کراچی: انگلینڈاور پاکستان کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی پرمشتمل سیریزکادوسرامیچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائےگا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا
گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس تو نہیں کی البتہ ہوٹل میں ٹینس کھیلی اور انڈور اسپورٹس کھیل کر خوب انجوائے کیا۔
واضح رہے انگلینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پشاور: خیبر پختو خواہ حکومت نے نویں سے بارہویں جماعت تک مطالعہ قرآن کریم کو لازمی مضمون قرار دے دیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خیبر پختونخواہ حکومت نے نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک مطالعہ قرآن کریم لازمی مضمون کے طور پر پڑھانے کے احکامات جاری کردیے۔
2023 میں میٹرک اور ایف اے ، ایف ایس سی کےسالانہ بورڈ امتحانات میں 75 نمبروں کا پرچہ لینے کے احکامات جاری کردیے گئے، جس سے میٹرک و انٹر کے کل نمبر 1100 سے بڑھ کر 1225 ہوگئے۔
اقلیتوں کے لئے ایتھیکس (اخلاقیات) پر مبنی لازمی مضمون بھی تیار کر لیا گیا۔ یہ اقلیتی برادری کے بچوں کے لئے نویں سے بارہویں جماعت تک لازمی مضمون تصور ہو گا۔ مطالعہ قرآن کریم کے لازمی پرچے کے شامل ہونے کے بعد لازمی پرچوں کی تعداد 5 ہو گئی۔
تعلیمی بورڈز نے بھی 2023 کے سالانہ میٹرک و انٹر کے امتحانات میں 75 نمبروں کا پرچہ امتحان میں شامل کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم نے بھی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اس فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کالجز میں قرآن کریم کی پڑھائی کا سلسلہ شروع کرنے کی غرض سے سفارشات بھجوا دی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں پرائمری سے آٹھویں جماعت تک مطالعہ قران پڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران پشاور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی کہ اسے لازمی مضمون کے طورپر پڑھایا جائے اور باقاعدہ بچوں سے امتحان بھی لیا جائے جس پر پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ دنوں احکامات جاری کیے۔
سندھ کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی کے سربراہ اور انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے تجویز دی ہے کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کا تعین وزیر تعلیم کے بجائے محکمہ بورڈز و جامعات خود کرے۔
انہوں نے یہ تجویز سیکرٹری بورڈز و جامعات کو بھیجے گئے مراسلے میں دی۔ ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ عرصہ دراز سے حکومت سندھ کا یہ رواج رہا ہے کہ امتحانات کے شیڈول کا فیصلہ وزیر تعلیم کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کرتی ہے اور تمام اسکولوں اور کالجوں کے ڈائریکٹرز اور اداروں کے سربراہان اس کمیٹی کے رکن ہوتے ہیں۔
جامعات اور بورڈز کے نگہبان ہونے کی وجہ سے یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ اس معاملے کا فیصلہ محکمہ تعلیم کے بجائے جامعات اور بورڈز کے محکمہ کی سطح پر کیا جائے اور سالانہ اور ضمنی امتحانات کے لیے امتحانی شیڈول کو پہلے سے حتمی شکل دے دی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ عام طور پر فروری یا مارچ میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے اور امتحانات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جاتا ہے جس سے طلبہ کو آخری دم تک امتحان کی تاریخوں کے بارے میں شکوک و شبہات اور اندازہ لگا رہتا ہے، اور ان کی امتحانات کی تیاری متاثر ہوتی ہے۔
لاہور: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ تیار کر لی گئی ہے۔
