونیورسٹی کو دینے پر ایچ ای سی کے چئیر مین ڈاکٹر مختار احمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کے ڈائرکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن کی کاوشوں کی بدولت اس وقت پورے ملک میں ایچ ای سی کی اسپورٹس سرگرمیاں بھرپور انداز میں کامیابی سے جاری ہیں۔سر سید یونیورسٹی کے رجسٹرارکموڈور(ر)سید سرفراز علی کا کہنا تھا کہ اس چیمپئن شپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،بہترین فٹبال دیکھنے کو مل رہی ہے،صحتمند سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبہ زندگی کے ہر میدان میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں۔

آج سیمی فائنلز میں سر سیدیونیورسٹی کا مقابلہ انڈس یونیورسٹی سے اور آئی او بی ایم کا مقابلہ آئی بی اے سے ہوگا۔تین روزہ چیمپئن شپ کا فائنل جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

کراچی: جامعہ کراچی نے اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں کی بنیاد پرہونےوالےداخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں (Reserved Seats)کی بنیاد پر ہونے والےداخلہ فارم 23دسمبر 2022 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم،فیس واؤچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk  پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔

واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے،ان شعبہ جات میں مخصوص نشستوں پر داخلوں کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔ داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔

لاہور: نیوزی لینڈٹیسٹ ٹیم کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ نےاسکواڈ کااعلان کردیا۔

بورڈ حکام کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بابر اعظم کریں گے جبکہ وائس کیپٹن محمد رضوان ہونگے۔

اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان،محمد نواز، شا ن مسعود، سرفرازاحمد،سعود شکیل، سلمان علی آغا ،کامران غلام شامل ہیں

جبکہ فاسٹ بالر حسن علی، ابراراحمد، نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر ، زاہد محمود، نعمان علی کو شامل کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا پانچ روزہ ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

لاہور: رمیز راجا نے بھارت میں آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کے بائیکاٹ نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

غیرملکی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس کے دورہ پاکستان میں رمیز راجا نے ان پر واضح کیا کہ بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ ہوا نہ ہی وہ میگا ایونٹ سے دستبرداری کے حق میں ہیں، دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات کے پیش نظر ایشیا کپ میں شرکت سے انکاری بھارتی بورڈ پر دباؤ بڑھانے کیلیے بائیکاٹ کی بات کی۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے آئی سی سی حکام پر یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنی میزبانی میں کسی بھی ٹورنامنٹ کی ملک سے منتقلی قبول نہیں کرے گا۔