اسلام آباد: ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا۔
ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا جس پر ایگل کا نشان بھی بنا ہوا ہے۔
فیصل پروڈکشن کی فلم ‘ڈھائی چال’ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے گرد گھومتی ہے جسے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا تھا، فلم دیکھنے کے لیے عوام بالخصوص نوجوان بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔
فلم بینوں کا کہنا ہے پروڈیوسر ڈاکٹر عرفان اشرف نے جس طرح صوبہ بلوچستان کی کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے (SSC-Part I)جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اورپرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان اور رزلٹ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔
چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ طلباء وطالبات یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ میں ایک لاکھ 68ہزار 319طلباء و طالبات رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 61ہزار 929طلباء وطالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔کامیابی کا تناسب50.90 فیصد رہا۔
علاوہ ازیں پرائیویٹ جنرل گروپ میں5ہزار 501 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے پرائیویٹ جنرل گروپ میں بھی ساتوں پرچوں میں کامیابی کا تناسب44.14فیصد رہا۔
کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ پروٹوکول نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں نوجوان طلباء و طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک فکر انگیز سیمینار کا انعقاد کیا۔
جس میں اساتذہ و طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اینٹی نارکوٹکس فورس کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل شاکر اللہ خان تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اے این ایف کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل شاکر اللہ خان نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس، منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کیا جانے والا ایک اہم ریاستی ادارہ ہے۔2023 میں اس ادارے نے ایک ملین امریکی ڈالر مالیت کی 6 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں اور منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث تقریباََ 300 ملزمان کوگرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف نشہ آور ادویات، سائیکو ٹراپک و خام کیمیائی مادوں کی اسمگلنگ اور پیداوار کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے چیئر پرسن ڈاکٹر عماد الحق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسان عقل کی بنیاد پر اشرف المخلوقات کہلاتا ہے اور زمین پر اللہ کا نائب ہے۔منشیات کا استعمال براہ راست دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے جس سے عقل بری طرح متاثر ہوتی ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچائیں کیونکہ نوجوان ہمارے ملک کا تابناک مستقبل ہیں۔
ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبیلیٹیشن سینٹرلیاری کی کلینیکل سائیکالوجسٹ اور ایڈکشن تھراپسٹ، ثناء اسلم نے کہا کہ نشہ ایک دائمی، دوبارہ پیداہونے والا عارضہ ہے جس میں لوگ منشیات کے منفی نتائج اور نقصانات کو جاننے کے باوجود اضطراری طور پر نشہ آور اشیاء کی تلاش اور استعمال کے لیے تڑپ رہے ہوتے ہیں۔اسے دماغی عارضہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں دماغی سرکٹ میں باضابطہ تبدیلیاں ظہور پذیر میں آتی ہیں جن میں ریوارڈ، تناؤ اور خود پر قابو پانا شامل ہے۔
اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ منشیات کااستعمال پاکستان میں دورِ حاضر کا سب سے سنگین چیلنج ہے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی لت بڑھ رہی ہے جس سے طلباء کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہورہی ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات کی لت کے خطرناک مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت ِ عملی تیار کرنے کی اشد ضروت ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں تاکہ سپلائی چین کو روکا جاسکے اور ان لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے جو غیر قانونی منشیات کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ہیں۔
اس طرح کے فکر انگیز سیمینار کے انعقاد پر پروٹوکول افسر، نعمان احمد اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کی انتظامیہ جامعہ میں منشیات سے پاک ماحول کو فروغ دینے پر بجا طور پر قابل ستائش ہے۔
ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی،آرگنائزیشن فارویمن ان سائنس فاردی ڈیولپنگ ورلڈ، پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن اورپاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے اشتراک سے کبجی جامعہ کراچی میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔
