Wednesday, 20 November 2024

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) رطانیہ کے یورپی یونین کی علیحدگی کےفیصلے کے بعد یورپی قیادت کا پہلا اجلاس برطانوی نمائندے کے بغیر منعقد ہوا. تفصیلات کے مطابق جرمنی کے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والی یورپی قیادت کی گول میز کانفرنس میں برطانیہ کی یونین سے علیحدگی کے فیصلے اور اس کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا. یورپی یونین کی قیادت اس بات پر متفق تھی کہ برطانیہ کی جانب سے بلاک سے اخراج کی باضابطہ اطلاع دیے جانے کےبعد اس معاملے پر باضابطہ طور پر غور کیاجائےگا. یورپی قیادت اور حکام نے برطانیہ سے فوری طور پر وضاحت طلب کی ہے کہ وہ بلاک سے علیحدگی کےبعدیورپی یونین کے ساتھ کس قسم کے تعلقات چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ چالیس سال سے زائد عرصے تک یورپی یونین کا حصہ رہا ہے.

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) روسی ولادی میر پیوٹن اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو دوبارہ سے بحال کرنےکے ساتھ ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا. تفصیلات کے مطابق ترک ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ترکی کے صدر سے گفتگو میں روسی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نہ صرف بحال کرنے پر زور دیا بلکہ گذشتہ روز ترکی کے اتاترک ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت کی. ترک ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران مستقل رابطے میں رہنے سمیت ایک دوسرے سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا. ترک حکام کے مطابق رجب طیب اردگان کی روسی ہم منصب سے چین میں ہونے والی جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ملاقات بھی متوقع ہے. روسی صدر نے ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطے کے بعداجلاس کے دوران ترکی کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے کابینہ کو ترکی پر سے اقتصادی اور سفری پابندیاں اٹھانے کا حکم دیا. یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ترکی نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر روس کا طیارہ مار گرایا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی. واضح رہے کہ رواں ہفتے ترک صدر رجب طیب اردگان نے،شامی سرحد پر روسی طیارے کو گرائے جانے کے واقعے پر روس سے معافی مانگ لی تھی.

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی شہر لاس ویگاس کو ایسا شہر کہا جاتا ہے جہاں اکثر اوقات انہونیاں ہوتی رہتی ہیں۔ لیکن چند دن پہلے اس شہر میں جو واقعہ ہوا، اس کا شاید آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی شہری نے اپنے سمارٹ فون سے بے پناہ محبت کا ثبوت دیتے ہوئے اسی سے شادی کر لی ہے۔ ویسے اگر دیکھا جائے تو ہم لوگ بھی موبائل فونز کے اس قدر عادی ہو چکے ہیں کہ کسی بھی انسانی رشتے سے زیادہ اس کو وقت دیتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہر شخص نے موبائل فون کو اپنا جیون ساتھی بنا رکھا ہے۔ اپنے سمارٹ فون سے بیاہ رچانے والے اس انوکھے دولہے کا نام ایرن چروینک ہے۔ موصوف نے شادی کیلئے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا۔ چرچ میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں دولہے کے قریبی دوست شریک تھے

جبکہ پادری نے جنم جنم کا ساتھ دینے کے الفاظ دہرائے۔ دولہا میاں کا کہنا تھا کہ ہمیں خود سے ایمانداری برتنا پڑے گی۔ ہم اپنے فون سے کئی جذباتی سطحوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ ایرن چروینک نے کہا کہ آپ کا سمارٹ فون آپ کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ آپ کو سکون دیتا ہے اور بے فکر رکھتا ہے۔ میرے لئے ایک اچھے رشتے کا یہی مطلب ہے۔ میرا اور میرے موبائل فون کا تعلق بہت پرانا ہے۔ میں نے اسی رشتے کو مضبوط کرنے کیلئے موبائل فون سے شادی کا فیصلہ کیا۔

