پیر, 25 نومبر 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول بحران کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ، حکومت اس بحران کے اصل ذمہ داروں کا تعین کرکے ایوان میں وضاحت پیش کرے، اس کے علاوہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت 50ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہوئی ہیں اس صورت حال میں حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مد میں عوام کو مزید ریلیف دے۔ جب کہ حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے لیکن اس بحران سے عوام کی مشکلات میں  اضافہ ہوگیا ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بحران کی ذمہ دار  پٹرولیم، خزانہ اور پانی و بجلی کی وزارتیں ہیں  لیکن ذمہ داروں کا تعین کئے بغیر ہی 4 افسران کو معطل کردیا گیا۔

ایمز ٹی وی( ایجوکیشن ڈیسک) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیہ کے تحت ہفتہ طلبہ کا آغاز 16فروری 2015بروز پیر بورڈ آفس کے کانفرنس ہال میں صبح 10بجے سے ہوگا۔مقابلہ کا شیڈول اورانٹری فامز اسکولوں کو بھیج دیئے گئے ہیں فارمز نہ ملنے کی صورت میں بورڈ ہذا کے ریسرچ سیکشن سے دفتری اوقات میں حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔ تمام کراچی بورڈ سے سے الحاق شدہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے سربراہان اپنے اپنے اسکولوں کے جماعت نہم۔دہم کے خواہشمند طالب علموں کی شرکت ہفتہ طلبہ میں یقینی بنائیں۔ہفتہ طلبہ درج ذیل شیڈول کے تحت منعقد ہو گا جس میں 16فروری مقابلہ حُسن قرأ ت سو رۃ العدیٰت(پارہ نمبر30)، 17فروری مقابلہ نعت خوانی، 18فروری مقابلہ اُردو تقریرعنوان ہے( عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں نظر آتی ہے انکو اپنی منزل آسمانوں میں) ، 19فروری مقابلہ ملّی نغمہ، اور20فروری مقابلہ انگلش تقریر ہوگا۔

 ایمز ٹی وی( ایجوکیشن ڈیسک) جامعہ کراچی کے مشیر امور غیر ملکی پروفیسرڈاکٹر انتخاب الفت مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی جامعہ کراچی میں غیر ملکی طلباء کے داخلوں کاعمل ماہ جنوری کے آخر میں مکمل ہوگا اور اس سال داخلوں کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں نسبتاً زیادہ ہے۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کے اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی کا ’’جلسہ تقسیم‘‘ اسناد ہفتہ 31جنوری 2015ء کو منعقد ہوگا۔ اس موقع پر گورنر سندھ وچانسلر جامعہ کراچی مہمان خصوصی ہوں گے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اراکین سینٹ، سنڈیکیٹ، اکیڈمک کونسل، فیکلٹیز اور رجسٹرڈ گریجویٹ وغیرہ شرکت کے خواہشمند ہیں ،براہ کرم اس کی تحریری اطلاع رجسٹرار جامعہ کراچی کو مہیافرمادیں۔  جامعہ کراچی کے شعبہ عربی کی انچارج فاطمہ زینب کے اعلامیہ کے مطابق شعبہ عربی کے تحت عملی عربی زبان فنگشنل عربی) میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کے لئے داخلہ فارم حاصل / جمع کرانے کی تاریخ میں 23جنوری 2015ء تک توسیع کردی گئی ہے۔ خواہشمند طلبہ داخلہ فارم حاصل/ جمع کرانے کے لئے شعبہ عربی کے آفس سے (صبح تا شام4بجے) تک رجوع کرسکتے ہیں۔ مذکورہ کورس کا مقصد طلبہ کو عربی میں دفتری خط وکتابت اور اس کے صحیح اور بنیادی اصولوں سے متعلق فنی مہارت فراہم کرنا اور خط وکتابت ،رپورٹس اورلیکچرز میں سرکاری قواعد کی آگہی فراہم کرناہے۔ کورس میں ترجمے کا فن، سیکریٹری شپ، عربی بول چال، کمیونیکشن اسکلزاور عربی کمپیوٹر کے سافٹ ویئر کا استعمال شامل ہیں۔ ڈپلومہ کلاسز کے اوقات دوپہر 3تا5بجے شام ہونگے۔ داخلہ فارم 200روپے کے عوض حاصل کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں شعبہ عربی میں عربی زبان،قرآنی عربی اور جدید عربی میں شارٹ کورسزکے لئے بھی انہی تاریخوں میں 100روپے کے عوض فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

