کراچی : آل سندھ پرائیویٹ اسکولزاینڈکالجز ایسوسی ایشن نےکہاہےکہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے مسائل ومعاملات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سندھ بھر کے تمام طلبہ وطالبات کے حق میں بہترین فیصلے کرنے پر شکریہ اداکرتے ہیں۔
مورخہ 16 جون 2021 اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں طویل بحث و مباحثہ کے بعد اہم ترین اور تعلیم دوست فیصلے کرنے پر وزیر تعلیم سندھ محترم سعید غنی، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری کالج ایجوکیشن، سیکریٹری یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز، چیئرمین بورڈز ، ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ، ڈائریکٹرز اسکولز اور دیگر ممبران اسٹیرنگ کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہیں اور ان کے شکرگزار ہیں کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے مسائل و معاملات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سندھ بھر کے تمام طلبہ وطالبات کے حق میں بہترین فیصلے کیے اور خصوصیت کے ساتھ سندھ کی اکثریت پرائیویٹ اسکولز ایسوسیشنز کے سربراہان کی مشاورت اور متفقہ پیش کیے جانے والے تجاویز پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ وزیر تعلیم سندھ کی خصوصی دلچسپی اور توجہ سے انتہائی اہم اور اتنے زیادہ فیصلے ممکن ہوئے۔
ان کا مزید کہا ہے کہ
1۔ امسال موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہونگی جولائی کے مہینے میں امتحان اور پری سیشن کلاسز لی جائینگی۔
2۔ نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد ہونگے ۔
3۔ پریکٹیکل امتحانات اسکولز اور کالجز خود منعقد کریں گے۔ 4۔ 5 جولائی سے میٹرک ( دہم ) کے امتحان شروع ہونگے۔
5۔ نویں دسویں کے طلباء کو لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی مارکس دیئے جائینگے۔
6۔ سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل بروز منگل 15 جو ن سے شروع ہو چکا ہے جبکہ نرسری سے پنجم کی فزیکل کلاسز 21 جون سے شروع ہونگے۔
7۔ کلاس اول تا کلاس ہشتم کے امتحان اسکول اپنے طے کردہ شیڈول کے مطابق لے سکتے ہیں۔
8۔ میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں فیل ہونے والے بچوں کو پاسنگ مارکس دے کر پاس کیا جائے گا
9۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے بچوں کو ٹوٹل نمبر کا 5 فیصد جبکہ نہم اور گیارہویں جماعت کے بچوں کو 3 فیصد اضافی نمبر دیئے جائینگے۔ 10۔ امپرومنٹ اور مخصوص مضامین کے امیدواروں کی عدم اطمینان کی صورت میں الگ سے خصوصی امتحان بھی لیا جائے گا۔
راولپنڈی :راولپنڈی نےنہم،دہم، گیارہویں اور بارہویں جماعت کےسالانہ امتحانات کی تاریخ کااعلان کردیا۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نےنہم،دہم، گیارہویں اور بارہویں جماعت کےسالانہ امتحانات کی تاریخ کااعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈ آف چیئرمین کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق راولپنڈی بورڈ کے تحت بارہویں جماعت کے امتحان 10جولائی سے دسویں جماعت کے امتحانات29 جولائی سے شروع ہونگے
جبکہ گیارہویں اور نویں جماعت کےامتحانات اگست میں منعقد ہونگےنویں جماعت کے امتحانات28اگست اورگیارہویں12 اگست سےشروع ہونگے۔
کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلےمیں سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے تقرر کے لئے قائم تلاش کمیٹی نے 18 امیدواروں میں سے 10 کو انٹرویو کے لئے طلب کرلیا ہے یہ انٹرویو 23 جون کو ہوں گے۔
اس حوالےسےکو تلاش کمیٹی کا اجلاس کنوینئر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی زیرصدارت ہوا جس میں سیکرٹری بورڈز و جامعات قاضی شاہد پرویز، ڈاکٹر نیلوفر شیخ، ڈاکٹر نذیر اے مغل، ڈاکٹر محمد قیصر اور ڈاکٹر ایس ایم رفیقی، امتیاز قاضی اور حمیر سومرونے بھی شرکت کی۔