ایمز ٹی وی(بزنس)عید الفطرکے موقع پراسٹیٹ بینک نےعوام کے لیے کرنسی نوٹوں کا حصول آسان بنانے کے لیے ایس ایم ایس سروس شروع کی تھی، اس سروس کے تحت لوگوں نے نئے کرنسی نوٹ حاصل کئے تاہم بڑی تعداد میں لوگ اب بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کا فائدہ منی چینجرزاوران کے کارندے اٹھانے لگے ہیں، یہ مافیا مرکزی بینک سے عوام سے زائد رقم وصول کرکے نئے نوٹ فراہم کررہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہرسال کی طرح بولٹن مارکیٹ کی فٹ پاتھ پر نئے کرنسی نوٹوں کا کاروبار زور و شور سے ہورہا ہے، جہاں 10 روپے کے نوٹ کی ایک گڈی 200 روپے ، 20 روپے والی گڈی 300 جب کہ 50 اور100 روپے والی ایک گڈی پر500 روپے اضافی وصول کئے جارہے ہیں۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں نئے نوٹوں کی خرید و فروخت کا کام فین روڈ پر جاری ہے جہاں 10 ، 20، 50 اور 100 روپے والے نئے نوٹوں کی ہرگڈی ہر250 سے 300 روپے وصول کئے جارہے ہیں، راولپنڈی کے راجا بازار میں منی چینجر 10۔ 20 اور 50 والے کرنسی نوٹوں کی گڈی 250 جب کہ فٹ پاتھ پر موجود افراد 300 روپے اضافی وصول کررہے ہیں۔ اسی طرح پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد اور ملتان میں بھی نئے کرنسی نوٹ کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے۔

ایمز ٹی وی(بزنس)تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے ہائیڈروکاربنز کے جو ذخائر دریافت کیے ہیں ان میں 6 کنویں شامل ہیں جن سے مجموعی طور پر 50.1 ملین کیوبک فٹ گیس اور 2,359 بیرل تیل روزانہ حاصل ہوگا۔ ذخائر کی اکثریت سندھ میں دریافت ہوئی ہے جو ہائیڈروکاربنز کی دریافتوں میں پہلے ہی سب سے نمایاں صوبہ ہے۔ وفاقی وزیربرائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے اجلاس میں بتایا کہ 4 ذخائر صوبہ سندھ اور 2 صوبہ خیبر پختونخوا میں دریافت ہوئے ہیں اور دریافت کی رو سے خیبرپختونخوا سے 31.6 ملین کیوبک فٹ گیس اور 339 بیرل روزانہ تیل نکالا جائے گا جب کہ سندھ سے 2,020 بیرل تیل روزانہ اور 18.5 ملین کیوبک فٹ گیس ملے گی۔ اس موقع پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے کہا کہ ملک میں قدرتی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں اور پنجاب میں نجی استعمال کے لیے گیس موجود نہیں جب کہ گیس کی فراہمی کی 15 لاکھ درخواستوں پر اب بھی عمل درآمد کرنا باقی ہے۔ اب مائع نیچرل گیس ( ایل این جی ) سے صنعتی اور کمرشل ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)یہ مادّے جانوروں کی کھال کا نعم البدل ثابت ہوئے۔ فیشن انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر ان مادّوں کا استعمال کیا جاتا ہے، تاہم یہ ماحول دوست نہیں ہیں۔ ان سے تیارکردہ مصنوعات ناکارہ ہونے پر جب پھینکی جاتی ہیں تو ازسرنو قابل استعمال بنالیے جانے کی خوبی سے محروم اور ناقابل تحلیل ہونے کے باعث ماحول کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس دور میں جب کہ ہر طرف گرین یا ماحول دوست مصنوعات کا شور ہے، فیشن انڈسٹری کو بھی ’’ پناٹیکس‘‘ کی شکل میں حیوانی کھال کے ان ماحول دشمن مادّوں کا متبادل دستیاب ہوگیا ہے۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے یہ مادّہ انناس کے پتوں سے بنایا گیا ہے اور بالکل حیوانی چمڑے کے مانند دکھائی دیتا ہے۔ پناٹیکس، جانوروں کی کھال کی طرح پائیدار ہے اور اس سے اتنے ہی مضبوط جوتے، جیکٹیں، لباس، ہینڈ بیگ اور دیگر مصنوعات بنائی جاسکتی ہیں۔

یہ ’ نباتاتی چمڑا‘ فلپائن سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر کارمین ہجوسا کی ایجاد ہے۔ ڈاکٹر کارمین نے Ananas Anam کے نام سے کمپنی قائم کررکھی ہے جس کے تحت وہ انناس پر تحقیق میں مصروف رہتی ہیں۔ ڈاکٹر کارمین 90ء کی دہائی میں پروڈکٹ ڈیولپمنٹ اینڈ ڈیزائن سینٹر سے وابستہ تھیں جب انھوں نے برگ انناس کے ریشوں کی حیران کُن خصوصات دریافت کیں۔ بعدازاں انھوں نے اپنی زندگی اس پھل کی مدد سے چمڑے اور پیٹرولیم پر منحصر پارچہ بافی کی مصنوعات کا پائیدار متبادل تیار کرنے کے لیے وقف کردی۔ برسوں کی تحقیق کے بعد بالآخر وہ ایک ایسی مصنوعہ پیش کرنے میں کام یاب ہوئیں جو ان کے بقول حیوانی چمڑے کا بہترین متبادل ہے۔ ڈاکٹر کارمین نے حال ہی میں لندن کے رائل کالج آف آرٹ میں پناٹیکس سے بنی اشیاء کی نمائش کی جنھیں بے حد سراہا گیا۔

