اتوار, 24 نومبر 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ طلبہ کی عدم بازیابی کے کیس میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کوطلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے بلوچ طلبہ کی عدم بازیابی کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے عدالت کو بتایا کہ 12 میں سے ایک اور طالب علم بازیاب ہوگیا ہے، اٹارنی جنرل آج دستیاب نہیں ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔

اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ جبری گمشدگیوں کی سزا ، سزائے موت ہونی چاہیے، ملوث لوگوں کو دو چار سزائے موت ملنی چاہئیں۔

عدالت نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پیر کو 10 بجے خود پیش ہوں ، وہ خود پیش ہوکر بتائیں کیوں نہ ان کےخلاف مقدمہ درج کیاجائے۔

عدالت نے کہا کہ یہ تو میری مہربانی ہےکہ دونوں ڈی جیزکو نہیں بلارہا۔

ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سید شرف علی شاہ نے سائنس وجنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ جماعت نہم کے سالانہ امتحانات 2023ء کے اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 20فروری 2024 تک توسیع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن طلباء و طالبات نے ابھی تک اسکروٹنی فارم جمع نہیں کرائے ہیں وہ اس سہولت سے فراہم اٹھائیں اور جلد از جلد اپنے اسکروٹنی فارم جمع کرا دیں۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کی چمچماتی ٹرافی کی نقاب کشائی کل لاہور کے پولو گراؤنڈ میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شرکت کریں گے، تمام ٹیموں کے کپتان اور فرنچائز مالکان بھی تقریب کا حصہ ہوں گے، تقریب دن بارہ بجے پولو گراؤنڈ لاہور میں منعقد کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر ٹرافی کے ساتھ کپتانوں کا فوٹو سیشن بھی ہو گا، اس بار ٹرافی کی رونمائی گھوڑوں کے ساتھ منفرد انداز میں کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 17 فروری سے ہو رہا ہے، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا۔

افتتاحی میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی ہو گی جس میں پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کے گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ کے ساتھ ساتھ دیگر فنکار بھی پرفارم کریں گے۔

لاہور : لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام یک مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے انعقاد پر آنے والے اخراجات میں 20فیصد اضافہ ہو گیا۔

جس کے باعث لاہور تعلیمی بورڈ کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے لیے لاہور بورڈ نے 60 سے 80فیصد امتحانی مراکزا سکولوں کی عمارتوں میں بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی مراکز استعمال کرنے پر لاہور بورڈ کو کرائے کی مد میں ادائیگی کرنا ہو گی ۔

مدینہ منورہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے شادی کی پہلی سالگرہ پر اہلیہ کے ساتھ عمرہ ادا کیا اور روضہ رسول ﷺ پرحاضری دی۔

شاداب خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر روضہ رسول ﷺ پر اہلیہ کے ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ شادی کے دوسرے سال کی شروعات ایک ساتھ عمرہ ادا کرتے ہوئے کررہے ہیں۔ اللہ ہمیں ہمیشہ خوش و خرم اور صحت مند زندگی عطا کرے۔

قومی کرکٹر نے اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ شادی کے پہلے سال میری زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آئے لیکن آپ میرے ساتھ کھڑی رہیں۔ ہم ایک ساتھ روئے، ایک ساتھ ہنسے اور کئی لمحات کو یادگار بنایا۔

کراچی: سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کردیا۔

وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگئی ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیس کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

ابو ظبی: متحدہ عرب امارات کی 6 ریاستوں میں شدید بارش کے بعد تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کی 7 میں سے 6 ریاستوں ابوظبی، دبئی، شارجہ، فجیرہ، عجمان اور راس الخیمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور اولے پڑے۔ دبئی اور شارجہ میں محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کردیا۔

اماراتی حکام نے سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے اور شہریوں کو غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کا الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ممبئی: بھارتی میگا ایکشن فلم ’سالار‘ 16 فروری کو ہندی زبان میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

پرشانت نیل کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’سالار : سیزفائر1‘ سال 2023 میں 22 دسمبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔

’سالار‘ نے اوپننگ ڈے پر 178 کروڑ کا بزنس کرکے ہندی سینما کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے تھے اور اس نے شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

’سالار : سیزفائر1‘ کی کہانی ایک فکشنی شہر خانسار کے گرد گھومتی ہے جس پر دنیا کے خطرناک ترین لوگ قبضہ کرلیتے ہیں۔

فلم ’سالار‘ میں پرابھاس کے علاوہ پرتھوی راج سوکمرن، جگپتی بابو اور شروتی ہاسن جیسے ستاروں نے اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

 

لاہور: معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر نے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کےامیدوار عون چوہدری کی جیت کو مذاق قرار دے دیا۔

عفت عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ سلمان اکرم راجا کا ہارنا اور عون چوہدری کا الیکشن 2024 جیتنا سب سے بڑا مذاق ہے۔

لاہور کے این اے 128 سے استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے عون چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا نے الیکشن لڑا تھا جس میں عون چوہدری ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ فضول کی حرکتیں کرنا بند کریں اور قبول کریں اب عوام آپ کے ہاتھ سے نکل گئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ہے عوام سلمان اکرم راجا کو ہی چاہتی ہے، یہی حقیقت ہے، اسے تسلیم کریں۔

عفت عمر نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ الیکشن 2024 میں جیتنے والوں اور ہارنے والوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ نتائج قبول کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد:  ٹینس اسٹار اعصام الحق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے انتخابات میں اعصام الحق نے اصغر نواز کے خلاف 7 کے مقابلے میں 8 ووٹ سے کامیابی پائی جبکہ سیکرٹری اور خزانچی کے عہدوں پر مخالف گروپ کے امیدوار کامیاب رہے۔

سیکرٹری کےعہدے پر کرنل ریٹائرڈ ضیا کو فتح ملی، انہوں نے 8 ووٹ لیے جبکہ انکے مدمقابل میجر ریٹائرڈ سلمان نے 7 ووٹ حاصل کرسکے۔ خزانچی کے عہدے پر عارف قریشی نے 9 جبکہ عمر فاروق نے 6 ووٹ حاصل کرسکے۔

اعصام الحق کا کہنا ہےکہ پاکستان ٹینس کو نئی بلندیوں پر پہنچانا کا عزم ہے، کھیل کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ تمام عہدیداروں کا انتخاب 4 سال کے لیے کیا گیا ہے۔

Page 57 of 3029