دائود یونیورسٹی کےوائس چانسلر کے عہدے کے لئے مضبوط ترین امیدوار خواتین یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کو دوڑ سے باہر کردیا گیا ہے جب کہ اس سے قبل تلاش کمیٹی نے انہیں سندھ مدرسۃالاسلام یونیورسٹی کے لئے اہل امیدواروں کی دوڑ میں شامل کر کے انٹرویو کے لئے بلایا تھا۔
اجلاس میں ڈاکٹر ثمرین حسین کو اگلے مرحلے کے لئے بلانے پر اراکین کے درمیان سخت بحث مباحثہ ہوا ایک رکن کے مطابق کئی اراکین کا موقف تھا کہ جب گزشتہ سال ڈاکٹر ثمرین کو سندھ مدرسۃ الاسلام کے انٹرویو میں بلایا گیا تو ان کو اس میں بھی بلایا جائے جب کہ ماضی میں یہی تلاش کمیٹی مطلوبہ انتظامی تجربہ نہ رکھنے والے تین امیدواروں کو وائس چانسلر بھی مقرر کراچکی ہے۔
اجلاس میں جن 10 امیدواروں کو انٹرویو کے لئے اہل قرار دیا گیا ان میں دو مدت گزارنے والے مہران انجینئرنگ یونویرسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم عقیلی، ڈاکٹر آفتاب میمن، ڈاکٹر خان محمد بروہی، ڈاکٹر محمد سفر میر جت، ڈاکٹر حفیظ الرحمان میمن، ڈاکٹر عثمان کہریو، ڈاکٹر حسین بخش مری، ڈاکٹر اعظم بلوچ، ڈاکٹر عبدالسمیع قریشی اور ڈاکٹر روشن شاہ راشدی شامل ہیں۔
ان 10 امیدواروں میں سے 7 کا تعلق مہران انجینئرنگ یونیورسٹی سے بتایا جاتا ہے، تلاش کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر قدیر راجپوت کا تعلق بھی مہران انجینئرنگ یونیورسٹی سے ہے اور وہ اس وقت یونیورسٹی میں پروفیسر آف ایمرطس تعینات ہیں اس
طرح وہ اپنے باس وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم عقیلی کا بھی انٹرویو لیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ اس بات کی جانب واضح اشارہ ہے کہ مہران یونیورسٹی میں دو مدت گزارنے والے وی سی اسلم عقیلی کو اب دائود یونیورسٹی کا وائس چانسلر بنانے کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں سال 2019 کے لئے منتخب شدہ بہترین ملازمین کو ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ کارکردگی کی جانچ پڑتال یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کیو ای سی کی نگرانی میں کی گئی۔
ملازمین کو چار مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا۔پہلی کیٹیگری میں گریڈسترہ اور سینئر مینجمنٹ کے اسٹاف، دوسری اور تیسری کیٹیگری میں گریڈ 10 سے 16 کے ٹیکنیکل اسٹاف اور آفس اسٹاف، اور چوتھی کیٹگری میں گریڈ 1 سے 9 کے ملازمین کو رکھا گیا تھا۔
ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کی جانب سے تجویز کردہ ملازمین کو حاصل شدہ نمبروں کی بنیاد پر "بیسٹ ایمپلائز ایوارڈ سیلیکشن کمیٹی" کو بھیجا گیا جس کی تشکیل وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ایس ایم طارق رفیع نے کی تھی۔
سینئر مینجمنٹ کیٹیگری کے لئے انسٹیٹیوٹ آف فیزکل تھراپی اینڈ ریہیبیلیٹشن کے بی پی ایس 17 کے عہدے پر فائز اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوار احمد خان، نے ایوارڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
دوسری کیٹیگری میں ٹیکنیکل سٹاف کے لیے شعبہ فزیالوجی اور پیتھالوجی کے سپر وائیزر لیب اسسٹنٹ خالد محمود اور اعجاز احمد خان نے ایوارڈ حاصل کیا۔تیسری کیٹیگری میں آفس اسٹاف کے لیے آفس آف کمیونیکشن کے گرافک ڈیزائنر یاسر شیخ نےیہ اعزاز حاصل کیا۔
چوتھی کیٹیگری میں گریڈ ایک سے گریڈ 9 تک کے ملازمین میں شعبہ اینا ٹومی سے نائب قاصد قربان علی نے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے ملازمین کو ایوارڈ پیش کیے اور انہیں مبارکباد دی۔