کانفرنس کی اافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالدمحمودعرقی نے کہا کہ مسلمان اپنے شاندار ماضی کو فراموش کرکے طبی معاملات سے دورہوتے گئے جبکہ مغربی اقوام میڈیکل سائنس کو جدید خطوط پر استوارکرکے طب کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھتے رہے اورآج صورتحال یہ ہے کہ ان کی سائنسی ترقی کا راج دنیا بھر میں قائم ہے، انہوں نے میڈیکل سائنس کا پورا منظر نامہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔بدقسمتی سے پاکستان کاشمار دنیا میں کم سائنسی تخلیقات کرنے والے ممالک میں ہوتاہے۔سائنس وٹیکنالوجی پر عبور حاصل کئے بغیر ہم تیزی سے بڑھتی ہوئے امراض، آئے تبدیل ہوتی معیشت اور دیگر مسائل کا حل تلاش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کانفرنس کا مقصد نوجوان محققین اور بالخصوص خواتین ریسرچرز اور اساتذہ کوسائنسی میدان سائنس کی ترقی کے لئے کرداراداکرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
چیئر پرسن ڈیپارٹمنٹ آف پیتھالوجی اینڈ لیبارٹری میڈیسن آغاخان یونیورسٹی اسپتال پروفیسرڈاکٹر ارم خان نے کہا کہ نیشنل بائیو سیفٹی فریم ورک کسی بھی ملک کے بائیو سیفٹی مینجمنٹ میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔ پاکستان میں اس فریم ورک کی غیر موجودگی کی وجہ سے بائیو رسک مینجمنٹ میں مسائل کا سامنا ہے۔ قومی اور بین الاقوامی اداروں کی آپس میں ہم آہنگی اور عمل کو موثر بنانے میں اہم کردار ہے۔
گلگت بلتستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی پہلی سائینٹفک آفیسرقندیل زہرہ نے کہا کہ پاکستان کو فضای اور آبی آلودگی سے لے کر اہم ماحولیاتی چیلنجزکا سامناہے اور ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ صنعتوں اور گاڑیوں کے اخراج کے لئے سخت معیارات نافذ کئے جائیں۔جنگلات کی کٹائی کو روکنے اور حیاتیاتی تنوع کی حفاظت کو یقینی بنانے،شمسی،ہوااور پن بجلی جیسے متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے اقدامات کرکے ہی ماحولیاتی آلودگی پر قابوپایاجاسکتا ہے۔
ایکسپرٹ امریکہ Sean G Kaufman، سربراہ مالیکیولرپیتھالوجی ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹر سعید خان،سینئر مینجر انفیکشن ڈیزیز ریسرچ لیبارٹری ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ آغاخان یونیورسٹی،ایسوسی ایٹ پروفیسر اینڈ کنسلٹنٹ ڈیپارٹمنٹ آف مالیکیولرپیتھالوجی لیاقت نیشنل اسپتال ڈاکٹر سید ذوالفقارعلی نقوی،سینئر مینجر انفیکشن ڈیزیز ریسرچ لیبارٹری ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ آغاخان یونیورسٹی انیتا ہوتوانی اور مالیکیولربائیولوجسٹ ڈیپارٹمنٹ آف مالیکولر پیتھالوجی ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزشامل ہیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیولوجیکل سائنس کے شعبہ میں جدید ریسرچ میں پیش رفت کے لئے ضروری ہے کہ بائیوسیفٹی کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف تمام اسٹیک ہولڈرز بلکہ عام عوام کو بھی سائنسی تحقیق سے ہونے والے خطرات سے آگاہی فراہم کی جائے،کیونکہ ان ہی اقدامات سے ہم معاشرے کو محفوظ بناتے ہوئے سائنس کے فوائد سے مستفید کرسکتے ہیں۔اگر بائیوسیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے حفاظتی اقدامات نہ لئے جائیں تو سائنسدان،معاون عملہ اور ان کے خاندان کے افراد بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2023ء کے ایڈمٹ کارڈز جاری کردیئے۔
بورڈنے اعلان کیا ہے کہ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، آرٹس ریگولر اور ہوم اکنامکس گروپس کے طلباء بشمول Ex-Students کے ایڈمٹ کارڈز تیار ہوگئے ہیں۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سے الحاق شدہ تمام کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے نمائندوں کے ذریعہ انٹربورڈ کے متعلقہ سیکشن سے بروز جمعرات 4 جنوری 2024ء سے ایڈمٹ کارڈز حاصل کرلیں۔
کراچی: ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کے لیے 2 نئے قوانین تیار کر لیے گئے۔
سندھ کی وزارت ثقافت نے چلڈرن ڈرامہ انڈسٹری آرڈینیس اور سندھ ایکٹر رائلٹی آرڈینینس کے نام سے 2 نئے قوانین تیار کیے ہیں۔
صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری آرڈینینس کے تحت بچوں کے کام کے اوقات طے کیے جائیں گے۔ ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کو اسکول کے اوقات میں کام پر نہیں بلایا جائے گا اور رات دیر تک شوٹنگ اور ریکارڈنگ کے لیے نہیں روکا جائے گا۔
وزیر ثقافت کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو اسکول کے اوقات اور رات دیر تک شوٹ پر بلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ خواہش ہے کہ آرٹسٹ بچے اپنے کام کے ساتھ ساتھ تعلیم جاری رکھیں۔ چلڈرن ڈرامہ انڈسٹری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پولیس کارروائی کرے گی۔
