منگل, 26 نومبر 2024

خیبر پختونخواہ: ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے زیر استعمال پرانے گاڑیوں کے خلاف 27 جون کے بعد گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا

اس حوالے سے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخواہ فہد اکرام کاکہناہےکہ پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے زیر استعمال پرانے گاڑیوں کے خلاف 27 جون کے بعد گرینڈ آپریشن کا آغازکیاجائے گا

انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی اداروں میں زیراستعمال گاڑیوں کا محکمہ ٹرانسپورٹ ،پولیس اورضلعی انتظامیہ کےہمراہ تعلیمی اداروں کےاندر فٹنس کامعائنہ کرےگی ،اَن فٹ اورآلودگی پھیلانے والےگاڑیوںکوتحویل میں لیاجائےگا۔

27جون کے بعد کسی بھی پرانی اور موٹرووہیکل ایگزامینز سے ان فٹ تعلیمی ادارے کی گاڑی کوصوبےکےکسی بھی روٹ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

 

پشاور: صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کااجلاس ہوا۔
اجلاس میں اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرتعلیم شہرام خان ترکزئی ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جو استاد بھی غیر حاضر پایا گیا اس کے خلاف کاروائی ہوگی۔ گریڈ17 اور اس سے اوپر اساتذہ سے تنخواہ کی کٹوتی اور دیگر سزا پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا جائے گااگر اسکول بند ہونے کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فوری طور پر اسکول سربراہان کے خلاف کاروائی کریں۔ اسکولوں کے وزٹس بالخصوص صبح سویرے اور چھٹی سے گھنٹہ پہلے کئے جائیں تاکہ سکولوں کے روٹین میں بہتری لائی جا سکے

محکمہ تعلیم میں سزا و جزا کا نظام رائج ہے جو بہتر ین کام کرےگا ان کی حوصلہ افزائی ہوگی اور غلطی کے مرتکب لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی،

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نےآج سےپری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بدھ کی شام ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، 15جون سے 23 جون تک بھمبر، کوٹلی، میر پور، پونچھ، باغ، حویلی، ہٹیاں، مظفر آباد، نیلم ویلی، استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ اور اسکردو میں آندھی، بارش کا امکان ہے۔

16 سے 21 جون راولپنڈی، اسلام آباد،مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نارووال میں آندھی، بارش کا امکان ہے۔

17 سے 20 جون تک ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں آندھی، بارش کا امکان ہے، 17 جون سے 19 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نےاساتذہ کوجوائننگ لیٹرجاری کرناشروع کردیئےہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کے سیکرٹری غلام اکبر لغاری ، ڈی جی ایچ آر ضمیر احمد کھوسو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سیکنڈری فرناز ریاض ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر کشور کماراور ضلع تعلیمی افسر ضلع شرقی یار محمد بالادی نے پرائمری اسکول اساتذہ (پی ای ایس ٹی) کے اہل امیداروں کو آفر لیٹر اورجوائننگ لیٹر جاری کرنا شروع کردیئے ہیں ۔

اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ دہرے ڈومیسائل، فارم ڈی اورشناختی کارڈ نمبرز سمیت دیگر مسائل کے حامل امیدواروں کی اسکروٹنی کاعمل دوربارہ شروع کردیا گیا ہے، ضلع شرقی میں مزید خالی اسامیاں نکالی جارہی ہیں۔

جب کہ دیکر مسائل کے حامل امیدواروں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر ان کے مسائل کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق ضلع شرقی کے گلشن اقبال ٹائون میں پرائمری اسکول ٹیچر (پی ایس ٹی ) کے کل امیدوار 1717 تھےجن میں سے40فیصد نمبر حاصل کرنے والے 456مرد اور 1261خواتین شامل ہیں ،جن میں سے 43پی ایس ٹی کو لیٹر جاری ہوئے ہیں اور 147باقی ہیں ۔