ایوارڈ جیتنے والے ملازمین نے تقریب میں ان کی پہچان ہونے پر یونیورسٹی انتظامیہ اور کے شعبہ جات کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا اور مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقع پر پرنسپل سندھ میڈیکل کالج پروفیسر غلام سرور قریشی، یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر QEC محمد عبدالواحد عثمانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ثریا خاتون، اور ایوارڈ حاصل کرنے والے ملازمین کے شعبوں کے سربراہان موجود تھے۔
کراچی:۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورچین کے بیجنگ ٹریڈیشنل چائینز میڈیسن اسپتال (بی ٹی سی ایم ایچ)، کیپٹل میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روائیتی ادویات کے شعبے کو نہ صرف فروغ دینا ہے بلکہ متعلقہ شُعبے میں تحقیقی و تعلیمی تعاون کو مذید فروغ دینا بھی ہے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور چینی ہم منصب پروفیسر ڈاکٹرلیو چنگ قیان نے روائیتی چینی ادویات اور روائیتی یونانی ادویات کے موضوع پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک روزہ سائنو پاکستان سمپوزیم کی افتتاحی تقریب کے اختتام پر کیا،اس موقع پر وزیر اعظم کی نیشنل ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے سربراہ اور بین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر عطا الرحمن اور شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر خالد محمودعراقی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے، اس کے برعکس بی ٹی سی ایم ایچ بیجنگ سب سے بہترین اور روائیتی چینی ادویات کا جدید چینی اسپتال ہے جس کے وظائف میں روائیتی چینی ادویات سے علاج، تعلیم، سائینسی تحقیق اور بیماریوں سے بچاو وغیرہ شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے ادارے روائیتی ادویات میں باہمی تعاون بڑھائیں گے،مشترکہ ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد، ڈاکٹروں کی تربیت، ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی تحقیقی معاونت، اورسائینسی اجلاس کا انعقاد بھی کریں گے۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی (ایس ایم آئی یو) اور ڈان کنورٹیک لمیٹڈ نے تعلیم اور تحقیق کے میدان میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے۔
منگل کو ایس ایم آئی یو اور ڈان کنورٹیک لمیٹڈ کے عہدیداروں کی موجودگی میں ایس ایم آئی یو کیمپس میں ایم او یو کا معاہدہ ہوا۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر تعلیم، تربیت اور تحقیقی سرگرمیوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
معاہدے پر دستخط ایس ایم اآئی یو کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن، پروفیسر ڈاکٹر جمشید عادل اور ڈان کنورٹیکٹ لمیٹڈ کے آڈیٹر اسداللہ خان راجپوت نے کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر عامر اقبال، مینیجر اورک ڈاکٹرافضل چھجڑو اور ڈان کنورٹیک لمیٹڈ کے مسٹر فیصل نسیم بھی موجود تھے۔
اسلام آباد:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کےتحت ایم ایس،ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرامزکےفائنل امتحانات کی تاریخوں کااعلان کردیاگیا۔
اعلامیہ کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسزاینڈہیومینیٹیزاور فیکلٹی آف عربک اینڈ اسلامک اسٹڈیز کے سمسٹر بہار 2021میں پیش کئے گئے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامزکے فائنل امتحانات 24جون سے شروع ہورہے ہیں
فیکلٹی آف سائنس کے زیر اہتمام بی ایس (کمپیوٹر سائنس) فیس ٹو فیس پروگرام کے امتحانات یکم جولائی سے شروع ہوں گے
جبکہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے امتحانات 13جولائی سے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں متوقع ہیں۔
کراچی: گلشن اقبال میں قائم شاہین پبلک اسکول کی انتظامیہ آپےسےباہرہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسکول سے اسٹیشنری ، کتابیں نہ خریدنے پر تین طلبہ کا داخلہ منسوخ کردیاوالدین اسکول پہنچے تو انھیں اندر بند کردیا گیا۔