سندھ ایکٹر رائلٹی ایکٹ کے تحت فنکاروں کو تحفظ ملے گا۔ پروڈکشن کمپنی اور فنکاروں کے درمیان معاہدے سے متعلق شکایت حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کی جائیگی۔ فلم اور ڈرامہ کے سوشل میڈیا اور دیگر منافع میں سے فنکاروں کو رائلٹی دی جائے گی جبکہ وزارت ثقافت میں رجسٹرڈ فنکار رائلٹی سے متعلق کمیٹی سے رجوع کرسکتے ہیں
کراچی : جامعہ تربت بلوچستان کے شعبہ کیمیاء کے ایک وفد نے گزشتہ روز انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز اور ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ (کبجی)جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔
بی ایس پروگرام ایم ایس سی سال آخر کے 17طلباوطالبات اور تین اساتذہ پر مشتمل وفد کراچی کے تین روزہ مطالعاتی دورے پرآیاتھا۔وفدنے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات کی اور وائس چانسلر کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو آن ہینڈ ٹریننگ پروگرام اور انٹرن شپ کی پیشکش کی اور کہاکہ جامعہ کراچی کی جانب سے بلوچستان سے آنے والے طلبہ کو رہائش،لاجسٹکس اورٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں شیخ الجامعہ نے جامعہ کراچی کی سینٹرلائزڈسائنس لیبارٹری میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو مفت سہولیات فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی اور ایک لیکچرسیریز شروع کرنے پر زوردیا تاکہ جامعہ کے فیکلٹی کے تجربات سے تربت یونیورسٹی کے طلبہ استفادہ کرسکیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے طلباء سے کہا کہ وہ معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں کم از کم ایک بچے کو تعلیم دیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور تمام تعلیمی اداروں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرناچاہیئے۔ بلوچستان اور ملک کے کچھ دیگر حصے ابھی بھی پسماندہ ہیں لہٰذا ان کی ہر ممکن مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے یہ پیشکش بھی کی کہ یونیورسٹی آف تربت کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء جامعہ کراچی سے معاون سپروائزر رکھ سکتے ہیں۔
اکیڈمک کونسل جامعہ کراچی کی چار کالج پرنسپلزاور 05 کالج اساتذہ کی نشستوں کے لئے انتخابات 25 جنوری کو ہوںگے۔
جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر عبدالوحیدکے مطابق جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کے لئے الحاق شدہ کالجز کے چار کالج پرنسپلز اور05کالج اساتذہ کی نشستوں کے لئے انتخابات 25جنوری2024 ء کوشیخ زید اسلامک ریسرچ سینٹر جامعہ کراچی میں صبح 9:30 تا شام4:00 بجے ہونگے۔
انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 10 جنوری2024 ء دوپہر1:00 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
کا غذات نامزدگی بذریعہ میل قبول نہیں کئے جائینگے۔کاغذات نامزدگی 17 جنوری2024 ء کو دوپہر1:00 بجے تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روزشام چار بجے جاری کی جائے گی۔
کراچی: جامعہ کراچی نےبی ایس فرسٹ اورتھرڈ ایئرایوننگ پروگرام میں ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں02 جنوری تک توسیع کردی۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایوننگ پروگرام میں بی ایس فرسٹ ایئر،تھرڈ ایئر اورڈپلومہ سرٹیفیکٹس پروگرامزمیں ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں02جنوری2024ء تک توسیع کردی گئی ہے۔
خواہشمند طلبہ آن لائن داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں۔
کراچی : بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے تحت ”اطلاقی جینومکس اور جینومکس ایڈیٹنگ برائے تحفظِ غذا“ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی پریکٹیکل ٹریننگ کورس اور سمپوزیم جمعرات)28 دسمبر2023ء تا5جنوری2024) سے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں شروع ہوگا۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق تعلیمی و تحقیقی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً200سے زیادہ محققین اس پریکٹیکل ٹریننگ کورس میں شرکت کریں گے، شرکت آن لائن اورجسمانی حاضری دونوں صورتوں میں ممکن ہوگی۔
اس قومی ورکشاپ کا انعقادآئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے ہورہاہے۔سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اس بین الاقوامی پریکٹیکل ٹریننگ کورس اور سمپوزیم کا افتتاح کریں گے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے آئی پی آر کے انچارج ڈاکٹرشاہد منصوراس کورس کے کوارڈینیٹر ہیں جس کے انعقاد کا مقصد متعلقہ موضوع پرنظری اور عملی معلومات سے اساتذہ اور طالبِ علموں کی استعداد بڑھانا ہے۔