جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹر بابر اعظم اور شان مسعود کی جوڑی نے شراکت کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوئی۔
تاہم دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن سنبھل گئی۔کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت بناکر کم بیک کی اچھی کوشش کی ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف دوسری اننگز میں 205 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں فالو آن کا شکار ہونے والی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
اس کے علاوہ شان اور بابر کی اوپننگ پارٹنر شپ ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقا میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
اس سے قبل 1998 میں سعید انور اور عامر سہیل نے جنوبی افریقاکے خلاف اس کے ہی میدان میں 101 رنز کی اوپننگ شراکت بنائی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور میزبان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرچکی ہے۔