 ایمز ٹی وی( ایجوکیشن ڈیسک) کراچی یونیورسٹی میں نئے تعلیمی سال کا آغاز  ہو گیا ہے، شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر محمد قیصر نے نوواردان جامعہ کراچی کو نئے تعلیمی سال 2015ء کے آغاز پر خوش آمدید کہتے ہوئے باورکرایا ہے کہ طلباء خود کو حصول علم کے لئے وقف کردیں ،کیوں کہ آپ کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہوگئی ہیں- اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم وضبط رکھئے ،آپ کی دانش گاہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں جو آپ سب کے لئے فخرکا باعث ہونا چاہیے، جامعہ میں آپ کی آمد کا تقاضا ہے کہ حصول علم اور تحقیق میں آپ زیادہ سے زیادہ اپنا وقت صرف کریں- موجودہ دور میں آپ کو جدید ’’علوم وفنون‘‘ تک رسائی کے ایسے مواقع میسر ہیں جس کا ماضی میں تصور بھی محال تھا- جامعات ملک و معاشرے کو قیادت فراہم کرتی ہیں،جامعہ کراچی ایک عظیم درسگاہ ہے جو آپ کے لئے اپنے تمام تروسائل ’’وقف‘‘ کئے ہوئے ہے- لہذا اپنے بہتر اور روشن مستقبل کے لئے محنت، دیانت، رواداری اور طلب علم کی خواہش سے آپ یقینا معاشرہ میں ارفع واعلی مقام حاصل کرسکتے ہیں، ملک کو آپ جیسے ذہین اوربہ صلاحیت نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے- ہمارے نامور اساتذہ تدریس وتحقیق کے علاوہ آپ کی رہنمائی اور بہترین لیاقت اورتربیت سے آپ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو ’’جلا‘‘ بخشنے میں اپنا قومی کردار ادا کرنے اور مشفقانہ حسن سلوک برتنے میں بے مثال جذبے کے حامل ہیں- اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ کلاس اور کلاس روم کے باہر اس رابطے کو مستحکم رکھیں تاکہ آپ کی نمایاں ترین کامیابی، جہاں آپ کے والدین کے لئے فخروانبساط کا باعث ہو وہاں آپ اپنے اساتذہ اور مادر علمی کے ’’باراحسان‘‘ کو بھی ہمیشہ یاد رکھیں-

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) افغانستان میں امریکی فورسز کے سپورٹ مشن کے کمانڈر جنرل جون کیمپ بیل نے خبردار کیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ یا دولت اسلامیہ برائے عراق و شام (داعش) پاکستان اور افغانستان میں بھرتیاں کر رہی ہے۔ امریکہ کے آرمی ٹائمز نیوز پیپر کو دیئے گئے انٹرویو میں جنرل جون کیمپ بیل نے کہا کہ 'ہمیں کچھ بھرتیوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں'۔ جنرل کیمپ بیل کے مطابق اگرچہ داعش افغانستان میں اپنا اثرو رسوخ نہیں بڑھا سکتی تاہم پڑوسی ملک پاکستان میں اپنا پیغام پھیلانے کی صلاحیت ضرور رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان ملا عمر کے وفادار ہیں اور ان کا فلسفہ اور نظریات داعش سے بالکل مختلف ہے، تاہم یہاں یقینی طور پر کچھ ایسے لوگ ہیں جو طالبان سے مطمئن نہیں ہیں، کیوں کہ انھوں نے کافی طویل عرص سے ملا عمر کو نہیں دیکھا یا اب وہ کوئی اور راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ جنرل کیمپ بیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ وہ لوگ جو طالبان قیادت سے خائف ہیں، داعش کے پیغام سے متاثر ہوکر ان کا شکار ہوسکتے ہیں اور ہم اسے ایک بہت مشکل معاملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی بھی اس سے قبل ملک میں داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ تاہم جنرل کیمپ بیل کا کہنا ہے کہ امریکہ اور افغان حکام کی جانب سے ملک میں داعش کی بہت کم موجودگی دیکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو گہری نظر سے دیکھ رہے ہیں اور انھوں نے اپنے اسٹاف کو اس مسئلے کو ترجیحی انٹیلی جنس ضرورت کے طور پر دیکھنے کا حکم دیا ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے زیادہ کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں امریکہ کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد یکم جنوری 2015 سے نیٹو کی انٹرنیشل سیکیورٹی اسسٹنس فورس (ایساف) کو ٹریننگ اینڈ سپورٹ مشن سے تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے تحت ساڑھے بارہ ہزار نیٹو فوجی افغانستان میں قیام کریں گے۔ تاہم اس تبدیلی سے ان کے مشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور وہ القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) مشرقی ہندوستان میں ہندو مسلم جھڑپ کے دوران مسلمانوں کی جھگیوں کو آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں تین زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔  امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ریاست بہار کے ایڈمنسٹریٹر اتُل پرساد نے کہا کہ پرتشدد واقعات اس وقت شروع ہوئے ایک ہفتے سے گمشدہ ہندو لڑکے کی سرائیاں گاؤں سے لاش ملی۔ پرساد نے بتایا کہ ہندو مچھیروں نے لڑکے کی ہلاکت کا الزام مسلمانوں پر عائد کیا جس کی گاؤں کی مسلمان لڑکی سے دوستی تھی۔ یہ گاؤں ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہکے شمال میں 105 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب برداری کی جلی ہوئی جھونپڑیوں سے تین مسلمانوں کی جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ پرساد نے بتایا کہ علاقے میں صورتحال بدستور انتہائی کشیدہ لیکن قابو میں ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیو رضا کاروں کی سیکیورٹی پرتعینات اہلکار گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی یو سی 6  میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی تبسم موقع پر جاں بحق ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اے ایس آئی تبسم کے سر میں 2 گولیاں لگیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی شروع کردی۔ دوسری جانب اے ایس آئی تبسم کی شہادت کے بعد سائٹ اور اورنگی ٹاؤن میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی جب کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں 3 دن تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کردی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے کراچی میں ڈبل سواری کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری کے بعد شہر بھر میں ڈبل سواری قابل گرفت جرم ہوگا۔

