کوئٹہ : یونیورسٹی آف بلوچستان اور سرداربہادرخان ویمن یونیورسٹی پشین کیمپس کے طلبہ نےفیکلٹی ممبرزکےہمراہ ہیڈکوارٹرزفرنٹیئرکور بلوچستان (نارتھ) کا دورہ کیا۔
یونیورسٹییز کے طلباء اور طالبات کو صوبے میں فرنٹیئرکور بلوچستان نارتھ کے سکیورٹی فرائض کے علاوہ عوامی فلاح وبہبود اور تعلیمی ترقی کے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفت و شنید کے ایک طویل سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔
گفتگو کے دوران انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کوربلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے کہا کہ فرنٹیئر کوربلوچستان نارتھ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے ساتھ ساتھ قومی ترقی بالخصوص تعلیمی ترقی کیلئے کوشاں ہے ۔
آئی جی ایف سی نے بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقعوں کے لیے خود کو اہل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی نوجوان نسل بہت قابل اور ذہین ہے اور وہ اپنی بھرپور محنت اور لگن سے ہی خود کو آگے لیکر جاسکتے ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیز کے طلبہ کے لیے ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے پیش کردہ اسکالرشپس کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ عصری تعلیم حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دیں سکے۔
تقریب کے اختتام پر فیکلٹی ممبرز اور طلبہ نے ایف سی کی جانب سے اس معلوماتی دورے کو خوش آئند قراردیتے ہوئےکہا کہ فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) کی تعلیمی ترقی اور سماجی خوشحالی میں کردار کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو اسکالرشپ کی فراہمی ،طلبہ کیلئے اسٹڈی ٹورز اور سپورٹس مقابلوں کا انعقاد پاک فوج اور فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) کی تعلیم دوستی اور یہاں کے جوانوں سے محبت کا ثبوت ہے
کراچی: انٹربورڈکراچی کے ناظم امتحانات کےلئےانجینئرانورعلیم خانزادہ راجپوت کوتعینات کردیا گیا۔
انجینئر انور علیم خانزادہ راجپوت کی تعیناتی کا محکمہ بورڈز و جامعات نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ انجینئر انور علیم خانزادہ راجپوت کو وزیر اعلیٰ سندھ نے تعلیمی بورڈ نواب شاہ کے بانی کنٹرولر کا اضافی چارج دیا تھا، جو ایک سال سے زیادہ رہا۔
اس ضمن میں سندھ بھر کے ایگزامینیشن بورڈز میں سب سے پہلے ایس ایم ایس پر طالب علموں کو رزلٹ دینے کے ساتھ ساتھ گلوبل لیڈر شپ ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔
پشاور: رمضان المبارک 1443 ہجری کے چاند کی تلاش کےلیےمرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقات کے دفتر میں ہوگا۔چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکوکی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہورمیں ہوگا۔
چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اپیل کی ہے کہ عوام الناس اور ادارے چاند کی رویت کی اطلاع مقامی انتظامیہ،زونل کمیٹی کودیں۔
دوسری طرف رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے آج رمضان المبارک کاچاند واضع طورپر نظرآنے کی پہلے ہی پیش گوئی کردی ہے۔
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نےصوبائی سیلیکشن بورڈ کی سفارش پر ہائر اور سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے میل اور فیمیل سیکشن اسٹنٹ پروفیسرز، ایڈیشنل ڈائریکٹر اوراساتذہ کی مستقل بنیادوں پر ترقی کی منظوری دے دی۔
ہائر ایجوکیشن(میل سیکشن) کے 40 اسٹنٹ پروفیسرز کی ( گریڈ 18 ) سے ایسوسی ایٹ پروفیسر ، پرنسپل انٹرمیڈیٹ کالجز اور جوائنٹ ڈائریکٹر( گریڈ 19) کے عہدوں پر مستقل بنیادوں پر ترقی دی گئ جبکہ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ( میل سیکشن) کے ایک ایڈیشنل ڈائریکٹر( گریڈ 19) کی ڈائریکٹر (گریڈ20) میں مستقل بنیاد پر ترقی دی گئی ہے۔۔سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ(میل سیکشن) کے 470 ایس ایس ٹی (جنرل، سائنس، ٹیکنیکل) کی (گریڈ 17) میں ترقی اور۔15 سینیر فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز ( گریڈ 17 ) 14 سینئر ڈرائنگ ماسٹر( گریڈ 17 ) 14 سینئر عربی ٹیچرز کو ہیڈ ماسٹر(گریڈ 17) کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر ترقی دینے کافیصلہ کیا گیاہے۔
سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (میل سیکشن) کے 258 ایس ایس ٹی(جنرل، سائنس، ٹیکنیکل) (گریڈ 17 )کی سبجیکٹ سپیشلسٹ (گریڈ 17) کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر ترقی دی گئی ہے۔
سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ( فیمیل سیکشن) کے 347 ایس ایس ٹی ( جنرل ، سائنس ، ٹیکنیکل) کی ( گریڈ17) میں ترقی
دی گئی،۔11 سینئر فزیکل ٹیچرز ( گریڈ 17 ) 6 سینئر ڈرائنگ مسٹریس ( گریڈ 17) 2 سینئر عربی ٹیچرز کو ہیڈ مسٹریس (گریڈ 17) کے عہدوں پر مستقل بنیادوں پر ترقی اور سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ( فیمیل سیکشن ) کے 163 ایس ایس ٹی ( جنرل ، سائنس ، ٹیکنیکل) (گریڈ 17) کی سبجیکٹ سپیشلسٹ (گریڈ 17 ) کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر ترقی دی گئی۔
واضح رہے سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر مشتمل سمری گزشتہ روز ہی وزیراعلئ سیکریٹریٹ کو موصول ہوئی تھی جسکی منظوری بھی اسی دن دے دی گئی اس سے قبل سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری میں مہینوں کی تاخیر ہو جاتی تھی اور سمری کئی مرتبہ مختلف اعتراضات لگا کر واپس کر دی جاتی تھی اس دوران کئی افسر اپنے مقررہ وقت کے دوران ترقی نہ ملنے پر ریٹائیر بھی ہوگی تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا واضع موقف ہے کہ ترقی افسران اور اہلکاروں کا حق ہے جو انہیں بروقت ملنا چاہیئے وزیراعلیٰ نے اس قبل بھی صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارش پر سول سیکرٹریٹ اور مختلف محکموں کے افسران کے گزشتہ دور میں غیر ضروری تاخیر کے شکار پروموشن کیسیز کی فوری منظوری دی تھی جس کو افسران اور ملازمین کی جانب سے سراہا گیا تھا۔
کراچی: جامعہ کراچی نے ایم اے سال اول سالانہ امتحانات برائے 2019-2020 ء عربی،اسلامک اسٹڈیز،میتھمیٹکس اور فلاسفی کے نتائج کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق ایم اے سال اول عربی کے امتحانات میں 10 طلبہ شریک ہوئے،01 طالبعلم کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ 09 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیابی کا تناسب 10 فیصدرہا۔
اسلامک اسٹڈیز کے امتحانات میں 628 طلبہ شریک ہوئے،471 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا جبکہ 157 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیابی کا تناسب 75 فیصدرہا۔
میتھمیٹکس کے امتحانات میں 27 طلبہ شریک ہوئے،07 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا جبکہ 20 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیابی کا تناسب 25.93 فیصدرہا۔
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نےرمضان المبارک کے دوران اسکول کے اوقات کارجاری کردیئے
محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سندھ بھر میں مارننگ شفٹ کےپرائمری/سیکنڈری اسکولز7:30سے11:30 اور ڈے شفٹ11:45سے2:45بجےتک لگے گا جبکہ جمعۃالمبارک کو 7:30سے10:30تک کلاسزہونگی۔
ہائر سیکنڈری/ایلیمنٹری اسکولزپیر سے جمعرات اور ہفتہ صبح 8بجےسے دوپہر1:00بجےاورجمعۃ المبارک صبح 8سےدوپہر12بجےاور شام شفٹ میں پیرسےجمعرات اور ہفتے کو ڈھائی بجے سے5:45 تک کلاسز ہونگی جبکہ جمعۃ المبارک کو2:30بجے سے 5بجے تک سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
کراچی: آواز انسٹیٹیوٹ آف میڈیااینڈ مینجمنٹ سائنسز کےتحت سالانہ رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں طلبا و طالبات نے موسیقی کا سرُ سجایا اور ڈرامے پیش کئے۔
اس موقع پر ریکٹر آواز انسٹیٹیوٹ سلیم شہزاد نے طلبا و طالبات کےٹیلنٹ کو خوب سراہاانکا کہنا تھا کہ ایسی تقریب کا اہتمام ہونا چاہیئےتاکہ نوجوان اپنے ٹیلنٹ کااظہار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبا و طالبات کی جانب سے پیش کئے گئے گیت اور ڈراموں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ بھی ایسی تقریب منعقد کی جائے جس میں انہیں مزید ٹیلنٹ دکھانے کاموقع میسر ہو۔
اس تقریب میں فارغ التحصیل طلبا و طالبات کویادگار کے طور پر مختلف ٹائٹل کے ساتھ تحائف دیئے گئے۔
جبکہ اس رنگین شام کو مزید یاد گار بنانے کے لئے قوالی کا اہتمام بھی کیا جس میں نظامی برادرزقوال نے صوفیانہ کلام سے محفل میں چار چاند لگادیئے۔
قوالی کے سُر و سنگیت پر تمام محفل میں شریک شرکاء جھوم اٹھے۔
تقریب کے اختتام پر عشائیے کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت دوسویں سنڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی(تمغہ حسن کارکردگی) کی صدارت میں ہوا، جس میں گزشتہ اجلاس کی سفارشات کی منظوری سمیت تعلیمی اورانتظامی اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
