دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئرزکی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کی بیٹرز میں پاکستان کے بابراعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے اور رضوان دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی ایک درجے ترقی کے بعد 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کی بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اور رضوان کے علاوہ پاکستان کا صرف ایک ہی بلے باز شامل ہے جو فخر زمان ہیں اور ان کا نمبر 43 واں ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ پاکستان کے شاہین آفریدی 12ویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس کے علاوہ بولرز میں پاکستان کےحارث رؤف 27، شاداب خان 17، عماد وسیم 44، محمد نواز 61، حسن علی 65 اور فہیم اشرف 97 ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل کی بیٹرز کی رینکنگ میں بھی بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے اور امام الحق دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے وین ڈر ڈوسن تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے کی رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی کی مزید تنزلی ہوئی اور وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر آگئے۔
ون ڈے کے بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، بھارت کے جسپریت بمراہ دوسرے جب کہ پاکستان کے شاہین آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے کے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور راشد خان تیسرے نمبر پر ہیں۔
سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس پرقومی ٹیم کےسابق کپتان اوراسٹارآل راؤنڈرشاہدآفریدی نےعبد اللہ شفیق سےمتعلق ایک بیان جاری کیا ہے۔
قومی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جیت میں عبداللہ شفیق کی 408 گیندوں پر 160رنز کی اننگز نے اہم کردار ادا کیا اور عبداللہ شفیق میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کی جیت پر سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ناقابل یقین ٹیسٹ میچ، عبداللہ شفیق کی شاندار کاکردگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، یہ اننگز عبداللہ شفیق کو ایک بڑا اسٹار بنائے گی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید لکھا کہ پوری ٹیم اور مینجمنٹ شاندار فتح پر مبارکباد کی مستحق ہے اور سری لنکا کو بھی اچھا مقابلہ کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے۔
گال : پاکستان نےسری لنکاکوپہلےایک ٹیسٹ میں شکست دیکرسیریزمیں ایک صفرکی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق عبد اللہ شفیق کی شاندار بلے باز کی بدولت پاکستان نے سی لنکا کےخلاف جیت اپنے نام کی ۔قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 342 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، عبد اللہ شفیق نے اپنی 408 گیندوں کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
آج پانچویں روز کا آغاز پاکستانی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کے ساتھ کیا تھا جب کہ سری لنکا نے پاکستان کو جیت کےلیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔ گال ٹیسٹ میں پاکستان نے ناصرف اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ٹوٹل حاصل کیا بلکہ گال اسٹیڈیم میں سب سے بڑا ہدف مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا تھا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔سری لنکا کے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔
اس سے قبل محمد رضوان 40، آغا سلمان 12، کپتان بابراعظم 55، امام الحق 35 اور اظہرعلی 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نےکمیونٹی گائیڈلائنزکی خلاف ورزی پر 2022 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سےایک کروڑ پچیس لاکھ ویڈیوزڈیلیٹ کردی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کمیونٹی گائیڈ لائنزکی خلاف ورزیوں کے باعث حذف کی جانیوالی ویڈیوز کے اعتبار سے دوسرے نمبر رہا جودنیا بھر میں حذف کی گئی ویڈیوز کی دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان میں کسی بھی ویڈیو کو اْس کے دیکھے جانے سے قبل حذف کرنے کی شرح 96.5 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر حذف کیے جانے کی شرح 97.3 فیصدرہی۔
ٹک ٹاک کے ذریعے ایک کروڑ 24لاکھ نوے ہزار تین سو نو پاکستانی ویڈیوزحذف کیے جانے کی شرح98.5 فیصد رہی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس-یوکرین جنگ کے تناظر میں،ٹک ٹاک میں تحفظ کی ٹیم نے یوکرین جنگ پر توجہ مرکوز رکھی اور 41,191 ویڈیوزحذف کیں۔
کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ میں کمیونٹی کے تحفظ اور پلیٹ فارم پرصلہ رحمی کو فروغ دینے کے لیے اْس کے عزم کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی ویڈیو کو اس کے دیکھنے جانے سے قبل حذف کرنے کی شرح 96.5 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر حذف کیے جانے کی شرح 97.3 فیصد رہی۔
اس حوالےسے پہلے نمبر پر امریکا ہے جہاں ایک کروڑ چالیس لاکھ چوالیس ہزار دو سو چوبیس ویڈیوز حذف کیں گئیں، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیوزمیں سے دس کروڑ 23 لاکھ پانچ ہزار پانچ سو سولہ ویڈیوز حذف ہوئیں جو کل تعداد کے تقریباً 1.0فیصد کی نمائندگی کرتی ہے۔