یہ نباتاتی چمڑا انناس کے پتوں سے حاصل کردہ ریشوں سے تیار کیا گیا ہے۔ پتوں سے ریشے علیٰحدہ کرنے کے بعد ان کی تہیں بچھا دی جاتی ہیں جو ایک صنعتی پیداواری طریقے سے گزر کر مصنوعی چمڑے کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ اس مادّے کو بعدازاں رنگا جاتا ہے، مشینی طریقے سے اس پر نقش و نگار اور مختلف ڈیزائن چھاپے جاتے ہیں۔ پھر ضرورت کے مطابق اسے مختلف موٹائی کی حامل تہوں میں کاٹ لیا جاتا ہے۔ اس عمل کے دوران ذیلی پروڈکٹ کے طور پر جو نباتاتی کچرا ( بایوماس) نکلتا ہے اسے کھیتوں میں بہ طور کھاد استعمال کرنے کے لیے کاشت کاروں کے سپرد کردیا جاتا ہے۔ ایک مربع میٹر پناٹیکس کی تیاری کے لیے انناس کے 480 پتے درکار ہوتے ہیں۔ اتنے پتے انناس کے سولہ پودوں سے حاصل ہوجاتے ہیں۔ پہلے یہ پتے انناس چُن لیے جانے کے بعدکھیتوں میں گلنے سڑنے کے لیے چھوڑ دیے جاتے تھے ، مگر اب ان کا بہترین مصرف سامنے آگیا ہے۔

ڈاکٹر ہجوسا کے مطابق ان کی یہ مصنوعہ ہنوز ارتقائی مراحل میں ہے۔ پائیداری کے لیے پناٹیکس کی بالائی سطح نہ گلنے سڑنے والے مادّے سے بنائی گئی ہے۔ وہ اس میٹیریل کا قدرتی نعم البدل تلاشنے کی کوشش کررہی ہیں، جس کے بعد پناٹیکس کُلی طور پر بایوڈی گریڈ ایبل یا گل سڑجانے والے مادّے میں تبدیل ہوجائے گا۔ یہ مادّے جراثیمی عمل کے نتیجے میں گل سڑ کر مٹی کا حصہ بن جاتے ہیں، اور ماحول کو نقصان نہیں پہنچاتے۔ پناٹیکس کی عام دستیابی میں کچھ وقت لگے گا تاہم کئی عالمی شہرت یافتہ جوتا ساز کمپنیاں آزمائشی طور پر اس میٹیریل سے جوتے اور دیگر اشیاء تیار کرچکی ہیں۔

ایمزٹی وی(کراچی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ امجد صابری کو 30 بور پستول سے قتل کیا گیا جو کالعدم تنظیم کے کارندے استعمال کرتے ہیں۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امجد صابری قتل کی 3 رخ سے تحقیقات جاری ہیں، امجد صابری کو 30 بور کی پستول سے قتل کیا گیا جو عموماً ٹارگٹ کلر استعمال نہیں کرتے، یہ پستول کالعدم تنظیم کے کارندے استعمال کرتے ہیں۔

آئی جی سندھ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کے اغوا پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اویس شاہ کو امپورٹڈ کار میں اغوا کیا گیا، اس ماڈل کی پاکستان میں 3 ہزار گاڑیاں امپورٹ کی گئیں جن میں سے 3700 گاڑیاں کراچی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اویس شاہ کیس کے سلسلے میں پولیس دن رات کام کررہی ہے اب تک 145 چھاپے مارے گئے، مغوی کا فون 48 گھنٹوں بعد لنڈی کوتل میں آن ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سندھ کابینہ کے اجلاس میں آئی جی سندھ نے کہا تھا کہ پولیس امجد صابری کے قاتلوں کے بہت قریب پہنچ چکی ہے جب کہ اویس شاہ کے حوالے سے یقین ہےکہ اغوا کاروں نے انہیں کراچی میں ہی رکھا ہوا ہے