جامعہ ترجمان کے مطابق سنڈیکیٹ اجلاس میں ایک جانب جامعہ کے ممتاز سابقہ طالب علم اور سی ای او کمپیوٹرز اینڈ اسٹرکچرز ان کاپوریٹڈ (سی ایس آئی)امریکہ انجینئر اشرف حبیب اللہ کی جامعہ کے کاوشوں کو سراہا گیاجب کہ دوسری جانب اسپیشل سلیکشن بورڈ کے تحت تین میریٹوریس پروفیسرز کی منظوری کی سفارش کی گئی ہے۔
شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے انجینئر اشرف حبیب اللہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پروجیکٹ کے تحت 106کلوواٹ سولر سسٹم جس کی مالیت11.25 ملین ہے، سولر سسٹم کی جامعہ میں انسٹالیشن کروائی جب کہ 100کلو واٹ کا سولر پروجیکٹ جس کی مالیت 13.5 ملین ہے ابھی جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ انجینئر اشرف حبیب اللہ نے ایک لاکھ ڈالرز کی اسکالرشپس بھی طالب علموں کے لیے فنڈ کیں جن کی مالیت تقریباً 18ملین ہے
اس اجلاس میں اسپیشل سیلکشن بورڈ کے تحت تین پروفیسرز پروفیسر ڈاکٹر اسد الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر عثمان علی شاہ(مرحوم) اور پروفیسرڈاکٹر مسعود رفیع کو”میریٹوریس پروفیسر‘‘کا درجہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
دو سویں اس سینڈیکیٹ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مبشر خان کوکمپیوٹر سسٹم اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
سینڈیکٹ اجلاس میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی سمیت معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل،کنوینر سینڈیکیٹ /رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی ، نمایندہ ایچ ای سی ڈاکٹر عبدالقدیر خان راجپوت، نمائندہ ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر کیو مغل، ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پرفیسر ڈاکٹر نعمان احمد(تمغہ امتیاز)، پروفیسر ڈاکٹر سعد احمد قاضی، پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا مہدی پرنسپل تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ پروسیس انجینئرنگ اورڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ، سندھ حکومت کی نمائندہ مسز نائلہ ملک، عزیز لطیف جمال چیئرمین حسین ابراہیم فاؤنڈیشن(آن لائن)، مفتی محمد نجیب نمائندہ حکومت سندھ، نمائندہ حکومت سندھ فرحت عادل، پنجوانی فاؤنڈیشن اینڈ ٹرسٹ کی چیئر پرسن مسز نادرہ پنجوانی، نمائندہ حکومت سندھ مس ایوا کاؤسجی، پروفیسر ڈاکٹر شعیب زیدی ڈائریکٹرعثمان انسٹی ٹیوٹ، ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اطہر حسین میرانی، ڈائریکٹر فنانس سجیر الدین، ڈاکٹر محمد واصف سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اسلام آباد:ملک بھرمیں رمضان المبارک کے پہلےعشرےکےدوران موسم شدیدگرم رہنےکاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں آنے والے 10دنوں کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے
اس دوران جنوبی پنجاب، سندھ،وسطی اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 09 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے جبکہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 08 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو گلیات، گلگت بلتستان ،بالائی خیبر پختونخوا، مری ا ور کشمیر میں تیز ہواوؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران اسلام آباد، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی، تیز ہواوؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ ہے۔ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کریں اور لوگ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
لاہور: وزیر تعلیم مراد راس نےمستعفی ہونےکی زیر ِگردش خبروں کی تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومتی سطح پر تبدیلی کے نعد وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی مستعفی ہونے کی خبریں گردش کررہی تھیں جس کی وزیر تعلیم نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے استعفیٰ نہیں دیا ایسی خبریں جعلی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر انہوں نے مزید کہا کہ ، جنہوں نے مجھ سے غیر قانونی کاموں کی درخواستیں کی وہ لوگ مجھ سے اپنا کام نہیں کروا سکے، وہ ضرور میرے جانے کی دعائیں مانگ رہے ہوں گے۔