ایمز تی وی ( نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عمران جعفر لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بنائے گئے نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومت نے جو حکمت عملی بنائی ہے وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں، پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اپوزیشن میں ہوکر اس سلسلے میں مکمل طور پر اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
ان کا مزید مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے مدارس کی فہرست طلب کی جو کہ ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔
عمران جعفر لغاری نے کہا کہ ان کے خیال میں دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک قومی ایکشن پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت ناصرف دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا دائر بڑھایا گیا ہے، بلکہ سزائے موت پر پابندی ختم کرکے ملک بھر کی جیلوں میں قید مجرموں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں۔
اس پلان کے تحت حکومت نے فوجی عدالتوں کو قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں حال ہی میں پارلیمنٹ میں 21ویں ترمیم کو بھی منظور کیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی ( نیوز ڈیسک) پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں صرف دہشتگردی کے مقدمات سنے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مولانا عبدالعزیز کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے جاچکے ہیں اورمولانا عبدالعزیز کو گرفتار کرنا باقی رہ گیا ہے، آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق دہشتگردوں سے ہمدری رکھنے والے مدارس کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور میں پولیس اہلکاروں کے 2 قاتلوں کو پھانسی دے دی گئی۔سینٹرل جیل کراچی میں مجرم محمد سعید جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں زاہد عرف زادو کی سزائے موت پر عمل در آمد کیا گیا کراچی میں سینٹرل جیل میں قتل کے مجرم محمد سعید کو صبح 6:30 پر تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ مجرم محمد سعید کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ محمد سعید نے2001 میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی سید صابر حسین شاہ اور ان کے بیٹے عابد حسین شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ قتل کا مقدمہ الفلاح تھانے میں درج کیا گیا جبکہ جرم ثابت ہونے پر اسے 2002 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ پھانسی سے قبل مجرم محمد سعید کو خاندان کے افراد سے آخری ملاقات بھی کروا دی گئی۔ مجرم نے اپنی وصیت میں لکھا کہ اسے پھانسی دینے کے بعد اس کا سامان اس کے بھائی کے حوالے کردیا جائے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سینٹرل جیل کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا تھا ، پھانسی کے بعد مجرم محمد سعید کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ ایک اور قیدی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی گئی۔ مجرم زاہد عرف زادو نے 1998 میں ملتان میں دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسے 2002 میں سزائے موت سنائی جبکہ صدر مملکت کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد کیے جانے پر اس کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے گئے۔ پھانسی سے قبل زادو سے اہل خانہ کی آخری ملاقات بھی کرائی گئی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔موت کی سزا پانے والے دونوں مجرموں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