دبئی : پاکستان انڈر 19 ٹیم کے فاسٹ بولر محمد ذیشان کاکہنا ہے کہ اپنے بولنگ ایکشن سے مطمئن ہوں، فٹنس پر محنت کروں گا تاکہ اس کو تبدیل نہ کرنا پڑے۔
انڈر 19 ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف 6 اور بھارت کے خلاف 4 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد ذیشان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈر 19 لیول ہر پلیئر کیلئے کافی اہم ہوتا ہے، شاہین شاہ آفریدی انڈر 19 سے ہی اوپر آئے، مجھے بھی امید ہے کہ اچھا رزلٹ ملے گا۔
محمد ذیشان نے بتایا کہ بھارت کے خلاف میچ کا پریشر نہیں لیا ، اس میچ کو ایک عام میچ سمجھ کر کھیلا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایمبروز اور شعیب اختر کو پسند کرتا ہوں لیکن کسی اور کی طرح نہیں بننا، اپنا نام بنانا ہے، اپنے بولنگ ایکشن سے مطمئن ہوں، فٹنس پر محنت کروں گا تاکہ اس کو تبدیل نہ کرنا پڑے۔
محمد ذیشان کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں پاکستان کو چیمپئن بنانا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ ان دونوں ٹورنامنٹ میں پاکستان کا بہترین بولر بنوں، ٹیسٹ کرکٹ میرا فوکس ہے لیکن موقع ملا تو تینوں فارمیٹ کھیلنا چاہوں گا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال پی ایس ایل کا نہیں سوچ رہا، فوکس ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ پر ہے۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال اور دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
کراچی: وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی امجد سراج میمن کا صحافیوں کے بچوں کے لیئے بڑا اعلان کردیا ۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی امجد سراج میمن کا کہنا ہے کہ صحافی برادری کے بچے میڈیکل اور ڈینٹل میں بہت دلچسپی لیتے ہیں جسے دیکھتےہوئےفیصلہ کیا ہے کہ اوپن میرٹ میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے صحافیوں کے بچوں کے تمام یونیورسٹی کے اخراجات یونیورسٹی برداشت کریگی۔
جبکہ اوپن میرٹ میں بی ڈی ایس میں داخلہ لینے والے صحافیوں کے بچوں کی فیس میں پچاس فیصد رعایت دینگے۔
اسلام آباد: قائد اعظم یونیورسٹی کے ایلومنائی الیکشن 2023 انتخابی عمل سے قبل ہی تنازعات کاشکار ہوگئے۔
اساتذہ و طلبا نے وائس چانسلر کی جانب سے قائم کی گئی پانچ رکنی مینجمنٹ و آرگنائزنگ کمیٹی میں جامعہ کے باہر سے کسی ایک رکن کو شامل نہ کئے جانےاور صرف 1970،80اور90 کی دہائیوں کے گریجویٹس کو ایلومنائی کابینہ میں اہم پوزیشن بشمول صدرم، نائب صدر، جنرل سیکریٹری، جوائنٹ سیکر یٹری ، فنانس سیکرٹی، میڈیا سیکرٹری سمیت ایگزیکٹو ممبران کے لئے اہل قرار دیئے جانے پر سوالاے اٹھادیئے ہیں۔
ایلومنائی الیکشن میں1970سے2013تک کے گریجویٹس حصہ لینے کے لئے اہل ہونگےمگر اہم پوسٹس 1970تا 2003تک گریجویٹس کے حصے میں آئیں گے، وائس چانسلر کی جانب سے ایلومنائی الیکشن کے انعقاد کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے، جس کے کنوینئر ڈاکٹر ادریس ہیں، رجسٹریشن کے لئے 15 دسمبر آخری تاریخ ہے تا ہم ابھی تک 20تا30فیصد طلبا رجسٹرڈ ہوپائے ہیں۔
کراچی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے ایبٹ آباد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ایبٹ آباد کے کپتان یاسر شاہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔
کراچی وائٹس کے اوپنر خرم منظور 53، عمیر یوسف 36 اور دانش عزیز 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایبٹ آباد کے شہاب خان نے 4، عادل ناز اور فیاض خان نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔ سجاد علی 1 اور فخر زمان 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔جبکہ پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔
اعتزاز حبیب نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی مزاحمتی اننگ کھیلی جبکہ فیاض خان نے 9 گیندوں پر جارحانہ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی وائٹس کی طرف سے شاہنواز دھانی نے 3، انور علی، آفتاب ابراہیم اور دانش عزیز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 50 لاکھ روپے دیے گئے جبکہ رنرزاپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ افتخار احمد کو ڈھائی لاکھ روپے ملے۔
ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر صاحبزادہ فرحان، بہترین بولر شہاب خان اوربہترین وکٹ کیپر سجاد علی جونئیر کو بھی ڈھائی، ڈھائی لاکھ روپے ملے۔ فائنل کے پلیئر آف دی میچ شاہنواز دھانی کو 50 ہزار روپے دیے گئے۔
کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہےکہ انڈس یونیورسٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں کی تشکیل اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنر ہائوس میں منعقدہ انڈس یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تقریب گریجویٹس کی تعلیمی کامیابیوں کی نشاندہی کرتی ہے، کانووکیشن صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ترقی کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، پاکستان کا مستقبل میرے سامنے ہے، اور آج آپ اس بات کا عہد کریں کہ ملک کی عزت اوروقار میں اضافے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انڈس یونیورسٹی، معیاری تعلیم اور ترقی کے لئے اپنے عزم کے لئے جانی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انڈس یونیورسٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں کی تشکیل اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زندگی بھر سیکھنے کی اہمیت کو یاد رکھیں، کیونکہ دنیا مسلسل ترقی کر رہی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ آپ نئے خیالات اور ٹیکنالوجیز کو اپنائیں، انہوں نے کہا کہ میں آپ کو ہمارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے سفیر بننے کی ترغیب دیتا ہوں، آپ کے لئے ایک خوشحال اور بھرپور سفر منتظر ہے، اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے استعمال کریں گے، میں والدین کا بھی طلبہ کی غیر متزلزل حمایت اور حوصلہ افزائی کے لئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر خالد امین نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں ایسا عوامی گورنر نہیں آیا، کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہائوس کو ہر آدمی کی پہنچ میں کردیاہے انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ نے گورنر ہائوس کو گورنر یونیورسٹی بنا دیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محترمہ رعنا حسین، وائس چانسلر، نگراں صوبائی وزرائ، سرکاری افسران، والدین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد31 جنوری، 2024 کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹرمیں منعقد ہوگا۔