جمشید ٹائون کےپرائمری اسکول ٹیچرکے کل امیدوار860ہیں جن میں 662خواتین اور198حضرات شامل ہیں ۔جمشید ٹائون کے 403خواتین و حضرات کو پی ایس ٹی کے لیٹر جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ104پی ایس ٹی کے لیٹر باقی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق 11ایسے امیداروں کو بھی لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں جن کے مستقل اور عارضی ایڈریس ایک جیسے ہیں تاہم ان کےشناختی کارڈ کا کوڈپنجاب ، بلوچستان اورخیبر پختون خوا کے نکلے ہیں جس کی وجہ سے ان کو جوائننگ سے روک دیا گیا ہے ۔240کے قریب امیدواروںکے آفر لیٹر کٹ آف ڈیٹ ، فارم ڈی ، ڈومیسائل اور سی این آئی سی کے مسائل کی وجہ سے روک لیئے گئے ہیں ۔

ضلع شرقی میں جونیئر ایجوکیشن اسکول ٹیچر کے امیداروں کی کل تعداد 1172ہے ، جن کو جلد آفر لیٹر جاری ہونا شروع ہونگے ۔

کراچی: جامعہ کراچی نے ایم اے پرائیوٹ سال اول بین الاقوامی تعلقات سالانہ امتحانات برائے 2019-2020کے نتائج کااعلان کردیا۔

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق ایم اے پرائیوٹ سال اول بین الاقوامی تعلقات سالانہ امتحانات برائے 2019-2020 ء کے نتائج کا اعلان کردیاگیاہے۔

نتائج کے مطابق امتحانات میں 1594 طلبہ شریک ہوئے،943 طلبہ کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ 654 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیابی کا تناسب 59.05 فیصدرہا۔

ویب ڈیسک: انٹرنیٹ کی پہچان بننے والے دنیا کے پرانےاورمقبول ترین براؤز’انٹرنیٹ ایکسپلورر‘کوباضابطہ طورپربندکردیاجائے گا۔

مائیکرو سافٹ کمپنی نے 27 سال قبل 1995 میں ’انٹرنیٹ ایکسپلورر‘ براؤزر کو متعارف کرایا تھا جو اس وقت کا اکیلا براؤزر تھا اور کئی سالوں تک انٹرنیٹ کی پہچان بنارہا تاہم سن 2004 میں موزیلا نے اس کی ٹکر میں فائر فوکس کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا۔

انٹرنیٹ ایکسپلورر 2004 میں دنیا کے 95 فیصد سے زیادہ کمپیوٹر پر انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال ہورہا تھا، اس کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کی مقبولیت کم ہوتی گئی اور آج براؤزرز کی عالمی مارکیٹ میں اس کا حصہ صرف 4 فیصد کے لگ بھگ رہ گیا ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنیز کے مطابق فائر فوکس براؤزر 2002 میں ہی بن چکا تھا تاہم اسے عام صارفین کے لیے 2004 میں متعارف کرایا گیا، فائر فوکس کے بعد گوگل نے 2008 میں گوگل کروم براؤزر کو متعارف کراکر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

دوسری جانب گوگل کروم اس وقت براؤزرز کی عالمی مارکیٹ میں 64 فیصد حصے کے ساتھ دنیا کا مقبول ترین ویب براؤزر ہے۔

کراچی: پاکستان جونیئر لیگ کیلیے فرنچائز کی بنیادی قیمت 7لاکھ ڈالر (14کروڑروپے) مقرر کی گئی ہے.

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ڈریم پروجیکٹ پاکستان جونیئر لیگ اکتوبر میں شروع ہوگا، پی سی بی نے اس کیلیے کچھ عرصے قبل اظہار دلچسپی کا اشتہار جاری کیا تھا، 4 پی ایس ایل فرنچائزز نے بھی ٹیمیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی تھی،البتہ ذرائع کے مطابق معاملہ زیادہ آگے نہیں بڑھ سکا۔

کرکٹ بورڈ نے فی فرنچائز 7 لاکھ ڈالر کی بنیادی قیمت رکھی ہے، ڈالر کی اونچی اڑان نے یہ رقم پاکستانی روپے میں 14کروڑ سے زائد تک پہنچا دی، اتنی رقم میں ٹیم خریدنے میں بیشتر پی ایس ایل فرنچائز اونرز تیار نہیں لگتے۔

ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ایک میٹنگ میں بعض مالکان نے بورڈ سے یہ کہا کہ انھیں مفت یا کم رقم پر ٹیمیں دے دی جائیں، وہ کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرینگے اور مستقبل میں انھیں پی ایس ایل میں بھی موقع دیا جائے گا، البتہ حکام نے اس سے اتفاق نہیں کیا، وہ سمجھتے ہیں کہ فی فرنچائز 7 لاکھ ڈالر سے زائد رقم مل جائے گی۔