ایمزٹی وی(تعلیم) بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والی طالبہ روبی رائے نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ امتحانات میں ٹاپ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی، اس کے برعکس وہ صرف پاس ہونا چاہتی تھی۔ زرائع کے مطابق اس سے قبل روبی رائے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ ایک سیدھی سادی دیہاتی لڑکی ہے۔ اسے نہیں معلوم کہ بارہویں کہ امتحانات میں اس نے کیسے اول پوزیشن حاصل کر لی۔ اب روبی رائے کو امتحانات میں نقل مارنے کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ روبی رائے کو جیل بھیجنے کے فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے امتحانی نظام ہی ایسا بنانا چاہیے جس میں طالب علموں کو سزا دینے کی بجائے ان کا احتساب ہو۔ واضح رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں طالبہ روبی رائے نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم ان کے ایک ویڈیو انٹرویو نے ان کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ ویڈیو میں روبی نے لفظ ’پولیٹیکل سائنس‘ بھی غلط بولا اور جب ان سے اس کا مطلب پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتی ہیں کہ یہ کھانا پکانے سے متعلق ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد روبی رائے کے امتحانی نتائج کو منسوخ کرتے ہوئے انھیں دوبارہ امتحان دینے کے لیے کہا گیا جس میں فیل ہو گئیں۔

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی کمپنی نے کودنے والی رسی اور گیند میں جنریٹر لگایا ہے جو حرکت کی توانائی کو برقی چارج میں بدل دیتا ہے۔ ان میں سے ساکٹ اور پلس نامی 2 پراڈکٹ انسانی حرکت کو بجلی میں تبدیل کردیتی ہے۔

کمپنی کے مطابق صرف 30 منٹ تک فٹبال کھیلنے یا رسی کودنے سے آپ اپنا اسمارٹ فون اتنا ضرور چارج کرسکتے ہیں جسے مزید 3 گھنٹے تک چلایا جاسکے۔

کمپنی نے سوکٹ نامی فٹبال اور بجلی پیدا کرنے والی رسی بھی تیار کی ہے جس کے اندر مائیکرو جنریٹر نصب کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بچوں کی گاڑی اور سوٹ کیس کے پہیوں کی حرکت سے بھی بجلی بنانے کے کامیاب تجربات کیے گئے ہیں۔ پلس اور ساکٹ میں یو ایس بی پورٹ لگائی گئی ہے جو لیمپ، ریڈیو اور موبائل فون کو چارج کرتی ہے۔ اس کے علاوہ زمین پر بورڈ لگا کر چلنے پھرنے سے بجلی بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ایمزٹی وی (کراچی )محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش نہ ہونے کی پیش گوئی کی تھی جو غلط ثابت ہوئی اور شہر میں بادل گرج چمک کے ساتھ ایسے برسے کہ ہرطرف جل تھل ہوگیا تاہم بارش کی بوند گرتے ہی کئی علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔

کراچی میں بارش نہ ہونے سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی غلط ثابت ہوگئی اور شہر بھر میں بادل ٹوٹ کر برسے اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر قائد میں جل تھل ہوگیا۔ کراچی میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، قیوم آباد، سپرہائی وے، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، ایم اے جناح روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گلستان جوہرکو آپریٹوسوسائٹی، ملیر، ایئرپورٹ، ناظم آباد اور نارتھ کراچی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر 31 ملیر میٹر، شاہراہ فیصل، لانڈھی اور ناظم آباد پر 32 جب کہ یونیورسٹی روڈ پر 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کا نظام خراب ہونے اور نالے بھرنے کی وجہ سے بارش اور گٹر کا پانی مل گیا جس سے تعفن پھیل گیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ جائے گا

شہر میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا۔ بارش برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے، بارش سے کے الیکٹرک 9 گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے اور 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے شہر کا نصف حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ کے الیکٹرک جانب سے شکایتی نمبر 118 پر بھی بجلی کی فراہمی سے متعلق کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جارہا

ادھر کراچی میں بارش سے حادثات بھی رونما ہوئے جس میں سڑکوں پر موٹرسائیکلیں پھسلنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ اورنگی ٹاؤن 4 نمبر میں دیوار گرنے سے 3 سالہ بچی اور نارتھ کراچی سیکٹر فائیو اے میں کرنٹ لگنے سے 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ نارتھ کراچی انڈا موڑ پر بھی کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے

دوسری جانب حیدرآباد، ٹنڈو آدم ، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور زیریں سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا