بدھ, 27 نومبر 2024

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل،پارلیمانی سیکریٹری محترمہ وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت آلنبی ﷺکی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

بریفنگ دیتے ہوئے شفقت محمودکاکہنا تھاکہ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصا علماء کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کی قومی نصاب پر عملدرآمد کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ نبی آخر الزماں ﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت آلنبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔

نصاب تعلیم پر عملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ضرورت کے مطابق اس میں تبدیلیاں لائی جائیں ۔ تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺکی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں۔انہوں نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائےاورچھٹی تا بارہویں جماعت کے لیے نصاب کو اس سال کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے۔

کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے دوسرے مرحلے میں آج سے گیارہویں جماعت کے پرچے لئے جارہے ہیں۔ پرچے صبح اور دوپہر کی شفٹوں میں لئے جائیں گے، صبح کی شفٹ میں پری میڈیکل سائنس، جنرل سائنس اور ہوم اکنامکس گروپس جب کہ شام کی شفٹ میں کامرس، ہیومینٹیس اور اسپیشل اسٹوڈنٹس گروپ کے پرچے لئے جائیں گے۔

چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی کا کہنا ہے کہ رواں سال امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 36 ہزار 833 سے زائد طلبا و طالبات امتحان میں شریک ہوں گے، صبح کی شفٹ میں 56 ہزار 678 جبکہ شام کی شفٹ میں 80 ہزار 155 امیدوار شرکت کریں گے،مجموعی طور پر 221 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں 113 صبح جبکہ 108 شام کی شفٹ میں ہوں گے۔۔

کراچی :جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ کےپروگرام میں داخلےکےلیےٹیسٹ منعقدکیاگیا

ٹیسٹ میں 152 امیدواروں نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد کے مطابق پروگرام میں 56 نشستیں ہیں جن کے لیے انٹرویوز بھی ٹیسٹ کے فوراً بعد مکمل کر لیے گئے۔

جے ایس ایم یو کے ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے بتایا کہ یہ ماسٹرز پروگرام ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ہے اور اس وقت ساتویں بیچ میں داخلے دیے جا رہے ہیں۔

قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے امتحان گاہوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق امتحان گاہوں میں امیدواروں کے درمیان فاصلے کو یقینی بنایا گیااور ماسک اور سینیٹائزر کی شرائط پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا۔

لاہور: یکساں نصابی کتب میں غلطیوں کودورکرنےکےلیےمحکمہ اسپیشل ایجوکیشن نےکمیٹی قائم کردی ـ

تفصیلات کے مطابق محکمہ ا سپیشل ایجوکیشن نے پہلی سے پانچویں جماعت کے نصاب کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنا دی ۔

کمیٹی نصاب میں موجود غلطیوں کا جائزہ لیکر سفارشات پیش کرے گی ،کمیٹی کے ٹی او آر زبھی بتا دیے گئے ۔

نصاب میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ اسیسمنٹ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی جائے گی ،کمیٹی نصاب کو پڑھانے کے لیے مختلف طریقہ کار بھی بتائے گی۔

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کےزیراہتمام انٹری ٹیسٹ فال2021 کااہتمام کیاگیا۔

دس شعبہ جات میں داخلہ کیلئے دو ہزار سے زائد طالبعلموں سے اینٹری ٹیسٹ ہفتہ اور اتوار کو یونیورسٹی میں کمپیوٹرپر لیا گیا تھا۔

اس موقع پر ڈینز پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی، ڈین ڈاکٹر پروفیسر جمشید عادل ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی ، رجسٹرار غلام مصطفی شیخ اور کنٹرولر آف ایگزامینیشن فرقان افتخار نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے بھی زیادہ تعداد میں طالبعلموں کا داخلہ کیلئے اپلائےکرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایس ایم آئی یو نوجوانوں کی ترجیحات میں شامل ہے اور زیادہ سے زیادہ طالبعلم یہاں داخلہ لینے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس ادارے کی خوبی ہے کہ یہاں پر پورے پاکستان سے طالبعلموں کو میرٹ پر داخلے دیے جاتے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں۔

واضح رہے کہ انڈرگریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ نے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے امیدواروں کاانڈر گریجوئیٹ طالبعلموں کے ہمراہ 24 اور 25 اگست کو انٹرویوز لیے جائیں گے۔ کامیاب ہونے والے امیدواروںکی حتمی میرٹ لسٹ 27 اگست کو جاری کی جائے گی جبکہ کلاسزکا ٓکا آغاز 13 ستمبر سے کیا جائے گا۔

لاڑکانہ: بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کوپوسٹ گریجویشن،ایم فل کرانےکی اجازت مل گئی۔

