پشاور: کورونا کیسز میں اضافے کے بعد خیبر پختونخواہ میں تعلیمی ادارے بند کرنےاعلان کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی کےاجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش ِ نظر خیبر پختونخواہ کے8 اضلاع میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارےبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
ان اضلاع میں مالاکنڈ، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد، صوابی، پشاور، مانسہرہ،ڈی آئی خان شامل ہیں ان اضلاع میں 6ستمبرسے11 ستمبر تک تمام سرکاری و نجی اسکولز، جامعات اور انسٹیٹیوٹزبند رہیں گے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
لاہور: ون ڈے سیریز کے لیےنیوزی لینڈ کےخلاف پاکستان کرکٹ اسکواڈ کااعلان کردیاگیا۔
ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں 20 کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابقر خوشدل شاہ اور مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمدکی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
قومی اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، حارث رؤف، حسن علی، عبداللہ شفیق، امام الحق،فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، افتخار احمد، وکٹ کیپر محمد رضوان ، وکٹ کیپر محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔اس کے علاوہ زاہد محمود، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور وکٹ کیپر محمد حارث بھی اسکواڈ میں شامل میں۔
اس کے علاوہ حارث سہیل، سلمان علی آغا،سرفراز احمد اور صہیب مقصود ون ڈے اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے ہیں۔
خیرپور : شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نےامتحانی فارم جمع کرانےکی تاریخ میں توسیع کردی۔
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے ناظمِ امتحانات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سالانہ امتحانات 2020 کیلئے بی اے، بی ایس سی ، بی کام سال دوئم اور ایم اے ( فائنل) کے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 04 ستمبر 2021 تک توسیع کی گئی تھی، آج 04 ستمبرفارم جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔
امتحانی فارم ، حبیب بینک کا آن لائن چالان اور فیس کا شیڈول سکھر اور لاڑکانہ ریجن کے ملحقہ ڈگری کالجوں اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.salu.edu.pk پر دستیاب ہے۔
امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے فارم جمع کروائیں۔
لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے نتائج کااعلان کردیا۔
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایل ایل بی (تین سالہ )پارٹ۔ون، ٹو ، تھری اور ایل ایل بی (پانچ سالہ )پارٹ ون ،ٹو، تھری اور فورسپلیمنٹری امتحانات 2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔
تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
کراچی: مائیکرو سافٹ نے صارفین کےلئے ونڈوز11 تیارکرلی۔
مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11صارفین کو 5 اکتوبر 2021 سے دستیاب ہوگا۔
لیکن ونڈوز 11 ہر صارف کو فوری طور پر نہیں ملے گی کیونکہ مائیکروسافٹ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسے بتدریج رول آؤٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور سب سے پہلے جدید ترین سسٹمز پر اس کی اپ ڈیٹ فراہم کی جائے گی ۔
صارفین کو ونڈوز 11 کب دستیاب ہوگی؟
مائیکروسافٹ کے مطابق 5 اکتوبر 2021 سے ، صارفین کو نئے سسٹم کی خریداری کے ساتھ ونڈوز 11 ملے گی۔
مائیکروسافٹ کو توقع ہے کہ ونڈوز 11 کا رول آؤٹ 2022 کے وسط تک مکمل ہو جائے گا ، لہٰذا آپ کو اپ گریڈ کرنے سے پہلے بھی کچھ مہینے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
ونڈوز 11 میں کیا نیا ہوگا؟
مائیکروسافٹ پہلے ہی ونڈوز 11 میں بہت سے نئے فیچرز کا انکشاف کرچکا ہے ، جن میں زیادہ منظم ڈیزائن ،اسنیپ لے آؤٹ ، مربوط مائیکروسافٹ ٹیمزاور ایک نیا مائیکروسافٹ اسٹور شامل ہے۔
مائیکروسافٹ نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز بھی مستقبل میں مائیکروسافٹ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکیں گی تاہم یہ فیچر فوری طور پر لانچ کے وقت دستیاب نہیں ہوگا۔
دبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔
دبئی میں منعقدہ تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی یواے ای کے شیخ نیہان مبارک النیہان تھے۔ ان کے ساتھ خالد زارونی اور آئی سی سی آفیشلز بھی موجود تھے۔
بھارت کی میزبانی میں 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی میلے کے تمام تر انتظامات ایمریٹس کرکٹ بورڈ کررہا ہے، میچز دبئی، ابوظہبی اور عمان میں شیڈول ہیں، 17 اکتوبر سے ایونٹ کا سپرکوالیفائر راؤنڈ شروع ہوگا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا چوبیس اکتوبر کو ہوگا۔