ویڈیوزکو مضبوط کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کیا گیا۔ ٹک ٹاک پر مواد اپ لوڈ کئے جانے سے متعلق راہنما خطوط اور پالیسیوں کے بارے میں معلومات اردو سمیت دیگر زبانوں میں موجود ہیں۔
کراچی: کراچی سمیت سندھ کےمختلف علاقوں میں مون سون کا تیسرااسپیل برسنےکی پیشگوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق آج سے شروع ہونے والا مون سون کاتیسرا سسٹم مضبوط ہے، یہ سسٹم 23 سے 26 جولائی تک سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے جس کے تحت 24 سے 26 جولائی تک کراچی میں تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ یہ سسٹم ملک کے 80 فیصد حصے میں تیز بارشوں کا باعث بنے گا، ملک کے بالائی حصے میں آج رات سے یہ سسٹم اثرانداز ہوسکتا ہے جب کہ کل صبح سے سسٹم جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں اثرانداز ہوگا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال سے نم ہوائیں مون سون سسٹم کو مضبوط کررہی ہیں، سسٹم کو بھارت کے بعد اسے بحیرہ عرب سے بھی نمی کی سپورٹ رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کے پہلے فیز میں15 اگست تک بارشوں میں شدت کی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نےایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس اورایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس کے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(اے ڈی اے)اورایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس (اے ڈی سی) کے لئے امتحانی فارم 25 جولائی 2022 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس (اے ڈی اے)کے طلباوطالبات اپنے امتحانی فارم 5500 روپے فیس کے ساتھ جبکہ ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس (اے ڈی سی) کے امتحانی فارم 7000 روپے فیس کے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
کراچی: محکمہ موسمیات نےآئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ دادو اور قمبر شہداد کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آج بارش ہوسکتی ہے جب کہ ساحلی شہروں میں بونداباندی اور ہلکی بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر حصوں میں آئندہ 3 سے 4 دن موسم خشک رہےگاجب کہ آئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ کراچی میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور سمندی ہوائیں بھی بحال رہے گی۔
کراچی: وزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نےغیر ملکی افراد کا سندھ سے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنےکے معاملے پرنوٹس لےلیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی افراد کا سندھ سے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کےانکشاف پروزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نےمعاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری جامعات و بورڈ محمد مرید راہموں کو تحقیقات کا حکم دے دیاہے.
اس حوالے سےوزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہونے سیکریٹری جامعات و بورڈ کوہدایت دی ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ دی جائے ہدایت غیر ملکی افراد کو میرپورخاص بورڈ میں امتحانات میں جس نے بھی بٹھایا ہے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے ان کو معطل کیا جائے گا۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے فیکلٹی اورطلباءنےہیڈکوارٹرپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کادورہ کیا۔
طلباء کو PMSA کے کردار اور کام کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق اور تعاون کے مواقعوں کے بارے میں بتایا گیا۔
PMSA نے حال ہی میں ساحل کے 06 مختلف مقامات سے حیاتیاتی تحقیق کے لیے نمونے جمع کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔
پی ایم ایس اے نوجوان نسل میں میری ٹائم آگاہی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
کراچی: علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ میں تھیلیسیمیا کےمریضوں کےلیےعطیہ خون کےکیمپ کا افتتاح کردیا گیا۔
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پیشنٹ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تعاون سے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جس کا افتتاح علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر انجینئر ارشد خان نے انجینئر فیروز ظہیر( ایگزیکٹیو میمبر اموبا ، پاکستان) اور شجر علی ہاشمی (اعزازی جوائنٹ سیکریٹری اکیڈمک اموبا ، پاکستان)کے ہمراہ کیا ۔
اس موقع پر تھیلیسیمیا کے مرض کی آگاہی کے ضمن میں ایک سیمینارکا انعقاد بھی کیا گیاجس میں طلباء و اساتذہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔بعد ازاں طلبا اور اساتذہ ودیگر اسٹاف ممبرزکی بڑی تعداد نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لئے خون کے عطیات دیے ۔
اس موقع پر انجینئر ارشد خان نے تھیلیسیمیا کے مرض کی روک تھام کے حوالے سے ایک کامیاب پروگرام کے انعقاد پر طلباء،انتظامیہ، محترمہ مہرین عمر، فضل الکریم اور شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر ولیج حیدر کی کاوشوں کو سراہا ۔