ویمن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے زیراہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی ادبی کانفرنس 2024 کل سےشروع ہوگئی ۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت کے فرائض رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے سرانجام دئیے جبکہ مہمان اعزاز رجسٹرار دی ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان تھیں
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ حسین نے شعبہ اردو کے قیام اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ اردو کے زیراہتمام یہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا اور ایسے مخصوص موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے نتائج بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ معاصر عہد میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے نتیجے میں اردو ادب کے امکانات اور اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تمام اصنافِ ادب معاصر عہد کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہونے کے باوجود دنیا کے سائنسی منظرنامے پر اپنی اہمیت کو تسلیم کروانے کے لیے عملی دشواریوں کا سامنا کر رہی ہیں ۔
ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہء اردو نے "اردو ناول کا معاصر منظر نامہ" کے عنوان پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جو خوش آئند ہے ۔جس کے اثرات دیر تک رہیں گے امید ہے یہ کانفرنس اب یونیورسٹی کے سالانہ کلینڈر کا حصہ بنے گی۔
رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کسی بھی معاشرے میں زبان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے اس کی آبیاری کے لئے تعلیمی ادارے اور حکومتیں خصوصی اہتمام کرتی ہیں اس کانفرنس کا مقصد دنیائے علم میں اس حقیقت کو اجاگر کرنا تھا کہ ناول سیاست، سماج، سائنس، فلسفہ جیسے تمام موضوعات پر مؤثر انداز میں نہ صرف دنیائے ادب بلکہ علمی حلقوں میں بھی ایک واضح شناخت رکھتا ہے ۔