تقریب میںیونیورسٹی کے چانسلر/صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گےجبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تقریب میں میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔
اس تقریب میں وفاقی وزرا، سیکرٹریز، وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز، یونیورسٹی کے چاروں ڈین، پروفیسرز، پرنسپل افسران و فیکلٹی ممبران، طلبائ و طالبات کے علاوہ ملک کے نامور صحافی اور سماجی شخصیات شریک ہوں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2024ء علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کا سال ہے، وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اِس خوشی کو بھرپور انداز سے منانے اور طلبہ کو اِس خوشی میں شامل کرنے کے لئے اِس بڑی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
یونیورسٹی نے تمام صوبائی دارالحکومتوں(کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور)کے علاوہ مظفر آباد میں بھی وہاں کے مقامی طلبہ کے لئے جلسہ تقسیم اسناد کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔اسلام آباد، گلگت بلتستان اور راولپنڈی ڈویڑن(اٹک، چکلالہ، جہلم اور راولپنڈی)کے طلبہ اسلام آباد کے جناح کنوینشن سینٹر میں 31جنوری کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد: پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (PEIRA) نے اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی اداروں (PEIs) کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے تمام نجی اسکول اور کالج 25 دسمبر سے 29 دسمبر تک بند رہیں گے
لاہور: پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 23دسمبر کوکریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 2023کے نتائج کا اعلان 23دسمبر 2023کو کریں گے جس کی تیاری کی جارہی ہے اور سلسلہ میں بورڈز سادہ تقریبات کا انعقاد کر کے صبح 10 بجے آن لائن نتیجہ جاری کریں گے۔
کراچی: جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے تحت چار سالہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ“ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔
تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ذرائع مواصلات کی بے پناہ ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیاہے جس میں حقائق کو چھپایانہیں جاسکتا۔ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں اخلاقی اقداراور اخلاقیات کو نظراندازنہیں کرناچاہیئے۔دنیا تبدیل ہوگئی ہے اور عالمی رسائی کے لئے ٹیکنالوجی ضروری ہے،یہ نہ سمجھا جائے کہ روایتی میڈیا کی گنجائش کم یاختم ہوگئی ہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیاکو بنیادیں روایتی میڈیا فراہم کررہاہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کی اہمیت وافادیت کے پیش نظر فیصلہ کیاگیاہے کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ بھی انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والے طلبہ کی طرح داخلے کے اہل ہوں گے۔
اس موقع پر شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی صدر ڈاکٹر عصمت آراء نے کہا کہ یہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کا ویژن ہے جس کے نتیجے میں آج یہ ڈگری پروگرام متعارف کرایاجارہاہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ ہمارے طلبہ کو انٹرپرینیورشپ کی طرف لے جائے گا اور ہمارے طلبہ اپنا کانٹینٹ خودتخلیق کرسکیں گے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ تواترکے ساتھ نئے ڈگری پروگرامز متعارف کرارہی ہے اور گزشتہ تین چارسال کے عرصے میں بی ایس ان پولٹری سائنس،بی ایس ان ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس،بی ایس ان میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی،بی ایس ان پبلک ہیلتھ اوراسی سال بی ایس ان اسپورٹس بزنس مینجمنٹ اوراب ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ متعارف کرایاجارہے۔
کراچی : جاپان کی حکومت کی جانب سے دی گئی دعوت پر 7پاکستانی انڈر گریجویٹ طلبہ اور ایک ورکنگ یوتھ 11 سے19 دسمبر تک جاپان تک سارک نیٹ ورک پروگرام آف پیپل ایکسچینج کے تحت جاپان کا دورہ کرے گا۔
جاپان ایسٹ ایشیا نیٹ ورک آف ایکسچینج فار اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ جاپان اور ایشیا پیسفیک خطے کے درمیان نوجوانوں کے تبادلے کا ایک پروگرام ہے جو جاپانی حکومت نے شروع کیا ہے، جاپان کےسفارت خانے نے دورہ کرنے والے گروپ کےلئے روانگی سے قبل ایک تعارفی سیشن کاانعقاد کیا اور انہیں کچھ ضروری معلومات فراہم کیں اور جاپان کےلئے روانگی سے قبل انہیں سفری دستاویزات بھی فراہم کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر واڈا میسٹوہیرو نے نوجوان طالبعلموں کو اس یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان کادورہ کرنے لئے ان کے انتخاب پر مبارکباد دی۔
اس سال JENESYS 2023پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 56 انڈر گریجویٹ ْگریجویٹ طلبہ اور سارک ممالک سے ورکنگ یوتھ کو حکومت جاپان نے اس مختصر مدتی دعوت میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