ترجمان بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی عبدالصمد بھٹی کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو 13 سال بعد پوسٹ گریجویشن، ایم فل کرانے کی اجازت کا این او سی جاری کردیا ہے

جس کے بعد اب جامعہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی باضابطہ طور پر مائیکرو بائیالوجی اور بائیو کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرسکے گی۔

2018 میں بطور وائس چانسلر جامعہ کا چارج لینے والی پروفیسر انیلا عطاالرحمان کی کاوشوں کے باعث ہائرایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی کو این او سی جاری کیا ہے جن کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں جلد پبلک ہیلتھ میں ایم ایس کی ڈگری بھی شروع کی جائے گی ۔

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی نے امتحانی فارم جمع کرانے کےاعلان کردیا۔

جامعہ اردوکےناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق معادلہ (مدارس) پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم شعبہ امتحانات کے سیکشن سے 23 اگست تا 7 ستمبر 2021 حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

 

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (سمیوٹا) کی طرف سے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کے سندھ حکومت کے فیصلے پر اظہار تشویش کیا گیا ہے

اس سلسلے میں سمیوٹا قیادت کا کہنا ہے کہ جب باقی دیگر ادارے اور کاروبار ایس او پیز کے تحت کھولے گئے ہیں تو پھر تعلیمی ادارے کیوں نہیں؟ اگر باقی ادارے اور کاروبار وغیرہ بند رہنے سے ملک و قوم کو کسی قسم کا نقصان ہے تو پھر تعلیمی ادارے بند رہنے سے صوبے کی تعلیم پر کتنا منفی اثر پڑ سکتا ہے اس کا اندازہ سندھ حکومت کو کیوں نہیں۔ اس کے علاؤہ تاحال کوئی ایسی تحقیق یا کوئی رپورٹ کیوں حکومت کی طرف سے سامنے نہیں آئی جس میں تعلیمی اداروں کے بند رہنے کا تعلیم پر نقصانات کا جائزہ لیا گیا ہو یا کسی محفوظ طریقے سے تعلیمی ادارے ایس او پیز کے تحت کھلے رکھنے کا طریقہ دریافت کیا گیا ہو کہ جس میں موجودہ سہولیات کی بنیاد پر جو بھی اسکول، کالج اور جامعات ہیں وہ کھولے جا سکیں؟ اگلے پانچ سال کے لئے اگر کیسز بڑھتے رہیں گے تو کیا اگلے پانچ سال اسی طرح بغیر کسی صاف لائحہ عمل کے تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے؟ تاہم اس بات کا بھی دھیان رکھنا چاہیے کہ آنلائن تعلیم فزیکل تعلیم کا متبادل نہیں اور سندھ کے کئی اسکولوں اور کالجوں میں آنلائن تعلیم کے کوئی سہولیات اور انتظامات نہیں۔ اس لئے تعلیمی ادارے فزیکل ایجوکیشن کے لئے کھولے جائیں۔

سمیوٹا حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جب والدین، اساتذہ اور طلباء نے ویکسینیشن کروا لی ہے تو پھر تعلیمی اداروں کو بغیر کسی مزید تاخیر کے فی الفور کھول دیا جائے اور 30 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے والا اعلامیہ واپس لیا جائے۔

کراچی: آل پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن کے چیئرمین طارق شاہ کا کہنا ہےکہ سندھ حکومت کی وجہ سے صوبے کی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بند ش پرشدید ردِ عمل دیتے ہوئےآل پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن کے چیئرمین طارق شاہ کا کہنا ہےکہ ہمارے بچے بچیاں تعلیم سے محروم ہورہی ہیں اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 90فیصد سے زائد پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے، والدین کو ویکسین لگانے کی شرط ناقابل سمجھ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پورے ملک کے بچے پڑھ رہے ہیں، صرف سندھ کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھا جارہا ہے۔

کراچی: اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈکےتحت 23اگست سے شروع ہونے والے امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے۔

چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیم بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سعید الدین نے کا کہا ہےکہ سالانہ امتحانا ت کا دوسرا مرحلہ پیر23 اگست سے شروع ہوگا.جس میں ایک لاکھ 36ہزار833 سے زائد طلبا و طالبات شریک ہونگے۔

گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات دو شفٹوں میں منعقد کئےجائیں گے جس میں گیارہویں جماعت ( فریش)، امپروومنٹ آف ڈویژن ، بارہ پرچوں (TP)، اسپیشل چانس، بینفٹ کیسز، ایڈشنل
سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس اور 2020 کے سالانہ امتحانات کے نتائج سے غیرمطمئن تمام گروپس (پری میڈیکل، پری انجینئرنگ ، سائنس جنرل،کامرس،ہوم اکناکمس، خصوصی امیدوار اور میڈیکل ٹیکنالوجی)کےطلبا امتحان دیں گے۔