لاہور: ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نےفاتحانہ آغازکردیا۔
ٹیم چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے گیانا کو 0-3 سے ہرادیا، اصحاب عرفان نے نکولز ویروی،حمزہ خان نے اسماعیل کاروہال کو شکست دی جبکہ نور زمان نے بھی بغیر کوئی گیم ڈراپ کیے شوماری ولٹشائر کو مات دی۔
گروپ سی میں پاکستان ٹیم بدھ کو دو میچز کھیلے گی،صبح کے سیشن میں پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز جبکہ شام میں ہانگ کانگ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ فرانس میں ہونے والی ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں 23 ملکوں کی ٹیمیں شریک ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے شہر میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر آج ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور سائنس گروپ کے عملی امتحانات (پریکٹیکل) ملتوی کردیئے ہیں۔
تمام ملتوی شدہ پرچے اب بروز جمعرات 25 اگست کو انہی امتحانی مراکز پر پہلے سے دیئے گئے شیڈول اور وقت پر لیے جائیں گے جبکہ عملی امتحانات (پریکٹیکل) ری شیڈول کرنے کیلئے کالجوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔
بورڈکے مطابق جو پرچے ملتوی کئے گئے ہیں ان میں آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے اردو ایڈوانس پرچہ دوم، عربی پرچہ دوم، فارسی پرچہ دوم، سندھی (اختیاری) پرچہ دوم، انگلش (اختیاری) پرچہ دوم، میتھمیٹکس پرچہ دوم اور خصوصی امیدواروں کا کمپیوٹر سائنس پرچہ اول شامل ہیں۔
دبئی:پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت میں مانگ اضافے کے پیش نظر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی خریداری کی پالیسی ترتیب دے دی ۔
ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے ٹکٹ کے ساتھ 2 دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد کردی گئی۔
متحدہ عرب امارات میں ہونے ایشیاکپ کیلئے پاکستان اور بھارت ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل میچ کے پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوچکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
منتظمین نے روایتی حریف کے میچ کے مہنگے ٹکٹس پلاٹینم کیٹیگری میں رکھے ہیں جبکہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ساتھ کسی دوسرے 2 میچز کی بھی ٹکٹ خریدنا ہوں گی۔ٹکٹس کے حصول کیلئے شائقین کرکٹ کو آن لائن قطار میں لگانا ہوگی۔
کراچی: آواز انسٹیٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنسزکےزیراہتمام پاکستان کی75ویں یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ریکٹر ڈاکٹر سلیم شہزاد کاکہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے ہم پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کا جشن منارہے ہیں 75سال قبل برصغیر میں رہنے والے مسلمانوں میں وہ جوش و جذبہ اور ولولہ تھاکہ ہمارے بزرگوں نےاپنی آنے والی نسلوں کےلئے لازوال قربانیوں دےکرکلمے توحید کی بنیاد پرشاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کے خواب اوربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں سےایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔
ہم پاکستانی ایک محنتی قوم ہیں جو گزشتہ 75 سالوں سے تعمیروترقی کےلئے ہمہ تن مصروف ہیں ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا منشور تھا کہ ہم ایک قوم ہوکر اس ملک کےلئے اپنا دن رات صرف کردیں اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو لیکن بد قسمتی سےآج ہم لسانیت اور تعصب پسندی میں جکڑ ے ہوئے ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ ہم متحد ہوکراپنے ملک وقوم کی خدمت کریں۔
انہوں نےطلبا و طالبات کومخاطب کرتےہوئےکہا کہ قائد اعظم کا فرمان تھا میرے نوجوان مستقبل کے معمار ہیں آپ ہی اس ملک کا روشن مستقبل ہیں اگر آپ اپنی محنت، لگن اور جستجو سے اس ملک و قوم کی خدمت کریں گے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان پوری دنیا میں ترقی کی دوڑ میں سر فہرست ہوگا ۔
اس موقع پر اکیڈمی مینجر رضا علی سعید کا کہنا تھاکہ 75سال قبل ہمیں ایک ملک کی ضرورت تھی اور آج پاکستان کو ایک قوم کی ضرورت ہے
تقریب میں طلبا و طالبات نے ملی نغمے اور ولولہ انگیز تقریر یں پیش کیں۔تقریب کے اختتام پراسٹاف ممبران نے جشن ِ آزادی کا کیک کاٹا۔
لاہور: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفانےبھارتی فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی۔
غیر میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی فٹبال فیڈریشن میں غیر ضروری اور بیرونی مداخلت کے باعث فیفا نے رکنیت کو معطل کیا جس کے بعد بھارت انڈر 17 فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی سے محروم ہوگیا۔
فیفا حکام کا کہنا ہے کہ فٹبال فیڈریشن کی منتخب باڈی کے سپرد کیے جانے تک بھارت کی رکنیت معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ پابندی کی وجہ سے بھارت اکتوبر میں انڈر 17 ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کرسکے گا۔
فیفا کی عالمی رینکنگ میں بھارتی ٹیم 104 نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کا 196 واں نمبر ہے۔
لاہور: کامن ویلتھ اوراسلامی یکجہتی گیمزمیں جویلین تھرو مقابلوں میں پاکستان کیلئے گولڈمیڈل حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ ئے۔