اسکول انتظامیہ نے اسٹڈی پیک لازمی خریدنے کی ویڈیو وائر ل کرنے پر انتقامی کاروائی کی اور والدین کوآج اسکول بلا کر اسکول میں بند کر دیا۔
آل سندھ پیرینٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حمود الرب جعفری ایڈوکیٹ اسٹوڈینس پیرینٹس فیڈریشن آف پاکستان کے نمائندوں کو دھکے دے کر اسکول میں داخلے سے روک دیا 15 کو اطلاع دینے پر پولیس اسکول پہنچ گئی۔
لاہور: ابوظبی میں کھیلے جانے والےپی ایس ایل 6کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی اورسرفراز احمد الجھ پڑے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے19ویں اوور میں پیسر کے ایک باؤنسر پر گیند سابق کپتان کے ہیلمٹ پر لگی،بظاہر انھوں نے کوئی تکلیف محسوس نہیں کی مگر امپائر علیم ڈار نے معائنے کیلیے فزیو کو بلالیا۔
اس موقع پر سرفراز اور شاہین الجھتے نظر آئے،لاہور قلندرز کے فیلڈرز نے شاہین شاہ آفریدی کو بولنگ کیلیے واپس جانے کو کہا،محمد حفیظ نے سرفرازاحمد سے بات کی پھر پیسر نے اپنے اوور کی آخری گیند کرائی۔
اننگزختم ہونے پرلاہورقلندرزکے کپتان سہیل اختربھی سابق کپتان سے بات کرتے نظرآئے، جیمز فالکنر امپائرز کے ساتھ بات کرنے لگے تو ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی پاس آگئے، بعد ازاں انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے میدان میں ہونے والے واقعے کو کھیل کا حصہ قرار دیدیا۔
دوسری جانب میچ ریفری نے شاہین شاہ آفریدی اورسرفراز احمد کوتلخ کلامی پرسرزنش کرکے چھوڑ دیا۔ انھیں مستقبل میں محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذرائع کہتے ہیں کہ باؤنسرہیلمٹ پر لگنے کے بعد کپتان نے حریف پیسرسے صرف یہ کہا تھا کہ حال توپوچھ لیتے، اس پروہ مشتعل ہو گئے اور ساتھی بولر حارث رؤف سے بھی باؤنسر کرنے کا کہا۔ لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ سرفراز نے شاہین سے معافی مانگنے کا کہا جس سے انھوں نے انکار کر دیاتو ناراضی کا اظہار کرنے لگے۔
کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات کے حوالے سے تین تجاویز آئی ہیں، جس میں ایک تجویز کلاس پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کو پرموٹ کرنے، دوسری تجویز تمام کلاسز کو پرموٹ کرنے اور تیسری تجویز تمام کلاسز کے امتحانات لینے کی ہے۔ اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے تمام ارکان سے تفصیلی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس سال پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات لئے جائیں گے اور یہ امتحانات اسکولز اپنے طور پر لیں گے۔
اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ اس سال کرونا وائرس کے باعث صورتحال کے پیش نظر ہمیں کچھ ایسے فیصلے کرنے پڑے ہیں جو اچھے نہیں ہیں لیکن مجبوری کے تحت یہ فیصلے کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پری پرائمری اور پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل کا آغاز انشاء اللہ21 جون سے ہوجائے گا تاہم اگر صورتحال جو اس وقت تک مکمل کنٹرول میں ہے اگر خدانخواستہ صورتحال خراب ہوتی ہے تو ہم مجبور ہوں گے کہ تعلیمی ادارے بند کردیں۔ اس موقع پر موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ اس سال موسم گرما کی تعطیلات سندھ میں نہیں ہوں گی تاہم اگر موسم بہت زیادہ گرم ہوا تو حالات کو مدنظر رکھ کر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو،سیکرٹری کالجز سید خالد حیدر شاہ، سیکرٹری یونیورسٹیز قاضی شاہد پرویز، ارکان سندھ اسمبلی تنزیلہ ام حبیبہ، رابعہ اظفر نظامی، ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، تمام بورڈز کے چیئرمینز، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت دیگر موجود تھے۔