کراچی: سندھ بھر میں کورونا کے باعث 5 لاکھ بچےسرکاری اسکولوں سےنکل گئے۔
وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے میڈیاسے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےانکشاف کیاکہ گزشتہ دوسال میں کووڈ کے ساتھ ساتھ داخلہ مہم نہ چلائےجانےکے سبب تقریبا 5 لاکھ بچے اپنی تعلیم ترک کرتے ہوئے اسکولوں کو خیر باد کہہ گئے ہیں اور سندھ کے سر کاری اسکولوں کی انرولمنٹ 46 لاکھ سے کم ہوکر 41 لاکھ ہوگئی ہے۔
سردار شاہ نے بتایا کہ انھیں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری نے حال میں جو ڈیٹا شیئر کیا ہے اس میں 41 لاکھ انرولمنٹ دکھائی گئی ہے
کراچی: وزیرتعلیم سندھ سردارعلی شاہ کاکہناہےکہ سندھ میں نصاب کی تبدیلی پر کام شروع کررہے ہیں ۔
وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ نے اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے ہونے والے تحریری ٹیسٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 100 مارکس کے ٹیسٹ میں پاسنگ ہیڈز 50 نمبرز رکھے گئے ہیں تاہم اگر کسی ڈویژن میں امیدوار مطلوبہ تعداد میں پاس نہ ہوسکے تو صرف متعلقہ ڈویژن کے لیے پاسنگ ہیڈ کی پالیسی میں معمولی تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ 13ستمبرکو آئی بی اے سکھر لے گا اور نتائج مشین ریڈیبل چیکنگ کے ذریعے 48 گھنٹوں میں جاری کردیے جائیں گے۔واضح رہے کہ یہ بھرتیاں “پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی” کی اسامیوں پر ہونگی۔
سردار شاہ نے بتایا کہ سندھ میں 46؍ ہزار اسکول اساتذہ کی بھرتی کیلئے پانچ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے ایک لاکھ درخواستیں اہلیت اور قابلیت نہ ہونے کے باعث مسترد کردی گئی ہیں چار لاکھ امیدواروں کے لئے تحریری ٹیسٹ مرحلہ وار ہوگا، جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کے ٹیسٹ 13تا 18ستمبر جبکہ پی ایس ٹی کے ٹیسٹ 20تا 26ستمبر لئے جائیں گے
علاوہ ازیں ڈائریکٹر اسکولز کراچی اور ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی اسامیوں پر تقرری کے حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہمیں 20 گریڈ کے افسر آسانی سے نہیں ملتے لہذا ان اسامیوں کو 19/20 گریڈ کرنے کی تجویز ہے ہم ڈائریکٹر اسکولز کراچی کی اسامی پر مستقل افسر کا تقرر کرنے جارہے ہیں جو کراچی ہی سے ہوگا اور اس کے لیے وہ خود ہی انٹرویوز کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز کی آسانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ریجنل ڈائریکٹرز کی موجودگی میں یہ آسامی غیر ضروری ہے اسے ختم کرکے کالجز ونگ میں کریکولم آفیسر کی آسانی تخلیق کرنے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ انٹر کی سطح پر بھی نصاب میں تبدیلی کی جانب ہے۔
سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے وفاق کا “سنگل نیشنل کریکولم ” مسترد کردیا ہے اور سندھ میں نصاب کی تبدیلی پر کام شروع کررہے ہیں نصاب میں قومی ہیروز کے علاوہ غیر متنازعہ شخصیات شامل کریں گے۔
کراچی: جامعہ کراچی نےبی ایس سی سالانہ امتحانات برائے 2018 ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال اول ودوم سالانہ امتحانات برائے 2018 ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیاہے۔
نتائج کے مطابق بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال اول کے امتحانات میں 23 طلبہ شریک ہوئے،13 طلبہ کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ 10 طلبہ ناکام قرارپائے۔
کامیابی کا تناسب 56.52 فیصدرہا۔ بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال دوم کے امتحانات میں 16 طلبہ شریک ہوئے،15 طلبہ کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ ایک طالبعلم ناکام قرارپایا۔کامیابی کا تناسب93.75 فیصدرہا۔
اسلام آباد: احساس پروگرام کے تحت ملک بھر میں مستحق گھرانوں کےلیےاسکول وظائف کے اجرا کی تقریب منعقدکی گئی
تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں اور بچیوں کوتعلیم سے آراستہ کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کریں تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کو فروغ دےرہے ہیں جس سےٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی شعبے میں شفافیت آئےگی۔
اسکول وظائف غریب گھرانوں کو حصول تعلیم کی ترغیب دلائے گا اور مدد کرے گا۔ یہ وظائف ان مستحق والدین کو دئیے جائیں گے جو اپنے بچوں کی اسکول میں 70 فیصد یا زیادہ حاضری کو یقینی بنا سکیں۔
واضح رہے اس پروگرام میں بچیوں (Girls) کے لیے خصوصی طور پر وظیفے کی رقم زیادہ رکھی گئی ہے۔ اسکول وظائف پرائمری ، سیکنڈری اورہائر سیکنڈری سطح کی تعلیم کے لیے مختص ہیں۔