ائیرپورٹ پر ارشدندیم کے اہل خانہ اور اسپورٹس بورڈ کے عہدیداروں نے ایتھلیٹ کا شاندار استقبال کیا جبکہ ان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کی دعاؤں کی بدولت گولڈ میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوا، خوشی ہے کہ پاکستان کے لیے دو میڈل جیتے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی طرح پاکستانی ایتھلیٹس کو بھی سہولتیں ملنی چاہییں، وسائل دیے جائیں تو پاکستانی کھلاڑی دوسرے مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیت سکتے ہیں۔
ارشدندیم نے درخواست کی کہ حکومت کو چاہیے اولمپک کے لیے ایک علیحدہ گراؤنڈ دے۔
واضح رہے کہ ارشدندیم نے پہلے برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کےجویلین تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ بعد ازاں انہوں نے ترکیہ میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ملک بھر میں سمسٹر بہار 2022ء کے میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے سالانہ امتحانات ایک ساتھ یکم ستمبر سے شروع ہوں گے جو 3اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
کنٹرولر امتحانات، میاں محمد ریاض کے مطابق ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جبکہ رول نمبر سلپس طلبہ کے سی ایم ایس اکاؤنٹ پراپ لوڈ کردی گئی ہیں۔
رول نمبر سلپس طلبہ کے دئیے گئے پتوں پر بذریعہ ڈاک بھی ارسال کی جارہی ہیں۔ متعلقہ طلباء و طالبات کو بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس بھی امتحانات کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے طلبہ کورہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر امتحانی سہولت فراہم کی ہدایات دی تھی جس کی بنیاد پر ملک بھر میں کم و بیش 850امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں طلبہ کے لئے بنیادی سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔
امتحانات میں نقل کے رجحان کے خاتمہ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کے سرپرائز وزٹ کریں گے۔
دبئی: ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کےمابین میچ کےپہلےمرحلےکےتمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔
دبئی میںمنعقدہ ایشیاکپ کیلئے پاکستان اور بھارت ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل میچ کے پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوگئے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پلاٹینم لسٹ میں شامل ٹکٹیں جلد فروخت کیلئے پیش کی جائیں گی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ وہ بھی قبل از وقت فروخت ہوجائیں۔دوسری جانب ایشیاکپ کے دیگر میچز کے لیے ٹکٹس کی فروخت جاری ہے جبکہ سب سے کم قیمت کے ٹکٹ کی مالیت تقریبا ڈھائی ہزار درہم ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کچھ شائقینِ کرکٹ نے اپنے ٹکٹس کو اصل قیمت سے زائد پر فروخت کرنے کی بھی کوشش کی، جس پر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت سختی سے ممنوع ہے اور اگر کوئی دوسرا فرد یہ ٹکٹ خریدے گا تو وہ منسوخ کردیا جائے گا۔
قبل ازیں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اعلان کیا تھا کہ ٹکٹوں کی فروخت پیر کو ہوگی تاہم کونسل نے وقت کا تعین نہیں کیا تھا جس کے باعث شائق صبح سویرے سے ویب سائٹ پر آن لائن بکنگ کا انتظار کررہے تھے۔
ویب ڈیسک : DICE فاؤنڈیشن کا یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی پہلی" الیکٹرک کار" کااعلان کیا۔
DICE فاؤنڈیشن امریکہ میں مقیم تنظیم ہے جسے پاکستانیوں کی اکثریت چلا رہی ہے، انہوں نے 14 اگست 2022 کو ایک الیکٹرک کار کی نقاب کشائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ پہلی بار ہے کہ میڈ ان پاکستان گاڑی کو یوم آزادی پر لانچ کیا گیا ہے۔
یہ ایک 5 دروازوں والی ہیچ بیک ہے جسے مقامی ای وی پلیٹ فارم پر بنایا گیا ہے۔ یہ کار الیکٹرک چارجنگ پر چلے گی اور اسے پاکستان میں بنایا اور فروخت کیا جائے گا۔ زیادہ خصوصیات معلوم نہیں ہیں، کیونکہ مزید تفصیلات کل نقاب کشائی کی تقریب میں معلوم ہوں گی۔
اس کا نام نور ای رکھا گیا ہے، یہ امید کی علامت ہے کہ آنے والے وقت میں پاکستان دنیا کی توقعات پر پورا اترے گا، حالانکہ پاکستانیوں کو وقتاً فوقتاً مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسلام آباد: ملک بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کوروناکےباعث2 مریض چل بسے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 2 مریض انتقال کر گئے جبکہ 172 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 18 ہزار 45 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 459 افراد کے نتائج مثبت ریکارڈ ہوئے۔
این آئی ایچ کے مطابق وبا سے متاثرہ 172 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.54 فی صد ریکارڈ کی گئی۔
مختلف شہروں میں ریکارڈ ہونے والے اعداد شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے 882 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 68 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جب کہ شرح 7.71 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ بہاولپور میں 186 میں سے 13 ٹیسٹوں کے نتائج مثبت ریکارڈ ہوئے اور شرح 6.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
میرپور میں 117 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 7 مریضوں کے نتائج مثبت ریکارڈ ہوئے۔ میرپور میں کورونا کی شرح 5.98 فی صد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں 2987 ٹیسٹوں میں سے 174 مثبت ریکارڈ ہوئے اور شرح 5.83 فی صد رہی۔ پشاور میں 453 ٹیسٹوں میں سے 26 مثبت آئے اور کورونا متاثرین کی شرح 5.74 فی صد ریکارڈ ہوئی۔