پی سی بی ٹیم کی کٹ کی باضابطہ رونمائی آج کرے گا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں ہو گا۔
آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان بھی ہو چکا ہے، ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ شان مسعود کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: ایپل نے گزشتہ دنوں آئی فون 14 سیریز کو متعارف کرایا تھا۔
یہ نئے آئی فونز 16 ستمبر سے دنیا کے کچھ حصوں میں صارفین کو دستیاب ہیں مگر آئی فون 14 سیریز کے پرو ماڈلز (آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس) میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ کیا ہے؟
درحقیقت ایپل کے نئے فلیگ شپ فونز میں سب سے بڑی تبدیلی ڈسپلے میں کی گئی ہے۔
آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس کو جب استعمال نہ بھی کیا جارہا ہو تو بھی ان کی اسکرین آرام نہیں کرتی بلکہ مختلف ویجیٹس جیسے الارمز اور دیگر کو ڈسپلے کرتی رہتی ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب ایپل نے آل ویز آن ڈسپلے کو کسی آئی فون کا حصہ بنایا ہے۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ فونز میں تو کافی عرصے سے موجود ہے مگر ایپل کے صارفین پہلی بار اسے استعمال کرسکیں گے۔
ماہرین کے مطابق اس نئے فیچر سے فون کے استعمال کا وقت بڑھ جائے گا، ہماری نظر میں تو یہ زبردست فیصلہ ہے۔
اب صارفین لاک اسکرین میں ہی نوٹیفکیشنز، ٹائم، ریمائنڈرز اور دیگر چیزیں دیکھ سکیں گے اور انہیں فون ان لاک کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
نئی لاک اسکرین تصاویر کو دیکھنے کے ذریعہ بھی بنے گی جبکہ صارفین کاسٹیوم فونٹ اسٹائلز اور کلرز کا انتخاب بھی کرسکیں گے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ایپل ہمیشہ نئے فیچرز کو سب سے پہلے متعارف کرانے والی کمپنی نہیں مگر وہ جب بھی کچھ پیش کرتی ہے اس کا انداز سب سے مختلف ہوتا ہے۔
ایپل کمپنی کے مطابق لاک اسکرین سے صارفین کے اسکرین ٹائم پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے البتہ انگیج منٹ بڑھ سکتی ہے۔
ایپل کی نئی لاک اسکرین کے ساتھ آئی فون 14 پرو سیریز میں چند بڑی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جیسے ڈائنامک آئی لینڈ۔
یہ ایک کیپسول کی شکل ایسا حصہ ہے جو فون کی اسکرین پر سیلفی کیمرے کے لیے دیا گیا ہے۔
ڈائنامک آئی لینڈ کو مختلف فیچرز جیسے کالز یا موسیقی سننے کے دوران چھوٹا یا بڑا کیا جاسکتا ہے۔
چندی گڑھ: بھارت کی چندی گڑھ یونیورسٹی میں نازیبا ویڈیوزبناکر وائرل کرنے کے معاملے پر طالبات نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ یونیورسٹی کی طالبات نے انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پرنسپل نے پولیس کو طلب کرلیا اور مرکزی درازے کو تالا لگادیا۔
مشتعل طالبات نے دروازے پر چڑھ کر یونیورسٹی احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر پولیس نے پہنچ کر طالبات کو باہر نکال دیا۔
طالبات یہ مظاہرہ مبینہ طور پر یونیورسٹی میں بنائی گئی نازیبا ویڈیوز کے وائرل ہونے پر کر رہی تھیں۔ پولیس نے طالبات کو ایف آئی آر درج کرنے اور ذمہ دار کو سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔
اسلا م آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات پارٹ دوم کی ڈیٹ شیٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ نے میٹرک سال اوّل و دوم کے سالانہ امتحانات 2022کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری کردیاہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق امتحانات کا آغاز22ستمبرسے ہوگا جو 6اکتوبر تک جاری رہے گا۔امتحانات میں شریک طلبا و طالبات کی رول نمبر سلپس بھی ویب سائٹ کردی گئی ہیں۔