دوسری جانب یہ اطلاعات زیرگردش تھیں کہ پی جے ایل میں انڈر23 کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ملے گی،اس سے شاہین شاہ آفریدی جیسے بعض اسٹار کرکٹرز کو بھی ایکشن میں آنے کا موقع مل جاتا،البتہ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے واضح کیا کہ جونیئر لیگ میں صرف انڈر19کھلاڑی ہی حصہ لے سکیں گے۔

دبئی: آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان نےبھارت کوپیچھےچھوڑدیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ میچز کی رینکنگ جاری کردی آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان چوتھے نمبر پر آگیا جب کہ بھارت کو ایک نمبر نیچے یعنی پانچویں نمبر پرچلاگیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں بہتری ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کے باعث آئی۔

ون ڈے رینکنگ میں 12 ایک روزہ میچ کھیل کر 1 ہزار 505 پوائنٹس حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ اوّل نمبر پر براجمان ہے جس کی ریٹنگ 125 ہے جب کہ دوسرے نمبر پر برطانوی ٹیم ہے جس نے 19 میچ کھیلے اور 2 ہزار 353 پوائنٹس سمیٹے تاہم ریٹنگ 124 رہی۔

اسی طرح آسٹریلیا نے 18 میچز کھیلے اور ایک ہزار 929 پوئنٹس حاصل کیے اس کی ریٹنگ 107 رہی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر نظر آئی۔ پاکستان نے 19 میچ کھیل کر 2 ہزار پانچ پوائنٹس حاصل کیے اور 106 ریٹنگ کی حقدار ٹھہری۔

بھارت 22 میچ کھیلنے کے باوجود صرف 2 ہزار 304 پوائنٹس بنا سکا اور ریٹنگ 105 رہی اور چوتھی پوزیشن پر لڑکھڑا گیا۔ اس طرح پاکستان نے چوتھی پوزیشن چھین کر بھارت کو پانچویں نمبر پر دھکیل دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 53 رنز سے شکست دیکر کلین سوئپ کیا تھا۔

کراچی: کراچی کی وفاقی جامعہ اردوعبدالحق کیمپس میں طلبہ تنظیموں کےمابین تصادم کےباعث آج ہونےتمام امتحانات منسوخ کردیئےگئے۔

وفاقی جامعہ اردو کی قائم مقام رجسٹرار کے مطابق جامعہ اردوکے عبدالحق کیمپس میںگزشتہ رو ز دو طلبہ تنظیموں میں تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجہ میں 3طلبہ کے زخمی ہوئے تھے۔

جامعہ اردوکے کنٹرولرغیاث الدین احمد کے مطابق عبدالحق کیمپس کے تمام پرچے منسوخ ہوئے ہیں جب کہ گلشن اقبال کیمپس کے پرچے لئے جائیں گے اور منسوخ ہونے والے پرچے بعد میں لئے جائیں گے جن کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ عبدالحق کیمپس میں آرٹس ، سائنس کے ایم اے ، بی اے ، بی کام ، ایم بی اے ، بی بی اے سمیت دیگر کے امتحانات چل رہے ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ اورفلکیاتی علوم کے ماہرپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے 10 جولائی کو عید الاضحیٰ ہونے کی پیش گوئی کر دی

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ اورفلکیاتی علوم کے ماہرپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نےعید الا ضحی اور یوم ِ عاشورہ کے حوالےسےپیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 10 جولائی اتوار کو عید اور عاشورہ محرم 8 اگست پیر کو ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ 29 جون کو اسلامی تاریخ بھی 29 ہی ہوگی جب اس روز سورج غروب ہوگا تو چاند کی پوزیشن یعنی آلٹی ٹیوٹ 5 ڈگری سے کم ہوگا اور سورج اور چاند کے ڈوبنے کا دورانیہ( وقفہ) 30 منٹ ہوگا۔

ماہرین کے مطابق اُس وقت چاند نظر نہیں آسکے گا چنانچہ یکم ذی الحج یکم جولائی کو اور10جولائی کو عید الاضحیٰ ہوگی جب کہ یکم محرم 30 جولائی کو اور عاشورہ 8 اگست کو ہوگا۔