طلبا اپنے رول نمبر سلپس ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ پرائیوٹ امیدواروں کی سپلس انکے دیئے گئے پتوں پر ارسال کردی گئی ہے۔
لاہور: پنجاب تعلیمی بورڈ نے نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے لاہور اسمیت پانچ تعلیمی بورڈز کےنویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے2022کے نتائج کااعلان کردیا ہے۔
نتائج متعلقہ بورڈز کی آفیشل ویب سائٹ پراپلوڈ کردیئے گئےہیں۔ جبکہ طلبا اپنے نتائج بذریعہ ایس ایم ایس بھی معلوم کرسکتے ہیں۔
واشنگٹن: جاپانی کمپنی کی تیارکردہ اڑنےوالی بائیک آئندہ سال مارکیٹ میں فروخت کیلئےدستیاب ہوگی۔
ہوور بائیک ایک جاپانی اسٹارٹ اپ ایرونز ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے جو چالیس منٹ تک فضا میں اڑسکتی ہے، ہوور بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ایرونز کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایک ہوور بائیک ماڈل جاپانی مارکیٹ میں فروخت کیلئے موجود ہے تاہم 2023 میں امریکا میں پیش کی جانے والی یہ بائیک ماضی میں متعارف کرائی جانے والی ہوور بائیک سے چھوٹی ہے۔
سی ای او کومٹسو کے مطابق ابتدائی طور پر بائیک کی موجودہ قیمت 7لاکھ 77ہزار ڈالر ہے جسے مستقبل میں کم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
ڈیٹرائیٹ شو میں متعارف کرائی جانے والی ہوور بائیک کو حاضرین نے خوب سراہا، شرکاء کا کہنا تھا کہ بائیک کو دیکھ کرایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اسٹار وار میں دکھنے والے مناظر حقیقت کا روپ دھار گئے ہیں۔
کراچی : کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نےڈینگی اور ملیریاکےحوالےسےاسکولوں کےلئےایس اوپیز جاری کر دیئے ۔؎
ایس او پیز کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر ہوگا ۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر برائے کمشنر کراچی کے دستخط سے جاری ہوئے نوٹی فکیشن میں سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم سمیت دیگر 13 متعلقہ اداروں کو SoP کی کاپی ارسال کی ہے ۔ مجموعی طور پر کمشنر کراچی نے تعلیمی اداروں ‛ والدین اور طلبہ کیلئے 11 ایس او پیز جاری کی ہیں ۔
تمام تعلیمی اداروں میں اسمبلی اور فیزیکل ٹریننگ (پی ٹی ) سیشن ایک ماہ کے لئے معطل رہیں گے ۔
تعلیمی ادارے میں ہاف سلیو اور شارٹس کے بجائے طلباء فل آستین والی شرٹس اور ٹراوزر پہنیں گے ۔
تعلیمی ادارے کی حدود میں قائم پانی کے ٹینکس کی صفائی اور اس کے ارد گرد 100 فیصد صفائی کو ممکن بنانا اور اس کی چیکنگ کرنی ہے ۔
تعلیمی ادارے میں کچرہ و گندگی کے مکمل خاتمے اور صفائی ستھرائی کو ہر ممکن یقینی بنانا ہے ۔
ڈینگی اور ملریا سے بچاؤ کیلئے تعلیمی اداروں میں مخفی اور کم اوجھل مقامات پر اسپرے کو ہر صورت یقینی بنانا ہے ۔
تعلیمی اداروں میں پانی کے ٹینکوں کو مکمل ڈھانپ کر رکھنا ہے اور جہاں سے پانی آ رہا ہے اس سورس کو بھی محفوظ بنانا ہے ۔
تعلیمی ادارے میں طلبہ اور اسٹاف مچھر کش اسپرے کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔
تعلیمی ادارے میں مستقل بنیادوں پر ڈینگی اور ملیریا اسپرے کرانے کے پابند ہونگے ۔
تعلیمی ادارے کے احاطے و اطراف میں کسی بھی طرح کے پانی کے جمود کو روکنا ہے ۔
ایسی اشیاء کو بھی ڈھانپیں جو ممکنہ طور پر پانی کے ذخیرہ کا سبب بنیں یا ذخیرہ کر سکیں ۔
تمام تعلیمی ادارے لازمی طور پر ملیریا اور ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کریں گے ۔
اگر ادارے میں ڈینگی کا کیس سامنے آتا ہے تو ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا جائے اور بچاؤ کے اقدامات کیئے جائیں ۔
نوٹی فکیشن میں مذکوہ ہدایات پر عمل درآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے ۔